(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

10 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ ہٹانے میں سات سال سے زائد عرصہ لگ سکتا ہے ، جبکہ دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری کے نتیجے میں نہ صرف مزید عمارتیں تباہ کی جارہی ہیں بلکہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔جبکہ عالمی خوراک پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں قحط خطرناک حد تک بڑھنے کے خدشات ہیں، حالانکہ سیز فائر کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر انسانی امدادی کارروائیوں میں توسیع کی گئی ہے۔اس پروگرام کے مطابق، زندگی بچانے والی غذائی امداد اب ماہانہ بنیاد پر ایک ملین سے زائد افراد تک پہنچائی جا رہی ہے، تاکہ انسانی بحران کی شدت کو کم کیا جا سکے۔7اکتوبر 2023ء سے، قابض اسرائیل، امریکہ اور یورپ کی حمایت کے ساتھ، غزہ میں ایک منظم نسل کُشی کر رہا ہے، جس میں قتل، بھوک، تباہی، زبردستی نقل مکانی اور گرفتاریاں شامل ہیں، اور عالمی اپیلوں اور بین الاقوامی عدالت کی ہدایات کی پرواہ نہیں کی گئی۔اس سفاکیت کے نتیجے میں 242 ہزار سے زائد فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت بچے اور خواتین ہیں، اس کے علاوہ 11 ہزار سے زائد لاپتہ، لاکھوں بے گھر اور بھوک کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد بھی شامل ہیں، جبکہ وسیع پیمانے پر تباہی نے غزہ کے بیشتر شہروں اور علاقوں کو نقشے سے مٹادیا ہے۔
l وائٹ ہاؤس کے مطابق غزہ کی انتظامی امور کے لیے قومی کمیٹی برائے انتظامِ غزہ قائم کی جا رہی ہے، جس کی سربراہی علی شعث کریں گے۔مذکورہ کمیٹی غزہ میں بنیادی خدمات کی بحالی اور سرکاری و انتظامی اداروں کی ازسرِنو تعمیر کی نگرانی کرے گی تاکہ خطے میں انتظامی استحکام اور عوامی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
l 20 سال تک امریکی فوج میں خدمات انجام دینے والے ایک فوجی نے انکشاف کیا ہے کہ صرف ’’اسرائیل‘‘ پر تنقید کرنے کی وجہ سے اُس پر امریکی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام لگا دیا گیا۔ یہ واقعہ امریکہ میں اظہارِ رائے کی آزادی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کرتا ہے۔
l غزہ کی پٹی میں گردے فیل ہونے کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تکالیف خطرناک حد تک بڑھتی جا رہی ہیں۔ گزرگاہوں کی مسلسل بندش اور بیرونِ غزہ علاج کے لیے سفر پر پابندی نے طبی انتظار کی فہرستوں کو ایک خاموش قاتل بنا دیا ہے جو بغیر کسی شور کےسینکڑوں مریضوں کی زندگیاں نگلنے کے درپے ہے۔
l وسطی غزہ میں واقع شہداء الاقصیٰ ہسپتال میں قابض اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے چھ فلسطینی اسیران کو اِس حال میں ریڈ کراس کے بین الاقوامی عملے کے ذریعے منتقل کیا گیا کہ وہ شدید تھکن اور کمزوری کی حالت میں تھے ۔یہ تمام اسیر کئی ماہ تک قابض اسرائیل کے حراستی مراکز اور جیلوں میں قید رہے جہاں انہیں بدترین تشدد اور انسانیت سوز سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
l امریکہ میں ایک عوامی نشست کے دوران ایک امریکی طالب علم نے نائب صدر سے سوال کیا کہ آخر امریکہ کو ’’اسرائیل‘‘ کا مقروض کیوں سمجھا جاتا ہے، جس پر محفل میں خاموشی چھا گئی۔ یہ واقعہ امریکی نوجوانوں میں بدلتے ہوئے سیاسی شعور کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l اسرائیل:نیتن یاہو نے ’غزہ بورڈ آف پیس‘ کی تشکیل مسترد کر دی: وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’غزہ بورڈ آف پیس‘ کی تشکیل کے لیے اسرائیل سے رابطہ نہیں کیا گیا،اس لئے غزہ بورڈ کی تشکیل مسترد کی گئی ہے۔واضح رہے وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔غزہ میں بورڈ آف پیس کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے۔
l یمن: وزیراعظم سالم صالح بن بریک نے استعفیٰ دے دیا: یمن میں سیاسی صورت حال میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعظم سالم صالح بن بریک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ صدارتی قیادت کونسل نے ان کا استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے، جس کے بعد وزیر خارجہ ڈاکٹر شائع محسن الزندانی کو نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
l عراق: امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد فوجی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیا: وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج نے عراق میں سالہا سال سے قائم امریکی فوجی اڈے عین الاسد ایئربیس سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے ساتھ ہی اُس اڈے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔واضح رہے کہ یہ فوجی اڈہ عراق کے مغربی حصے میں قائم تھا۔
l بھارت :خالی مکان میں نماز پڑھنے پر مقدمہ: ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی کے ایک گاؤں سے 12 مسلمانوں کے خلاف ایک خالی مکان میں نماز ادا کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ یہ کارروائی اس اطلاع کے بعد کی گئی جو محمدگنج گائوں کے کچھ لوگوں نے دی تھی کہ ایک خالی مکان کو کئی ہفتوں سے مبینہ طور پر عارضی مدرسہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
l متحدہ عرب امارات: جنگی جہازوں کا فضائی جلوس: عرب امارات پر حوثی باغیوں کے حملے کی یاد میں ترتیب دیاگیافضائی جلوس جس میں جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر شامل تھے ، ابوظبی سے شروع ہوا اور متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں سے گزرا۔یہ فضائی جلوس خاص طور پر اس حملے کی یاد میں منعقد کیا گیا جس میں حوثی باغیوں نے چار سال قبل عرب امارات کو میزائلوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ایک پاکستانی محنت کش معمور خان بھی شامل تھے۔
l سعودی عرب: اعضاء عطیہ کرنیوالے 200 افراد کے لیے میڈل کا اعلان: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے انسانی اعضاء عطیہ کرنے والے 200 شہریوں کو کنگ عبدالعزیز میڈل (تھرڈ کلاس) دینے کی منظوری دے دی ہے ۔
l ایران:سپریم لیڈر پرکوئی بھی حملہ مکمل جنگ کا سبب بن جائےگا، ایرانی صدر: ایرانی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اﷲ خامنہ ای پر حملہ ہوا تو جہاد کا فتویٰ جاری کیا جائے گا۔ ایسے کسی بھی اقدام کے سنگین اور خطرناک نتائج ہوں گے۔ سپریم لیڈر پر حملہ اسلامی دنیا کے خلاف جنگ کے مترادف ہو گا۔اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نےکہا کہ سپریم لیڈر کے خلاف کوئی بھی جارحیت ایرانی قوم کے خلاف مکمل جنگ کے مترادف ہے۔