(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

10 /
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر اہتمام سہ ماہی اجتماع
 
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کی سہ ماہی اجتماع 28 دسمبر2025ء کو منعقد ہوا۔ اجتماع کے  سٹیج سیکرٹری کے فرائض نائب مقامی امیرمردان محترم ارشد علی نے ادا کیے۔ اجتماع کا آغازصبح8: 00بجےپشاور غربی کے رفیق محترم قاری انعام الحق کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
بعد ازاں محترم عبدالناصر صافی نے ایک مسلمان کا اپنے مسلمان بھائی کو خود پر اہمیت دینے اور آپس میں اللہ کی رضا کی خاطر محبت کے موضوع پر درسِ حدیث دیا۔
درسِ حدیث کے بعدامیر حلقہ محترم محمد آصف سلاج نے افتتاحی کلمات میں شرکاء اجتماع کو خوش آمدید کہا اوراجتماع میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور تمام رفقاء کے حق میں دعائیہ کلمات کہےاوراس بات پر زور دیا کہ جو رفقاء اپنے کسی شرعی عذر کی وجہ سے شرکت سے محروم رہے، اللہ تعالیٰ ان کے مسائل حل فرمائے اور وہ رفقاء جو بنا کسی شرعی عذر کے نہیں آئے، ان کے لیے نہ صرف دعا کی بلکہ اس بات پربھی زور دیا کہ اس اجتماع میں شریک رفقاء ان سے خصوصی ملاقاتوں کا اہتمام فرمائیں اورانہیں اقامت ِدین کی جدوجہد میں بیعت کے تقاضے مستحضر کروائیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ نظامِ اخوت اور بھائی چارےکے تقاضے کو پورا کرنے کی ترغیب و تشویق دلائیں۔
امیر حلقہ کے تعارفی کلمات کے بعدمقامی تنظیم پشاور غربی کے رفیق محترم ڈاکٹر محمدطارق مسعود نے ’’لوازم نجات سورۃ العصر کی روشنی میں‘‘کے موضوع پر بہت ہی مدلل انداز میں ایمان، عمل صالح، تواصی بالحق اور تواصی بالصبرکے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔
بعدازاں امیر مقامی تنظیم نوشہرہ محترم قاضی فیصل ظہیر نے ’’تربیتی اہداف میں مطالعہ لیٹریچر کی اہمیت‘‘پر خطاب کیا۔ پاور پوائنٹ (سلائڈز)کے ذریعے انتہائی آسان الفاظ اور بہت ہی مربوط اور مصلحانہ انداز میںتربیتی اہداف میں مطالعہ لیٹریچر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور رفقاء کو اس پر اس کی صحیح روح کے ساتھ عمل کرنے کی تلقین کی۔
اس کے بعد امیر مقامی تنظیم پشاور غربی محترم ڈاکٹر محمد عثمان خان نے ’’مروجہ بدعات کا فروغ اور اس کا سدِ باب‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں ’’آج کل کون کون سی بدعات رائج ہیں اور قرآن و سنت کی روشنی میں ان بدعات کا سدِ باب کیسے کیا جائے‘‘ پر گفتگو کی۔ 
اس کے بعد ناظم دعوت حلقہ محترم حبیب الرحمٰن نے ’’نفاق کی حقیقت ‘‘پر گفتگو کی۔ انہوں نے سورہ منافقون کی ابتدائی آیات کی روشنی میں واضح کیا کہ نفاق کیا ہے اور منافق کون ہوتا ہے؟انہوں نے کہا کہ نفاق سے دور رہنے کا واحد راستہ ذکرِالٰہی اور انفاقِ جان ومال ہے۔
بعدازاں چائے اور باہمی تعارف کے لیے وقفہ کیا گیا۔ 
وقفے کے بعد امیر مقامی تنظیم مردان محترم ڈاکٹر حافظ محمد مقصود نے ’’اقامتِ دین کی فرضیت اور اس کے لیے زوردار دعوت‘‘پر جامع خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے منفرد انداز میں رومی ؒاور اقبال کے اشعار کے ذریعے موضوع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں  نے سورۃ الشوریٰ کی آیات کی روشنی میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر نظامِ اطاعت کی وضاحت کی۔  انہوں نے کہا کہ انسان پر قسم قسم کے حالات آتے ہیں اور اچھے برے حالات میں انسان کےطرزِ عمل سے اُن کے کھرے کھوٹے کا پتا چلتا ہے۔
اس کے بعد ناظم تربیت حلقہ محترم فضلِ باسط نے ’’اے آئی، دجال اور ہمارا مستقبل‘‘کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے اے آئی کی لغوی اور اصطلاحی تعریف بیان کی اور اس کے مثبت اور منفی استعمال پر تفصیلی گفتگو کی ۔یہ اس پروگرام کا آخری خطاب تھا۔ اختتامی دعا پر اِس اجتماع کا اختتام ہوا۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت  عطا فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔(رپورٹ: سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)
حلقہ لاہور شرقی کا سہ ماہی تربیتی اجتماع
تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی کا سہ ماہی تربیتی اجتماع 28 دسمبر بروز اتوار صبح 8 بجے  مسجد النور باغ والی میں منعقد ہوا۔ امیر حلقہ نے اپنے افتتاحی کلمات میں اجتماع کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجتماع کا موضوع ’’قُوْٓا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا‘‘ہے۔ سال کے اس آخری اجتماع کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے گزشتہ سال کی کوتاہیوں کا جائزہ لیں اور شمسی سالِ نو کی بہتری کے لیے منصوبہ بندی کریں۔
افتتاحی کلمات کے بعدمحترم مولانا خائستہ اکبر نے ’’رفیق ِتنظیم اور قرآن حکیم‘‘ کے موضوع پر جامع گفتگو فرمائی۔ اُنہوں نے تلاوت قرآن پاک کی اہمیت کے حوالے سے قرآن و حدیث کی روشنی میں بھرپور ترغیب و تشویق دلائی۔ مقامی امیرمحترم عدیل آفریدی نے ’’قیام النہار کے لیے قیام اللیل کی اہمیت‘‘ پر گفتگو فرمائی۔ انہوں نے اس ضمن میں     بانیٔ محترم ڈاکٹراسرار احمدؒکے خطاب جمعہ بعنوان ’’ابتدائی وحی اسلامی تصوف کی بنیاد‘‘ کی سماعت کی ترغیب بھی دلائی۔ ناشتے کے وقفے کے بعد مقامی امیرمحترم ساجد منظور نے ’’گھریلو اسرہ کی اہمیت، مسائل اور حل‘‘ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو فرمائی۔ انہوں نے اس ضمن میں اپنے کچھ عملی تجربات و مشاہدات بھی شئیر کئے اور گھریلو اسرہ کے انعقاد کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔راقم نے ’’تربیتی اہداف میں مطالعہ لٹریچر کی اہمیت‘‘ پر گفتگوکرتے ہوئے خطاب اور کتاب کے باہمی تعلق کو واضح کیا اور مطالعہ کی عادت بڑھانے کے حوالے سے کچھ عملی تجربات و تجاویز بھی پیش کیں۔ پروگرام کا اگلا موضوع ’’تربیتی کورسز کا تعارف اور تنظیمی سفر میں ان کی اہمیت‘‘تھا، جس پر حلقہ کے    ناظم تربیت محترم اقبال کمال نے گفتگو فرمائی۔ انہوں نے سال 2026 ء کے تربیتی کورسز کے شیڈیول پر بھی روشنی ڈالی تاکہ رفقاء بروقت اپنی شرکت کی منصوبہ بندی کرسکیں۔ اس کے بعد انفرادی دعوت کے میدان میں فعال رفقاء کے ذاتی دعوتی تجربات و مشاہدات کا سیشن ہوا۔ مختلف مقامی تناظیم سے پانچ رفقاء نے اپنے تجربات و تاثرات بیان کئے جن کو شرکاء نے بہت دلچسپ اور مفید پایا۔ پروگرام کا آخری موضوع ’’انفرادی دعوت کی اہمیت، مسائل اور ان کا حل‘‘تھا، جس پر حلقہ کے ناظم دعوت محترم شہباز احمد شیخ نے مختصر مگر جامع گفتگو فرمائی۔ انہوں نے فرمایا کہ ہمارا پورا نظام دعوت انفرادی دعوت کے کام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انفرادی دعوت کی کمزوری کامنفی اثر ہمارے حلقہ قرآنی، فہم دین پروگرام اور تنظیم میں نئے احباب   کی شمولیت پر پڑتا ہے۔ اختتامی کلمات میں امیر حلقہ نے اجتماع کی بخیر و عافیت تکمیل پر     اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا شکر ادا کیا اور تمام مدرسین، منتظمین اور شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا۔ رمضان المبارک کی آمد اور دورۂ ترجمہ قرآن کی مناسبت سے انہوں نے ’’رفیق ِتنظیم اور رمضان المبارک‘‘ کے حوالے سے رفقاء کو بروقت تیاری کی ترغیب دلائی۔ انہوں نے رمضان سے قبل، رمضان کے دوران اور رمضان کے بعد ایک رفیق تنظیم کی ذمہ داریوں پر اختصار کے ساتھ روشنی ڈالی۔ دعائے مسنونہ پر اجتماع اختتام پذیر ہوا۔  (رپورٹ: نعیم اختر عدنان، ناظم نشر و اشاعت حلقہ لاہور شرقی)