اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l قابض اسرائیلی حکام کی طرف سے اسرائیل اورايران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی حالات کے نام پر عائد کی گئی پابندی کے باعث نمازیوں کو مسجد الاقصیٰ میں داخل ہونے اور عبادت کی ادائیگی سے روک رکھا ہے۔مسجد کے اطراف اور القدس کے قدیم شہر میں اسرائیلی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، فلسطینی حلقوں کی جانب سے اِس اقدام کو مذہبی آزادی پر سخت قدغن قرار دیا جا رہا ہے۔تاہم پابندیوں کے باوجود فلسطینیوں نے شبِ قدر کی بابرکت رات باب الساھرۃ کے مقام پر عبادت اور دعا کے ساتھ زندہ رکھی۔نمازی بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور مسجدِ اقصیٰ میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود دروازوں کے قریب ہی نماز ادا کی،تلاوتِ قرآن کی اور دعا کا اہتمام کیا۔اس سے قبل مقامی حلقوں کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ رمضان المبارک کی27ویں شب کو مسجدِ اقصیٰ کے اطراف جمع ہوں اور ممکنہ حد تک مسجد کے صحنوں تک پہنچنے کی کوشش کریں تاکہ اِس بابرکت رات کو عبادت اور دعا کے ساتھ زندہ رکھا جا سکے۔ 1967ء کے بعدپہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ مسجدِ اقصیٰ کو عیدالفطر کے موقع پر بھی بند رکھا گیا ہے۔
l حماس کی قیادت نے سید مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی انقلاب کے قائد کے طور پر منتخب ہونے پر دلی اور مخلصانہ مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ ہم نہایت قدرو احترام کے ساتھ اِس حقیقت کو سراہتے ہیں کہ انتہائی پیچیدہ سکیورٹی حالات کے باوجود اقتدار کی منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا اور قیادت کی ذِمّہ داری آپ کے سپرد مضبوط اور مستحکم ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت کی گئی ہے اور یہ امر اِس بات کی واضح دلیل ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا نظام اللہ کے فضل سے مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر قائم ہے اور دشمنوں کی تمام سازشیں اِس مضبوط نظام کو کمزور کرنے میں ناکام رہیں گی۔
l القسام بریگیڈز کے ترجمان أبو عبيدہ نے کہا ہے کہ ہم اُمّت مسلمہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دشمن کے ان منصوبوں کے مقابلے میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں، جن کا مقصد جارحیت کے دائرے کو مزید وسیع کرتے ہوئے اسے دوسرے عرب ممالک تک پھیلانا ہے۔
l لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے لبنان پر جاری قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تعداد 850 شہداء اور 2105 زخمیوں تک جا پہنچی ہے جن میں107معصوم بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمی بچوں کی تعداد 331 تک پہنچ چکی ہے۔ شہدا میں مردوں کی تعداد 677 جبکہ 1415 مرد زخمی ہوئے، خواتین میں 66 شہادتیں اور 359 زخمی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ یہ مجرمانہ حملے صحت کے شعبے تک پھیل چکے ہیں جہاں اب تک 5 ہسپتال، 30 ایمبولینس گاڑیاں اور 13 طبی مراکز قابض دشمن کی بمباری سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ طبی تنصیبات پر مجموعی طور پر 46 حملے درج کیے گئے ہیں۔ اِن وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں طبی شعبے سے وابستہ 32 اہلکار شہید اور 58 زخمی ہوئے ہیں۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l اسرائیل: حملے جاری رکھنے کا اعلان: اسرائیل نے ٹرمپ کا حملے مؤخر کرنے کا فیصلہ نظرانداز کرتے ہوئے، ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا، جواب میں ایران نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر ملٹی وار ہیڈ میزائل داغ دئیے۔پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیاگیا ہے جس میںامریکی اہداف اور اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا، ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت مختلف اہداف پر ملٹی وارہیڈ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔
l انڈونیشیا:غزہ پیس بورڈ کی رکنیت کیلئے ایک ارب ڈالرنہیں دیں گے: صدر: صدر پرابوو سوبیانتو نے کہا ہے کہ انڈونیشا غزہ پیس بورڈ کی رکنیت کے لیے ایک ارب ڈالر فیس نہیں دے گا، ہم نے غزہ میں صرف امن فوج فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا، انڈونیشن فوج کا غزہ میں کردار صرف امن قائم رکھنے (پیس کیپنگ) تک محدود ہے ، ہم مطلوبہ تعداد میں امن فوج فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ 3فروری کو وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ یہ رقم وزارت دفاع کے بجٹ سے دی جا سکتی ہے۔
l سوڈان: ہسپتال پر حملہ ، ڈاکٹر نرسوں، بچوں سمیت64 افراد جاں بحق: عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ سوڈان کے علاقے مشرقی دارفور کے دارالحکومت الڈائن میں واقع ایک تدریسی ہسپتال پر حملے میں کم از کم 64 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 13 بچے بھی شامل ہیں جبکہ89 افراد زخمی ہوئے جن میں طبی عملہ بھی شامل ہے۔ اس واقعے کے بعد ہسپتال کے بچوں، زچگی اور ایمرجنسی وارڈز شدید متاثر ہوئے اور ہسپتال مکمل طور پر غیر فعال ہو گیا۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق سوڈان کی جاری جنگ کے دوران صحت کے مراکز پر حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ 2023 ءسے اب تک 213 حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
l مقبوضہ کشمیر: 8 ویں برس بھی جامع مسجد سرینگر میں نمازِ عید ادا نہ کی جاسکی: بھارت نےریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے مسلسل8ویں برس کشمیریوں کو جامع مسجد سری نگر میں نماز عید ادا نہ کرنے دی۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے جامع مسجد کو سیل کر کے تالے ڈال دئیے، مسجد کے اطراف بڑی تعداد میں بھارتی فورسز کے اہلکار تعینات کر دئیے۔حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ عمر فاروق کوبھی گھر میں نظر بند رکھا۔
l بحرین :ایران کے لیے جاسوسی کے شبہ میں 5 افراد گرفتار: وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر ایران کی پاسداران انقلاب کے لیے حساس معلومات جمع کرنے اور فراہم کرنے کا الزام ہے۔گرفتار افراد کی عمریں 25سے 39 سال کے درمیان ہیں۔
l سعودی عرب:عمرہ ویزا ہولڈر 18 اپریل تک ملک چھوڑ دیں: وزارت حج : سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام عمرہ وزٹ ویزا ہولڈرز 18 اپریل تک لازمی طور پر سعودی عرب چھوڑ دیں اور واپسی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر بھاری جرمانہ، قانونی کارروائی اور سخت سزائیں دی جائیں گی۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026