اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l غزہ کی پٹی گزشتہ سات سو سے زائد دنوں سے عملاً ایک محصور خطہ بنی ہوئی ہے جہاں لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں، روزگار اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں خوراک، دودھ، ادویات اور صاف پانی تک رسائی نہایت محدود ہو گئی ہے، جبکہ ہسپتال، امدادی مراکز، ایمبولینسیں اور شہری دفاع کا عملہ بھی حملوں کی زد میں ہے۔ عید الاضحی کے دنوں میں بھی بمباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اورسینکڑوں زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق شہداء کی مجموعی تعداد72938سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد172927 تک پہنچ گئی ہے۔ سیز فائر کے بعد بھی اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
l لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 2618 اور زخمیوں کی تعداد 8094 تک پہنچ چکی ہے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے پچاس سے زائد فضائی حملے کیے جن میں متعدد قصبے اور شہری علاقے نشانہ بنے۔ نبطیہ گورنری کے قصبہ حبوش پر بمباری میں فلسطینی اور لبنانی شہری شہید و زخمی ہوئے، جبکہ حماس رہنما خلیل الحیہ کے چوتھےصاحبزادے عزام بھی اسرائیلی حملے میں شہید کر دئیے گئے۔
l القسام بریگیڈز کے ممتاز کمانڈر عزالدین الحداد (ابو صہیب)، جنہیں اسرائیلی ذرائع ’’قسام کا بھوت‘‘ کہتے تھے، اپنی اہلیہ اور بیٹی سمیت شہید کردئیے گئے ہیں۔ وہ حماس کے عسکری ڈھانچے کے اہم ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور متعدد جنگوں میں مرکزی کردار ادا کر چکے تھے۔ لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر بھی مزاحمت جاری ہے، جہاں حزب اللہ نے جل العلام کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع کو خودکش ڈرون سے نشانہ بنانے کا اعلان کیا، جبکہ اسرائیلی ذرائع نے شمالی فلسطین میں ایک ڈرون حملے میں ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
l بعض بین الاقوامی شخصیات کوغزہ میں کشیدگی بڑھانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حماس نے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ مصر کی ثالثی میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں تاکہ معاہدہ ٹوٹنے سے بچایا جا سکے۔
l غزہ کا محاصرہ توڑنے کی کوششوں کے سلسلے میں ترکیہ کے شہر استنبول میں سینکڑوں سماجی کارکنوں نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی حمایت میں سائیکل اور بائیک ریلیاں نکالیں۔ دوسری جانب فلوٹیلا میں شامل آسٹریلوی کارکنوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت میں شکایت دائر کرتے ہوئے اسرائیلی حکام پر حراست کے دوران تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں ۔
l مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے الخلیل، جنین، نابلس، طولکرم، قلقیلیہ، بیت لحم اور اریحا سمیت مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا، گھروں کی تلاشی لی اور شہریوں پر تشدد کیا۔ اسی دوران اسرائیلی حکومت نے ایک متنازع قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو اجازت نامے سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ اس قانون کے مطابق بغیر اجازت اذان دینے پر بھاری جرمانے اور لاؤڈ اسپیکر ضبط کیے جا سکیں گے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریںl پاکستان: خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل لبنانی حدود سے نکل جائے: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے لبنان کی صورتِ حال پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام میں، فوری جنگ بندی کی جائے اور اقوام متحدہ کی قرارداد پر مکمل عمل درآمدکیا جائے ۔اب تک لبنان میں 10 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ 2000 مربع کلومیٹر جو لبنان کا تقریباً 20 فیصد بنتا ہے، اب اسرائیل کے غیرقانونی قبضے میں ہے، انخلا کے غیر قانونی احکامات شہریوں کے لیے مزید مصائب کا باعث بن رہے ہیں۔
l امریکہ :یاہو پاگل ، ناشکرا ہے : ٹرمپ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوسے ٹیلی فون پر سخت لہجے میں بات کی اور لبنان میں جارحیت جاری رکھنے پر انتہائی بدزبانی سے پیش آئے۔انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کو پاگل کے ساتھ ساتھ ناشکرا بھی کہا۔ ساتھ ہی واضح کیا کہ بیروت پر حملے نہیں ہونے چاہئیں اور خبردار کیا کہ اسرائیل نے یہ اقدام کیا تو وہ دنیا میں مزید تنہا ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر میں نہ ہوتا تو تم جیل میں ہوتے، میں تمہاری چمڑی بچا رہا ہوں، ہر شخص اب تم سے نفرت کرتا ہے اور ہر شخص اسرائیل سے نفرت کرتا ہے۔ جواب میں اسرائیلی وزیراعظم ’’اوکے اوکے‘‘ کہتا رہا۔
l ایران: امریکی کشیدگی، جوابی کارروائیاں اور داخلی معاملات: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کویت میں موجود امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دئیے گئے اور حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق ایران نے یہ کارروائی حالیہ امریکی حملوں کے ردِعمل میں کی، جبکہ ایرانی وزارتِ خارجہ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ایران کو ان علاقائی اڈوں کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے جو اس کے خلاف حملوں میں استعمال ہوں۔تہران میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ہزاروں افراد نے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای کے حق میں مظاہرہ کیا اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایران میں اندرونی تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم ایرانی قوم متحد رہے گی۔
l سعودی عرب: حج انتظامات، قانون نافذ کرنے کی کارروائیاں : جعلی حج پرمٹ تیار کرنے اور استعمال کرنے والے ایک نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 18 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور جعلی دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ اسی طرح ایک ہفتے کے دوران رہائشی، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر آٹھ ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے گئے۔ وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کی معاونت کرنے والوں کو پندرہ سال قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
l برطانیہ: عید میلہ اور اسلاموفوبیا پر تشویش: لندن کے ٹریفالگر اسکوائر میں منعقدہ عیدمیلہ تقریب میں مختلف مسلم برادریوں نے بھر پور شرکت کی۔ ڈپٹی میئر ڈاکٹرڈیبی برنارڈ نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور تقسیم کی سیاست کے ماحول میں مسلمانوں اور دیگر کمیونٹیز کا متحد رہنا ضروری ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026