امیر محترم کا دعوتی دورہ حلقہ کراچی وسطی
امیر محترم کے دعوتی دورہ حلقہ کراچی وسطی کا آغاز 24 جولائی2026ء سے ہوا۔ نمازِ مغرب کے بعد قرآن اکیڈمی جوہر کے پلاٹ پر نوجوان رفقاء و احباب سے ملاقات و سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ اس نشست میں لگ بھگ 300رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ امیر محترم نے اپنی گفتگو میں ایمان کی اہمیت اجاگر فرماتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں اپنی زندگی قرآن مجید کی ہدایات و رہنمائی میں گزارنی چاہیے۔
25 جولائی 2026ء کو 8 علمائے کرام نے امیر محترم سے قرآن مرکز سالکین بسیرا میں ملاقات کی۔ امیرمحترم نے ملاقات کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد ؒ علمائے کرام سے میل ملاقاتوں کو بہت اہمیت دیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ لگ بھگ 250 فارغ التحصیل درس نظامی علمائے کرام نے تنظیم اسلامی میں بیعت کی سعادت حاصل کی ہے۔
25 جولائی2026ء بعد نماز عشاءRCD گراونڈ سعود آباد ملیر میں عوامی خطاب فرمایا۔بعد نماز ِعشاء’’فریضہ ٔشہادت حق‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمایا ۔ اُنہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام کو سیدنا عمر فاروق h کی شہادت باسعادت ہے۔ 18 ذو الحجہ کو حضرت عثمان غنیh کی شہادت ہے، 21 رمضان المبارک کو سیدنا علی المرتضی h کی شہادت کا ذکر آتا ہے۔ احد کے 70 شہداء کا ذکر ملتا ہے ۔ نبی اکرم ﷺ کےدورمبارک میں کم و بیش269 صحابہ کرامj نے دین کے نفاذ کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پھر یہ کہ 10 محرم الحرام کو نواسہ ٔ رسول حضرت حسین hکی شہادت ہوئی۔البتہ شہادت کا لفظ وسیع تر معنوںمیں اُمّت کے لیے بھی استعمال ہوا ہے۔فریضہ ٔشہادت حق کی تاریخ اتنی پرانی ہے جتنی انسانیت کی تاریخ پرانی ہے ۔زمین پر حاکمیت صرف اللہ کی ہوگی۔ آج ہمارے مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ ہم بحیثیت قوم بالخصوص معاشرتی، معاشی اور سیاسی گوشوں میںاللہ کا حکم ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہمیں اپنے ہر عمل سے حق کی شہادت دینی ہے اور ہر سطح پر اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ اگر ہم اللہ کے کاموں میں لگ جائیں گے تو اللہ تعالیٰ ہمارے کاموں میں آسانی فرمادے گا۔ ان شاء اللہ!
امیرمحترم نے ان سب ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس محفل کو سجانے میں تعاون کیا ۔ اللہ تعالیٰ ہمارا بیٹھنا قبول فرمائے اور علم نافع و عمل صالح عطا فرمائے۔آمین!
نائب ناظم اعلیٰ زون جنوبی جناب سید نعمان اختر ، امیر حلقہ جناب خالد محمود اور راقم بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام رفقاء کی محنتوں و کاوشوں اورامیر محترم اور دیگر اکابرین کے انفاقِ اوقات کو مقبول و منظور فرمائے۔ آمین! (رپورٹ: عمر بن عبدالعزیز، ناظم نشرواشاعت حلقہ کراچی وسطی)
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر ِاہتمام سہ ماہی اجتماع
05 جولائی، 2026ء کوحلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے سہ ماہی اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اجتماع مرکز حلقہ میں صبح 8 سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہا۔ اجتماع کے سٹیج سیکریٹری کے فرائض امیر مقامی تنظیم پشاور شہر محترم کاشف منیر نے ادا کیے۔اس اجتماع میں تقریباً 135رفقاء و احباب نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز محترم قاری انعام الحق کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔انہوں نے سورۃ النور کی آیات35 تا 40 کی تلاوت کی اور اس کا ترجمہ و مختصر تشریح بیان کی۔اس کے بعد محترم عبدالناصر صافی نقیب اسرہ مقامی تنظیم پشاور غربی نے درس ِ حدیث دیا۔انہوں نے کہا کہ(ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ) حضور اقدس ﷺ نے صحابہ کرامj سے فرمایا کہ ایک زمانہ آئے گا کہ مسلمانوں کو ’وہن‘ کی بیماری لاحق ہو جائے گی۔ صحابہ کرامj نے عرض کیا کہ یہ وہن کیا ہوتا ہے؟ حضور اقدس ﷺ نے فرمایا کہ یہ دنیا سے محبت اور موت سے ڈر۔آج 58 مسلم ممالک ہیں لیکن سب کفار کا سامناکرنے سے ڈرتے ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ آج مسلمانوں کے دلوں میں دنیا کی محبت ہے اور انہیں موت سے خوف آتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اِس بیماری سے بچائے رکھے اور ہماری حفاظت فرمائے۔درسِ حدیث کے بعد امیر حلقہ محترم محمد آصف سلاج نےرفقاء و احباب کے اجتماع میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور ان کے حق میں دعائیہ کلمات ادا کیے۔
امیر حلقہ نے نئے مرکز حلقہ کی تعمیر کا بھی ذکر کیا، کہ الحمدللہ! نئے مرکز حلقہ کی تعمیر کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔ اِس سلسلے میں آپ کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ مالی انفاق کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں رفقاء کو ترغیب تشویق دلائی کہ وہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کا حصّہ لیں، جو ان کے لیے توشہ ٔآخرت ہو گا۔ان شاء اللہ! انہوں نے ان رفقاء کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جو اس مرکز کی تعمیر میں اپنا مالی اور جانی انفاق کررہے ہیں۔
اس کے بعد امیر مقامی تنظیم نوشہرہ محترم قاضی فیصل ظہیرنے’’ہم اور ہمارا گھر، گھریلو اسرہ کی اہمیت‘‘پر خطاب کیا اور سلائڈز کی مدد سے شرکاء کو اہم نکات سمجھائے۔ اپنی گفتگو کے دوران فرمایا کہ اسلامی معاشرے کی بنیاد مضبوط خاندان پر قائم ہے۔ اس نشست میں گھر کے ماحول کو دینی، اخلاقی اور تربیتی اعتبار سے بہتر بنانے، اہلِ خانہ کے حقوق ادا کرنے اور محبت و تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی اور عائلی زندگی میں تعلق مع اللّٰہ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
اِس کے بعد ناظم دعوت حلقہ محترم حبیب الرحمٰن نے ’’نظامِ دعوت (انفرادی دعوت کی اہمیت)‘‘پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کی ذِمّہ داری ہے کہ وہ حکمت، محبت اور حسنِ اخلاق کے ساتھ لوگوں تک اللہ کے دین کا پیغام پہنچائے۔ انہوں نے انفرادی دعوت کے مؤثر طریقوں اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاایک انقلابی تحریک کے لیے انفرادی دعوت کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔
اس کے بعد نائب امیر مقامی تنظیم مردان محترم ارشد علی نے’’مقامِ عظیمت اور حکمت ِ قرآنی کی اساسات (سورۃِ لقمان کی دوسرے رکوع کی روشنی میں)‘‘ پرخطاب کیا۔ انہوں نےاللہ تعالیٰ کی بندگی، اخلاص، تقویٰ، اطاعت اور قرآن کی حکمتوں کو سورہ لقمان کی منتخب آیات کی روشنی میں سلیس انداز سے بیان کیا اور ان آیات کو سمجھنے پر زور دیا تاکہ انسان اپنی زندگی کو اللہ کی رضا کے مطابق ڈھال سکے۔اس کے بعد چائے اور باہمی تعارف کے لیے وقفہ کیا گیا اور شرکاء نے ایک دوسرے کا تعارف حاصل کیا۔
چائے کے وقفے کے بعد امیر مقامی تنظیم پشاور صدر محترم امتیاز علی نے’’ اقامت ِدین کی جدوجہد کرنے والوں کے مطلوبہ اوصاف (سورۃ شوریٰ آیت نمبر 36 تا 43 کی روشنی میں)‘‘ بیان کیے۔انہوں نے ایسے مومنین کی صفات بیان کیں، جو اللہ کے دین کی اقامت کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیںاور وہ عباد الرحمٰن کہلاتے ہیں۔ایسے لوگ گناہوں سے اجتناب کرتے ہیں ، عفو و درگزر سے کام لیتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، مشورے سے کام کرتے ہیں، اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اور ظلم کے خلاف حق پر قائم رہتے ہیں۔
سہ ماہی اجتماع کے آخری مقررناظم دعوت حلقہ محترم فضل ِ باسط نے’’مہلکاتِ اجتماعیت۔ حقیقت ِ نفاق و نجویٰ کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے اُمّت ِ مسلمہ کے اتحاد، اخلاصِ ایمان، نفاق کی علامات، دین سے دوری کے اسباب اور اصلاحِ نفس کی ضرورت پر گفتگو کی۔دعا پر سہ ماہی اجتماع کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطا فرمائے اور ہمارا حامی و ناصر ہو۔ (رپورٹ:سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی)