کچھ کام نہیں بنتا بے جرأتِ رندانہ
عامرہ احسان
کرئہ ارض اپنے مدار پر طے شدہ رفتار سے رواں دواں ہے۔ اس کے چوہدریوں کی وہی ہے چال بے ڈھبی جو پہلے تھی سواب بھی ہے۔ امریکی انتخابات (وسط مدتی) کانگریس پر کنٹرول کی جنگ کے حتمی نتائج آنے کو ہیں۔ ٹرمپ بہرطور سخت عدم مقبولیت کا شکار ہے۔ ٹرمپ نے متنازعہ پالیسیوں سے اندرون و بیرون کئی محاذوں پر مخاصمت اٹھا کھڑی کی ۔ امریکہ شکستہ صورتحال سے دو چار ہے۔ امریکی مسلمانوں کے لیے بھی یہ انتخابات اہم ہیں۔ امریکہ میں 80 لاکھ مسلم آبادی ہے۔ 12 ریاستوں میں 25 لاکھ رجسٹرڈ ووٹر ہیں، جو نتائج پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ 23 ریاستوں میں 51 مسلمان مختلف سطح کے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ کانگریس کے لیے بالخصوص مشی گن سے عبدل السید ٹرمپ کے اعصاب پر چھایا رہا۔ امریکی سینیٹ میں پہلا مسلمان ہوگا ، منتخب ہونے پر۔ فرعون کے درباریوں میں موجود ایک مومن درباری نے جو خطاب کیا تھا ، اچانک ، یکایک ، شاید ٹرمپ کی گھبرا ہٹوں میں اس کا بھی کچھ حصہ ہو۔ صومالی امریکی الہان عمر اور فلسطینی نژاد امریکی راشدہ طلیب بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ الہان عمر کو ٹرمپ کی بھر پور مخالفت کا سامنا رہا۔ را شدہ طلیب نے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد ، اسلحے کی فراہمی پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی انتخابات کا نتیجہ یا ہو اور مخالف گادی آئزن ، دونوں کو فیصلہ کن اکثریت نہ دلا سکا۔ دونوں عرب پارٹیاں 19 سیٹوں کی تاریخی کامیابی لے گئیں۔ نتن یاہو کو بد عنوانی کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا حکومت نہ بنا پانے کی صورت میں۔ بہر طور ٹرمپ، نتن یا ہو کی جان فی الحال اٹکی، لٹکی پڑی ہے حتمی نتائج تک۔ مودی بھی مشکل میں ہے۔ دہلی میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت (آبادی کی بنا پر ) بھی مخمصے میں ہے۔ اس نیلم پری پر کاکروچ (پارٹی) چڑھ دوڑے۔ کانگریس و دیگر نے بھی اس ہنگام سے فائدہ اٹھاتے الیکشن چیف کے استعفیٰ کے لیے بڑے مظاہرے کر ڈالے۔ 133 ملین نام ، ووٹر لسٹوں سے نکالے جانے پر مقدمہ بھی درج ہے۔
گلوب بھر میں مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن کرنے والوں کی کسی نہ کسی طور جان شکنجے میں ہے۔ مجموعی طور پر مبنی بر ظلم و استحصال ، جبر کا چھایا ہوا نظام دنیا کی آبادی کے لیے ہر جا عذاب بنا کھڑا ہے۔ مٹھی بھر طبقات وسائل دبوچے عوام الناس پر زندگی اجیرن کر رہے ہیں۔ سو جا بجا وہ آواز جو یہ کہتی رہی مختلف نسلوں،زبانوں میں کہ ’چہرے نہیں نظام بدلو‘، اب نہایت بلند آہنگ ہو چکی ، غزہ کے صبر و ثبات اور شہداء کے خون کی برکت سے۔ فلسطین، کشمیر، 20 سالہ افغانستان جنگ، عراق، شام ، مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں امریکی اڈے ، نیز افریقہ، جنوبی، وسطی امریکہ مسلم وسائل کی لوٹ مار ایک تلخ تاریخ لیے ہوئے ہے کل عالم میں! ہیں تلخ بہت بندۂ مزدور/مجبور/مقہور کے اوقات۔ جن 2 ارب مسلمانوں کے ذمے نہ صرف اقصٰی و فلسطین تھا ، بلکہ پوری انسانیت کے لیے فلاح و صلاح کا ازلی ابدی رہنما نظامِ حیات انہیں تھمایا گیا تھا، وہ اس کا فرض نہ پہچان پائے۔
’نبیﷺ کو (قیامت تک) تمام دنیا کے انسانوں کے لیے بشیر و نذیر بنا کر بھیجا گیا مگر اکثر لوگ جانتے نہیں۔‘ (سبا:28)جانتے اس لیے بھی نہیں کہ ہم مسلمانوں نے یہ پیغام ان تک نہ پہنچایا! دنیا کے کل انتشار ، دکھوں اور فساد کی ذمہ داری ہمی پر عائد ہوتی ہے جنہیں خلیفۃ اللہ فی الارض کا منصب قولاًعملاً سکھایا گیا۔23 سال تواتر سے جبرئیل امین پیغامِ الٰہی لا کر عظیم معلم محمدﷺ کے ذریعے تربیت، تعلیم عطا کرتے رہے۔ جس قدس پر فلسطینیوں نے جانیں قربان کیں ، 23 لاکھ غزہ کی آبادی نے ہر ظلم اپنی جانوں پر یکہ و تنہا 3 سال سہا۔ 2 ارب سوئے رہے۔ مغرب میں کافر تڑپ اٹھا، ہمارے کان پر جوں نہ رینگی۔ سیاست دان ، کرسیوں کے کھیل میں ، عوام الناس پیسے کے پھیر میں، نوجوان عیش و راحت جوانیاں منانے میں، طاقتور طبقات، زور آزمائیوں میں، عورت بااختیاری کی لڑائی میںمگن رہے سبھی!
ایک جھلک اسی بیت المقدس کی 15 ہجری میں دیکھیے۔ قیصرِ روم مسلم فتوحات کے دور میں شمشاط (شام) پہنچا۔ وہاں ایک ٹیلے پر کھڑے ہو کر بیت المقدس کی طرف نگاہ اٹھائی اور کہا: ’اے سوریہ (شام) تجھے الوداعی سلام ، اس کے بعد کبھی ملاقات نہ ہو گی‘۔ اس کے ساتھ ایک شخص تھا جو مسلمانوں کے ساتھ قید رہ چکا تھا۔ قیصر نے مسلمانوں بارے پوچھا کہ یہ کیسی قوم ہے۔ کہنے لگا: ’یہ دن کے شہ سوار اور رات کو عبادت گزار ہوتے ہیں۔ حرام کا ایک لقمہ نہیں کھاتے۔ جو ان سے پنجہ آزمائی کرتا ہے اس کا صفایا ہی کر دیتے ہیں۔ (اسی دہشت بٹھانے کے عوض دہشت گرد کہنا بنتا ہے !)بادشاہ نے کہا :’اگر تم سچ کہہ رہے ہو تو وہ دن دور نہیں جب وہ ہمارے تخت وتاج کے مالک ہو جائیں گے‘۔ اور پھر ہو بھی گئے !
شام کی فتح پر سیدنا عمر ؓ (اسلام ایران، عراق، شام، مصر فتح کر چکا تھا!) اپنے گدھے پر سوار ایک طرف دونوں پاؤں لٹکائے ہوئے عام آدمی کی طرح شام پہنچے۔ ابو عبیدہ بن جراح ؓ (گورنر شام) نے فرمایا: اے امیر المومنین! ابھی بڑے بڑے لوگ آپ کے استقبال کے لیے آئیں گے (ٹرمپ سے بھی بڑے!) بہتر ہو گا کہ آپ ٹھیک سے بیٹھ جائیں۔ آپ نے فرمایا:’ اللہ نے تمہیں اسلام کے ذریعے سے عزت بخشی ہے ، اس کو چھوڑ کر دوسری چیزوں میں تم جتنی بھی عزت پانا چاہوگے وہ تمہیں ذلیل کر دے گا۔‘
اور خود گورنر شام ابو عبیدہ ؓ کے پاس گھوڑے کی زین ، پانی کا مشکیزہ اور چند برتنوں کے سوا کچھ نہ تھا۔ حضرت عمرh نے پوچھا: کیا تمہارا کھانا تیار ہے ؟ تو وہ بھی روٹی کے پانی میں بھگوئے گئے ٹکڑوں کے سوا کچھ نہ تھا۔
وہ زمانے میں معزز تھے مسلمان ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر
سیدنا عمرؓ نے قدس کی چابیاں وصول کرکے، اپنے ہاتھ سے صخرہ کی صفائی کی،اپنی چادر میں کچرا بھر کر اسے باہر پھینکا۔ مسجدِ اقصٰی میں وہاں نماز پڑھی جہاں نبی کریم ﷺ نے پڑھی تھی۔
آج قابض یہودیوں کے بدترین عزائم کے مقابل فلسطینی کوہِ گراں بن کر 78 سال سے جانیں نچھاور کر رہے ہیں۔ ان کی عظیم قربانیوں کے لیے پوری مغربی دنیا کے نوجوانوں ،بظاہر ناچ گانے میں کھوئے رہنے والوں کو ایک امریکی ریپر ( فنکار) نے ہلا، دہلا کر اٹھا کھڑا کیا۔ شدید مخالفت کے باوجود اس نے 4 بہت بڑے پروگرام کیے جس میں تقریباً 50 ہزار افراد کی شمولیت ہوئی۔ فلسطین کی آزادی ، دنیا بھر کے مظلوموں، استحصال زدہ طبقوں کے لیے ایک انقلابی آواز بلند کی۔ یہ میکلمور تھا جسے پہلے اسی جرم پر ایسے ٹورز سے نکال دیا گیا تھا فلسطین پر اس کے مؤقف کی بنا پر۔ بے پناہ آمدنی سے محروم کر دیا۔ اس نے پروا کیے بغیرآزاد فلسطین کے لیے اپنے پروگرام الگ جاری رکھنے کا اعلان کیا، تمام فنکار ، مشہور ریپر اس کے ساتھ آتے چلے گئے۔ اور یوں یورپ کے بڑے شہروں میں ڈبلن (آئرلینڈ) ، لندن، پیرس (قبل ازیں کولوراڈو ، امریکہ) میں بھر پورحاضری کے ساتھ یہ پروگرام ہوئے۔ ان کی مکمل بھر پور آمدنی فلسطینی امدادی تنظیموں کو نذر کردی گئی۔
نوجوانوں کو جذبات کی حدت و شدت سے ان سبھی فنکاروں نے ان میں زندگی کی نئی لہر دوڑا دی۔ فرسودہ نظام بدلنے ، ظلم کے خاتمے ، سرمایہ دارانہ خون چوس لینے والی جونکوں کی حکمرانی سے نجات کی خواہش غیر محسوس طریقے سے اندر اترگئی۔ نہایت با اثر اہم شخصیات کی اس میں بطور مہمان اپنے پیغام کے ساتھ شمولیت رہی۔ گریٹا تھنبرگ ، موسیقی کی دنیا کے بڑے ناموں کے علاوہ عرب برغوتی لندن میں آئے۔ مروان برغوتی کے بیٹے نے اپنے باپ کی 24 سالہ اسرائیلی جیل میں قید بارے کہا کہ اسرائیلی سمجھتے تھے کہ دنیا اسے بھول جائے گی۔ مگر ظالم نہیں جانتا کہ تم امید کو قید نہیں کر سکتے۔ گریٹا نے کہا صرف پیسہ دینا کافی نہیں۔ صرف نعروں اور ہمدردی سے قبضہ ختم نہ ہوگا۔ سیاسی تبدیلی درکار ہے۔ میکلمور نے کہا کہ ہم نے 3 سال اپنی ہتھیلی (موبائل) پر ہوتا ہوا قتل عام دیکھا ہے۔ (ہر جگہ اس کا پیغام یہی تھا)آنکھوں کے سامنے ٹوٹتی قیامت پر خاموش رہنا اذیت ناک بن گیا۔ سرحدوں اور انسانیت کی تقسیم کو میں کلیتاً رد کرتا ہوں۔ اس کے سارے گیت ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے گرد گھومتے ہیں۔ تمام شو ’ فری فلسطین‘ کے عنوان سے تھے۔
اس نے کہا میرے 3 بچے ہیں۔ 11 سالہ اور 8 سالہ بیٹیاں ، 5 سالہ بیٹا۔فلسطینی بچوں میں مجھے اپنے بچے نظر آتے ہیں۔ ہمیں جگانے کو اور کتنی زندگیاں (ختم کی جانی) درکار ہیں ؟ آئر لینڈ میں جب اس کا نغمہ ختم ہوا تو جذبات سے بھرا، آنسو پو نچھتا۔ اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہہ پاتا ، فری فلسطین کے فلک شگاف نعرے سامعین کی طرف سے پھٹ پھوٹ پڑے! پھر اس نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف گایا۔ یہ پروگرام موسیقاری ہے مغربی ثقافت پر مبنی۔ راقمہ نے اسے دیکھنے کی بجائے اس کی تحریری کا رروائی (Transcript)ہر جگہ کی پڑھی ہے لہٰذا نوجوان فلسطین پر عبادت سمجھ کر یہ شوز نہ دیکھیں۔ تفصیل پڑھیں، جذبے کشید کریں۔ سیرت و کردار کی تعمیر کے لیے خلفائے راشدین پر ڈاکٹر محمد الصلابی کی کتب پڑھیں۔ قرآن تو فرض ہے ترجمے سے پڑھنا! ’اگر تم منہ موڑو گے تو اللہ تمہاری جگہ کسی اور قوم کو لے آئے گا اور وہ تم جیسے نہ ہوں گے ؟‘( سورۃ محمد:38)