(زمانہ گواہ ہے) ’’زونل سلانہ اجتماع 2026ء میں پروگرام زمانہ گواہ ہے ‘‘ - محمد رفیق چودھری

7 /

ایران اور عرب کی تقسیم کا فائدہ صرف صہیونیوں کو پہنچ رہا ہے ،

اس لیے مسلم ممالک کو آپس میں متحد ہو جانا چاہیے : رضاء الحق

مکہ معاہدہ میں ایران شامل نہ ہوا تو جنگ پاکستان تک پھیل سکتی

ہے : ایوب بیگ مرزا

کسی بھی مستحکم اور پائیدار تبدیلی کے لیے لازمی ہے کہ بنیاد

مضبوط ہو۔ تربیت جتنی پختہ ہو گی، انقلابی جماعت اُتنی ہی مضبوط

ہوگی :خورشید انجم

یہود و نصاریٰ سے دوستی صریحاً قرآن و سنت کے خلاف ہے اور

اس سے اجتناب میں دنیا و آخرت کی فلاح ہے:ڈاکٹر ضمیر اختر خان

جب ہم سر جھکا کر دنیا میں بھیک مانگنے کے لیے جاتے ہیں تو

اپنی پالیسیوں کو گروی رکھ آتے ہیں :ڈاکٹر انوار علی

’’زونل سلانہ اجتماع 2026ء میں پروگرام زمانہ گواہ ہے ‘‘

میز بان : وسیم احمد

مرتب : محمد رفیق چودھری

میزبان: قارئین!تنظیم اسلامی کےزونل سالانہ اجتماع 2026ءمیں پروگرام زمانہ گواہ ہے میں ہمارے ساتھ شریک گفتگو ہیں تنظیم اسلامی کے سینئر رفیق محترم ایوب بیگ مرزا صاحب جو امیر تنظیم اسلامی کے سیاسی مشیر ہیں ۔  ان کے ساتھ مرکزی ناظم نشرواشاعت محترم رضاء الحق صاحب موجود ہیں ، آپ تنظیم اسلامی کے ترجمان بھی ہیں ۔   تنظیم اسلامی کے مرکزی ناظم شعبہ تعلیم و تربیت محترم خورشید انجم صاحب بھی ہمارے ساتھ موجود ہیں ، ڈاکٹر انوار علی صاحب جوکہ امیر حلقہ کراچی شرقی ہیںوہ بھی ہمارے ساتھ شریک گفتگو ہوں گے ، اس کے علاوہ ڈاکٹر ضمیر اختر خان صاحب بھی ہمارے ساتھ موجود ہیں جو  تنظیم اسلامی کے سینئر رفیق بھی ہیں اور دفاعی امور کے بھی ماہر ہیں ۔ 
سوال: 7  اکتوبر 2023ء کے بعد سے اب تک غزہ میں ایک بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے جس کی بنیادی وجہ گریٹر اسرائیل کا صہیونی منصوبہ ہے ۔ اسی وجہ سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کی جارہی ہے ، مسجد اقصیٰ کی    بے حرمتی کی جارہی ہے ۔ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے مسلم ممالک کو قرآن و سنت کی روشنی میں کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے،اس حوالے سے تنظیم اسلامی کا موقف کیا ہے؟
رضاء الحق:7اکتوبر 2023ء کے بعد ایک خاص مقصد کے لیے غزہ پر حملہ کیا گیا اور وہ مقصد گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی تکمیل ہے جس کے لیے خطے میں جنگ و جدل کا ایک سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ گریٹر اسرائیل کے قیام کی کوششوں کا آغاز 1896ء میں عالمی صہیونی تنظیم کے اجلاس سے ہو چکا تھا جب انہوں نے اپنے پروٹوکولز طے کیے تھے ۔ عالمی صہیونی تنظیم کے بانی نے اس کا تصور پیش کیا تھا اور 1902ء میں اس نے اپنی کتاب میں  گریٹر اسرائیل کا نقشہ بھی پیش کیا تھا ۔ اس منصوبے کےراستے میں سب سے بڑی رکاوٹ خلافت عثمانیہ تھی، اس کے خاتمے کے لیے پہلی جنگ عظیم کروائی گئی اور اس کے بعد عالم اسلام کو مختلف ٹکڑوں میں بانٹ کر فلسطین پر قبضہ شروع کیا گیا ۔کچھ زمینیں خریدی گئیں لیکن اکثرزمینوں پر  دہشت گردی کے ذریعےقبضہ کیا گیا ۔ اس طرح 1948ء  میں ارضِ مقدس میں نا جائز صہیونی ریاست اسرائیل قائم  ہو گئی ۔ پھر اس کی توسیع کے لیے انہوں نے مختلف منصوبوں پر کام کیا ، عرب اسرائیل جنگیں بھی ہوئیں ، معاہدے بھی ہوئے اور اسرائیل امریکہ اور برطانیہ کی پشت پناہی میں آگے بڑھتا رہا ۔ بعد میں بھارت بھی اسرائیل      کے ساتھ مل گیا ۔ قرآن پاک نے آج سے کم و بیش ساڑھے 14 سو سال پہلے خبردار کر دیا تھا : 
{لَـتَجِدَنَّ اَشَدَّ النَّاسِ عَدَاوَۃً لِّـلَّذِیْنَ اٰمَنُوا الْیَہُوْدَ وَالَّذِیْنَ اَشْرَکُوْاج}(المائدہ:82) ’’تم لازماًپائو گے اہل ِایمان کے حق میں شدید ترین دشمن یہود کو اور ان کو جو مشرک ہیں۔‘‘
آج مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن اسرائیل ، امریکہ اور بھارت ابلیسی اتحاد ثلاثہ کی شکل اختیار کر چکے ہیں جو کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی تکمیل کے لیے جنگ شروع کر چکے ہیں ۔ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد غزہ پر حملہ بھی اسی جنگ کا حصہ تھا ۔ اس کے بعد وہ  مسجد اقصیٰ کو شہید کرکے تھرڈ ٹیمپل تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ صہیونیوں کے عقیدے کے مطابق اُن کا مسایاح (دجال)  وہاں بیٹھ کر پوری دنیا پر حکومت کرے گا ۔چونکہ یہود نے حضرت عیسیٰ ؈کو نہیں مانا اور وہ ابھی تک اپنے     نجات دہندہ کے انتظار میں ہیں ۔  احادیث میں یہ ذکر موجود ہے کہ دجال پہلے اپنی نبوت کا اعلان کرے گا اور پھر خدائی کا دعویٰ بھی کرے گا ۔ اصل میں یہ حق اور باطل کی جنگ ہے اور فلسطینیوں کی جدوجہد کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے ۔ باقی تمام مسلمانوں کے کرنے کاکام یہ ہے کہ سب سے پہلے وہ فلسطینیوں کے لیے دعا کریں ، اس کے ساتھ ساتھ اپنی نسلوں کو حق و باطل کی اس جنگ کے لیے تیار کریں ، انہیں بتائیں کہ حق کیا ہے اور باطل کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم اسرائیل نواز کمپنیوں کی پروڈکٹس کا بائیکاٹ بھی جاری رکھیں۔ حکومتی سطح پر سب سے پہلے کرنے کا کام یہ ہے کہ عالم ِاسلام کو متحد کرنے کی کوشش کی جائے ۔ اگر اُمّت متحد نہیں ہوگی تو اس کافائدہ لازماً صہیونیوں کو ہوگا اور ہمیں وہ صاف نظر آرہا ہے ۔ ایران اور عرب کی تقسیم سے صرف صہیونیوں کو ہی فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ اس لیے مسلم ممالک کو آپس میں متحد ہو جاناچاہیے ۔ احادیث میں خراسان کا ذکر ہے جہاں سے اسلامی لشکر  سیاہ جھنڈے لے کرنکلیں گے اور یروشلم میں جاکر گاڑھیں  گے ، دجال کو شکست ہو گی اور اس کے بعد پوری دنیا میں اسلام کا غلبہ ہوگا ۔ ہمیں اسی تناظر میں مستقبل کی تیاری کرنی چاہیے ۔ تنظیم اسلامی کا پیغام بھی یہی ہے کہ سب سے پہلے اپنی ذات پر اسلام کے نفاذ کی جدوجہد کی جائے اور اس کے بعد دوسروں کو بھی دعوت دیں ،اور ساتھ اس نظامِ عدل اجتماعی کو قائم و نافذ کرنے کی جدوجہد کریں۔ یہی ایک طریقہ ہےکہ قرآن و حدیث کے مطابق ہم مستقبل کی تیاری کر سکتے ہیں ۔ 
سوال: 28 فروری 2026 ءکو جب اسرائیلی دباؤ پر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا ، اُس وقت سے یہ جنگ مختلف صورتوں میں جاری ہے ۔ حوثیوں کو بھی مکمل پشت پناہی مل رہی ہے جس کی وجہ سے وہ سعودی عرب پر حملے کر رہے ہیں ، ہماری مغربی سرحد پر بھی باوجود کوشش کے کشیدگی ختم نہیں ہورہی ۔ مسلم ممالک کو اِس باہمی تصادم اور کشیدگی سے نکلنے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے اور کیا مذاکرات کے ذریعے پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے ؟
ڈاکٹر ضمیر اختر خان:ہمارے لیے قرآن مجید میں رہنمائی موجود ہے ۔ ارشاد ہوتا ہے :
{ظَہَرَ الْفَسَادُ فِی الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا کَسَبَتْ اَیْدِی النَّاسِ لِیُذِیْقَہُمْ بَعْضَ الَّذِیْ عَمِلُوْا لَعَلَّہُمْ یَرْجِعُوْنَ(41)}(الروم)’’بحر و بر میں فساد رونما  ہوچکا ہے‘لوگوں کے اعمال کے سبب‘ تا کہ وہ انہیں مزہ چکھائے  ان کے بعض اعمال کا‘تا کہ وہ لوٹ آئیں۔‘‘
یہ آیت ہمیں بتاتی ہے کہ دنیا میں پھیلنے والے فساد، ظلم اور بگاڑ کا بنیادی سبب خود انسانوں کے اعمال ہیں۔ اسی طرح سورۃ النمل میں ملکہ سبا کا یہ قول نقل ہوا ہے: 

 

{قَالَتْ اِنَّ الْمُلُوْکَ اِذَا دَخَلُوْا قَرْیَۃً اَفْسَدُوْہَا وَجَعَلُوْٓا اَعِزَّۃَ اَہْلِہَآ اَذِلَّۃًج وَکَذٰلِکَ یَفْعَلُوْنَ(24)} ’’اُس نے کہا کہ بادشاہ جب کسی بستی میںداخل ہوتے ہیں تو اس میں فساد برپا کر دیتے ہیں‘اور اس کے معزز لوگوں کو ذلیل کر دیتے ہیں ‘اور وہ ایسے ہی کرتے ہیں۔‘‘
آج دنیا کے حالات پر نظر ڈالیں تو اقتدار کی ہوس، طاقت کا تکبر، قومی مفادات کی بالا دستی اور کمزور اقوام کے استحصال کی یہی صورتیں نمایاں نظر آتی ہیں۔  ختم ِنبوت کے بعد اُمّت ِ مسلمہ کو دعوت و ہدایت اور  شہادتِ علی الناس کی ذِمّہ داری اللہ نے سونپی تھی لیکن ہماری کوتاہیوں اور اقامتِ دین کی جدوجہد کی راہ سے انحراف کے نتیجے میں دنیا میں پھیلنے والے فکری، اخلاقی اور عملی فساد کے حوالے سے ہم بھی اپنی ذِمّہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ جب دنیا ظلم و فساد کی لپیٹ میں ہے تو ہم نے اصلاحِ احوال کے لیے کیا کردار ادا کیا۔ آج مشرقِ وسطیٰ سے جنوبی ایشیا تک کی کشیدگیوں کو محض الگ الگ علاقائی تنازعات سمجھنا درست نہیں، ان کے پس منظر میں عالمی طاقتوں کی مداخلت، علاقائی بالا دستی کی کشمکش، مسلم ممالک کے باہمی اختلافات، فرقہ وارانہ تقسیم اور قومی سلامتی کے خدشات جیسے مشترکہ عوامل کار فرما ہیں۔ امریکہ اور ایران کی کشیدگی کی بنیادی وجوہات میں ایران کا ایٹمی پروگرام،     مشرقِ وسطیٰ میں اس کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ، اسرائیل کی سلامتی،امریکی اقتصادی پابندیاں اور خلیج فارس میں سٹریٹیجک مفادات شامل ہیں۔یمن کا بحران داخلی اقتدار کی کشمکش اور علاقائی مداخلت کا نتیجہ ہے۔ 2014ء میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعاء پر قبضے اور 2015ء میں سعودی قیادت میں فوجی مداخلت کے بعد یہ بحران مزید پیچیدہ ہو گیا۔اس میں ایران اور سعودی عرب کے علاقائی اختلافات بھی شامل ہو گئے۔ یمن کی جغرافیائی اہمیت خصوصاً باب المندب اور بحیرہ احمر کے قریب اس کا    محل ِ وقوع اس تنازع کو مزید اہم بنا دیتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کی کشیدگی میں بنیادی مسئلہ اعتماد کا فقدان ہے۔ سرحدی سلامتی اور پاکستان میںTTP کی سرحد پار موجودگی اور سرگرمیاں بھی اس میںشامل ہیں۔ پاکستان کو اپنے شہریوں اور سرحدوں کے تحفظ کا حق حاصل ہے۔ تاہم اس مسئلے کا پائیدار حل مؤثر سفارت کاری،      باہمی تعاون اور قابلِ تصدیق حفاظتی اقدامات میں ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں اسلام نے مسلم ممالک کے باہمی تعلقات اور جنگ و امن کے معاملات میں واضح اصول دئیے ہیں۔ پہلا اصول باہمی نزاعات میں اصلاح اور مصالحت ہے۔ اللہ کا حکم ہے کہ اگر اہل ایمان کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کرائی جائے اور ظلم کرنے والے فریق کو ظلم سے روکا جائے یہاں تک کہ عدل کی بنیاد پر معاملہ طے ہو جائے۔ دوسرا اصول ہر حال میں عدل ہے۔ ایمان کا تقاضا ہے کہ کسی قوم کی دشمنی بھی تمہیں عدل و انصاف سے نہ ہٹائے، لہٰذا مسلم ممالک اپنے سیاسی، قومی اور مسلکی مفادات سے بالاتر ہو کر عدل کا ساتھ دیں۔ تیسرا اصول صلح اور مذاکرات کو ترجیح دینا ہے۔ اللہ کا یہ حکم ہے کہ اگر مخالف فریق صلح کی طرف مائل ہو تو تم بھی اُس کی طرف مائل ہو جاؤ، چنانچہ جہاں مذاکرات اور سفارت کاری سے تنازعات حل ہو سکتے ہوں وہاں جنگ کو آخری راستہ سمجھنا چاہیے۔چوتھا اصول انتہائی اہمیت کا حامل اور اس میں خاص طور پر اس وقت افغانستان کو توجہ دینی چاہیے اور ہمیں بھی کم سے کم ماضی کے حوالے سے اظہار افسوس تو کرنا چاہیے۔ اصول یہ ہے کہ کافروں اور یہود و نصاریٰ سے دوستی اور آپس کے اختلافات کی بناء پر  مسلمانوں کی دشمنی صریحاً قرآن و سنت کے خلاف ہے۔ اور اس سے اجتناب میں دنیا و آخرت کی فلاح ہے۔ ہمیں یہ حقیقت سمجھنی ہو گی کہ اُمّت ِ مسلمہ کو عالمی سطح پر اپنے نبیﷺ کی نیابت کرنی ہے جس کا ذریعہ اپنی فکری، اخلاقی اور اجتماعی اصلاح ہے۔ 
{اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ اِخْوَۃٌ فَاَصْلِحُوْا بَیْنَ اَخَوَیْکُمْ}(الحجرات:10)’’یقیناً تمام اہل ِایمان آپس میں بھائی بھائی ہیں‘پس اپنے دو بھائیوں کے درمیان صلح کر ادیا کرو ۔‘‘
جب تک ہم اقامت ِدین یعنی غلبہ ِاسلام کی جدوجہد کے اصل مقصد کی طرف واپس نہیں لوٹیں گے دنیا میں اپنا حقیقی کردار ادا نہیں کر سکیں گے۔ اللہ ہمیں سمجھ عطا فرمائے۔
سوال:مسلم ممالک کےباہمی اختلافات، علاقائی رقابتیں ، بیرونی طاقتوں پر انحصار اُمّت ِ مسلمہ کے لیے کس حد تک نقصان دہ ہے ؟مکہ معاہدہ خوش آئند ہے ، اگر دیگر مسلم ممالک بھی اس میں شامل ہو جائیں تو کیا مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سمیت دیرینہ مسائل اور تنازعات حل ہو سکتے ہیں ؟
ایوب بیگ مرزا:اُمّت ِ مسلمہ کی اصطلاح بڑی  ولولہ انگیز اور خوش کن ہے اور ہمارا جذتی لگاؤ بھی اس کے ساتھ وابستہ ہے لیکن اب یہ تخیلاتی مسئلہ بن کر رہ گیا ہے ۔ حقیقی معنوں میں اس وقت کوئی اُمّت ِمسلمہ نہیں ہے ۔   57 یا 58 مسلمان ممالک ضرور ہیںاور ان کے اپنے اپنے مفادات بھی ہیں ، آپس کے تنازعات اور تصادم کی ایک وجہ یہ مفادات بھی ہیں ۔ پھر بدقسمتی سے کسی بھی مسلم ملک میں عوامی حکومت نہیں ہےکہ حکمرانوں کو عوام کی         پشت پناہی حاصل ہو ۔ جب مسلم حکمرانوں کو عوام کی پشت حاصل نہیں رہی تو پھر انہوں نے عالمی طاقتوں کی     پشت پناہی حاصل کرلی تاکہ ان کا اقتدار قائم رہ سکے اورپھر وہ اپنے اقتدار کے لیے ملکی اور قومی مفادات پر سمجھوتہ کرتے ہیں ۔ مکہ معاہدے کا نام تو بڑا مقدس ہے، جب یہ معاہدہ  ہوا تو ملک کے طول و عرض میں لوگوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا۔ اس میں دیگر مسلم ممالک بھی اگر شامل ہو جاتے تو یہ بہت اچھا تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا ۔ اصل معاملہ یہ ہے کہ سعودی عرب کے پاس دولت تو ہے مگر تجربہ کار فوج نہیں ہے ۔ جب سعودی عرب کو جنگ درپیش ہوئی تو اس  نے پاکستان اور ترکیہ سے مدد حاصل کرلی کیونکہ دونوں  ممالک تربیت یافتہ فوج ، اسلحہ سازی اور جنگ میں مہارت رکھتے ہیں ۔ لہٰذا مکہ معاہدہ کا حاصل یہ ہے کہ ایک شاہی خاندان نے اپنے اقتدار کے تحفظ کے لیے دو مسلم ممالک سے عسکری مدد حاصل کرلی ۔ یہ وہ معاملہ نہیں ہے کہ ؎
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
صرف مکہ کا لفظ استعمال کر کے لوگوں کی جذباتی ہمدردیاں حاصل کرلی گئیں ۔  دیگر مسلم ممالک ، خاص طور پر ایران اگر اس معاہدے میں شامل نہیں ہوتا تو یہ اُلٹا نقصان دہ ثابت ہو گا۔امریکہ نے جب ایران پر حملہ کیا تو جواب میں ایران نے خلیجی ممالک پر حملے کیے جہاں امریکہ کے اڈے تھے ۔ اس طرح مسلم ممالک میں آپس کی لڑائی شروع ہوگئی ۔ اب ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگرہم پر حملہ ہوا تو ہم بحرِ ہند کو اہداف میں شامل کریں گے ۔ اس طرح جنگ پاکستان تک پھیلتی ہوئی نظر آتی ہے ۔ ہمارے فیلڈ مارشل صاحب اس سے بچنے کے لیے کافی بھاگ دوڑ تو کر رہے ہیں ، اللہ کرے کہ وہ کامیاب ہو جائیں ۔جب یہ معاہدہ ہوا تھا تو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کیا تھا ، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ کروایا ہی امریکہ نے ہے اور اس کا وبال آخرمیں  یہ نکلے گا کہ مسلمان آپس میں لڑیں گے، وہ نتیجہ اس وقت نکلتا نظر آ رہا ہے۔ مطلب یہ ہےکہ ہمارے حکمران اس بات کو نہیں سمجھ سکے کہ اگر ایران کو مکہ معاہدہ میں شامل نہ کیا گیا تو جنگ پھیل سکتی ہے ۔ 30 اکتوبر کو پاکستان کے کارگو جہاز پر حملہ ہوا ہے ۔توقع تھی کہ جس طرح حوثیوں نے مکہ پر ڈرون حملے کی تردید کی تھی ، اسی طرح ایران بھی کرے گا لیکن ابھی تک ایران کی جانب سے تردید نہیں آئی ۔ پھر ایران کےاعلیٰ فوجی عہدیدار محسن رضائی نے ایک انٹرویو دیا ہے جس میں مکہ معاہدہ میں شامل تینوں ممالک کے خلاف باتیں کی ہیں ۔ جب تک ہمارے حکمران اپنے اقتدار اور ملکی مفادات کواسلام اور اُمّت کے اجتماعی مفادات پر ترجیح دیتے رہیں گے انتشار ختم نہیں ہوگا ۔ 
سوال: فرانس سمیت کئی یورپی ممالک میں احتجاجی تحریکیں چل رہی ہیں ، نوجوان بغاوت پر اُتر آئے ہیں ،  آپ کے خیال میں اس کے اسباب کیا ہیں؟کیا یہ محض حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج ہے یا موجودہ سیاسی و معاشی نظام سے وسیع تر بےزاری اور بغاوت کا ایک معاملہ ہے؟
ڈاکٹر انوار علی :یہ احتجاجی مظاہرے ستمبر میں فرانس سے شروع ہوئے تھی ، ان کی بنیادی وجہ تعلیمی اداروں کی خستہ حالی اور اساتذہ کی کمی تھی ۔ وہاں سے یہ تحریک اٹلی ، بلجیم ، یونان تک پھیلی اور اب تک 10 سے زائد یورپی ممالک اس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ اب یہ احتجاج محض حکومتی پالیسیوں کے خلاف نہیں رہا بلکہ اس میں بہت سی دیگر وجوہات بھی شامل ہو چکی ہیں ۔جب اللہ کےدئیے ہوئے نظام سے ہٹ کر کوئی اپنا نظام بنائے گا تو اس کے منفی اثرات بالآخر کھل کر سامنے ضرور آئیں گے ۔ لوگوں کو حقوق نہیں مل رہے ، مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ، بے روزگاری بڑھ رہی ہے ۔ عوام کو اپنے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے ۔ حکمرانوں نے اپنے مفادات کی خاطر عوام کو فٹ بال بنا کر رکھا ہوا ہے ۔ سرمایہ دارانہ نظام کو جمہوریت کا لبادہ پہنایا گیا تاکہ عوام دھوکے میں رہیں کہ حکومت وہ بناتے ہیں جبکہ حقیقت میں جمہوریت کی آڑ میں سرمایہ دار طبقہ اقتدار پر قابض ہوتاہے ، وہ جو پالیسیاں بناتے ہیں ان سے سرمایہ دار کا ہی تحفظ ہوتا ہے ۔ ایک نوجوان جو محنت کرکے تعلیم حاصل کرتا ہے ، ہنر سیکھتا ہے ، اس کا جذبہ ہوتا ہے آگے بڑھنے اور ملک اور قوم کی خدمت کرنے کا لیکن سرمایہ دار طبقہ اس کی صلاحیتوں کا استحصال کرتا ہے اور اُسے نوکر بنا کر رکھتا ہے ۔  جب استحصال بڑھتا ہے تو پھر ردعمل بھی سامنے آتاہے اور وہ اب پوری دنیا میں بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے ۔
سوال: امریکہ ، اسرائیل اور بھارت کا بڑھتا ہوا باہمی تعاون خطے کے لیے ایک چیلنج بن رہا ہے ، ان حالات میں  پاکستان اپنی خودمختاری، دفاعی سلامتی اور آزاد خارجہ پالیسی کا تحفظ کیسے کر سکتا ہے ؟ 
ڈاکٹر انوار علی :امریکہ ، اسرائیل اور بھارت پر مشتمل ابلیسی اتحاد ثلاثہ پوری دنیا میں اپنی من مانیاں کر رہا ہے اور دنیا پر اپنے غلبے کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ پاکستان چونکہ خطے میں بہت اہم پوزیشن کا حامل ہے لہٰذا اس کی سلامتی کو اس اتحاد سے سب سے زیادہ خطرہ ہے ۔ اس خطرے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ایک تو جدید ٹیکنالوجی میں آگے بڑھیں ، دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں ، جو ہری اثاثوں اور میزائل پروگرام کو بڑھائیں ۔ لیکن یہ کرنے کا واحد کام نہیں ہے ۔ جب ہم سر جھکا کر دنیا میں  بھیک مانگنے کے لیے جاتے ہیں تو ہم اپنی پالیسیوں کو گروی رکھ آتے ہیں ۔ لہٰذادنیا میں پاکستان کی جو عزت ہونی چاہیے اُس کو حاصل کرنے کے لیے ہمیں اپنی معاشی پالیسیوں کو بدلنا ہوگا ۔ موجودہ معاشی پالیسیوں کے تحت ہم نے اپنی صنعت و تجارت ، زراعت ، ٹیکسٹائل سمیت ہر معاشی ذریعے کو تباہ کردیا ۔اللہ نے ہمیں جو معدنیات عطا کی تھیں اُن سے بھی فائدہ نہیں اُٹھا سکے ۔ ہمیں اپنے سائنسدانوں اور ماہرین کو آگے لانا ہوگا جو ایسی پالیسیاں بنا سکیں کہ پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکے ۔ 
رضاء الحق: نبی کریم ﷺ نے کم و بیش ساڑھے چودہ سو سال قبل خبر دے دی تھی کہ مسلمانوں میں وہن کی بیماری پیدا ہو جائے گی ۔ پوچھا گیا وہن کیا ہے تو آپ ﷺ نے فرمایا :(حب الدنيا وكراهية الموت)  دنیا کی محبت اور موت سے نفرت۔ 
آج یہ بیماری پوری دنیا میں مسلمانوں کے اندر نظر آرہی ہے ۔ انہیں دنیوی مفادات پیارے ہیں ، دشمن کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرتے ہیں ۔ دوسری بات سورۃ محمد ؐ میں بیان ہوئی : 
{اِنْ تَنْصُرُوا اللہَ یَنْصُرْکُمْ وَیُثَبِّتْ اَقْدَامَکُمْ (7)} ’’ اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اور وہ تمہارے قدموں کو جما دے گا۔‘‘
ہم نے سود کو تو ختم نہیں کیا اور کہتے ہیں کہ اللہ کی مدد     آ جائے،دین کو قائم نہیں کیا ، مدد کہاں سے آئے گی ۔ اگر اللہ ہماری مدد نہیں کرے گا تو کوئی بھی ہماری مدد نہیں کرسکتا ۔  مسئلہ فلسطین کا دوریاستی حل پاکستان کا سرکاری موقف نہیں تھا ۔ اسرائیل ناجائز قابض ہے ۔ لیکن اب پاکستان سمیت  تمام مسلم ممالک دوریاستی حل کی بات کرتے ہیں ۔ جبکہ صہیونی فلسطین اور کسی مسلمان کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ ان کے لیے دو ریاستی حل قابل ِ قبول ہی نہیں۔
سوال: پاکستان میں اس وقت جو سیاسی محاذ آرائی چل رہی ہے، نئے صوبوں کی ڈسکشن ہے، ادارہ جاتی کشمکش ہے، آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے بہت سے سوالات ہیں، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے بلدیاتی انتخابات کی بھی بات ہو رہی ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں تنظیم اسلامی کا ان مسائل کے حل کے لیے کیا موقف ہے؟
خورشید انجم:  ایک مصرع ہے کہ ’’ڈور کو سلجھا رہا ہوں اور سرا ملتا نہیں!‘‘اس سرے کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے:
{وَاِنَّ کَثِیْرًا مِّنَ الْخُلَطَآئِ لَیَبْغِیْ بَعْضُہُمْ عَلٰی بَعْضٍ} (صٓ:24)’’اور یقیناً مشترک معاملہ رکھنے والوں میں سے اکثر ایک دوسرے پر زیادتی کرتے ہیں‘‘
جہاں بھی شراکتی معاملہ ہوتا ہے تو قرآن کہتا ہے کہ شراکت دار ایک دوسرے کا حق مارتے ہیں۔ یہی معاملہ  ملکی سطح پر چل رہا ہے۔ہر ادارے کی جو قانونی حدود    اور ذمہ داریاں ہیں ان کے مطابق وہ کام کرے تو کوئی مسئلہ نہ ہو مگر یہاں جس کو تھوڑا سا بھی اختیار مل جائے تو وہ اپنی حدود کو کراس کرنا شروع کردیتا ہے ۔ آپ 4 کی بجائے 40 صوبے بھی بنا لیں ،  اگر قانون کی حکمرانی نہیں ہےتو وہی کچھ ہوگا جو اب ہورہا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ ہو گا کیونکہ اختیار اور اقتدار مزید بہت سارے لوگوں کے پاس آئے گا اور ایک سر پھٹول شروع ہو جائے گا۔اسلام کا کیچ ورڈ عدل ہےاور اللہ نے جتنا زور عدل پر دیا ہے اتنا کم ہی کسی اور چیز پر دیا ہے ۔  ارشاد باری تعالیٰ ہے :
{یٰٓــاَیـُّـہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کُوْنُوْا قَـوّٰمِیْنَ لِلہِ شُہَدَآئَ بِالْقِسْطِ ز}(المائدہ:8)’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو‘ اللہ کی خاطر راستی پر قائم رہنے والے اور انصاف کی گواہی دینے والے بن جائو ‘‘ 
{یٰٓــایُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کُوْنُوْا قَوّٰمِیْنَ بِالْقِسْطِ شُہَدَآئَ لِلہِ}(النساء :135) ’’اے اہل ایمان ‘ کھڑے ہوجائو پوری قوت کے ساتھ عدل کو قائم کرنے کے لیے اللہ کے گواہ بن کر۔‘‘  
ایک ہی بات ہے دو انداز سے کی گئی ہےلیکن مفہوم دونوں کا ایک ہی ہے کہ عدل و قسط کے گواہ بن کر کھڑے ہو جاؤ ۔ حضرت علی؄ سے منسوب ایک قول ہے کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی۔ جنگ عظیم دو م میںلندن پر بمباری ہورہی تھی، چرچل نے پوچھا کہ کیا برطانوی عدالتوں میں انصاف ہورہا ہے ، جواب ملا : ہورہا ہے ۔ کہا پھر ہم جنگ جیت جائیں گے ۔ لیکن ہم مسلمان ہوتے ہوئے بھی عدل کو قائم نہ رکھ سکے ۔ ایک لطیفہ یہاں مشہور ہےاگر کسی کو عدل و انصاف چاہیے تو عمرِ نوح، صبرِ ایوب اور خزانہِ قارون اس کے پاس ہونا چاہیے۔ یعنی قانون کی حکمرانی نہیں ہے اور پھر معاشی استحصال نے طبقاتی تقسیم کو جنم دیا ہے ۔ ایک طرف اشرافیہ کی عیاشیاں ہیں ، دوسری طرف غریب عوام کی خودکشیاں ہیں ۔ ہمارا پورا معاشی نظام سودی شکنجے میں جکڑا ہوا ہے ۔ جاگیردارانہ نظام اپنی جگہ ایک ناسور ہے ۔ پھر کرپشن ، مفاد پرستی ، فراڈ، موروثی سیاست اپنے عروج پر ہے ۔ جمہوریت کا نعرہ لگانے والی سیاسی پارٹیوں کے ا پنے اندر جمہوریت نہیں موروثیت کا غلبہ ہے ۔ قرآن کی تعلیمات کیا ہیں:
{اِنَّ اللہَ یَاْمُرُکُمْ اَنْ تُــؤَدُّوا الْاَمٰنٰتِ اِلٰٓی اَہْلِہَالا}(النساء:58) ’’اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں اہل امانت کے سپرد کرو‘‘ 
عہدے اور مناصب بھی امانت ہیں اور اللہ انہیں اہل اور متقی لوگوں کے سپرد کرنے کا حکم دیتا ہے مگر ہمارے ہاں موروثیت اور مفادپرستی ہے ۔ حضرت     عمر فاروق؄ فرماتے ہیں کہ اگر دجلہ اور فرات کے کنارے کتا بھی بھوک اور پیاس سے مر گیا تو عمرؓ سے اس کے بارے میں پرسش ہو گی۔اسلام کا تصور ِ عدل تو یہ ہے ۔  پھر اللہ تعالیٰ حکم دیتا ہے : 
{اَلَّذِیْنَ اِنْ مَّکَّنّٰہُمْ فِی الْاَرْضِ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَاٰتَوُا الزَّکٰوۃَ وَاَمَرُوْا بِالْمَعْرُوْفِ وَنَہَوْا عَنِ الْمُنْکَرِط} (الحج:41) ’’وہ لوگ کہ اگر انہیں ہم زمین میں تمکّن عطا کر دیں تو‘وہ نماز قائم کریں گے‘اور زکوٰۃ ادا کریں گے‘اور وہ نیکی کا حکم دیں گے اور برائی سے روکیں گے۔‘‘ 
صلوٰۃ اور زکوٰۃ کا پورا نظام اللہ نے دیا ہے ، اس کو قائم کرنا حکمرانوں کی ذِمّہ داری ہے ۔ اگر اہلیت اور تقویٰ ہوں گے تو پھر یہ نظام بھی صحیح چلے گا ۔ اگر یہ نہیں ہوں گے تو میرٹ کی دھجیاں اُڑیں گی ۔ ہمارے جملہ مسائل کا حل قرآن و سنت کی بالادستی ہے ، ہمارا قانون اس کے تابع ہو اور اس کے ساتھ قانون کی حکمرانی ہو تو مسائل حل ہوں  گے ۔ ورنہ اُلٹے لٹک جائیں ، 40 صوبے بنا لیں ، بلدیاتی نظام لے آئیں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ ایوب خان کے دور میں 22 خاندان تھے جن کے ہاتھوں میں نظام تھا ، اب کچھ زیادہ ہو گئے ہوں گے۔ انہی کے ہاتھ میں اقتدار رہے گا اور وہ باقی قوم کا استحصال کرتے رہیں گے ۔ 
ایوب بیگ مرزا:  سیاسی محاذ آرائی کا آغاز اُس وقت ہوا جب اپریل 2022ء میں تحریک انصاف کی حکومت کو ختم کیا گیا ، حالانکہ وہ حکومت اس وقت تک عوام میں انتہائی غیر مقبول ہو چکی تھی لیکن جس طریقے سے حکومت کو چلتا کیا گیا اس پر عوام نے راتوں رات ردعمل دیا اور تحریک انصاف کی عدم مقبولیت مقبولیت میں تبدیل ہوگئی ۔ اس کے بعد جو انتخابات ہوئے ان میں جس طرح سے نتائج بدلے گئے اس پر بھی عوام کا مزید ردعمل سامنے آیا ۔ پھر 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا اس نے مزید سیاسی بحران پیدا کر دیا ، عدلیہ کا بھی حشر نشر ہوگیا ، اپنی مرضی کے جج لگا دئیے گئے ، ان تمام ناانصافیوں کی وجہ سے عوام کا اعتماد سسٹم پر سے اُٹھ چکا ہے ۔ عدل نام کی کوئی شے نہیں رہ گئی ۔ جس کی لاٹھی اُس کی بھینس والا معاملہ چل رہا ہے ۔ اس سیاسی کشمکش کی وجہ سے معیشت کا اپنی جگہ بیڑا غرق ہو چکا ہے ۔ قرضوں کے انبار لگ گئے ہیں ۔ ایک پروفیسر نے کہا کچھ عرصہ قبل تک پاکستان کے پاس موقع تھا کہ وہ رضاکارانہ طور پر ڈیفالٹ کرلیتا تو اس کی معیشت بچ جاتی لیکن اب رضاکارانہ ڈیفالٹ کا وقت بھی گزر چکا ہے اور معیشت کسی صورت بچتی ہوئی نظر نہیں آتی ۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے صحیح راستہ اختیار نہیں کیا، عدل اختیارنہیں کیا۔ پھر یہ ہے کہ ہمارے ہاں عوامی رائے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ویسے تو ہمارے ملک میں آج تک کبھی انتخابات شفاف نہیں ہوئے لیکن 2024ء کے انتخابات کے بارے میں ساری دنیا جانتی ہے کہ کیا کھلواڑ ہوا ہے ۔  ہمارے ہاں سب سے زیادہ عدل کی ضرورت ہے ، جب عوام پر زبردستی کسی کو مسلط کیا جائے گا تو عوام اُسے قبول نہیں کریں گے اور انتشار بڑھے گا ۔ 
سوال: جب تنظیم اسلامی انتخابی سیاست کو اقامتِ دین کے اپنے منہج کا بنیادی راستہ نہیں سمجھتی تو انتخابی عمل اور سیاسی مطالبات کے بارے میں اس کا اصولی موقف کیا ہے؟ 
خورشید انجم:تنظیم اسلامی کا یہ طے شدہ فیصلہ ہے کہ تنظیم اسلامی نہ خود اور نہ اپنے کسی رفیق یا رفیقہ کو انتخابی عمل میں حصّہ لینے کی اجازت دے گی۔ بلکہ انتخابی عمل میں کسی کے لیے انتخابی مہم چلانے،کینویسنگ یا پروموشن کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔تنظیم اسلامی کا واضح  موقف ہے کہ انتخابی عمل کے ذریعے نظام چلایا جا سکتا ہے لیکن بدلا نہیں جا سکتا ۔ اس لیے تنظیم انتخابی سیاست کی بجائے انقلابی سیاست کی قائل ہے ۔ البتہ نظری سطح پر تنظیم اسلامی کا موقف یہ ہے کہ نظام کو چلانے کے لیے مارشل لاء کی نسبت جمہوریت بہتر ہے ،  اس لیے جب تک اسلامی انقلاب نہیں آجاتا ہے انتخابات کا تسلسل جاری رہنا چاہیے ۔ بانی تنظیم اسلامی محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ اس ضمن میں ایک مثال پیش کیا کرتے تھے کہ کسی انسان کو زندہ رہنے کے لیے آکسیجن ، پانی اور خوراک کی ضرورت ہوتی ہے ، لیکن اس کے مسلمان ہونے کے لیے کلمہ پڑھنا ضروری ہے ۔ اگر انتخابات نہیں ہوں گے تو لوگوں کے اندر احساس محرومی پیدا ہوگا ، سیاسی گھٹن کا ماحول بغاوت کے اثرات پیدا کرے گا ۔ لیکن اگر انتخابات ہوتے رہیں گے تو لوگوں میں اقتدار میں شراکت کا احساس باقی رہے اور انتشار اور بغاوت پیدا نہیں ہوگی ۔ البتہ اسلامی انقلاب تب آئے گا جب نظام کو بدلنے کے لیے انقلابی جدوجہد ہوگی ۔ اس سارے تناظر کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیم اسلامی خود انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت تو نہیں دیتی البتہ ووٹ ڈالنے کی اجازت دیتی ہے ۔ اس کے لیے دو شرائط ہیں ۔ 1:اُمیدوار کسی ظاہری فسق و فجور میں مبتلا نہ ہو ۔
2:اس کا تعلق کسی ایسی سیاسی جماعت سے نہ ہو جس کے نظریات منشور میں اعلانیہ اسلام کی مخالفت یا خلافِ اسلام شق شامل ہو ۔ 
سوال: سوشل میڈیاکاغلط استعمال ، اس کی گمراہ کن اطلاعات ، ذہن سازی اور منفی اثرات کی وجہ سے آج نوجوان نسل میں بے چینی پھیل رہی ہے ۔ آپ کے خیال میں اس کے بنیادی اسباب کیا ہیں اور اس کا تدارک کیسے ہو گا؟
ڈاکٹر انوار علی :بہت اہم سوال ہے کیونکہ اس وقت کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے اور یہ تو گلوبل ایشو ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ معاملہ اور بھی سنگین ہو جاتا ہے ۔ سوشل میڈیا کے فتنوں میں سے ایک فتنہ فکری الحاد ہے ۔ پہلے تو الحاد باقاعدہ خدا کے انکار کو کہا جاتا تھا لیکن اب یہ ایک مادہ پرستانہ لائف سٹائل بن گیا ہے ۔ سوشل میڈیا کی وجہ سے یہ رجحان تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اس کی وجہ سے عام نوجوان Existential Anxiety 
 کا شکار ہو رہا ہے ۔ ہر شخص کے دماغ میں یہ بات ڈال دی گئی ہے کہ امیر ہونا، لگژری لائف سٹائل اور دنیا کی ساری نعمتوں پر تمہارا حق ہے ۔ ہر شخص یہ سمجھتا ہے کہ وہ دنیا میں صرف اس لیے آیا ہے کہ اُسے امیر ہونا ہے ۔ اس امارت کے نمونہ جو دکھائے جارہے ہیں ان میں حیا ، شرم ، اخلاق و ایمان کی بھی گنجائش نہیں ہے ۔ حیا کا نام لینے والا تو اب اجنبی بن گیا ہے ۔اس مسئلے کے حل کے طور پر قرآن اور سنت کی تعلیمات کا فکری سطح پر احیاء اس وقت بہت ضروری ہے۔ ہمیں اپنےروایتی دعوتی اسلوب سے تھوڑا سا آگے جا کر آج کی زبان میں، آج کیTerminology میں ایک نوجوان ذہن کو ایڈریس کرنا ہو گا۔ اس کے مسائل کو سن کر اس کی لینگویج میں یا کہہ لیجیے کہ وہ لینگویج  کم از کم کہ جس کو وہ سمجھ سکے، اس میں سمجھانا ہوگا اور آج کل کے ایشوز کو سمجھتے ہوئے ہمارے محققین ، مدرسین اور مبلغین کو کام کرنا ہوگا ۔  
قرآن و سنت میں سارے مسائل کا حل موجود ہے۔ رسول اللہ ﷺکی سنت پورے معاشرے کی اصلاح کا سبب بنتی ہے۔لہٰذا قرآن و سنت کی تعلیمات کو  جدید اسلوب میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلے Gen Z  کی بات ہورہی تھی لیکن اب تو پچاس ساٹھ کی عمر کے لوگ بھی موبائل کی سکرین کے سامنے زومبی بن کر بیٹھے ہوئے ہیں ، اُن کا منہ کھلا ہوا ہے ، دنیا کا کوئی ہوش نہیں ہے ۔ ان کو دوبارہ ہوش میں لانے کے لیے قرآن و سنت سے جوڑنا ہوگا ، گھر ، خاندانی نظام ، حقوق اللہ ، حقوق العباد ، بچوں اور اہل خانہ کی ذہنی تربیت ، اخلاقیات کا درس دوبارہ دینا ہوگا۔ ہمارے علماء ، دانشور اور مقررین جو چاہتے ہیں کہ معاشرے کی اصلاح ہو انہیں اس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بنا کر اُن  کے ذریعے بھی اصلاح کی کوشش کرنا ہوگی ۔  
رضاء الحق:ایک بہت بڑا فتنہ موٹیویشنل سپیکرز اور جدید سکالرزکی صورت میں سامنے آرہا ہے جو دین کی ایسی تشریح کر رہے ہیں، جو پہلے کبھی نہیں کی گئی تھی اور نوجوان ایسے سن رہے ہیں ، جیسے اُن کے نزدیک وہی صحیح تشریح ہو ۔ جبکہ دین کی صحیح تشریح قرآن و سنت اور اسلاف کے منہج کے مطابق ہونی چاہیے ۔ 
سوال: موجودہ عالمی اور ملکی حالات میں رفقائے تنظیم، حکومتِ پاکستان، عوام الناس اور اُمّت ِ مسلمہ کی بنیادی ذِمّہ داریاں کیا ہیں اور تنظیم اسلامی کو آئندہ کن فوری اور مستقل ترجیحی اور قابلِ عمل اقدامات پر توجہ دینی چاہیے ؟
ڈاکٹر ضمیر اختر خان:اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ہر سطح پر ذِمّہ داریاں ادا کی جائیں۔ حکومت ِپاکستان کی ذِمّہ داری ہے کہ ملک میں عدل و انصاف، قانون کی حکمرانی، معاشی انصاف اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ پاکستان کی نظریاتی بنیاد اور دستور کی اسلامی دفعات کا تقاضا ہے کہ اسلامی اصولوں کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ 
خارجہ پالیسی میں فلسطین و کشمیر سمیت مظلوم اقوام کے حق میں مؤثر کردار ادا کیا جائے اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و تعاون کو فروغ دیا جائے۔ میرے نزدیک  تنظیم اسلامی کے رفقاء کو پانچ بنیادی محاذوں پر فوری اور بھرپور توجہ مرکوز کرنی چاہیے: اپنے ایمان کی گہرائی و پختگی کے لیے مطالعہ قرآنِ حکیم، سیرتِ رسولﷺ کی روشنی میں تزکیہ نفس اور الاقرب فالاقرب کے اصول کے تحت دعوتِ دین کو ترجیحِ اوّل بنائے۔ دعوتِ اقامتِ دین کے لیے قرآن مجید کے پیغام کو عام فہم انداز میں عام کیا جائے اور اسلام کو ایک مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کیا جائے۔ اصلاحِ معاشرہ کے لیے خاندانی نظام کے تحفظ، اخلاقی اقدار کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کی منظم مہمات چلائی جائیں جیسے کہ ہم بالعموم کرتے ہیں۔ اسلامی نظامِ عدل کے لیے اجتماعی جدوجہد کے علاوہ ماہرینِ قانون، معیشت اور دیگر شعبوں کے اہل دانش کی معاونت سے اسلامی نظامِ معیشت، معاشرت اور سیاست کا ایک واضح اور قابلِ عمل خاکہ قوم کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ ایک تعارف تو اسلام کا ہوتا رہے، اور نوجوان نسل کی تربیت کے لیے جامعات اور تعلیمی اداروں میں نوجوانوں سے براہِ راست رابطہ قائم کیا جائے اور پاکستان کا جو مسئلہ ہے اس کو اجاگر کیا جائے کہ پاکستان کا مسئلہ صرف سیاسی اور معاشی نہیں بلکہ فکری، اخلاقی اور نظریاتی ہے، اس کا حل افراد کی اصلاح اور اجتماعی نظام کی تبدیلی دونوں کے لیے بیک وقت منظم جدوجہد میں مضمر ہے، اور تنظیم اسلامی کا ہدف صرف افراد کو نیک بنانا نہیں بلکہ ان کی تربیت     کے ذریعے ایک صالح معاشرہ تشکیل دینا اور بالآخر  خلافتِ راشدہ کےنقش قدم پر ایک عادلانہ اسلامی نظام کا قیام ہے۔ اس جدوجہد کا طریقہ پُرامن، آئینی، دعوتی اور نبویؐ منہج کے مطابق ہونا چاہیے اور ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اُمّت ِمسلمہ کی نجات حالات کے بدلنے کا انتظار کرنے میں نہیں بلکہ خود کو بدلنے، اپنے نصب العین کو پہچاننے اور اس کے لیے منظم اجتماعی جدوجہد کرنے میں ہے، یہی اقامت ِدین کا راستہ اور پاکستان کے قیام کے حقیقی مقصد کی تکمیل کا ذریعہ ہے ان شاءاللہ۔
ایوب بیگ مرزا:اقامتِ دین کی جدوجہد جس انداز سے تنظیم اسلامی کر رہی ہے میرے ذہن میں نہیں آتا کہ اس سے بہتر کوئی طریقہ کوئی اور ہوگا ۔ تمام تر طریق ہائے کار اور انداز پر غور کرنے کے بعد انسان اسی نتیجے پر پہنچے گا کہ پاکستان میں نفاذ اسلام کے لیے انقلابی جدوجہد کے سوا کوئی اور حل نہیں ہے۔ البتہ ہر شے کو بہتر سے بہتر بنانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ میری خواہش ہے تنظیم اسلامی کے ذمہ داران جب گفتگو کریں تو اس میں عدل پر سب سے زیادہ زور دیں تاکہ عدل تنظیم اسلامی کی پہچان بن جائے اور ہر کوئی یہی کہے کہ تنظیم ہمیشہ عدل کی بات کرتی ہے ۔ پارٹی وغیرہ سے بالاتر ہو کر حق بات ہو۔ہمارا 1973ء کا آئین بھی ایک اسلامی آئین بن سکتا ہے جب اُس کی روح کے مطابق اس پر عمل درآمد ہو تو ان شاء اللہ ملک میں عدل و استحکام آئے گا ۔ 
خورشید انجم:  ڈاکٹر یوسف القرضاوی کی کتاب ہے’’أین الخلل ؟‘‘ اس میں انہوں نے بڑے اچھے انداز میں واضح کیا ہے کہ اسلامی تحریکوں کی ناکامی کی اصل وجہ تربیت میں کمی ہے ۔ اللہ کے رسول ﷺ نے سب سے پہلے اچھے انسان تیار کیے تھے ۔ اکبر الہ آبادی نے کہا؎
خدا کے کام دیکھو بعد کیا ہے اور کیا پہلے
نظر آتا ہے مجھ کو بدر سے غارِ حرا پہلے!
ہمیں بدر میںایک ہزار کے مقابلے میں 313 تو نظر آتے ہیں لیکن یہ نظر نہیں آتا ہے وہ 313تیار کیسے ہوئے تھے ۔ ہمارے ہاں صرف نعرے اور دعوے ہیں ، تربیت نہیں ہے ۔ کسی بھی مستحکم اور پائیدار تبدیلی کے لیے لازمی ہے کہ بنیاد مضبوط ہو۔ تربیت جتنی پختہ ہو گی، انقلابی جماعت اُتنی ہی مضبوط ہوگی ۔ دوسری بات یہ ہے کہ آج کے دور میں جس طرح منکر پھیل رہا ہے ۔ اس کے سدباب کے لیے اللہ کے رسول ﷺ نے نہی عن المنکر کا فریضہ اس اُمت کو سونپا ہے ۔ قرآن مجید میں 10 مقامات پر   امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم آیا ہے ۔ اس فریضہ کے ادا نہ کرنے والوں کے لیے احادیث میں اور بھی زیادہ سخت وعید ہے۔ لہٰذا دعوت اور نہی عن المنکر کے فرائض کی ادائیگی بھی اسی شدت کے ساتھ ہونی چاہیے جس شدت کے ساتھ منکر پھیل رہا ہے ۔ جن جن راستوں سے پھیل رہا ہے وہاں دعوت کے ذریعے بند باندھنے کی ضرورت ہے ۔  دعوت جتنی زیادہ ہو گی اتنا ہی تازہ دم لوگ تحریک میں داخل ہوں گے اور اتنی ہی منکر اور باطل کی حوصلہ شکنی ہوگی اور انقلابی تحریک آگے بڑھے گی ۔