(خصوصی رپورٹ) اخبار اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صورت حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

l عبرانی اخبار یديعوت أحرونوت کے مطابق فلسطینی قیدی اپنی رہائی سے قبل جیل کی دیواروں پر ’’ہم معاف نہیں کریں گے، نہ بھولیں گے اور نہ جھکیں گے‘‘ لکھ کر گئے ہیں۔
l اسرائیلی وزیر دفاع نے فوج کو ہدایت دی ہے کہ مغربی کنارہ کے پناہ گزین کیمپوں میں اگلے سال تک رہنے کے لیے تیار رہیں، مغربی کنارے میں طولکرم، نور شمس اور جنین کیمپس 40 ہزار فلسطینیوں کی نقل مکانی کے باعث خالی ہو چکے ہیں۔
l قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ آئے روز نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ معاملہ عام لوگوں تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ لوگ بھی اسرائیلی جارحیت کی زد میں ہیں جو زخمیوں اور متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ایک ایسا شخص جس کا واحد ’’جرم‘‘ یہ تھا کہ وہ اپنے زخمی بھائیوں کی مرہم پٹی کر رہا تھا، قابض اسرائیلی فوج کے نشانے پر آ گیا۔ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے، قابض فوج نے اس مددگار کو بھی ظلم کا نشانہ بنایا۔ وزارت صحت فلسطین کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد48339 جبکہ زخمیوں کی تعداد 111753تک پہنچ چکی ہے۔ جنگ بندی کے باوجود ملبے تلے دبے شہداء کی برآمدگی اور طبی سہولیات تک رسائی میں مسلسل رکاوٹیں ڈال کر قابض قوتیں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔
l غزہ کو کم از کم 60 ہزار متحرک مکانات (قابل منتقلی تیار شدہ گھر) اور 2 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے تاکہ ان ہزاروں خاندانوں کو عارضی پناہ گاہیں فراہم کی جا سکیں جنہوں نے جنگ کی وجہ سے اپنے گھر کھو دئیے ۔گزشتہ دنوں میں محدود تعداد میں 12 تیار شدہ گھر (کرفان) غزہ میں داخل ہوئے جو پناہ گاہوں کی بجائے اداروں کے استعمال کے لیے مخصوص ہیں۔
l سعودی عرب میں ہونے والی عرب سمٹ غزہ کی بحالی کے حوالے سے کوئی عملی قدم تجویز کئے بغیر ہی ختم ہوگئی۔نشستن ،گفتن،برخواستن!
l قابض اسرائیل کی قانون ساز اسمبلی کے نائب اسپیکر نسیم فاتوری نے اپنے بیان میں غزہ میں نوجوان فلسطینیوں کے قتل کی کھلی دھمکی دی ہے۔یہ مجرمانہ بیان بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی عدالتی اداروں، بالخصوص بین الاقوامی فوجداری عدالت، کی فوری مذمت اور عملی اقدامات کے متقاضی ہیں تاکہ اِس مجرمانہ بیان کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
l اسلامی تحریکِ مزاحمت (حماس) نے واضح کیا ہے کہ ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق سے منسوب حالیہ بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔ ان کا انٹرویو کئی روز قبل لیا گیا تھا، مگر نشر کیے گئے بیانات میں ان کے مکمل جوابات کو مسخ کرکے، غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس سے گفتگو کا اصل مفہوم متاثر ہوا۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l سعودی عرب:غزہ کے لیے مزیدطبی امدادی قافلے روانہ : غزہ میں جاری انسانی بحران کے پیش نظر سعودی عرب نےشاہ سلمان ریلیف سینٹر کے تحت جنوبی غزہ میں ہسپتالوں اور صحت مراکز کو امداد فراہم کرنے کی مہم کے لیے مزید 34 امدادی قافلے روانہ کیے ہیں۔
l لبنان :حسن نصر اللہ اور جانشین کی نماز جنازہ پر اسرائیل کا دھمکی آمیز پیغام: دارالحکومت بیروت کے اسپورٹس سٹی میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ اورہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ کے موقع پرحزب اللہ کے سیکرٹری نعیم قاسم کے خطاب کے دوران اسرائیلی طیاروں نے نیچی پرواز کی۔اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یہ اُن لوگوں کے لیے پیغام تھاجو اسرائیل تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ نمازِجنازہ میں شرکت کےلیے آئے ایران کے اعلی سطحی وفد نے لبنانی صدر سے ملاقات کی توصدر عون نے کہا کہ اُن کا ملک اپنی سرزمین پر دوسرے ملکوں کی جنگیں ہوتی دیکھ کر تھک چکاہے۔ ملکوں کو دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے ۔
l غزہ :قیدیوں کی رہائی تک اسرائیل سے مزید مذاکرات نہیں ہوں گے۔ حماس رہنما باسیم نعیم کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی تک اسرائیل سے ثالثوں کے ذریعےمزید مذاکرات نہیں ہوں گے ۔ اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی ملتوی کرکے غلطی کی ، جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔ بعد میں اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے تل ابیب میں فوجی افسران کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں کسی بھی لمحے جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔امریکی صدر ہمارے اس موقف کی حمایت کرتے ہیں۔
l امریکہ: طالبان سے امریکی اسلحہ واپس لینا ہو گا: صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ سے اچھا اور نیا فوجی ساز وسامان تو طالبان کے پاس رہ گیا ہے، طالبان کو امریکی گاڑیوں اور اسلحے کے ساتھ پریڈ کرتا دیکھ کر بہت غصہ آتا ہے۔ افغانستان کو امداد دینے پرانہیں اعتراض نہیں مگر طالبان سے امریکی اسلحہ واپس لینا ہو گا خواہ اِس کے لیے اُنہیں اضافی رقم ہی کیوں نہ دینا پڑے ۔
l بھارت: 168سال پرانی مسجدشہید : میرٹھ میںجاری’’ ریپڈ ریل‘‘ اور ’’میٹروکوریڈور‘‘ منصوبوں کی آڑ میں پولیس اور حکام کی نگرانی میں رات دیر گئے 168 سال پرانی مسجد کو شہید کردیا گیا۔مسجد انتظامیہ کے نمائندہ حاجی سواردین نے بتایا کہ ان کے پاس 1857ءکی قانونی دستاویزات موجود ہیں جو مسجد کی موجودگی کو ثابت کرتی ہیں ۔
l بنگلہ دیش:مظاہرین طلبہ نے سیاسی جماعت بنا لی: سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کیخلاف مظاہرہ کرنے والے طلبہ تحریک ’’سٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکریمنیشن‘‘ (ایس اے ڈی)کے رہنماؤں نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا۔ عبوری حکومت میں مشیر ناہید اسلام نئی جماعت کے کنوینئر ہوں گے۔