اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، اسرائیلی حملوں اور مسلسل خونریزی کےباعث جانی نقصان میں اضافہ جاری ہے۔ نصیرات کیمپ میں زخمی فلسطینی اسلام حسن محمد صالح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے،غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جاری حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد73035 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ173368 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہاں ایسے بچے بھی ہیں جنہوں نے اپنے والدین کھو دئیے، اور ایسے والدین بھی جو اپنے بچوں کی یادوں کے سہارے زندہ ہیں۔ دوسری جانب امدادی سرگرمیاں شدید خطرات سے دوچار ہیں۔امداد پہنچانے کے حوالے سے اقوامِ متحدہ نے غزہ کودنیا کا خطرناک ترین مقام قرار دیا ہے، جبکہ خوراک، پانی، ادویات اور بنیادی ضروریات کی قلت کے باعث بچے بھوک، بیماری اور محرومی کا شکار ہیں۔
l مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران کم سن فلسطینی بچیوں کی گرفتاریوں اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے خوف و ہراس نے انسانی حقوق کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔
l اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک پر تشویش برقرار ہے۔ الجزیرہ کی تحقیق میں جسمانی و نفسیاتی تشدد، طبی غفلت اور سخت حالاتِ قید کے انکشافات سامنے آئے ہیں، غزہ کے معروف معالج ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی رہائی کی اپیل مسترد کی جا چکی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے خفیہ شواہد کی بنیاد پر حراست برقرار رکھنے اور منصفانہ قانونی کارروائی نہ ہونے پر سوالات اُٹھائے ہیں۔
l تحریک مزاحمت نے الجزیرہ لائیو کے کیمرہ مین احمد وشاح کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینی صحافیوں اور میڈیا کے نمائندوں کو مسلسل نشانہ بنانا اس کی بین الاقوامی قوانین سے بے اعتنائی اور سچائی کی آواز کو دبانے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ جبکہ معروف خاتون صحافی سجی حمدان نے مسلسل خوف اور ذہنی دباؤ کے باعث صحافت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر میڈس گلبرٹ نے عالمی رہنماؤں سے غزہ کے اسپتالوں پر حملوں اور انسانی المیے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
l اسیران کے امور سے متعلق ادارے کے مطابق، دامون جیل میں قید فلسطینی خواتین نے شکایت کی ہے کہ سخت پابندیوں کے باعث انہیں فجر کی اذان اور نماز کے اوقات کا علم نہیں ہو پاتا۔یہ صورتحال نہ صرف اُن کی روزمرہ زندگی کو مزید دشوار بنارہی ہے بلکہ ان کے مذہبی حقوق اور عبادت کی آزادی کو بھی متاثر کرتی ہے۔
l مسجد ِاقصیٰ اور القدس سے متعلق نئی مذہبی و سیاسی بحث شدت اختیار کر گئی ہے ۔ الجلیل میں سرخ گائے کی پیدائش کے بعد بعض مذہبی حلقوں نے اِسے مبینہ تیسرے ہیکل کی تعمیر سے جوڑا، جس پر فلسطینی اور مسلم حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقدسات کے احترام اور خطے میں کشیدگی سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔
l غزہ کی موجودہ صورتحال پربین الاقوامی سطح پر ردعمل جاری ہے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے خطاب میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، غذائی بحران اور امداد کی راہ میں رکاوٹوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ لبنان کے حوالے سے حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کو فوجی کارروائی کی آزادی دینے والی کسی بھی جنگ بندی کو مسترد کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں اسرائیلی موجودگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l ایران ،امریکہ مذاکرات:صدر ٹرمپ کی دھمکیاں: سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام برگن اسٹاک میں مذاکرات سے قبل امریکہ میں فاکس نیوز کے رپورٹر سے بات کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز بند کی تو ایران ملک نہیں رہے گا اور ڈھکے چھپے الفاظ میں ایرانی وفد کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تم لوگ اپنے ملک میں واپس بھی نہیں جاسکو گے، معاہدہ نہ کیا تو میں ایران کو تباہ کردوں گا۔ دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران یورینیم افزودگی ترک نہیں کرے گا اور امریکہ کے ساتھ کسی بھی مفاہمتی یادداشت میں قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔جبکہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس جائزوں میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ایسے اقدامات کر سکتے ہیں جو ایران کے ساتھ دیرپا امن معاہدے کے لیے امریکی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیںکیونکہ اسرائیل صدر ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کی بعض شرائط سے مطمئن نہیں۔ایک سابق امریکی عہدیدار کے مطابق اسرائیلی حلقوں کو خدشہ ہے کہ مجوزہ معاہدہ حزب اللہ کے خلاف اس کی دفاعی اور عسکری کارروائیوں کی گنجائش کو محدود کر سکتا ہے۔جبکہ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میںبتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کانگریس کے اراکین کو آگاہ کیا ہے کہ اسے ایران جنگ کے اخراجات اور دیگر متعلقہ مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے تقریباً 80 ارب ڈالر کے اضافی فنڈز درکار ہیں۔
ایرانی نژاد امریکی رکن کانگریس یاسمین انصاری کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ مکمل طور پر ناکام اور غیر ضروری ثابت ہوئی ہے۔ ایران جنگ میں ہزاروں بے گناہ افراد مارے گئے۔ ٹرمپ نااہل ہیں، وہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکے۔ تاہم ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کی سفارش پر امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔
l اسرائیل / لبنان: جنگ کے اثرات، اختلافات اور فوجی موجودگی: ایک سروے کے مطابق 92 فیصد اسرائیلیوں نے ایران کو حالیہ جنگ کا فاتح قرار دیا، جبکہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی کارکردگی کو بڑی تعداد میں کمزور قرار دیا گیا۔نیتن یاہو نے لبنان میں نام نہاد سکیورٹی زون پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
l بھارت / مقبوضہ کشمیر: مسلم دشمنی اور مساجد کی مسماری: ریاست مہاراشٹر کے ضلع جالنہ میں کڈز ورلڈ انگلش سکول کے مسلمان پرنسپل وجیہہ الدین صدیقی اور عملے کے دو ارکان کے خلاف پولیس نے پاکستانی ترانے گانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔یہ مقدمہ مقامی ہندو توا تنظیموں کے رہنمائوں کی شکایت پرگزشتہ برس مار چ میں ہوئی ایک تقریب کے حوالے سے درج کیا گیاہے۔انسانی حقوق کی امریکی تنظیم ’’ جسٹس فار آل ‘‘نے بھارت میں مساجد کی پے در پے مسماری پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کی مسماری ملک کی مسلم اقلیت کے خلاف امتیازی سلوک کے بڑھتے ہوئے واقعات کی غماز ہے ۔
l چاڈ: پناہ گزین کیمپوں میں سوڈانی خواتین اور کم عمر لڑکیوں کا استحصال: سوڈانی پناہ گزینوں کے کیمپوں سے متعلق داخلی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ بعض امدادی کارکن مبینہ طور پر خواتین اور کم عمر لڑکیوں کا جنسی استحصال کرتے رہے ہیں۔