(تنظیم و تحریک) امیر تنظیم اسلامی کا رفیقات ِ تنظیم اسلامی سے خصوصی خطاب - ابو ابراہیم

7 /

امیر تنظیم اسلامی کا رفیقات ِ تنظیم اسلامی سے خصوصی خطاب


(بذریعہ آڈیو ریکارڈنگ رفیقاتِ تنظیم اسلامی کے ششماہی اجتماع منعقدہ قرآن اکیڈمی لاہور میں سنایا گیا)

مرتب: ابو ابراہیم

خطبہ ٔمسنونہ اور تلاوتِ آیاتِ قرآنی کے بعد!
الحمد لله! اللہ رب العالمین کی توفیق سے رفیقاتِ تنظیم ِاسلامی سے خطاب پیشِ خدمت ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو اخلاصِ نیت عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ  ہمیں ویسا بنا دے جیسا وہ ہمیں دیکھنا چاہتا ہے۔ 
آج کی گفتگو میں آٹھ باتیں مختصراً آپ کی خدمت میں پیش کرنی ہیں۔ 
      پہلی بات اخلاصِ نیت کے تعلق سے ہے۔ حدیث مبارکہ کے الفاظ ہیں : 
((إنَّمَا الأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ))’’بے شک اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے ۔ ‘‘
دین کے لیے جو بھی محنت ہم کررہے ہیں ، اس میں اگر اخلاص ہے تو یہ اللہ کے ہاں مقبول ہے ۔ ورنہ بڑے سے بڑا عمل دکھاوے اور ریاکاری کی وجہ سے ضائع ہو جاتا ہے۔ ہر نماز کی ہم نیت کرتے ہیں، اسی طرح ہر عمل سے پہلے ہماری نیت خالص ہونی چاہیے ۔ اسی بنیاد پر  کل آخرت میں فیصلے ہونے ہیں۔سورۃ الدھر کی آیت9 میں اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کی اخلاص نیت کے بارے میں بتاتا ہے : 
{اِنَّمَا نُطْعِمُکُمْ لِوَجْہِ اللہِ لَا نُرِیْدُ مِنْکُمْ جَزَآئً وَّلَا شُکُوْرًا(9)} ’’(اور کہتے ہیں کہ) ہم تو آپ کو یہ کھانا کھلا رہے ہیں صرف اللہ (کی رضا) کے لیے‘ہم آپ سے نہ تو کوئی بدلہ چاہتے ہیں اور نہ ہی شکریہ۔‘‘
اللہ تعالیٰ بار بار ہماری نیتوں کا جائزہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔ تنظیم ِ اسلامی کے لٹریچر میں رفقاء اور رفیقات تنظیم اسلامی کے مطلوبہ اوصاف قرآن و سنت کی روشنی میں گنوائے گئے ہیں ۔ 
ان میں پہلا اور دوسرا وصف ایمان کی آبیاری اور اپنے محاسبے سے متعلق ہے ۔ ہمیں اپنی نیتوں کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے ۔ دوسرا وصف فکر آخرت سے متعلق ہے ۔ ہر نماز کی ہر رکعت میں ہم دہراتے ہیں: 
 مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ(o)}(الفاتحہ)
رفقاء اور رفیقات کے مطلوبہ اوصاف میں یہ باتیں بھی بیان کی جاتی ہیں کہ ہمارا جینا اور مرنا اللہ کے لیے ہو جائے، ہماری نماز، ہماری قربانی سب کچھ اللہ کے لیے ہو جائے۔ 
{قُلْ اِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ (162)}(الانعام )’’ آپؐ کہیے میری نماز‘ میری قربانی‘ میری زندگی اور میری موت اللہ ہی کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے۔‘‘
اس آیت کو  ہم قربانی کی دعا میں بھی سنتے ؟ پڑھتے  ہیں ۔ اس اخلاص نیت کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی دیکھیں کہ آخرت کے لیے کیا بھیج رہے ہیں ۔ 
{وَلْـتَنْظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍج }(الحشر:18)  ’’ اور ہر جان کو دیکھتے رہنا چاہیے کہ اُس نے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے!‘‘
یہاں 'کل سے مراد ہماری موت بھی ہےجو کبھی بھی آسکتی ہے ۔ اس کے لیےبزرگی کی عمر ہونا لازمی نہیں ، روزانہ ہم بچوں کو بھی دنیا سے جاتے دیکھتے ہیں ، جوانوں اور بڑوں کو بھی جاتے دیکھتے ہیں ۔ ہمیں بھی     ہر وقت آخرت کی جوابدہی کو مدنظر رکھنا چاہیے ۔ ہماری زندگی کا اصل مقصد اللہ کی رضا ہونا چاہیے تاکہ روز قیامت شرمندگی نہ اُٹھانا پڑے ۔ ہم میں سے ہر ایک کو آج ہی اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ اللہ کے ساتھ میرے معاملات ٹھیک ہیں ، اللہ کے بندوں کےساتھ ٹھیک ہیں ؟ حقوق اللہ اور حقوق العباد کے لحاظ سے میں کہاں کھڑا ہوں ؟ روز محشر کس منہ سے اللہ کے حضور پیش ہوں گے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں محاسبے اور تیاری کی توفیق عطافرمائے ۔ اللہ کے رسول ﷺ کا ارشاد گرامی ہے : پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو ۔ یعنی زندگی کو موت سے پہلے، جو انی کو بڑھاپے سے پہلے ، خوشحالی کو تنگ دستی سے پہلے، صحت کو بیماری سے پہلے اور فرصت کو مصروفیت سے پہلے غنیمت جانو۔یعنی جو نیک عمل کر سکتے ہو وہ کرلو ، شاید بعد میں اس کا موقع ملے یا نہ ملے۔ سیدنا عمرؓکا معروف قول ہے:
حَاسِبُوا أَنْفُسَكُمْ قَبْلَ أَنْ تُحَاسَبُوا 
’’اپنا محاسبہ خود کر لو اس سے پہلے کہ کل تمہارا محاسبہ   کیا جائے۔‘‘
آخرت پر جتنا یقین پختہ ہوگا، اتنے ہمارے اعمال درست ہوتے چلے جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن پاک کے تقریباً ہر صفحے پر کسی نہ کسی انداز میں آخرت کا تذکرہ ہمیں ملتا ہے۔
تیسرا وصف تعلق باللہ کے حوالے سے ہے ۔   سابق امیرِ تنظیم محترم حافظ عاکف سعید صاحب (اللہ انہیں صحت ِ کاملہ عطا فرمائے) بھی اجتماعات میں اور رفقاء و رفیقات سے گفتگو میں بار بار اس کی طرف توجہ دلایا کرتے تھےکہ اللہ کے ساتھ اپنا تعلق ٹھیک کرلو ۔ اس لیے کہ ساری زندگی کا حاصل صرف یہی ہے کہ کل اللہ راضی ہو جائے۔ کل اللہ فرما دے:
{یٰٓــاَیَّتُہَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّۃُ (27) ارْجِعِیْٓ اِلٰی رَبِّکِ رَاضِیَۃً مَّرْضِیَّۃً (28) فَادْخُلِیْ فِیْ عِبٰدِیْc وَادْخُلِیْ جَنَّتِیْ (29)}(الفجر)’’اے نفسِمطمئنّہ! اب لوٹ جائو اپنے رب کی طرف اس حال میں کہ تم اس سے راضی‘ وہ تم سے راضی۔توداخل ہو جائو میرے (نیک) بندوں میں۔اور داخل ہو جائو میری جنّت میں!‘‘
بس یہی زندگی کا سب سے بڑا مقصد ہونا چاہیے ۔ اللہ کے ساتھ تعلق کس طرح بہتر ہوگا ؟ اس کے لیے فرض نماز اور دیگر دینی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نوافل کی طرف بھی توجہ دی جائے ۔ آج ہمارا کتنا وقت فضول باتوں میں ، فضول کاموں میں گزرتا ہے ۔ جبکہ مومن کی شان کیا ہے ؟ ہمارے منتخب نصاب میں سورۃ المومنون کے درس کے دوران یہ حدیث بھی زیرِ مطالعہ آتی ہے:
((تَرْكُهُ مَا لَا يَعْنِيهِ))’’کہ وہ ہر بے کار بات کو     رد کردے ۔ ‘‘
اللہ کے بندوں کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ وہ فضول چیزوں میں اپنا وقت ضائع نہ کریں ۔  مومن کو معلوم ہے کہ زندگی ایک سرمایہ نہیں بلکہ ذمہ داری ہےاور اس کے ہر لمحے کے بارے میں کل اللہ کے سامنے جواب دینا ہے ۔  ایک اچھا مسلمان اللہ کے سامنے پیشی کا لحاظ بھی رکھتا ہے اور اللہ سے اپنے تعلق کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتاہے ۔ فرائض کے ساتھ ساتھ واجبات ، سنتیں اور نوافل بھی ادا کرتاہے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے۔ نوافل کا معاملہ صرف ماہِ رمضان یا حج و عمرے سے ہی متعلق نہیں۔ تہجد کی نماز بھی ہے، وضو کے بعد دو رکعتیں بھی ہیں، اشراق بھی ہے، چاشت بھی ہے جس کو صلاۃ الضحیٰ کہتے ہیں، دیگر نوافل بھی ہیں، اللہ ہمیں اس کی کثرت کی توفیق عطا فرمائے۔پھر اللہ کے ذکر کا معاملہ ہے ، اس میں اعلیٰ ترین  اور افضل ترین ذکر قرآنِ پاک کی تلاوت ہے۔ہم نے  تنظیم ِاسلامی کے رفقاء اور رفیقات کے لیے متعین کیا ہے کہ وہ کم ازکم ایک پارے کی تلاوت کا روزانہ اہتمام کریں ۔اس کے بعد مسنون اذکار اور مختلف اوقات کی دعائیں ہیں ، ان کا اہتمام بھی ضروری ہے ۔ معروف اذکار میں یہ بھی شامل ہیں جن کا احادیث میں خاص طور پر ذکر ہے :
((سبحانَ اللهِ والحمدُ للهِ ولا إلهَ إلا اللهُ واللهُ أكبرُ ولا حولَ ولا قوةَ إلا باللهِ))تنظیم اسلامی کے زیرِ اہتمام ان مسنون دعاؤں کے سیکھنے اور عمل کرنے کی ترغیب کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، اس کی طرف توجہ دلانے کے لیے ایک کتابچہ موجود ہے اور اُسرے کے اجتماعات میں بھی توجہ بھی دلائی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کا آسان ترین طریقہ یہ مسنون دعائیں اور اذکار ہیں جو ہر موقعے کے حوالے سے نبی ؑنے سکھائے ۔ اس کے علاوہ درود شریف کا اہتمام ، استغفار کے کلمات ، اللہ سے مانگنے کا اہتمام کریں ، دعاؤں میں بہت کمی واقع ہو گئی،اس میں اضافہ کرنا چاہیے،دعاؤں کا وقت بڑھانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔
چوتھا وصف اسوۂ صحابیاتؓ کے مطالعہ کے حوالے سے ہے ۔ اس کے لیے ہمارے ہاں 'تذکارِ صحابیات' کی کتاب تجویز کی گئی ہے جس میں امہات المومنین ؓ، بناتؓ رسول ﷺ اور دیگر صحابیاتؓ کے سیرتوں کا بیان ہے ، اس کو پڑھنے سے ہماری خواتین کو ترغیبو تشویق ملتی ہے۔ اخلاصِ نیت ، فکر آخرت ، تعلق  مع اللہ ، اطاعت رسول ﷺ کے حوالے سے خواتین کے لیے بہترین نمونہ  امہات المومنینؓ ہیں ۔ ہماری رفیقات کو چاہیے کہ صحابیاتؓ کے واقعات کا مطالعہ کریں اور ان کو اپنے گھر میں خواتین کو، خاص طور پر اپنی بیٹیوں کو بھی پڑھائیں۔ اسروں کی سطح پر بھی یہ کام کرنے کی ضرورت ہے، اسی طریقے پر اجتماعات میں بھی اس کی توجہ دلانے کی ضرورت ہے، گھروں میں بھی اس کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے۔    اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔
پانچویں بات جس کی طرف توجہ دلائی جاتی ہے ، وہ یہ ہے کہ ڈاکٹر اسراراحمدؒ کی بیانات اور خطبات کو سنا جائے ، ان کی تصنیفات کا مطالعہ کیا جائے ، اس سے بھی ترغیب و تشویق ملے گی اور منہج کی یاددہانی بھی ہوگی ۔ دنیا بھر میں لوگ ڈاکٹر اسراراحمدؒ کو سنتے بھی ہیں اور پڑھتے بھی ہیں ۔ مگر رفقاء و رفیقات تنظیم کی توجہ اس جانب کم ہے ،  حالانکہ ہمیں اس کا خاص اہتمام کرنا چاہیے اور دوسروں  تک بھی اُن کا پیغام پہنچانا چاہیے ۔ آج سوشل میڈیا کا دور ہے ، لوگ فضول قسم کےاوردین کو مذاق بنانے والے مباحث، مناظروں اور ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھالنے میں لگے رہتے ہیں ۔ اس کے برعکس اگر خود بھی ڈاکٹر اسراراحمدؒ کو سنا جائے اور دوسروں کو بھی سنانے کی کوشش کی جائے تو اس سے دین کو فائدہ ہوگا ۔ڈاکٹر صاحب ؒ کے شارٹ کلپس ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں ، انہیں سوشل میڈیا پر پھیلانا چاہیے ۔
اکثر اجتماعات میں پوچھتا ہوں کہ کتنے لوگ   ڈاکٹر صاحب ؒ کو سن کر تنظیم میں آئے تو 90 فیصد کا    جواب ہاں میں ہوتا ہے ۔ اگر ہم خود ڈاکٹر صاحب ؒ کو سن کر تنظیم میں آئے ہیں تو آگے ہماری اولادوں ، ہمارے       رشتہ داروں اور دیگر لوگوں کو بھی اس جانب متوجہ کریں جن تک ہماری دعوت پہنچ سکتی ہے ۔ اس طرف بہت زیادہ توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ ڈاکٹر صاحب ؒ  کا ایک دو منٹ کا کلپ سننے کے بعد دین کی کم ازکم ایک بات تو سمجھ میں آہی جاتی ہے ، فکر میں پختگی تب آئے گی جب ہم تسلسل کے ساتھ ڈاکٹر صاحبؒ کو سنیں گے ۔ اگر درمیان میں فضول قسم کے کلپس سننے لگ گئے تو سارا جذبہ جھاگ کی طرح بیٹھ جائے گا ۔
چھٹا وصف یہ بیان ہوتا ہے کہ ہم تنظیم کی بنیادی فکر پر مبنی لٹریچر کا مطالعہ کریں ۔ اس میں منتخب نصاب بھی شامل ہے ، ابو ظہبی سیریز بھی شامل ہیں ، سلسلۂ اشاعتِ تنظیمِ اسلامی کے کتابچےبھی شامل ہیں ۔ ہماری تنظیم کی بنیادی فکر قرآنی فکر ہے اور قرآنی فکر کے حوالے سے منتخب نصاب کا مطالعہ بہت اہم ہے ۔ یہ آڈیو ، ویڈیو اور کتابچے تینوں صورتوں  میں موجود ہے ۔ مختصر بھی ہے ، تفصیلی بھی ہے ۔ اس کے دروس ہم دیتے ہیں تو ہمیں بڑا فائدہ ہوتا ہے، الحمد لله۔ جب اسے ڈاکٹر اسراراحمدؒ کی زبان سے سنتے ہیں اور زیادہ فائدہ ہوتا ہے ۔  ہمارے ہاں اسروں کی سطح پر بھی اس کی توجہ دلائی جاتی ہے، ہمیں انفرادی طور پر بھی منتخب نصاب کا مطالعہ اور اس کی سماعت کا اہتمام کرنا چاہیے، تسلسل سے کریں گے تو فکر زیادہ پختہ ہوگی ۔ ان شاء اللہ ۔     اسی طرح ابو ظہبی سیریز میں تنظیمی فکر ، تنظیم کا منہج ، تنظیم کا طریقہ کار اور دیگر بہت اہم پہلو بیان ہوئے ہیں جن کا تعلق ہماری فکر ، ایمان کی آبیاری ، اعمال صالحہ ، تواصی بالحق ،  تواصی بالصبرسے بھی ہے اور حقیقت شرک ، حقیقت نفاق اور منہج کے بیان سے بھی ہے۔ یہ سیریز بھی آڈیو ، ویڈیو اور کتابی شکل میںد ستیاب ہیں ۔ ہم دن میں سوشل میڈیا پر ساری دنیا کا content ہم پڑھ رہے ہوتے ہیں،  واٹس ایپ ، فیس بک و دیگر پلیٹ فارمز پر زیادہ وقت گزرتا ہے مگر شاید اپنے لٹریچر کی طرف توجہ کا معاملہ کم ہے۔اس کی طرف بہت زیادہ توجہ کی ضرورت ہے ۔ ایک بار پڑھنے کے بعد اسے دہرانے کا اہتمام بھی کریں تو اس فکر مزید پختہ ہوگی ان شاء اللہ ۔اسی طرح  سلسلۂ اشاعتِ تنظیم ِ اسلامی کے کتابچوں میں تنظیمی فکر ہمارے سامنے آجاتی ہے ۔ 
ساتویں چیز جس کا رفقاء اور رفیقات سے تقاضا  کیا جاتاہے وہ گھریلو اُسرے کا انعقاد ہے ۔ جو رفقاء شادی شدہ ہیں وہ اپنے گھروں میں ہفتہ وار اُسرے کا اہتمام کریں ، رفیقات اپنے محرم رشتہ داروں ( بھائی ، بہنوں ، بچوں ، والدین )اور شوہر کے ساتھ مل کر گھر میں اُسرہ منعقد کرسکتی ہیں ۔ اس کے بڑے فوائد ہیں۔ بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسراراحمدؒ کے گھرانے کی مثال موجود ہے اوربھی ہمارے دیگر اکابرین جن کے گھروں میں اُسرہ ہوتا رہا ہے وہاں ماشاء اللہ بچے بچیوں کو بہت اچھی تربیت ہوئی ہے۔ کوشش کریں گھریلو اسرے کا انعقاد ہمارے گھروں میں پابندی کے ساتھ ہو۔ 
 زونل سالانہ اجتماع 2026ء کیتیاری 
    تنظیم اسلامی کازونل سالانہ اجتماع7، 8، 9نومبر 2026ء کو پاکستان میں چار مقامات پر ہورہا ہے۔ آپ خواتین (رفیقات) سے گزارش ہےکہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ آسانی کا معاملہ فرمائے، مشکل نہ فرمائے، خیر سے اس کو پایۂ تکمیل کو پہنچائے۔اگر آپ کا شوہر، کوئی بھائی ، والد،بیٹا  تنظیم کا رفیق ہے تو آپ اسے اجتماع میں شرکت کے لیے تیار کریں ۔ ان کے لیے معاونت کا اہتمام کریں۔ بعض لوگوں نے بچوں کے آنے کی اجازت مانگی ، تو 12 برس کی عمر یا اس اوپر کے جو بچے ہیں وہ اپنے والد یا بڑے بھائی کے ساتھ آسکتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو اخلاصِ نیت عطا فرمائے، آخرت کی فکراور اپنے ساتھ تعلق کی مضبوطی عطا فرمائے، ہماری رفیقات کو اللہ توفیق دے کہ صحابیاتؓ کا اسوہ سامنے رکھ کر زندگی میں آگے بڑھیں،ڈاکٹر اسراراحمدؒ کو سننے اور پڑھنے کا اہتمام کریں، منتخب نصاب، ابوظہبی سیریز اور سلسلۂ اشاعت ِتنظیمِ اسلامی کے کتابچوں سےاستفادہ کریں ۔ گھریلو اسرے کا اہتمام کریں۔زونل اجتماع کے لیے دعا اور محرم مردوں کو بھیجنے   کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ مجھے، آپ کو، ہم سب کو عمل کی توفیق دے۔آمین !