(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

13 /
بیان القرآن تفسیر گفٹ پروگرام حلقہ پوٹھوہار
تنظیم اسلامی حلقہ پوٹھوہار کے زیر انتظام بروزہفتہ بعد نمازِ عصر تا نمازِ مغرب    قاضی حق ٹرسٹ جی ٹی روڈ گوجرخان میں ’’بیان القرآن گفٹ‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں گوجرخان اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات اور اساتذہ کرام نے شرکت کی ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض امیر حلقہ پوٹھوہارمحترم حافظ ندیم مجید نے ادا کیے جنہوں نے آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محترم عبدالرافع نے حاصل کی۔اس کے بعدنعت رسولِ مقبول کی سعادت محترم محمد دانیال نے حاصل کی۔نقیب منفرد اسرہ ساگری محترم محمد نعمان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام ہماری نوجوان پڑھی لکھی نسل کو خاموشی سے الحاد اور خدا بیزار معاشرے کی طرف دھکیل رہا ہے جس کا واحد حل قرآن مجیدسے رشتہ مضبوط کرنا ہے۔اس کے بعد سال 2026ءمیں میٹرک میں 90فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں بیان القرآن جلد اوّل اور مختلف تنظیمی کتب کا سیٹ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔جس کا مقصد نوجوان نسل میں قرآن کی تعلیم کو عام کرنا تھا۔اس کے علاؤہ اساتذہ کرام میں بھی بیان القرآن گفٹ تقسیم کیے گئے ۔اس پروگرام میں تقریباً60 کے قریب طلباء و طالبات، اساتذہ کرام، معروف کاروباری اور سماجی شخصیات اور رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر امیر حلقہ پوٹھوہار نےتمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ (رپورٹ:افشال حیدر ، معتمد حلقہ پوٹھوہار )
حلقہ کراچی جنوبی کے زیرِ اہتمام اضافی مبتدی تربیتی کورس
حلقہ کراچی جنوبی کے زیرِ اہتمام قرآن اکیڈمی ڈیفنس میں اضافی مبتدی تربیتی کورس منعقد کیا گیاجس کا مقصد رفقاء کی دینی و تنظیمی تربیت کرنا ، ان کے ایمان کو تازگی بخشنا اور دعوت و تربیت کے جذبے کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق تقریباً 80 رفقاء کی شرکت متوقع تھی، جس کے پیشِ نظر یہ ارادہ کیا گیا تھا کہ تدریسی سہولت کے لیے دو الگ الگ کلاسوں میں کورس کروایا جائے۔ تاہم، عملی طور پر 40 رفقاء نے شرکت کی۔رفقاء نے اس تربیتی سرگرمی سے بھرپور استفادہ کیا اور ایک تازہ ایمان، نئے عزم اور دعوت و تربیت کے مزید پُرجوش جذبے اور اس کیفیت کو عملی سرگرمیوں میں ڈھالنے کی بھرپور کوشش کرنے کے عزم کے ساتھ واپس لوٹے۔ (رپورٹ:ڈاکٹر محمد الیاس،ناظم تربیت حلقہ کراچی جنوبی)
امیر حلقہ خیبر پختونخوا کا دورہ لکی مروت
18اکتوبر، 2026ء بروز اتوار،منفرد رفیق محترم ڈاکٹر کفایت اللہ کی دعوت پر، حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کا ایک وفد پشاور سے دفتر تنظیم اسلامی لکی مروت کے لیے روانہ ہوا۔ یہ وفد نائب ناظم اعلیٰ خیبرپختونخوازون محترم محمد شمیم خٹک ، امیر حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی محترم  محمد آصف سلاج اورناظم دعوت حلقہ محترم فضل باسط پر مشتمل تھا۔ یہ وفدصبح 10:30 بجے  لکی مروت پہنچا، جہاں میزبانوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس پروگرام میں لکی مروت اور بنوں کےتقریباً50 رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ احباب میں علاقے کے دومشہور مفتیان محترم مفتی محمد امین اور محترم مفتی پیر خان افضل بھی شامل تھے۔سب سے پہلے محترم ڈاکٹر کفایت اللہ نے وفد میں شامل ذِمّہ داران کا تعارف کرایا۔ بعد ازاں پروگرام کا باقاعدہ آغاز تذکیربالقرآن سے کیا گیا۔ محترم فضل ِباسط نے ’’فرائض دینی کا جامع تصور‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جسے شرکاء نے  بغور سنا، پسند کیا اور سراہا۔بعد ازاں امیر حلقہ کی رفقاء کے ساتھ  خصوصی نشست ہوئی۔امیر حلقہ نے کہا کہ ہم ایک نظم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور ہمیں انتہائی اخلاص کے ساتھ نظم کے تقاضوں کو پورا کرنا چاہیے۔ کوشش یہ ہونی چاہیے کہ تمام مبتدی رفقاء جلد از جلد ملتزم بنیں اور آگےبڑھ کر ذِمّہ داریاں نبھائیں۔ اس علاقے میں رفقاء کی خاصی تعداد موجود ہے۔ لہٰذا اسروں کا قیام انتہائی ضروری ہے تاکہ ہمارے رفقاء بجائے اس کے کہ منفرد رفیق کہلائیں، باقاعدہ نظم کے ساتھ جڑ کر استفادہ کر سکیں۔
ظہرانے پرپروگرام کا اختتام ہوا۔پروگرام کے بعد میزبان رفقاء نے مہمان وفد کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔واپسی پر وفد تنظیم اسلامی نے سابق رفیق محترم عمر سردار کی  رہائش گاہ پر اُن کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
(رپورٹ:سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی )