(خصوصی کالم) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

9 /

اخبارِ اسلام


غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والے تازہ فضائی حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔ وسطی غزہ میں وادیِ غزہ پل کے قریب ایک گاڑی پر حملے میں 21 سالہ حسن مصطفیٰ الرزاینہ شہید ہوگئے، جبکہ خان یونس میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 73 ہزار 269 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 73 ہزار 811 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ انسانی بحران مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے۔غزہ کی انتظامیہ نے جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے اور اسرائیل کے اعتراضات کا راستہ روکنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے انتظامی اختیارات قومی کمیٹی برائے انتظامِ غزہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینی قیادت کے مطابق اس اقدام کا مقصد جنگ بندی پر عمل درآمد، اسرائیلی افواج کے انخلا، تعمیرِ نو کے آغاز اور عوامی مشکلات میں کمی لانا ہے، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مزاحمتی ہتھیاروں سے کوئی تعلق نہیں، اس بارے میں تمام فلسطینی قومی و مزاحمتی قوتیں مشترکہ فیصلہ کریں گی۔
l مصری انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل حسن رشاد نے ٹیلی فون پر حماس کے نئے سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ کو مبارک باد دی، جبکہ خلیل الحیہ نے مصر، قطر اور ترکیہ کے ساتھ جنگ بندی، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
l قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے وسطی علاقے میں ایک فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ سے وابستہ عمر احمد ابو قاسم شہید کردئیے گئے ہیں، جبکہ ایک امریکی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ شدید جنگ کے باوجود حماس کا تنظیمی و عسکری ڈھانچہ بدستور قائم ہے اور اس کے ہزاروں جنگجو اور سرنگوں کا بڑا حصّہ اب بھی فعال ہے۔
l کتائب القسام نے اپنے پہلے جنرل کمانڈر یاسر النمروطی (ابو قاسم) کی شہادت کی چونتیسویں برسی منائی اور فلسطینی مزاحمت کی ابتدائی قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
l مقبوضہ یروشلم کے نواحی قصبے حزما میں ایک شادی کی تقریب پر اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس اور صوتی بم پھینکے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے اور خوشی کی تقریب خوف و ہراس میں بدل گئی۔
l فلسطین میں کمیشن برائے مزاحمتِ دیوار و آبادکاری نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی لینڈ اتھارٹی نے سلفیت کے علاقے میں قائم غیر قانونی بستی ’’اریئیل‘‘ میں مزید 342 نئی آبادکاری یونٹس کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں 1138 نئی آبادکاری یونٹس کے منصوبے سامنے آ چکے ہیں۔
l فلسطینی جرنلسٹس سنڈیکیٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2026ء کی پہلی ششماہی میں اسرائیل نے فلسطینی صحافیوں کے خلاف 467 خلاف ورزیاں کیں، جن میں 8صحافیوں کی شہادت، گرفتاریاں، براہِ راست فائرنگ، میڈیا ٹیموں کو نشانہ بنانا، کوریج سے روکنا اور میڈیا اداروں پر حملے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 7اکتوبر2023ء سے اب تک 264 فلسطینی صحافی شہید، 226 زخمی اور 193گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ 187 میڈیا ادارے تباہ کیے گئے ہیں۔
l فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اسرائیلی جیلوں میں مبینہ بدسلوکی اور تشدد کے واقعات پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک بار پھر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات اور قیدیوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔


مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l ایران:امریکہ سے کشیدگی بڑھ گئی: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کے بعد ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکی حملوں اور معاہدوں کی خلاف ورزیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انتقام اور بھرپور جواب کا عزم ظاہر کیا ہے، جبکہ مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب پیغامات میں امریکا کو ’’ناقابلِ فراموش سبق‘‘ دینے، قومی اتحاد برقرار رکھنے اور امریکی وعدوں کو ناقابلِ اعتبار قرار دیا گیا ہے۔ ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ بھی کیا ہے، روس نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت کی، جبکہ کویت اور سعودی عرب میں امریکی فوجی اڈوں اور تیل تنصیبات پر ایرانی حملوں اور ڈرون کارروائیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں ۔ تہران میں بڑے بل بورڈ آویزاں کیے گئے ہیں جن میں ٹرمپ کو میت کے تابوت میں لیٹےدکھایا گیا ہے۔
l سعودی عرب: ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف: سعودی حکومت نے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا ہے جسے عمرہ زائرین کے لئے خوش آئند کہا جارہا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے تقریباً دو ارب ڈالر کے جدید اسلحے کی سعودی عرب کو فروخت کی منظوری دے دی، جبکہ حوثیوں کی جانب سے بحری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب نے تجارتی جہازوں کے تحفظ اور کسی بھی حملے کا طاقت سے جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ چین نے بھی سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا، جبکہ سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ نے ایرانی حملوں کی مذمت کی ہے۔
l فلسطین/اسرائیل:نئے عام انتخابات کا شیڈیول جاری: فلسطینی صدر محمود عباس نے بیس برس بعد 28 نومبر کو قانون ساز انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے، تاہم غزہ کی جنگ اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی رکاوٹوں کے باعث اس کے انعقاد پر سوالات موجود ہیں۔ دوسری طرف اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) تحلیل کر دی گئی ہے جس کے بعد 27اکتوبر کو عام انتخابات متوقع ہیں۔ جبکہ حماس نے خلیل الحیہ کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔
l بھارت:کشمیریوں نےیومِ الحاقِ پاکستان منایا: کشمیری عوام نے یومِ الحاقِ پاکستان مناتے ہوئے پاکستان سے اپنے تاریخی تعلق کا اعادہ کیا۔ اترپردیش میں گائے ذبیحہ کے الزام میں دو مسلم نوجوان گرفتار کیے گئے، مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کے 38 بلاک گرانے اور سہارنپور کی قدیم مسجد شہید کرنے کے عدالتی احکامات جاری ہوئے، جبکہ مسجد انتظامیہ پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے نئی دہلی میں ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے احتجاج کیا، جبکہ بھارتی حکام نے اظہارِ رائے پر مزید پابندیوں کے لیے سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر قائم کر دیاہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان عارف حسین کی شہادت کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔
l بنگلہ دیش:شیخ حسینہ واجد کا ملک واپسی کا اعلان: معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اعلان کیا ہے کہ وہ دسمبر کے قریب بھارت سے وطن واپس جائیں گی، خواہ انہیں گرفتاری یا جان کے خطرات ہی کیوں نہ لاحق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک میں ہی ہر صورت انصاف کا سامنا کرنا چاہتی ہیں۔
l قطر:سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کر گئے: قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پاکستان سمیت متعدد ممالک نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔