(الہدیٰ) انسانی زندگی کے اُتار چڑھائو - ادارہ

3 /
الہدیٰ
 
انسانی زندگی کے اُتار چڑھائو
 
آیت 54 {اَللّٰہُ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ مِّنْ ضُعْفٍ} ’’اللہ ہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا کمزوری سے‘‘
یعنی انسان کا بچہ اپنی پیدائش کے وقت بہت کمزور ہوتا ہے۔
{ثُمَّ جَعَلَ مِنْ م بَعْدِ ضُعْفٍ قُوَّۃً}’’پھر اُس نے طاقت عطاکی کمزوری کے بعد‘‘
پھر اللہ کی قدرت اور مشیت سے وہی ناتواں بچہ بڑا ہو کر کڑیل جوان بن جاتا ہے۔
{ثُمَّ جَعَلَ مِنْ م بَعْدِ قُوَّۃٍ ضُعْفًا وَّشَیْبَۃًط}’’پھر طاقت کے بعد کمزوری اور بڑھاپا طاری کر دیا۔‘‘
پھر رفتہ رفتہ انسان کی تمام صلاحیتیں زوال کا شکار ہو جاتی ہیں اور بڑھاپے میں ایک دفعہ پھر انسان کمزوری اور بے بسی کی تصویر بن کر رہ جاتا ہے۔
{یَخْلُقُ مَا یَشَآئُ ج وَہُوَ الْعَلِیْمُ الْقَدِیْرُ(54)} ’’وہ پیدا کرتا ہے جو چاہتاہے ‘اور وہ سب کچھ جاننے والا ‘بہت قدرت والا ہے۔‘‘
 
درس حدیث
 
مسلمان مسلمان کا بھائی ہے
 
عَنْ سَالِمٍ ؓ عَنْ أَبِيهِ أَنَّ رَسُولَ اللهِﷺ قَالَ الْمُسْلِمُ أَخُو الْمُسْلِمِ لَا يَظْلِمُهُ وَلَا يُسْلِمُهُ مَنْ كَانَ فِي حَاجَةِ أَخِيهِ كَانَ اللهُ فِي حَاجَتِهِ وَمَنْ فَرَّجَ عَنْ مُسْلِمٍ كُرْبَةً فَرَّجَ اللهُ عَنْهُ بِهَا كُرْبَةً مِنْ كُرَبِ يَوْمِ الْقِيَامَةِ وَمَنْ سَتَرَ مُسْلِمًا سَتَرَهُ اللهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ))(رواہ مسلم)
حضرت سالم ؓ  نے اپنے والد سے روایت کی ، کہا کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا :’’ مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے ، نہ اُس پر ظلم کرتا ہے،    نہ اُسے ( ظالموں کے ) سپرد کرتا ہے ۔ جو شخص اپنے بھائی کی حاجت پوری کرنے میں لگا ہوتا ہے ، اللہ تعالیٰ اُس کی حاجت روائی فرماتا ہے ۔ جو کسی مسلمان سے اس کی ایک تکلیف دور کرتا ہے ، اللہ تعالیٰ اس سے قیامت کی تکلیفوں میں سے ایک تکلیف دور کرتا ہے ۔ جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے ، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس ( کے عیبوں ) کی پردہ پوشی فرمائے گا ۔‘‘