(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرانتھونی نوید نے اسمبلی اجلاس میں حماس کے ترجمان اور مغربی ایشیا کے امور کے سربراہ، ڈاکٹر خالد قدومی کا پُرتپاک استقبال کیا۔یہ دورہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی صابر حسین قائم خانی کی دعوت پر ہوا۔ اسمبلی کی مختلف پارلیمانی جماعتوں کے اراکین نے اُن سے علیحدہ ملاقاتوں میں قضیۂ فلسطینی پر تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دوران اجلاس مقررین نے حماس اور القسام بریگیڈ کی مزاحمت اور فلسطینی عوام کی جرأت و استقامت کو سراہا۔
l سلامتی کونسل میں یو این آر ڈبلیو اے (UNRWA)کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ(UNRWA ) کے وجود اور بقاء کو شدید خطرہ لاحق ہے، خصوصاً28 اکتوبر 2024 کو اسرائیلی پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی کے بعد جس پر اب عملدرآمد ہو رہا ہے۔
l خان یونس اور جبالیا میں اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے کے دوران عوام کے جم غفیر نے جس طرح ان تاریخی لمحات کا مشاہدہ کیا، وہ پوری دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ فلسطینی قوم حماس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
l ایک سروے کے مطابق، صرف 4فیصد اسرائیلی شہریوں کاخیال ہے کہ قابض اسرائیل نے موجودہ جنگ میں اہداف مکمل طور پر حاصل کر لیے ہیں۔ اس نتیجے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کی بڑی اکثریت جنگ کے نتائج سے غیر مطمئن ہے ۔
l اسرائیلی فضائی دفاع کےسابق کمانڈر زویکا ہائیمووچ نے اعتراف کیا ہے کہ ہمیں جن نتائج کی توقع تھی،نظر نہیں آئے۔ زمینی حقائق یہ ظاہر کررہے ہیں کہ غزہ حماس بدستور واحد حکمران ہے، جوقیدیوں کے ہرتبادلے کے مرحلے کو اپنی حکمرانی کے مظاہرے اور اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ وہ نہ صرف منظم رہنے میں کامیاب ہے بلکہ اپنی علامات جیسے کہ فوجی وردی، مسلح گاڑیاں اور میڈیا کوریج کو بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
l وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، حماس قیدیوں کے ہرتبادلے کو ایک پیچیدہ مگر حکمتِ عملی پر مبنی واقعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے حماس ثابت کر رہی ہے کہ مزاحمت صرف میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر بھی قابض کو جھکانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
l تنظیم اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام 5 فروری 2025ء کو اسلام آباد میں ’’مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ فلسطین: حل کیا ہے؟ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد قدومی کا ویڈیو خطاب دکھایا گیا اور خان یونس غزہ کے دانشور اور صحافی محمد العِقاد نے سیمینار میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l ایران: 1700 کلومیٹر تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی نقاب کشائی: دارالحکومت تہران میں ایران کے قومی ایرو سپیس ڈے کے موقع پر منعقد کی گئی تقریب میں نئے بیلسٹک میزائل ’’اعتماد‘‘ کی نقاب کشائی کی گئی۔ یہ17سو کلومیٹر دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ مقامی طور پرتیار کردہ3سیٹلائٹس بھی تقریب میں پیش کئے گئے جن میں تقریباً 34 کلو گرام کا مواصلاتی ماڈل ’’ناواک‘‘ ، پارس ون اور پارس ٹو کے تازہ ترین ورژن بھی شامل ہیں۔
l سویڈن:مقدس اوراق کی بیحرمتی کرنے والے ملعون کا قتل: سٹاک ہوم کی ضلعی عدالت کے جج نے اعلان کیا ہے کہ عراقی شخص سلوان مومیکا جس پر سویڈن میں مسلمانوں کے مقدس اوراق کی بے حرمتی کرنے کاالزام ہے، مر گیا ہے۔ لہٰذا مقدمے کو موخر کیا جاتا ہے۔ سلوان مومیکا نے 2023ء میںمقدس اوراق کی بے حرمتی کرکے ویڈیو جاری کی گئی تھی جس پر دنیا بھر میں مسلمانوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اورکئی مقامات پر فسادات اور بدامنی دیکھی گئی۔مومیکا کے قتل کی تحقیقات میں گرفتار کئے گئے پانچ افراد کو رہا کردیا گیا ہے کیونکہ اِن کے قتل میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود نہیں۔
l شام:عالمی اتحاد کے اڈوں کے لیے فوجی کمک روانہ : بین الاقوامی اتحاد کی افواج نے الحسکہ کے شمال میں واقع رمیلان کے علاقے میں خراب الجیر عسکری اڈے پر مزید عسکری، لوجسٹک اور طبی کمک کے علاوہ ہتھیاروں کی اضافی کھیپ کارگو جہاز کے ذریعے پہنچائی ہے۔ اتحادی افواج نے عراق کے علاقے کردستان کےزمینی راستے سے 60 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ بھی بھیجا ہےجس میں بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ بھاری ہتھیار، توپیں،فوجی گاڑیاں اور ایندھن کے ٹینکر شامل ہیں۔
l افغانستان: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی: امارتِ اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہاہے کہ افغانستان میں 14 لاکھ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں بروقت ادا کی جارہی ہیں۔افغانستان کے بجٹ کا انحصار بیرونی امداد پر نہیں ہے۔ بعض غیر ملکی میڈیا نے افواہیں پھیلائی تھیں کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہے۔
l افغانستان:امریکہ انسانی امداد پر سیاست نہ کرے: افغانستان کی وزارتِ اقتصادیات کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکا سمیت تمام ممالک انسانی امداد پر سیاست نہ کریں۔ انہوں نے امریکا کی جانب سے غیر ملکی امدادی پروگرام کو 90 دنوں کے لئے معطل کئے جانے کے تناظر میں کہا کہ اس فیصلے سے بعض امدادی اداروں کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔
l سوڈان: باغی فوج کا ام درمان شہر پر حملہ:باغی فوج ریپڈ سپورٹ فورس کی جانب سے اُم درمان کے بازار پر گولہ بارود سےحملے کے نتیجے میں56 افراد ہلاک اور 158 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ اس سے قبل سوڈان کے علاقے ڈارفر میں ہسپتال پرڈرون حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور اس حملے کا الزام بھی باغی فوج آر ایس ایف پر لگایا گیا تھا۔