(دعوت و تحریک) انقلابی عمل کے لوازم ومراحل(2) - ڈاکٹر اسرار احمد

7 /

انقلابی عمل کے لوازم ومراحل(2)

 

ڈاکٹر اسرار احمد ؒ

(گزشتہ سے پیوستہ)
موجودہ دَور میں انسانی زندگی کو عام طور پر دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے‘ ایک انفرادی اور دوسرا اجتماعی ----------  مذہب کا تعلق انفرادی زندگی سے  سمجھا جاتا ہے اور اجتماعیت کے لیے بنیاد ہے سیکولرازم یعنی لادینیت  ----------  لامذہبیت نہیں۔ اس لیے کہ سیکولرازم مذہب کو تسلیم کرتا ہے لیکن اسے صرف انفرادی زندگی میں محدود قرار دیتا ہے۔ اس انفرادی مذہبی زندگی کے بھی تین حصے ہیں: عقیدہ ‘ عبادات ‘ اور چند سماجی رسوم ----------  ادھر اجتماعی زندگی کے بھی تین حصے ہیں۔ معاشرتی نظام‘ معاشی نظام اور سیاسی نظام۔ گویا تین گوشے انفرادی زندگی کے اور تین گوشے اجتماعی زندگی کے ملا کر کل ’’چھ‘‘ گوشے ہو گئے۔ اسی طرح انقلابی عمل کوبھی چھ مراحل سے گزرنا ہوتا ہے۔
1)  انقلابی نظریہ اور اس کی اشاعت
انقلابی عمل کا پہلا مرحلہ یہ ہے کہ کوئی انقلابی نظریہ‘  کوئی انقلابی فکر‘ کوئی انقلابی فلسفہ موجود ہو جس کی خوب نشرواشاعت کی جائے۔ ظاہر بات ہے کہ انقلاب کسی انقلابی نظریہ کی بنیاد پر آتاہے۔ اس کا نقطۂ آغاز  یہ ہے کہ اس نظریہ کی نشرواشاعت کی جائے‘ اُسے پھیلایا جائے‘ اُسے لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے اور لوگوں کو اس نظریہ کی افادیت کا دلائل سے قائل بنایا جائے۔ اس میں اہم بات یہ ہے کہ انقلاب تب ہی آئے گا جب انقلابی نظریہ اجتماعی زندگی کے ان تین گوشوں میں سے کسی ایک سے لازماً متعلق ہو جن کا اوپر ذکر ہوا  ----------  اگر مذہبی اصلاح کا کام ہو رہا ہو‘ عقائد کی تصحیح ہو رہی ہو‘ عبادات کی ادائیگی کی ترغیب و تشویق اور اس کے نتیجے میں ان کی ترویج ہو رہی ہو تو یہ مذہبی کام ہیں ‘یابالفاظِ دیگر روحانیت اور اخلاقی اصلاح کے کام ہیں‘ لیکن انقلابی عمل کا آغاز تو کسی ایسے نظریہ کی بنیاد پر ہو گا جس کا تعلق انسان کی معاشرتی‘ معاشی اور سیاسی زندگی سے ہو۔ اس لیے کہ درحقیقت انقلاب کا محل‘ مقام اور میدان اجتماعی زندگی کا دائرہ ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ کوئی ایسا نظریہ‘ کوئی ایسا فلسفہ‘ کوئی ایسی فکر ہو جو انسان کی اجتماعی زندگی کے کسی گوشے کے بارے میں انقلابی تبدیلی کی علمبردار ہو ‘اور وہاں جو نظام قائم ہے وہ اس کی جڑوں پر تیشہ بن کر گرے۔ اسی سے انقلابی عمل کا آغاز ہو گا۔
2)  انقلابی جماعت کی تشکیل و تنظیم
انقلابی عمل کا دوسرا مرحلہ یہ ہو گا کہ جو لوگ اس انقلابی نظریے کو ذہناً قبول کر لیں اُن کو منظّم کیا جائے۔ اس طرح ایک انقلابی جماعت وجود میں آئے۔ اس جماعت کے لیے دو چیزیں لازمی ہوں گی۔ ایک تو یہ کہ اس کی درجہ بندی  بالکل نئی ہو۔ پرانے نظام کے تحت لوگوں کی جو درجہ بندی ہے اگر وہی درجہ بندی اس جماعت کے اندر بھی رہے    تو پھر وہ انقلابی جماعت نہیں ہو گی۔ یہاں تو بالکل نئی  درجہ بندی ہو گی کہ کون کس قدر گہری وابستگی اس انقلابی نظریہ سے رکھتا ہے! کس نے اس انقلابی نظریہ کے تقاضوں کو خود اپنے آپ پر لازم کیا ہے! اور کون اس انقلابی نظریے کے لیے کتنی قربانی دے چکا ہے اور کتنی مزید دینے کو تیار ہے! جس نے جتنی پیش قدمی کی ہے اتنا ہی وہ آگے چلا جائے گا ۔ چاہے سابقہ نظام میں وہ شودروں اور اچھوتوں میں شمار ہوتا ہو اور سب سے گھٹیا اور نیچ سمجھا جاتا ہو‘ اس کی کوئی حیثیت نہ ہو۔ لیکن اگر اس نے اس انقلابی نظریہ کو خلوص و اخلاص اور گہرائی کے ساتھ قبول کیا ہے‘ اس کے ساتھ اس کی مکمل ذہنی اور عملی وابستگی ہے‘ اس کے لیے وہ قربانیاں دے رہا ہے تو وہ توقیر و تکریم اورذِمّہ داریوں کے اعتبار سے پیدائشی برہمنوں سے کہیں آگے نکل جائے گا۔ اگر یہ بات نہیں ہوگی تو وہ جماعت انقلابی جماعت نہیں ہے۔
         دوسری چیز یہ کہ اس پارٹی کا نظم اگر آرمی ڈسپلن جیسا نہ ہو تو یہ پارٹی انقلاب نہیں لا سکتی۔ کوئی ڈھیلی ڈھالی ایسوسی ایشن‘ کوئی انجمن ٹائپ کی شے‘ کوئی چار آنے کی ممبری والی جماعت یا کوئی ایسی ہیئت ِاجتماعیہ انقلاب نہیں لا سکتی۔ ہر اجتماعی کام کی نوعیت اور مقصد کے اعتبار سے اسی نوع کی انجمن یا ادارہ یا جماعت کی ضرورت ہے۔ کوئی اصلاحی کام کرنا ہے تو کوئی انجمن بنا لیجیے۔ کوئی تعلیمی کام کرنا ہے تو کوئی ادارہ قائم کر دیجیے۔ مذہبی دعوت و تبلیغ کا کام کرنا ہے تو کوئی جمعیت بنا لیجیے۔ انتخابی سیاست کا کام کرنا ہے تو ممبری کی کوئی فیس مقرر کر کے بڑے پیمانے پر اپنے ہم خیال افراد کی ممبر سازی کر لیجیے  ----------  ایک سیاسی جماعت بنا لیجیے۔ لیکن اگر انقلاب لانا ہے تو اس کے لیے ایسی ’’پارٹی‘‘ درکار ہو گی جس کی ایک تو درجہ بندی بالکل نئی اور دوسرے اس کا ڈسپلن مضبوط ہو کہ جو حکم ملے مانا جائے۔ یہ نہیں ہو گا تو انقلاب نہیں آ سکتا۔ اس لیے کہ ایک جمے ہوئے نظام کو اُکھاڑ پھینکنا ہے۔ ایک مضبوط طاقت کے ساتھ ٹکرائو کا مرحلہ آنا ہے۔ اس میں ڈھیلی ڈھالی انجمن ٹائپ ایسوسی ایشن کام نہیں دے سکتی۔
3)  تربیت(Training) 
انقلابی عمل میںتیسرا مرحلہ تربیت کا ہے‘ جو ہر انقلابی عمل کی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ ظاہر بات ہے کہ اگر انقلابی کارکنوں کی تربیت نہ ہو تو وہ خام ہیں‘ کچے ہیں۔ تربیت ہو گی تو وہ پختہ ہوں گے‘ بقول اکبر الٰہ آبادی   ؎
تو خاک میں مل اور آگ میں جل جب خشت بنے تب کام چلے
ان خام دلوں کے عنصر پر بنیاد نہ رکھ تعمیر نہ کر!
کچے اور خام لوگوں کو جمع کر لیں گے تو نتیجہ یہ نکلے گا کہ اگلے مرحلہ میں جا کر جواب دے جائیں گے۔ وہ خالی کارتوس ثابت ہوں گے اور ٹھس ہو کر رہ جائیں گے۔ یہاں ضرورت ہے کہ ہر کارکن پختہ ہو۔ اس بات کو علّامہ اقبال نے اپنے انداز میں خوب بیان کیا ہے  ؎
خام ہے جب تک تو ہے مٹّی کا اِک انبار تُو
پختہ ہو جائے تو ہے شمشیرِبے زنہار تُو!
یہی وجہ ہے کہ ہر انقلابی پارٹی کے  Training Camps ہوتے ہیں۔
تاہم یہ بات اہم ہے کہ یہ تربیت انقلاب کے نظریہ اور فکر کی مناسبت سے ہو گی۔ اگر انقلاب خالص مادّی اقدار والا ہے تو ان کارکنوں کی روحانی تربیت کرنا بیکار ہے۔ لیکن اگر پیش نظر ایسا انقلاب ہے جس کے اہم ترین اَبعاد (dimensions) اخلاقی اور روحانی ہیں تو تربیت میں ان پہلوئوں کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔ اگر یہ چیزیں انقلابی کارکنوں میں نہیں ہوں گی تو انقلاب کے کامیاب ہونے کے نتیجہ میں کہاں سے آ جائیں گی؟  ----------   لہٰذا ایسے انقلاب کے کارکنوں کے لیے اخلاقی و روحانی تربیت بھی لازمی ہو گی‘ بلکہ اس کو اَقدمیت و اوّلیت کا درجہ حاصل ہو گا۔
پس یہ ابتدائی تین مرحلے ہیں۔ ان تینوں کا حاصل یہ ہے کہ تربیت یافتہ کارکنوں پر مشتمل ایک انقلابی جماعت وجود میں آ جائے جو ایک طاقت اور ایک قوت بن جائے!!
انقلابی عمل کا جزوِلاینفک: تصادم
انقلابی عمل کے اگلے تین مرحلوں کا جامع عنوان ہے ’’تصادم‘‘  ----------  لفظ تصادم اگرچہ ناپسندیدہ ہے‘ اچھا نہیں لگتا اور امن پسند لوگ اس سے ناگواری محسوس کریں گے‘ لیکن یہ بات طے ہے کہ انقلاب تصادم کے بغیر نہیں آتا۔ ع   ’’جس کو ہو دین و دل عزیز اُس کی گلی میں جائے کیوں؟‘‘----------  مذہبی اصلاح کا کام کرنا ہو تو کسی تصادم کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف عام نوعیت کی روحانی تربیت گاہیں کھولنی ہوں اور خانقاہی نظام بنانا ہو تب بھی کسی تصادم کی ضرورت نہیں ہے‘ خانقاہ میں کوئی مربی ‘ کوئی شیخ بیٹھے ہیں‘ جو وہاں خود چل کر آئے گا اسے وہ اپنے تربیتی پروگرام میں شامل کر لیں گے‘ کوئی تصادم نہیں ہو گا۔ لیکن اگر نظام بدلنا مقصود و مطلوب ہو اور پھر تصادم سے بھی گریز ہو تو یہ ممکن نہیں۔ـ یہ تو بالکل ایسی بات ہے جیسے دو متضاد چیزوں کو جمع کرنے کی خواہش ہو ----------   یہ خواہش اپنی جگہ کتنی ہی اچھی ہو لیکن یہ محالِ مطلق ہے۔ تصادم تو انقلاب کے لوازم میںسے ہے۔
پھر یہ ایک بدیہی امر ہے کہ تصادم کا آغاز اصل میں انقلابی جماعت کرتی ہے۔ اس لیے کہ ایک جگہ ایک نظام قائم ہے۔ جیسا بھی ہے‘ وہ چل رہا ہے۔ اگر ظالمانہ‘ استبدادی اور استحصالی ہے تو مظلوم طبقات اس نظام کو برداشت اور تسلیم کیے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں ایک جماعت ابھرتی ہے اور کہتی ہے کہ یہ نظام غلط ہے‘ ہم اس کو بدل کر رہیں گے‘ تو درحقیقت تصادم کا آغاز اس جماعت نے کیا۔ اس نے اس نظام کو غلط قرار دے کر اس کو بدلنے کے عزم کا اظہار کیا جو وہاں ایک طویل عرصہ سے چلا آ رہا ہے‘ جس کے ساتھ لوگوں کی ا قدار اور مفادات وابستہ ہیں‘ جو ان کے یہاں قابل احترام روایات کا درجہ رکھتا ہے۔ وہ انقلابی جماعت کہتی ہے کہ یہ غلط نظام ہے۔ گویا کہ تصادم کا آغاز اصلاً انقلابی جماعت کی طرف سے ہوتاہے۔ اب اس کا جو نتیجہ نکلتا ہے اس کے تین مدارج ہیں۔
4)تشد ّد و تعذیب کے جواب میں صبر محض
تصادم کے عمل میں پہلا درجہ یعنی صبر محض کا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب انقلابی جماعت اس نظام کو    غلط و فاسد قرار دیتی ہے تو لوگ اس جماعت کو آزاد تو نہیں چھوڑ دیں گے! پہلے وہ اس کے انقلابی فکر اور نظریہ کو چٹکیوں میں اُڑائیں گے۔ استہزاء و تمسخر کریں گے‘ فقرے چست کریں گے‘ مذاق اُڑائیں گے‘ کہیں گے کہ اُن کا دماغ خراب ہو گیا ہے‘ دیوانے او رمجنون ہیں۔ لیکن اگر اس انقلابی جماعت کا قائد اور اس کے معدودے چند ساتھی اس وار کو جھیل جاتے ہیں اور نظریہ کی نشرواشاعت کا عمل جاری رہتا ہے اور لوگ اس کو قبول کر کے جماعت میں شامل ہو رہے ہیں تو مخالفین کو محسوس ہو گا کہ یہ ہوا کاکوئی معمولی جھونکا نہیں ہے‘ اس میں توایک زبردست آندھی اور طوفان کے آثار پوشیدہ ہیں‘ جو ہمارے تمام مفادات کو خس و خاشاک کی طرح اڑا کر لے جائیں گے۔ لہٰذا اب وہ تشدّد پر اُتر آئیں گے اور عقوبت و ایذا رسانی کی کوئی کسر نہ چھوڑیں گے۔ یہ معاملہ پیش آنا لازمی ہے۔ لیکن اس دور کے لیے اس انقلابی جماعت کا پہلا مرحلہ یہ ہو گا کہ ماریں کھائو‘ لیکن نہ اپنے موقف سے ہٹو اور نہ ہی ہاتھ اُٹھائو۔ اس لیے کہ اگر اس جماعت نے بھی بدلہ میں ہاتھ اٹھا لیا اور وہ جماعت بھی متشددہو گئی‘ تو جو جماجمایا نظام ہے اُسے اس جماعت کو کچلنے اور نیست و نابود کرنے کا قانونی و اخلاقی جوا زمل جائے گا۔ چنانچہ ان کو یہ جواز نہ دیا جائے۔ بے جواز ماریں اور ایذا رسانی کرتے رہیں۔ لیکن ان کو یہ الزام لگانے کا موقع ہرگز نہیں ملنا چاہیے کہ یہ جماعت خود بھی متشدد ہے اور عوام النّاس کو بھی تشدد اور بدامنی کے لیے اُبھار رہی ہے۔
اِس عدم تشدد کی پالیسی پر کاربند رہنے سے وہ لوگ ایذا رسانی اور مار پیٹ سے تو باز نہ آئیں گے لیکن اس کا نتیجہ یہ ضرور نکلے گا کہ اس معاشرہ کی خاموش اکثریت  اس جماعت کے حق میں ہموار ہوتی چلی جائے گی۔ قدرتی طور پر لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال ہیجان پیدا کر دے گا کہ آخر یہ لوگ کیوں پیٹے جا رہے ہیں! ان کو ایذائیں کیوں دی جا رہی ہیں! آخر ان کا جرم کیا ہے! کیا انہوں نے چوری کی ہے یا  ڈاکہ ڈالا ہے یا کسی غیر اخلاقی حرکت کا ارتکاب کیا ہے؟  ----------  یہ اکثریت ہمیشہ خاموش  ہوتی ہے ‘ لیکن اندھی اور بہری تو نہیں ہوتی! وہ دیکھتی ہے کہ یہ کیا ہو رہاہے! اور اس کے قلوب و اذہان میں اس انقلابی جماعت کے لیے ہمدردی کے جذبات اور احساسات غیر محسوس طریق پر پروان چڑھتے رہتے ہیں  ------   اور یہ چیز بھی درحقیقت اس انقلابی نظریہ اور فکر کے پھیلنے میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے لیے بڑاپیارا مصرعہ ہے کہ ع    ’’جو دلوں کو فتح کر لے وہی فاتح زمانہ!‘‘  ----------  اندر اندر دل تو مفتوح ہو رہے ہیں‘ چاہے زبانیں خاموش ہیں‘ لوگوں میں جرأت نہیں کہ وہ سامنے آجائیں۔ لیکن وہ انقلابی نظریہ اور فکر لوگوں کے ذہن و قلب میں راسخ ہوتا چلا جاتاہے اور اس کے علمبرداروں کے لیے دلوں میں ہمدردی کے جذبات پیدا ہوتے چلے جاتے ہیں۔
5)اقدام اور چیلنج
اس کے بعد جب طاقت اتنی فراہم ہو جائے کہ وہ انقلابی جماعت یہ محسوس کرے کہ اب ہم کھلم کھلا    اور برملا اس غلط نظام کو چیلنج کر سکتے ہیں اور اس       
نظام  کا مقابلہ کر سکتے ہیں تو اس مرحلہ پر یہ صبر محض  اپنے اگلے مرحلے یعنی راست اقداممیں داخل ہو جاتا ہے۔ اب حکمت ِ عملی تبدیل ہو گی۔ یعنی یہ کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دو۔ ان کے تشدد کا جواب بھرپور طریقہ پر دو یا اس نظام کی کسی دُکھتی ہوئی رگ کو چھیڑو  ----------   آگے چل کر ان تمام باتوں کی تشریح ہو جائے گی۔
6) مسلّح تصادم
اس چیلنج کے نتیجہ میں چھٹا اور آخری مرحلہ شروع ہو گا اور وہ ہے مسلّح تصادم۔ جب تک وہ انقلابی جماعت اقدام نہیں کر رہی تھی یعنی ماریں کھا رہی تھی اور ہاتھ نہیں اُٹھا رہی تھی تب تک اور بات تھی۔ اب اگر اس جماعت نے بھی ہاتھ اُٹھا لیا تو وہ نظام اس پر پوری طاقت اور قوت کے ساتھ حملہ آور ہو گا۔ اور یہ ہے وہ آخری مرحلہ جس کے اندر جسمانی ٹکرائو ہو کر رہتا ہے۔ اسی کے لیے اصطلاح ہے مسلّح تصادم ۔
ظاہر بات ہے کہ جب یہ چھٹا مرحلہ شروع ہوجائے تو اَب فریقین کے ہاتھ میں کچھ نہیں رہا۔ اب تو تاریخ بتائے گی‘ حالات فیصلہ کریں گے اور دو میں سے ایک نتیجہ بہرحال نکلنا ہے اور وہ ہے تخت یا تختہ۔ تیسرا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ اگر پہلے پانچ مراحل صحیح طور پر طے ہوئے ہیں‘ انقلابی عمل مستحکم ہوتے ہوئے آگے بڑھا ہے‘ صحیح تربیت ہوئی ہے‘ صحیح تنظیم ہوئی ہے اور خاص طور پر یہ کہ پہلے پانچوں مراحل کو طے کرنے کا صحیح حق ادا کیا گیا ہے تو انقلابی جماعت کامیاب ہو جائے گی‘ انقلاب و قوع پذیر ہوجائے گا اور اس انقلابی نظریہ کے مطابق نظام یکسر تبدیل ہو جائے گا۔ ورنہ اسے کچل کر رکھ دیا جائے گا۔
انقلابی عمل کے یہ چھ مراحل ہیں‘ یعنی تین تین کے دو گروپ۔ پہلے تین مراحل کا حاصل ہے: کسی انقلابی نظریے‘ ` فکر اور فلسفے کو قبول کرنے والوں کا ایک تربیت یافتہ اور منظّم جماعت کی شکل میں وجود میں آجانا۔ دوسرے حصّہ کے بھی تین مراحل ہیں اور وہ ہیں: صبر محض راست اقدام  اور مسلّح تصادم ---------- ـــــــاور اس کا نتیجہ تخت یا تختہ۔  (جاری ہے)
ژژژ
 
نوٹ: بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدm نے وسط دسمبر1984ء کو دو خطاباتِ جمعہ میں منہج انقلابِ نبوی ﷺ کے حالاتِ حاضرہ پر انطباق کے  ضمن میں اقدام اور مسلح تصادم کے قرآن و حدیث     کی روشنی میں متبادل بھی پیش کیے ہیں، جنہیں     ڈاکٹر صاحب ؒ خود پاکستان کے معروضی حالات         میں زیادہ قابل عمل تصور کرتے تھے۔         برائے تفصیل بانی ٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد m کی کتاب’’سیرت النبی ﷺ اور فلسفہ انقلاب (منہج انقلابِ نبوی ﷺ ) کے ضمیمہ(آغاز صفحہ313 ) پر ملاحظہ فرمائیے۔ (ادارہ)