(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

14 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l غزہ کی پٹی میں اسرائیلی محاصرے، غذائی اشیا اور ایندھن کی رسد پر پابندیوں اور انسانی امداد میں کمی کے باعث آٹے، گوشت، سبزیوں اور پھلوں کی شدید قلت کے نتیجے میں درجنوں تندور اور ہوٹل بند ہو چکے ہیں،قحط کا خطرہ پھر بڑھ گیا ہے۔ ماہرمعاشیات احمد ابوقمر کے مطابق غزہ میں روزانہ تقریباً 200 امدادی و تجارتی ٹرک داخل ہو رہے ہیں، جب کہ ضرورت 800 سے زائد ٹرکوں کی ہے ۔ بے روزگاری کی شرح 80 فیصد اور غربت کی شرح تقریباً 90 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جب کہ 95 فیصد خاندان امداد پر انحصار کر رہے ہیں۔حماس نے خوراک کو شہریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے عرب و اسلامی ممالک سے محاصرہ ختم کرانے اور امدادی رسد کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے 22 اکتوبر 2026ء تک 1538 فلسطینی شہید اور 5498 زخمی ہوچکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں مجموعی طور پر 74498 فلسطینی شہید اور 175616 زخمی ہوچکے ہیں۔
l غزہ کی پٹی میں اقوامِ متحدہ کی امدادی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) کی عرب ایمپلائز یونین نے ملازمین کی برطرفیوں، خدمات میں کٹوتیوں اور بعض پروگراموں کی نجکاری کے خلاف 27 اکتوبر سے 10 روزہ انتظامی سول نافرمانی کا اعلان کیا ہے۔
l اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میںغزہ میں ہزاروں بچے تعلیم سے محروم اور تعلیمی ادارے تباہ ہوچکے ہیں ،تباہ شدہ عمارتوں اور نامساعد حالات کے باوجود بچے اپنی ادھوری تعلیم مکمل کرنے اور مستقبل سنوارنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ایک فلسطینی ماں اور اس کی پانچ بیٹیوں نے قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔
l فلسطینی کمیشن برائے مزاحمتِ دیوار و آبادکاری نے زیتون کی کٹائی کے موسم کے دوران مغربی کنارے کی الخلیل، رام اللہ و البیرہ، نابلس اور جنین گورنریوں میں فلسطینی کسانوں اور ان کی زمینوں پر اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں کے 13 حملے ریکارڈ کیے ہیں۔ کمیشن نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی کسانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔
l اسرائیلی جیل کے زیرِ زمین سیکشن ’رکیبت‘ میں فلسطینی قیدیوں کو مبینہ تشدد، تذلیل اور مذہبی پابندیوں کا سامنا ہے۔ فلسطینی قیدیوں سے نمازاور اذان کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا۔
l اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور فوج کے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر کے درمیان ایران سے متعلق ممکنہ فوجی کارروائی پر اختلافات کی اطلاعات کے بعد اسرائیلی اپوزیشن نے نیتن یاہو کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف معروف صہیونی ارب پتی رونالڈ لاؤڈر نے نیتن یاہو پر فردِ واحد کی حکمرانی مسلط کرنے اور ریاستی مفادات پر ذاتی سیاسی مفادات کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا ہے اور اسرائیل کو ’بنانا ریپبلک‘ کے قریب قرار دیا اور خبردار کیا کہ جمہوری اداروں کی کمزوری اور اختیارات کا ارتکاز ریاست کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور ایران: علاقائی امن کے لیے سفارتی رابطے: تہران میں ہونے والے چار ملکی اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی کے فروغ اور باہمی تعاون مضبوط بنانے کے لیےپاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور ایران نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر، سعودی عرب کی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ترکیہ کی طرف سے انٹیلی جنس سربراہ ابراہیم قالن نے کی، جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہوئے۔ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں ایران میں ہونے والے مذاکرات کا جائزہ لیاگیا اور اہم فیصلے کیے گئے ۔اِس سے قبل پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور گروپ کے وزرائے خارجہ نے استنبول میں اپنے چھٹے اجلاس کے دوران سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ایران:لانا نصیبہ کی اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل کے منصب کے لیے نامزدگی پر تنقید اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے متحدہ عرب امارات کی سفارت کار لانا نصیبہ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے منصب کے لیے نامزدگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے مفادات اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو سفارتی تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ادھر ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیاہے کہ تہران نے مذاکرات کا راستہ کبھی ترک نہیں کیا، تاہم امریکا پر اعتماد کا فقدان برقرار ہے جبکہ امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل اور امریکا کے انتخابات کے بعد بڑے حملوں کا حکم دے سکتے ہیں۔
l سعودی عرب اور یمن: حوثی حملے، دفاعی اقدامات اور علاقائی ردعمل : اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے سعودی عرب کے مقدس مقامات اور دیگر شہروں پر حوثیوں کے مبینہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ ان کارروائیوں کے خلاف مضبوط اور ذِمّہ دارانہ موقف اختیار کرے۔ دارالحکومت میںولی عہد کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں حوثیوں کی جانب سے باب المندب اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات کے باعث خام تیل کی پیدوار اور ترسیل کے لیے نئے انتظامات اور امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حوثی فوجی ترجمان نے مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں کا ہدف سعودی تیل تنصیبات اور فوجی اڈے تھے۔ دوسری جانب سعودی قیادت میں اتحادی فوج نے یمن میں حوثیوں کے میزائل ذخیرہ کرنے والی پانچ تنصیبات اور میزائل داغنے کے چار پلیٹ فارم تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
l عمان: سلطان ہیثم کاسرکاری دورہ برطانیہ: سلطان ہیثم بن طارق 44 سال بعد برطانیہ کے پہلے سرکاری ریاستی دورے پر لندن پہنچےتوشاہ چارلس نے اُن کا استقبال کیا۔ برطانوی بادشاہ نے دوران خطاب صحیح مسلم کی ایک حدیث عربی زبان میں پڑھی اور عمانی عوام کے اچھے کردار کی تعریف کی اور آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے عمان کی سفارتی کوششوں کوسراہا۔