(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

12 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی بچے سلیم سامی سلیم فقہاء کی میت تقریباً پانچ ماہ تک قبضے میں رکھنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردی۔واضح رہے کہ سلیم فقہاء 17 مارچ 2026ء کو سنجل کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔ قابض اسرائیل اب بھی 798 فلسطینی شہداء کی میتیں قبضے میں رکھے ہوئے ہے۔ فلسطینی کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی حکام فلسطینی قیدیوں کو پھانسی دینے کے لیے خصوصی سیل اور پھانسی کے کمرے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اسرائیلی جیلوں میںاس وقت 9400سے زائد فلسطینی قیدی موجود ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ سو سے زائد قیدی مبینہ تشدد، بدسلوکی، غذائی قلت اور بیماریوں کے باعث شہید ہوچکے ہیں۔
l فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد1286 ہوگئی ہے جبکہ 4257افراد زخمی ہوچکے ہیں اور 813 لاشیں ملبے سے نکالی جاچکی ہیں۔ 7 اکتوبر2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں مجموعی طور پر73420 فلسطینی شہید اور 174369 زخمی ہوچکے ہیں۔جولائی 2026ء کے آغاز تک اسرائیلی عقوبت خانوں میں تقریباً9400 فلسطینی اسیران موجود تھے، جن میں غزہ کے1320 قیدی بھی شامل ہیں۔
l حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے غزہ میں اسرائیلی حملوں اور فلسطینی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے ثالث ممالک سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے اورکہا ہے کہ جاری اسرائیلی کارروائیاں سفارتی کوششوں اور جنگ بندی کی ضمانتوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہیں۔جبکہ حماس کے رہنما ہارون ناصرالدین نے مسجدِاقصیٰ کے اندر یہودی آبادکاروں کی تلمودی رسومات اور اجتماعی عبادات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسجد اقصیٰ کے اسلامی تشخص اور اُمَّتِ مُسلمہ کی شناخت پر حملہ قرار دیا ہے۔
l غزہ میں تقریباً8کروڑ ٹن ملبہ جمع ہونے کے باعث لاپتہ افراد کی تلاش، شناخت اور دستاویز بندی انتہائی مشکل ہوگئی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر کے مطابق ملبے تلے دبے افراد تک پہنچنا ایک بڑا انسانی چیلنج بن چکا ہے۔
l مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے مسافریطامیں اسرائیلی افواج نے فلسطینیوں کے مکانات،عارضی خیمے، مویشیوں کے باڑے اور پانی کے کنویں مسمار کردیئے، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان بے گھر ہوگئے۔ مقامی کارکنوں کے مطابق اسرائیلی حکام فلسطینی تعمیرات کو مسمار کرنے کے لیے ’تعمیراتی اجازت نامہ نہ ہونے‘ کو جواز بناتے ہیں، جبکہ اس کارروائی سے علاقے میں پانی اور مویشی پروری کی بنیادی سہولیات بھی متاثر ہوئی ہیں۔
l مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں میں تیزی علاقائی و بین الاقوامی امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ تینوں ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذِمّہ داریاں پوری کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو جنگ بندی کو کمزور یا کشیدگی میں اضافہ کریں۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l ایران: آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود، جنگ اور معاشی دباؤ برقرار: آبنائےہرمز میں سکیورٹی صورتحال بدستور سنگین ہے اور بحری آمدورفت معمول کی نسبت صرف 4 فیصد رہ گئی ہے۔ 6 جولائی کے بعد علاقے میں 16 میزائل حملے بھی رپورٹ ہوئے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، تاہم اب جنگ ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف براہِ راست عسکری دباؤ کے بجائے بتدریج معاشی و سفارتی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ایران کے ساتھ سفارتی رابطے روکنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔دوسری جانب ایرانی سفارت کاروں نے ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو ’’نیا امریکی علاقہ‘‘ قرار دینے کے ردعمل میں طنزیہ طور پر کیلیفورنیا کو ایران کا نیا علاقہ قرار دے دیا۔
l فلسطین: غزہ کی 94 فیصد آبادی چھت سے محروم: اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی 94فیصد آبادی ِاس وقت چھت سے محروم ہے جبکہ ہر پانچ میں سے چار گھر رہائش کے لیے مناسب چھت سے محروم ہوچکے ہیں۔ متعدد پناہ گاہوں میں ایندھن، توانائی اور ضروری گھریلو اشیا کی شدید قلت ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق امدادی سامان کی رسائی میں رکاوٹیں لوگوں کی کھانا پکانے، پانی ذخیرہ کرنے، روشنی برقرار رکھنے اور موسمی شدت سے بچنے کی صلاحیت متاثر کررہی ہیں۔
l شام: جوہری تنصیبات سے کئی ٹن مواد ملنے کا انکشاف: بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے انکشاف کیا ہے کہ ادارے کے معائنہ کاروں کو شام میں جوہری تنصیبات سے کئی ٹن جوہری مواد ملا ہے۔ دیر الزور کے سابق جوہری مرکز میں تلاش اور کھدائی کا کام جاری ہے جبکہ شام کی نئی انتظامیہ نے آئی اے ای اے کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ادھر ابو الظہور ملٹری ایئربیس پر اسرائیلی حملے اور دمشق کے قریب ایک ڈرون حملے کے بعد شام نے اسرائیل سے رابطے معطل کردیئے ہیں۔
l ترکیہ: نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ: ترکیہ نے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی تحقیقات کے تحت اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا ہے۔ ترک وزیر انصاف کے مطابق اس سلسلے میں انٹرپول سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
l بنگلہ دیش: مرزا فخر الاسلام عالمگیر صدر منتخب: بنگلہ دیشی پارلیمنٹ نے حکمران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ملک کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے۔واضح رہے کہ وہ رسمی سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف ہوں گے، جبکہ انتظامی اختیارات وزیراعظم اور کابینہ کے پاس رہیں گے۔
l پرتگال: عوامی مقامات پر نقاب پر پابندی، جرمانے کی منظوری: پرتگال کے صدر نے عوامی مقامات پر چہرہ مکمل طور پر ڈھانپنے پر پابندی کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ قانون کے تحت خلاف ورزی پر 150 سے 3 ہزار یورو تک جرمانہ ہوسکتا ہے، تاہم صحت، پیشہ ورانہ، فنکارانہ اور موسمی ضروریات کے علاوہ عبادت گاہوں، سفارتی مشنز اور طیاروں کے اسٹاف کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔