اخبارِ اسلام
غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے باوجود حالات معمول پر آنے کے تاثر کی تردید کے لیے’’اُنہوںنےآپ سےجھوٹ بولا‘‘ کے عنوان سے ڈیجیٹل مہم شروع کی گئی ہے ۔مہم کے ذریعے دنیا کو یاد دلایا جا رہا ہے کہ لاکھوں فلسطینی اب بھی بمباری، بھوک، بے گھری اور طبی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
l الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں مزید پیش قدمی کرتےہوئے بفر زون کو وسعت دے دی ہے، جس کے بعد غزہ کا تقریباً 65 فیصد علاقہ سخت فوجی کنٹرول میں آ چکا ہے۔ اِس پیش رفت سے لاکھوں بے گھر فلسطینی محدود علاقے میں محصور ہو گئے ہیں جبکہ زرعی زمینیں، امدادی مراکز، اسکول اور بنیادی سہولیات بھی متاثر ہوئی ہیں۔
l اسرائیلی وزیر برائے ورثہ عمیحائے الیاہو نے کہا ہے کہ غزہ پر دوبارہ مکمل کنٹرول حاصل کرنا اور وہاں اسرائیلی بستیاں قائم کرنا، اُن کا حتمی ہدف ہے۔ دوسری جانب حماس کے سیاسی سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مذاکرات کو ناکام بنانے کے لیے حملوں میں جان بوجھ کر شدت پیدا کی، تاہم فلسطینی عوام کو باوقار زندگی دلانے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
l مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں آٹھ فلسطینی زخمی ہوئے جن میں چھ افراد کو براہ راست گولیاں لگیں۔ نابلس میں شیخ فاروق رمضان نے اسرائیلی اہلکار سے اسلحہ چھین کر مزاحمت کی مثال قائم کی اور بعد ازاں شہید ہو گئے ۔ قلندیا کیمپ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک کم عمر لڑکا زخمی ہوا جبکہ ایمبولینس کو اس تک پہنچنے سے بھی روک دیا گیا۔ اسی دوران نابلس کی چیک پوسٹوں پر رکاوٹوں کے باعث دو فلسطینی خواتین نے گاڑیوں ہی میں بچوں کو جنم دیا ہے۔اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے قصبہ جبالیہ کے علاوہ یمنی السعید اسپتال، غزہ شہر کے محلہ الزیتون اور دیگر علاقوں پر حملے کیے، جن میں متعدد افراد زخمی جبکہ مختلف حملوں میں تین بچوں سمیت کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہوئے۔ وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے شہداء کی مجموعی تعداد73326 سے تجاوز کر گئی۔ غزہ کا طبی نظام شدید دباؤ کا شکار ہے جبکہ متعدد شہداء اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
l تازہ سروے رپورٹس کے مطابق سابق آرمی چیف گیڈی ایزنکوٹ کی جماعت کو نیتن یاہو کی لیکود پارٹی پر برتری مل رہی ہے، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق فلسطین کے بارے میں دونوں رہنماؤں کی بنیادی پالیسی میں کوئی واضح فرق موجود نہیں اور فلسطینی عوام کے حقوق بدستور اسرائیلی سیاسی ایجنڈے سے غائب ہیں۔
l امریکی صحافی اینا کپرین نے اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نظام کو امداد دینا اور اُس کی مدد کرنا باعثِ شرم ہے۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریںl فلسطین: سبسطیہ عالمی ثقافتی ورثہ قرار: مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس سے تقریباً 10کلومیٹر شمال مغرب میں واقع قدیم تاریخی بستی سبسطیہ جوتقریباً تین ہزار سال پرانی تہذیبوں کے آثار کی حامل ہے کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دے دیا۔غزہ میں اسرائیلی جارحیت جنگ بندی کے باوجود جاری رہی، متعدد فلسطینی شہید و زخمی ہوئے جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے دو مساجد کو نذرِ آتش کر دیا اور فلسطینیوں، صحافیوں اور نمازیوں پر حملے کیے۔ مسجد اقصیٰ میں دو ہزار سے زائد آبادکاروں کے داخلے، اشتعال انگیز مذہبی رسومات اور اسرائیلی پابندیوں پر فلسطینی حکام نے شدید احتجاج کیا۔پاکستان سمیت آٹھ اسلامی و عرب ممالک نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات کی مشترکہ مذمت کی۔ حماس کے نو منتخب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا کہ فلسطین میں امن کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی وزیردفاع نے حکم دیا کہ جنین، تلکرم اور نور شمس کی طرح ایک اور فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر قبضے کے لیے تیار رہیں جبکہ اسرائیلی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل ایران کے توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانا چاہتا ہے لیکن امریکہ اس منصوبے سے متفق نہیں۔
l ایران: میناب اسکول کے بچوں کی اجتماعی تدفین : امریکی حملے میں شہید ہونے والے میناب اسکول کے بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد جنازے شہر کی سڑکوں سے گزارے گئے اور پھر میناب کے ہرمُد قبرستان میں تدفین کی گئی۔ ایران نے سعودی عرب اور یمن کے تنازع کے فوجی حل کو مسترد کرتے ہوئے مذاکرات کی حمایت کی ہے، جبکہ وزیرِ تیل نے دورانِ جنگ اربوں ڈالر مالیت کا تیل فروخت کرنے کا دعویٰ کیا۔سپریم لیڈر نے حزب اللہ کی حمایت کو ایران کی تزویراتی پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے پرزوردیا ہے۔ایران نے اپنے اندرونی معاملات میں مبینہ مداخلت پر فرانسیسی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
l یمن:آرامکو تنصیبات پر حملوں کی ذِمّہ داری قبول: حوثیوں نے سعودی عرب کے شہروں ینبع اور جازان میں آرامکو تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے،ادھر سعودی عرب نے تمام حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا جبکہ اقوام متحدہ اور عمان دونوں فریقوں کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
l بنگلہ دیش:صدر محمد شہاب الدین مستعفی : صدر محمد شہاب الدین نے طبی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا ہے ادھر جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے رکنِ پارلیمنٹ غازی نذرالاسلام کو مبینہ طورپردوسری شادی کے تنازع پر پارٹی سے خارج کر دیا ہے جبکہ دارالحکومت ڈھاکہ میں گیس کی قلت سے فلنگ اسٹیشنوں پر طویل قطاریں لگ گئیں۔
l اقوام متحدہ:سیکرٹری جنرل کا انتباہ : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ تیزی سے ایک ایسے خطرناک موڑ کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے نتائج عالمی امن کے لیے بھی انتہائی سنگین ثابت ہو سکتے ہیں۔
l برطانیہ:بادشاہ کایورپ کی پہلی ماحول دوست مسجد کا دورہ: برطانیہ میں گزشتہ ایک برس کے دوران مساجد پر 70 نفرت انگیز حملوں اور آتش زنی کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس پر مسلم تنظیموں نے سکیورٹی اقدامات بڑھانے کا مطالبہ کیا۔جبکہ شاہ چارلس نے یورپ کی پہلی ماحول دوست کیمبرج سینٹرل مسجد کا دورہ کیا اور اس کے کردار کو سراہا۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026