اخبارِ اسلامغزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
l غزہ میں اسرائیلی محاصرے، طبی و آپریشنل سامان کی ترسیل پر پابندیوں اور ایندھن کی شدید قلت کے باعث صحت کا نظام مکمل بندش کے قریب پہنچ چکا ہے۔ غزہ کے 38 میں سے26 ہسپتال جنگ کے آغاز سے براہِ راست تباہی کے نتیجے میں خدمات سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ ادویات کی کمی تقریباً 50 فیصد اورطبی اشیا کی قلت58فیصد تک پہنچ گئی ہے۔34میں سے صرف12آکسیجن پلانٹس کام کررہے ہیں، جبکہ ایندھن، اسپیئر پارٹس اور عملے کی نقل و حرکت میں رکاوٹ کے باعث مزید طبی اداروں کے کام متاثر ہو رہے ہیں۔اکتوبر2023ء سے بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے باعث غزہ میں ہسپتال جنریٹرز پر انحصار کر رہے ہیں، جن کے لیے ایندھن اور ضروری پرزہ جات کی شدید قلت ہے۔ خان یونس گورنری میں قائم کویت اسپیشلائزڈ فیلڈ ہسپتال نے ایندھن کی فراہمی رکنے کے بعد20 ستمبر سے اپنی طبی خدمات انتہائی محدود کردی ہیں۔ ہسپتال کے مطابق اُسے روزانہ تقریباً ایک ہزارلیٹرایندھن درکار ہوتا ہے اور ایندھن کی قلت کے باعث جراحی، معمول کی زچگی، آؤٹ پیشنٹ کلینکس، تشخیصی خدمات، ایمبولینس اور مریضوں کی منتقلی سمیت متعدد سہولتیں بند ہوچکی ہیں اور ہسپتال اب صرف انتہائی ہنگامی اور زندگی بچانے والے کیسز کو ہی دیکھ رہا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس کے گردونواح میں تقریباً سات لاکھ بے گھر افراد موجود ہیں اور روزانہ تین ہزار سے زائد مریض اس سے استفادہ کرتے ہیں۔
l نابلس سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ فلسطینی قیدی دانا جودہ نے اسرائیلی جیل دیمون میں انتہائی نامناسب حالات میں ایک بچی کو جنم دیا۔ فلسطینی قیدیوں کے کمیشن کے مطابق ماں اور بچی دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ان کی رہائی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔دوسری جانب فلسطینی اسیران کے اداروں نے صحافی بشریٰ الطویل کی مسلسل تنہائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں تقریباً ایک ماہ سے مختلف حراستی مراکز کے تنہائی خانوں میں رکھا گیا ہے اور خاندان کو ان کی صحت اور مقام کے بارے میں معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں37فلسطینی صحافی زیرحراست ہیں، جن میں سے19کو کسی الزام یا مقدمے کے بغیر انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔
l بیلجیئم میں مقیم فلسطینیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی کونسل کی تشکیل آزاد، جمہوری اور شفاف انتخابات کے ذریعے کی جائے تاکہ دنیا کے مختلف خطوں میں مقیم فلسطینی براہِ راست اپنے نمائندے منتخب کر سکیں۔
l کتائب القسام نے اعلان کیا ہے کہ رفح بریگیڈ کے کمانڈر نائل عطیہ محمد ابو عبید، المعروف ابو عطیہ، 15 ستمبر کو خان یونس کے علاقے المواصی میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔ وہ 1993ء میں کتائب القسام سے وابستہ ہوئے اور طویل عرصے تک مختلف عسکری ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔
l جنوبی لبنان کے الرشیدیہ کیمپ میں جلیل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن نے صبرا و شاتیلا قتل عام کی44ویں برسی کے موقع پر تقریب منعقد کی، جس کا مقصد فلسطینی تاریخی یادداشت کو نئی نسل تک منتقل کرنا اور نوجوانوں میں رضاکارانہ و سماجی کاموں کو فروغ دینا تھا۔
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
l ایران: نئی امریکی پابندیاں اور معاشی بحرانـ: ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل حسین محبی نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران اپنی جنگی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے نئے ہتھیار استعمال کرے گا اور ایسے اہداف کو نشانہ بنائے گا جو گزشتہ حملوں میں محفوظ رہے تھے۔ ادھرامریکہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جانے والی میڈیا ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا، تاہم ایرانی صدر، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ضروری عملے پر مشتمل بنیادی وفد کو نیویارک آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ جنگ اور امریکی پابندیوں کے باعث ایران میں تقریباً 800 ادویات کی قلت سنگین ہوگئی ہے جبکہ 40 سے زائد دوا ساز کمپنیوں، سپلائرز اور تقسیم کار ادارے حالیہ حملوں میں متاثر ہوئے ہیں۔ ایران نے سویڈن کی جانب سے ایک ایرانی سفارت خانے کے اہلکار کو ملک بدر کیے جانے کے جواب میں سویڈن کے ایک سفارت کار کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا اور سویڈن کے الزامات کوبے بنیاد قرار دیا ہے۔
l امریکہ : ایرانی وفد سے ملاقات: امریکی اہلکار کے مطابق صدر ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کُشنر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ صدر ٹرمپ کا کہناہے کہ ملاقات اچھی رہی، یہ ایرانیوں کے مفاد میں ہے کہ ڈیل کرلیں، مستقبل قریب میں ایک اور ملاقات بھی طے کی گئی ہے۔امریکا نے سعودی عرب کو 48 ایف 35 جنگی طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ ادھر وفاقی عدالت نے اگست 2021ء کے کابل ایئرپورٹ بم دھماکے کے مقدمے میں افغان شہری محمد شریف اللہ کو ’’دہشت گرد تنظیم‘‘ کی معاونت کے جرم میں 20 سال قید کی سزا سنادی۔واضح رہے کہ دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 150 سے زائد افغان شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
l افغانستان: پاکستان سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔
l مقبوضہ بیت المقدس: یوم کپور پر دیوار گریہ پر اجتماع: یہودیوں کے مقدس دن یوم کپور پر مقبوضہ بیت المقدس میں دیوار گریہ پر ہزاروں یہودی جمع ہوئے جبکہ متعدد صہیونی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں بھی داخل ہوئے۔ یوم کپور کے موقع پر مقبوضہ فلسطین میں معمولات زندگی تقریباً معطل رہے۔
l بھارت: ریاستی حیثیت کی بحالی کے موضوع پر مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں ہنگامہ: مقبوضہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ریاستی حیثیت کی بحالی کے معاملے پر حکمران نیشنل کانفرنس اور اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کے باعث اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ دوسری جانب جموں و کشمیر انتظامیہ نے اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا ہے کہ 38سرکاری محکموں میں38872 آسامیاں خالی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بے روزگاری کی شرح 38 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026