اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l سرکاری میڈیا دفتر کی جانب سے جاری کردہ دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ غزہ پٹی میں جنگ بندی معاہدہ کے نفاذ کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے 10 اکتوبر 2025ء سے اتوار 28 دسمبر 2025ء تک 969 مرتبہ معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کیں جس کے نتیجے میں 418 فلسطینی شہید جبکہ 1141 دیگر زخمی ہوئے۔ اِس دوران ریکارڈ کی گئی خلاف ورزیوں میں 298 مرتبہ براہ راست فائرنگ کے جرائم شامل ہیں جو نہتے شہریوں کو نشانہ بناتے رہے جبکہ 54 مرتبہ فوجی گاڑیوں نے رہائشی علاقوں میں دراندازی کی۔قابض اسرائیل نے شہریوں اور اُن کے گھروں پر 455 مرتبہ گولہ باری اور حملے کیے جبکہ 162 مواقع پر گھروں اداروں اور شہری عمارتوں کو بارودی مواد سے اُڑا کر تباہ کیا گیا۔ اِس کے علاوہ 45 ایسے واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے جن میں شہریوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ معاہدہ کے تحت غزہ میں 48 ہزار امدادی ٹرک داخل ہونا تھے مگراب تک صرف 19 ہزار 764 ٹرک ہی داخل ہو سکے ہیں۔ یومیہ اوسط محض 253 ٹرک بنتی ہے جو کل طے شدہ تعداد کا صرف 42 فیصد ہے۔
l ایرانی ہیکرز کے ایک گروہ نے اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر کے سربراہ زاحی برافرمان کا ذاتی موبائل فون ہیک کر لیاگیا ہے اور حساس اور ذاتی نوعیت کی معلومات منظر عام پر لانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ برافرمان کو برطانیہ میں قابض اسرائیل کا سفیر مقرر کیے جانے کی توقع ہے۔
l پاکستان کےنائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نےکہا ہے کہ پاکستان غزہ میں امن کے قیام کے لیے کسی بین الاقوامی امن مشن میں کردار ادا کرنے پر آمادہ ہے،تاہم ہم حماس کو غیر مسلح کرنے، طاقت کے ذریعے امن نافذ کرنے یا سرنگیں تباہ کرنے کے لیے اپنی افواج تعینات نہیں کریں گے۔
l امریکی صحافی اور سیاسی تجزیہ کار ٹاکر کارلسن نے اُن مسیحی مذہبی و سیاسی قائدین پر سخت تنقید کی ہے جو کھل کراسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اندھی اور غیرمشروط حمایت نہ صرف اخلاقی سوالات کو جنم دیتی ہے بلکہ خطے میں جاری انسانی المیے کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
l اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہنما محمود مرداوی نے واضح کیا ہے کہ قابض اسرائیل اپنے وعدوں پر عمل نہیں کر رہا جو کہ سیز فائر کے معاہدے میں شامل تھے اور فلسطینی عوام کے خلاف قتل، بھوک اور تباہی کی اپنی پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔معاہدے کی شقوں پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے تاکہ جارحیت کا حقیقی طور پر خاتمہ ممکن ہو۔
l امریکی کامیڈین ڈیو چیپل نے اپنے کامیڈی انداز میں کہا ہے کہ اگر میں کبھی یہ کہوں کہ میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوں، تو سمجھ لیجیے کہ مجھ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ایسے میں آپ کو میری کسی بات پر بھی کان نہیں دھرنا چاہیے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l یمن:سعودی قیادت میں اتحادی افواج کا اماراتی جہازوں پر حملہ : جنوب مشرقی ساحلی شہر مکلا کی بندرگاہ پر سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ سے روانہ ہونے والے دوبحری جہازوں پر موجود سامان میں ہتھیار اور بکتر بند گاڑیوںکو نشانہ بنایا۔ سعودی عرب کے مطابق یہ ہتھیار اور گاڑیاں اتحادی کمان کی اجازت کے بغیر اتاری گئیں اور یمن میں اس گروہ کو تقویت دینے کے لئے تھا جس سے سعودیہ کو خطرہ ہے جبکہ امارات نے اس خدشے کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سامان اُن کی فوجی ضرورت کا تھا۔ سعودیہ نے امارات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن سے اپنی فوجیں واپس بلائے۔
l اسرائیل:خود ساختہ ملک صومالی لینڈ کو تسلیم کرلیا: اسرائیل نے صومالیہ کے علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے صومالیہ نے غیر قانونی اور اس کی خود مختاری پر دانستہ حملہ قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی نائب مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو دربدر کر کے صومالی لینڈ بھیجنا چاہتا ہے۔پاکستان سمیت21 عرب، اسلامی اور افریقی ممالک نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ خطے کو تسلیم کرنے کے اقدام کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اِسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ۔
l لیبیا :آرمی چیف کو بعد از وفات فیلڈمارشل کا اعزاز: لیبیا میں سوگ کے دنوں کے بعد آرمی چیف جنرل محمد علی احمد الحداد اور 4 دیگر اعلیٰ فوجی افسروں کو اُن کے آبائی شہر مصراتہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا جبکہ صدارتی کونسل کے سربراہ محمد المنفی نے اعلان کیا کہ تمام شہداءکو اگلے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ جس کے تحت جنرل محمد الحداد کو بعد از وفات فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کیا گیا۔
l بنگلہ دیش:سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء انتقال کر گئیں: بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اوربنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیاء کئی روز تک وینٹی لیٹر پرسانس لینے کے بعد80 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔وہ طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔
l امریکہ: ایران جوہری پروگرام دوبارہ تعمیر کرے تو ہمیں انہیں گرانا ہوگا: ٹرمپ فلوریڈا میں نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اگر ایران جوہری پروگرام دوبارہ تعمیر کرے تو ہمیں انہیں گرانا ہوگا، لیکن ہم نہیں چاہتے کہ بی ٹو بمبار بھیج کر ایندھن ضائع کریں، ایران کو معاہدہ کرلینا چاہیے۔دوسری طرف ایرانی صدر پزشکیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو دشمن کو پہلے سے زیادہ سخت جواب ملے گا۔ پابندیوں اور مشکلات کے باوجود ہماری فوج پہلے سے زیادہ طاقتور ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026