تربیت و کردار پر عقیدۂ توحید اور آخرت کے اثرات
(سورۃ البقرہ کی آیت284 کی روشنی میں)
مسجد جامع القرآن ، قرآن اکیڈمی ڈیفنس کراچی میں امیر ِتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ حفظ اللہ کے30اکتوبر2026ء کے خطاب جمعہ کی تلخیص
مرتب: ابو ابراہیم
خطبہ ٔمسنونہ اور تلاوتِ آیاتِ قرآنی کے بعد!
آج ہم ان شاء اللہ سورۃ البقرہ کی آیت نمبر 284 کا مطالعہ کریں گے ۔سورۃ البقرہ قرآن مجید کی طویل ترین سورۃ ہے اور اس میں بہت سے اہم اسباق اور حکمت کے مضامین ہیں، اسی وجہ سے حدیث مبارکہ میں اس سورۃ کو قرآن مجید کی ’’ذروۃ سنام‘‘ یعنی چوٹی کہا گیا ہے۔ یہ اس قدر اہم سورۃ ہے کہ حضرت عمر فرماتے ہیں کہ مجھے اس سورۃ کے مفاہیم کو سمجھنے میں 12برس لگے ۔ حالانکہ حضرت عمر وہ ہیں جن کے بارے میں اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا کہ اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتے(لیکن آپﷺ خاتم النبیین ہیںاور آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا)۔ ان کے صاحبزادے حضرت عبداللہ بن عمر کو حدیث میں امام مانا جاتا ہے ، وہ فرماتے ہیں کہ مجھے سورۃ البقرہ کے مفاہیم کو سمجھنے میں 8 برس لگے ، تب بھی کوئی یہ کہہ نہیں سکتا کہ سب کچھ سمجھ لیا۔ اگر سیدنا عمر ؓ کواس سورت کے مفاہیم کو سمجھنے میں 8 برس لگے اور سیدنا عبداللہ بن عمر کو 12 برس لگے تو ہم اپنے بارے میں سوچ لیں، ہمارا شوق اور ذوق قرآن پاک کے مطالعے کا کس قدر ہے، اللہ ہمیں قرآن پاک سے صحیح محبت عطا فرمائے۔
آسمانوں اور زمین پر اللہ کی کل ملکیت اور عظمت ِ الٰہی
سورۃ البقرہ کی آیت 284 میں ارشاد ہوا:
{لِلہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ ط}’’اللہ ہی کا ہے جو کچھ بھی آسمانوں میں ہے اور جو کچھ بھی زمین میں ہے۔‘‘
قرآن کریم میں آسمانوں اور زمین کا ذکر عموماً پوری کائنات کو بیان کرنے کے لیے آتا ہے یہ پوری کائنات جو کہ ابھی(explore) بھی پوری طرح نہیں ہو سکی ، آج تک کی سائنس ہمیں بگ بینگ بتا رہی ہے، ایکسپینڈنگ یونیورس کا تصور دے رہی ہے، بلیک ہولز کا تصور دے رہی ہے،کروڑوں گلیکسیز کا تصور دے رہی ہے، ایک گلیکسی سے دوسری گلیکسی کےفاصلے بعض اوقات اربوں نوری سال بتا رہی ہے ۔ لیکن اس کے باوجود ابھی تک کائنات کا انتہائی محدود حصّہ سائنس ایکسپلور کرسکی ہے ۔ یہ محدود حصّہ بھی انسان کو حیران کر دیتا ہے ۔ ہماری زمین کی حیثیت اس محدود حصّہ کے لحاظ سے بھی ایک نکتے سے زیادہ نہیں ہے جہاں 8 ارب کے قریب انسان بستے ہیں اور اس قدر (بظاہر)حقیر حیثیت کے باوجود لوگ کیسے کیسے دعوے کرتے ہیں ، کبھی خدائی کے دعوے کرتے ہیں اور کبھی اس عظیم کائنات کے خالق سے بغاوت اور سرکشی کا اعلان کرتے ہیں ۔ زیر مطالعہ آیت میں اللہ تعالیٰ کی عظیمت اور شان بیان ہورہی ہے ۔ اسی عظیم رب کے سامنے روز قیامت ہم سب اپنا اپنا حساب دینے کے لیے کھڑے ہوں گے ۔ اس عظیم رب کو سمجھنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے تاہم اس کا کچھ تعارف اس کی صفات کے ذریعے ہمیں ملتا ہے ۔ قرآن پاک میں ہے
{لَیْسَ کَمِثْلِہٖ شَیْ ئٌ ج }( الشوریٰ:11 ) ’’اُس کی مثال کی سی بھی کوئی شے نہیں۔‘‘
اللہ کی ذات تو بہت بڑی ہے، ہم اس کی مثال بھی نہیں دے سکتے۔کیونکہ ہمار ا علم اور مشاہدہ بہت محدود اور کم ہے، ہم صرف اسی چیز کی مثال دے سکتے ہیں جو ہمارے مشاہدے میں آتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کی شان اس قدر بلند ہے کہ ہم اس کو سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ اسی لیے ہمارا عقیدہ یہ ہے جس کو ہم ایمان مجمل کہتے ہیں :
( اٰمَنْتُ بِاللّٰهِ كَمَا هُوَ بِأَسْمَائِهٖ وَصِفَاتِهٖ وَقَبِلْتُ جَمِيعَ أَحْكَامِهٖ إِقْرَارٌم بِاللِّسَانِ وَتَصْدِيْقٌ بِالْقَلْبِ) ’’میں اللہ پر ایمان لایا جیسے کہ وہ ہے، اپنی ذات اور صفات کے ساتھ۔ اور میں نے اس کے تمام احکام قبول کیے، زبان سے اقرار کرتے ہوئے اور دل سے تصدیق کرتے ہوئے۔‘‘
بہرحال اللہ کی ذات کو تو ہم سمجھ نہیں سکتے، البتہ اللہ کی صفات سے اللہ تعالیٰ کی ذات کا کچھ ادراک ہوتا ہے۔
وجود اور عمل پر اللہ کی کل ملکیت و اختیار
آسمانوں اور زمینوں یعنی پوری کائنات میں جو کچھ بھی ہے اُس پر مطلق اختیار صرف اللہ تعالیٰ کا ہے ۔ ماضی میں ملحدین کا سوال ہوتاتھا :
’’کیا کوئی خدا ہے؟ کیا کوئی خالق ہے؟‘‘
اب بڑے بڑے جوابات آ گئےاور الحاد کے بڑے بڑے ستون بھی گر گئے ۔ اب یہ تسلیم کیا جارہا ہے :
’’ہاں ایک خدا ہے۔ ہاں ایک خالق ہے۔‘‘
اس کائنات کا یہ پرفیکٹ ڈیزائن مذاق نہیں ہے، تُکا نہیں لگا۔ اس کائنات کے اس پرفیکٹ ڈیزائن کے پیچھے بہت بڑی ذات ہے،ملحد بھی اسے ماسٹر مائنڈ کہتے ہیں ، ہم اس کو خدا ، رب ذوالجلال و الاکرام کہتے ہیں ۔ وہی اس پوری کائنات کو بنانے والا اور اس کا نظام چلانے والا ہے۔ انسان کا ایک ادنیٰ سا وجود کیا حیثیت رکھتا ہے ؟ کیا ہم اپنے بالوں کو سفید ہونے سے روک سکتے ہیں ؟ اپنے چہرے پر آنے والی جھریوں کو روک سکتے ہیں؟آنکھوں کو سننے اور کانوں کو دیکھنے پر مجبور کر سکتے ہیں ؟لہٰذا انسانی وجود پر بھی اصل اختیار اللہ تعالیٰ کا ہے ۔ تھوڑا سا اختیار امتحان کے لیے اللہ نے انسان کو دے رکھاہے :
{اِمَّا شَاکِرًا وَّاِمَّا کَفُوْرًا(3)}(الدھر)
’’اب چاہے تو وہ شکر گزار بن کر رہے ‘چاہے ناشکرا ہوکر۔‘‘
اور اس بل بوتے پر انسان کبھی خدائی کا دعویٰ کرنے لگ جاتاہے ۔ معاذ اللہ!حالانکہ انسان کو اپنی رنگت پر اختیار نہیں ہے، عمر پر اختیا رنہیں ہے ، اللہ جب چاہے اسے موت دے سکتاہے لہٰذا بندے کو پھر اللہ تعالیٰ کی بندگی کرنی چاہیے ، اللہ کا فرمانبردار بن کر زندگی گزارنی چاہیے۔ قرآن میں ہم پڑھتے ہیں:
{فَعَّالٌ لِّمَا یُرِیْدُ(16)} (البروج)’’وہ جو ارادہ کر لے ‘ کر گزرنے والا ہے۔‘‘
سورۃ الانبیاء میں ہے:{لَا یُسْئَلُ عَمَّا یَفْعَلُ } ’’وہ جو کچھ کرتا ہے اُس سے جوابدہی نہیں ہو سکتی۔‘‘
دوسری جگہ فرمایا : {وَہُمْ یُسْئَلُوْنَ(23)} ’’ اور ان سب کی جوابدہی ہو گی۔‘‘
بہرحال اسی انداز میں بتایا جارہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پوری کائنات کاخالق ، مالک اور بادشاہ ہے۔ اللہ کے لیے بندوں کے حالات کا علم رکھنا ، بندوں کے ظاہر اور باطن کو جاننا ، بندوں کے باطن میں اُٹھنےوالے وسوسوں کو جاننا کوئی مشکل نہیں ہے ۔ فرمایا :{وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ وَنَعْلَمُ مَا تُوَسْوِسُ بِہٖ نَفْسُہٗ ج وَنَحْنُ اَقْرَبُ اِلَـیْہِ مِنْ حَبْلِ الْوَرِیْدِ(16)}(قٓ)’’اور ہم نے ہی انسان کو پیدا کیا ہے اور ہم خوب جانتے ہیں جو اُس کا نفس وسوسے ڈالتا ہے ۔اور ہم تو اُس سے اُس کی رَگِ جاںسے بھی زیادہ قریب ہیں۔‘‘
انسان کا عجز اور’’میرا جسم میری مرضی‘‘ کا ابطال
اللہ کی اس کائنات پر بندہ غور کرے تو وہ حیران و پریشان رہ جاتا ہے۔ یہاں تک کہ بندہ صرف سورج کو دیکھ کر دنگ رہ جاتاہے ۔ پوری کائنات کا عالم کیا ہوگا ۔ اللہ فرماتاہے :
{وَالسَّمَآئَ بَنَیْنٰہَا بِاَیْىدٍ وَّاِنَّا لَمُوْسِعُوْنَ(47)}( الذاریات)’’اور آسمان کو ہم نے بنایا اپنے ہاتھوں سے اور ہم (اس کو) توسیع دینے والے ہیں۔‘‘
یہ اللہ کی عظمتوں کا بیان اس لیے ہے تاکہ اس کی عظمت کے ہم قائل ہوں،اس عظیم الشان کائنات کو بندہ دیکھ کر اپنی اوقات پہچانے ،اپنی بے بسی اور محتاجی کا بھی احساس ہو اور اللہ کے سامنے عاجزی و فرمانبرداری اختیا ر کرے ۔ انسان اپنے جسم ، اپنی روح ، اپنے افکار و نظریات کا مختار نہیں ۔ یہاں انسان سے مطالبہ یہ ہے کہ مالک تم نہیں ہو، مالک اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہے، مالک کی مرضی چلے گی، تمہاری نہیں چلے گی۔ تم اگر(employer) ہو تو (employer) سے منواتے ہو، تم حکمران ہو تو اپنی رعایا سے منواتے ہو ، جو اس پوری کائنات کا حکمران اور مالک ہے ، کیا اس کی مرضی نہیں چلنی چاہیے ۔ ہمارے ہاں لبرلز کی طرف سے یہ جو نعرے لگتے ہیں:میرا جسم میری مرضی ، یہ طاغوتی اور کفریہ قسم کا نعرہ ہے۔ ہمیں پیدا کرنے والا اللہ ہے تو مرضی بھی اُسی کی چلنی چاہیے ۔ البتہ جہاں مالک نے اختیار دیا ہے ، وہاں اسے جائز طریقے سے استعمال کرو ۔ شراب پینے سے اللہ نے منع کیا ، تم دنیا کی ہر(حلال و طیب) چیز پی لو لیکن شراب نہ پیو۔ اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے جو حدود و قیود مقرر کی ہیں ، ان کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے جو چاہے کرو ۔ اللہ کی ریڈ لائنز کو کراس مت کرو ۔ آج سیاسی جماعتیں ، حکومتیں ، ادارے کہتے ہیں : فلاں ہماری ریڈ لائنز ہیں ۔ اللہ کی بھی کوئی ریڈ لائنز ہیں یا نہیں ؟
امانت، معاشی نظام اور اعضاء کی گواہی
اسی طرح بندہ یاد رکھےکہ جب میرے جسم کا خالق اور مالک میرا رب ہے تو اس پر مرضی بھی اُسی کی چلنی چاہیے ۔ کیونکہ میرا جسم خالق کی امانت ہے ، میرے اعضاء امانت ہیں ، میری صلاحیتیں ، میرا وقت ، میرے وسائل اللہ کی امانت ہیں ۔ اس کے بارے میں روز قیامت پوچھا جائے گا لہٰذا اسے خرچ بھی اللہ کی مرضی سے کرنا چاہیے ۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتاہے :
{ وَلْـتَنْظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍج }( الحشر:18 ) ’’اور ہر جان کو دیکھتے رہنا چاہیے کہ اُس نے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے!‘‘
روز قیامت انسان کے اعضاء بھی گواہی پیش کریں گے ۔ یہ زبان اللہ کے حکم سے بندے کے خلاف گواہی دے گی (النور :24)، ہاتھ اور پیر گواہی دیں (یٰسین : 65)، آنکھ ، کان ، کھال گواہی دیں (حٰمٰ السجدہ : 20 اور 21)۔ اگر آخرت کی اس جوابدہی کو مدنظر رکھیں گے تو ہمارا پورا معاشی نظام ٹھیک ہو سکتا ہے ۔ جبکہ مغرب نے یہ تصور دیا کہ تمہارا مال ہے جس طرح چاہو خرچ کرو اور جس طرح چاہو کماؤ ، چاہے سود کا لین دین کرو ، عورت کواشتہار بناؤ ، حرام کا ہرذریعہ اختیار کرو ۔ سرمایہ دارانہ نظام میں کوئی حدود نہیں ہیں ۔ جبکہ اسلام ہمیں باقاعدہ تعلیم دیتاہے کہ مال کو حلال ذرائع سے کماؤ اور حلال ذرائع پر خرچ کرو ۔
باطن کا حساب اور نفاق کا ابطال
جب بندہ یقین کرلیتا ہے کہ اللہ میرے ظاہر اور باطن سے واقف ہے اور روزحساب ہر عمل کا جواب دینا پڑے گا تو پھر اس کے اندر ایک کردار پروان چڑھے گا جو کہ بالکل صاف ستھرا کردار ہوگا ۔ اب اس کو لوگوں سے ڈرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔
یہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدے سے دیتا ہے آدمی کو نجات!
اگر اللہ پر یقین ہو اور روز آخرت پر یقین ہو تو لوگوں کے سامنے صفائیاں پیش کرنے کی نوبت نہیں آئےگی ۔ زیر مطالعہ آیت میں آگے فرمایا :
{وَاِنْ تُـبْدُوْا مَا فِیْ اَنْفُسِکُمْ اَوْ تُخْفُوْہُ یُحَاسِبْـکُمْ بِہِ اللہُ ط} (البقرۃ:284)’’اورجو کچھ تمہارے دلوں میں ہے خواہ تم اسے ظاہر کرو خواہ چھپائو اللہ تم سے اس کا محاسبہ کر لے گا۔‘‘
ہمارے پوشیدہ معاملات کو اللہ بالکل اسی طرح جانتا ہے جیسے ہمارے ظاہر کے معاملات کو جانتا ہے۔اللہ کے نزدیک کوئی ظاہر و باطن کی تقسیم نہیں،ہم قرآن میں پڑھتے ہیں :
{عٰلِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَۃِ } (الحشر:22) ’’جاننے والا ہے چھپے اور کھلے سب کا۔‘‘
ظاہر اور باطن کی تقسیم صرف ہمارے لیے ہے۔ ہماری آنکھ صرف سامنے کی چیز کو دیکھ سکتی ہے ، دیوار کے پیچھے کیا ہے ، ہم نہیں دیکھ سکتے ۔ جبکہ اللہ تعالیٰ کی نظر کائنات کی ہر چیز پر ہے ۔’’تبدو‘‘ کے معنی ہیں ظاہر کرنا اور ’’تخفو ‘‘کے معنی ہیں چھپانا ۔ اگر بندہ کوئی عمل چھپ کر بھی کرے تو اللہ اُسے بھی جانتا ہے ۔ ہم اپنے سمارٹ فون ، ہارڈ ڈرائیو سےہسٹری یا ڈیٹا ڈیلیٹ کر سکتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی ہارڈ ڈسک سے ڈیلیٹ نہیں کر سکتے ۔ زیر مطالعہ آیت سے پچھلی آیت میں قرض کے لین دین اور مالی معاملات کے حوالے سے بھی ہدایات آئی ہیں ۔ ان معاملات میں لوگ فراڈ کر جاتے ہیں ، ہیرا پھیری سے کام لیتے ہیں ، کچھ چھپا لیتے ہیں یا پوشیدہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اسی تناظر میں اس آیت میں یہ بات آرہی ہے کہ تم ظاہر کرو یا پوشیدہ رکھو اللہ تعالیٰ حساب لے لے گا:
{وَحُصِّلَ مَا فِی الصُّدُوْرِ(10)}(العادیات) ’’اور ظاہر کر دیا جائے گا جو کچھ سینوں میں ہے۔‘‘
سورۃ الطارق میں فرمایا:
{یَوْمَ تُـبْلَی السَّرَآئِرُ(9)} (الطارق) ’’جس دن تمام چھپے ہوئے رازوں کی جانچ پڑتال ہو گی۔‘‘
پوشیدہ رازوں کو پیش کر دیا جائے گا، کھول کے دکھا دیا جائے گا۔ اللہ ہم سب کے حساب کو آسان فرمائے!
اخلاص بمقابلہ ریاکاری و نفاق
دنیا میں عدالتیں لگتی ہیں، ثبوت پیش ہوتے ہیں ، گواہیاں پیش ہوتی ہیں ، ظاہر کے معاملات کے مطابق فیصلے ہو جاتے ہیں ۔ کیونکہ دنیا کے منصف ظاہری ثبوتوں کے مطابق فیصلہ دے سکتے ہیں کیونکہ وہ کسی کے دل میں جھانک کر نہیں دیکھ سکتے ۔ جبکہ اللہ صرف ظاہر کو نہیں دیکھتا بلکہ باطن کو بھی دیکھتا ہے ۔ روز محشر وہ پیش کردے گا جو کچھ ہمارے باطن میں ہے۔ دل میں جو تکبر ، حسد ، نفاق ، بغض موجود ہے سب ظاہر ہو جائے گا ۔ اگر ہمیں یہ یقین ہو کہ اللہ ہمارے ظاہر اور باطن سے واقف ہے تو پھر ہمارے اندر نفاق کا کردار پیدا نہیں ہوگا کہ باطن میں کچھ ہے اور ظاہر میں کچھ ہے ، دعویٰ کچھ ہوتاہے اور عمل کچھ اور ہوتا ہے ۔ اسی طرح ہمارے اندر ریاکاری بھی پیدا نہیں ہوگی، لوگوں کو دکھانے کے لیے نیکی کرنا، خدمت خلق کا ڈھونگ رچانا ، یہ سب نہیں ہوگا۔قرآن میں اللہ کے نیک بندوں کا قول نقل ہوا ہے ۔ فرمایا :
{اِنَّمَا نُطْعِمُکُمْ لِوَجْہِ اللہِ لَا نُرِیْدُ مِنْکُمْ جَزَآءً وَّلَا شُکُوْرًا(9)}(الدھر) ’’(اور کہتے ہیں کہ) ہم تو آپ کو یہ کھانا کھلا رہے ہیں صرف اللہ (کی رضا) کے لیے‘ہم آپ سے نہ تو کوئی بدلہ چاہتے ہیں اور نہ ہی شکریہ۔‘‘
جب دل میں یقین ہوگا کہ اللہ ہمارے ظاہر اور باطن سے واقف ہے تو کردار و عمل میں ایسا ہی اخلاص آئے گااور باوقار شخصیت بن کر ابھرے گی ۔ اللہ ہم سب کو عطا فرمائے!
صحابہؓ کا لرزنا اور’سمعنا واطعنا‘ کا رویہ
روایات میں ہے کہ زیر مطالعہ آیت (البقرہ :284) جب نازل ہوئی اور صحابہ کرام ؓنے سنی تو وہ لرزگئے اور روپڑے ۔ کچھ صحابہ ؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس گئے اور عرض کیا :اے اللہ کے رسولﷺ! ہمیں ایسے اعمال (نماز، روزہ، جہاد، زکوٰۃ) کا مکلف بنایا گیا جن کی ہم طاقت رکھتے ہیں، لیکن اب آپﷺ پر یہ آیت نازل ہوئی ہے جو ہماری طاقت سے باہر ہے۔ ہمارے دلوں میں ایسے خیالات آتے ہیں جن پر ہمارا اختیار نہیں، اگر ان پر بھی حساب ہوا تو ہم ہلاک ہو جائیں گے۔فرمایا؟ کہو: سمعنا واطعنا۔ یعنی اللہ کی طرف سے جو بھی حکم آئے ، اسے مانوچاہے سمجھ میں آئے یا نہ آئے ۔ صحابہ کرام ؓ نے کہا ہم نے سنا اور اطاعت کی ۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی :
{لَا یُکَلِّفُ اللہُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَہَاط}(البقرۃ:286) ’’اللہ تعالیٰ نہیںذمہ دار ٹھہرائے گا کسی جان کو مگر اس کی وسعت کے مطابق۔‘‘
اللہ نے ہر انسان کو جتنی وسعت اور طاقت دی ہے ، اسی کے مطابق اس سے حساب لیا جائے گا ۔ معلوم ہوا کہ بندہ اللہ کے حکم کے آگے سر تسلیم خم کرے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے آسانیاں فرما دیتاہے ۔ 8 ہجری میں فتح مکہ کے لیے صحابہ کرام ؓ نکلے ، مقابلے میں ان کے خونی رشتہ دار بھی تھے ، ممکن تھا باپ کے خلاف تلوار اُٹھانی پڑتی ، بیٹے کے خلاف اُٹھانی پڑے ، بھائی کے خلاف اُٹھانی پڑے ۔ سورۃ التوبہ میں یہ حکم بھی آگیا :
’’ (اے نبی ﷺ !ان سے)کہہ دیجیے کہ اگر تمہارے باپ ‘تمہارے بیٹے‘تمہارے بھائی‘تمہاری بیویاں (اور بیویوں کے لیے شوہر)‘تمہارے رشتہ دار اور وہ مال جو تم نے بہت محنت سے کمائے ہیں ‘اور وہ تجارت جس کے مندے کا تمہیں خطرہ رہتا ہے ‘اور وہ مکانات جو تمہیں بہت پسند ہیں ‘ ( اگر یہ سب چیزیں) تمہیں محبوب تر ہیں اللہ‘اُس کے رسول(ﷺ) اور اُس کے راستے میں جہاد سے ‘تو انتظار کرو یہاں تک کہ اللہ اپنا فیصلہ سنا دے۔‘‘(آیت24)
صحابہ کرام ؓ نے سنا اور اطاعت کی ، اللہ نے آسانی فرما دی ، مکہ بغیر جنگ کے فتح ہوگیا ۔ اکثریت ایمان لے آئی اور ا س کے بعد ارشاد ہوتاہے :
{ یَدْخُلُوْنَ فِیْ دِیْنِ اللہِ اَفْوَاجًا (2)}(النصر) ’’ لوگوں کو داخل ہوتے ہوئے اللہ کے دین میں فوج در فوج۔‘‘
اہل ایمان کو اللہ نے غلبہ عطا کیا اور اللہ کا دین پورے جزیرہ نما عرب پر غالب ہوگیا ۔ اللہ کی اطاعت میں جھکنے والے سر دنیا میں سربلند ہوگئے ۔
وسوسے اور بُرے خیال کی حقیقت
انسان کا نفس امارہ اسے برائی پر اُکساتا ہے ، شیطان دل میں وسوسے ڈالتا ہے ، باہر دنیا میں دعوت گناہ بھی موجود ہے ، ان حالات میں دل میں بُرے خیالات کا پیدا ہونا عام سی بات ہے ، لہٰذا اس پر کوئی پکڑ نہیں ۔ البتہ ایسے بُرے خیال پر جم جانا اور اس پر عمل درآمد کے مواقع تلاش کرنا پکڑ کا باعث بن سکتا ہے ۔ صحابہ کرام ؓنے حضور ﷺ کی خدمت میں پیش ہوکر عرض کیا : نماز کے دوران ہمارے دلوں میں عجیب خیالات آتے ہیں جو کہ آپ ﷺ کے سامنے بیان نہیں کرسکتے ۔ فرمایا : یہ ایمان کی علامت ہے ۔ شیطان وہاں حملہ آور ہوگا، جہاں ایمان ہوگا ۔ ایسے خیالات پر کوئی پکڑ نہیں ہوگی جب تک کہ کسی برے خیال پر عمل کی کوشش نہ کی جائے ۔
انفرادی محاسبہ اور اخلاصِ نیت
روزمحشر ہمارا حساب کتاب انفرادی سطح پر ہوگا ۔ سورۃ مریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
{وَکُلُّہُمْ اٰتِیْہِ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ فَرْدًا(95)} ’’اور قیامت کے دن سب کے سب آنے والے ہیں اُس کے پاس اکیلے اکیلے۔‘‘
اس دن کسی کے عمل کا بوجھ کوئی اور نہیں اُٹھائے گا اور نیکیوں کی قبولیت کا دارومدار نیتوں پر ہوگا ۔ اگر یقین ہے کہ اللہ میرے ظاہر و باطن سے واقف ہے تو نفاق والا، ریاکاری والا گھٹیا کردار سامنے نہیں آئے گا ۔ مسلم شریف کی روایت کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :(( إنَّ اللهَ لَا يَنْظُرُ إِلَى صُوَرِكُمْ وَلَا إِلَى أَمْوَالِكُمْ، وَلَكِنْ يَنْظُرُ إِلَى قُلُوبِكُمْ وَأَعْمَالِكُمْ))’’اللہ تمہارے چہرے نہیں دیکھتا، اللہ تمہارے مال کو نہیں دیکھتا، اللہ تمہارے دلوں اور اعمال کو دیکھتا ہے ۔ قرآن میں فرمایا:
{اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللہِ اَتْقٰىکُمْ ط} (الحجرات: 13)
’’یقیناً تم میں سب سے زیادہ با عزّت اللہ کے ہاں وہ ہے جو تم میںسب سے بڑھ کر متقی ہے۔‘‘
حضرت بلال ؓ کے قدموں کی آواز حضورﷺ نے معراج کی شب آسمانوں پر سنی جبکہ ابو لہب اور ابو جہل جیسے سرداروں اور دولت مند وں کے لیے جہنم کی وعید آگئی ۔
حساب اور عذاب کا فرق، رحمت الٰہی
زیر مطالعہ آیت میں فرمایا : { یُحَاسِبْـکُمْ بِہِ اللہُ ط}(البقرۃ:284) ’’اللہ تم سے اس کا محاسبہ کر لے گا۔‘‘
اللہ کے رسول ﷺ نے اس موقع پر یہ دعا سکھائی : ((اَللّٰھُمَّ حَاسِبْنِیْ حِسَابًا یَّسِیْراً )) ’’ اے اللہ! میرے حساب کو آسان کر دے! ‘‘
اُم المومنین حضرت عائشہ نے عرض کی: یا رسول اللہﷺ! آسان حساب کیا ہے؟ حضورﷺ نے فرمایا:اے عائشہ دعا کرو کہ اللہ حساب نہ لے ، جس کا اعمال نامہ کھل گیا وہ تو مارا گیا ۔ قرآن میں اللہ فرماتاہے :
{فَـیَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَآئُ وَیُـعَذِّبُ مَنْ یَّشَآئُ ط} (البقرۃ:284)’’پھر وہ بخش دے گا جس کو چاہے گا اور عذاب دے گا جس کو چاہے گا۔‘‘
معلوم ہوا کہ حساب ہونا الگ شے ہے، عذاب ملنا دوسری شے ہے۔ حساب تو ہوگا، پیشی تو ہوگی، مگر ہر حساب پر عذاب ضروری نہیں ہے۔ ایک حدیث ِقدسی ہے:
((إِنَّ رَحْمَتِيْ سَبَقَتْ غَضَبِيْ))(بخاری)
’’میری رحمت میرے غضب پر حاوی آ گئی۔ ‘‘
اللہ کی رحمت بہت وسیع ہے، اس کا مستحق بننے کی کوشش کرنا انسان کا کام ہے ۔ لیکن جنت میں کوئی اپنی محنت کی بنیاد پر نہیں جائے گا بلکہ اللہ اپنے فضل سے جس کو چاہے گا جنت میں داخل کرے گا ۔ حضورﷺ نے فرمایا: میں بھی جنت میں داخل نہ ہوں گا جب تک کہ اللہ کی رحمت شاملِ حال نہ ہوگی ۔ بعض مفسرین نے لکھا کہ سزا دینا اللہ کے عدل کا تقاضا ہے۔ایک بندہ سو قتل کرتاہے تو دنیا میں اس کو زیادہ سے زیادہ ایک مرتبہ پھانسی ہوگی ، باقی 99 مقتولوں کا حساب باقی رہے گا ۔ عدل صرف آخرت میں ہی ہو سکتا ہے ۔ اس کے باوجود اللہ چاہے تو کسی کو بھی بخش دے ۔ اللہ کسی قانون کا پابند نہیں ہے! ایک نکتہ مفسرین نے لکھا کہ اگر کوئی برا خیال دل میں آ گیا، کچھ محاسبہ اللہ نے دنیا میں ہی کر لیا، کوئی مشکل آ گئی، کوئی تکلیف آ گئی، تو اس مشکل اور تکلیف کی وجہ سے اس کا کفارہ ہو جائے گا۔ کل کی پکڑ سے اللہ بچا لے گا ۔ان شاء اللہ!
اللہ تعالیٰ ہی ہر شے پر کامل قدرت رکھتا ہے
آخر میں فرمایا:{وَلِلہِ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ ط} (آل عمران:189)
’’اور اللہ ہی کے لیے ہے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی۔‘‘
یہ بہت بڑا عقیدہ ہے۔اللہ اس بات پر قادر ہے کہ تمہارا ہر عمل پیش کردے ، تمہارا ہر قول ، ہر خیال ظاہر کردے ۔ سورۃ المجادلہ میںاللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
{اَحْصٰىہُ اللہُ وَنَسُوْہُ ط}(الـمجادلۃ:6)’’اللہ نے ان (اعمال) کو محفوظ کر رکھا ہے جبکہ وہ انہیں بھول چکے ہیں۔‘‘
لوگ تو بھول چکے ہیں، اللہ نہیں بھولتا! انسان کے تمام ظاہری اور باطنی اعمال اس کے علم میں ہیں ۔ جب بندے کو یہ یقین ہو جائے تو پھر بندہ اپنا محاسبہ خود کرے گا کہ کہیں مجھ سے کوئی گناہ تو نہیں ہورہا ہے ۔ سیدنا عمر کا قول ہے:(حاسِبُوا أَنفُسَكُمْ قَبْلَ أَنْ تُحَاسَبُوا) ’’اپنا محاسبہ خود کر لو اس سے پہلے کہ کل تمہارا محاسبہ کیا جائے۔ ‘‘
اللہ تعالیٰ ہم سب کو کامل یقین عطا فرمائے اور کل کو سامنے رکھتے ہوئے آج دین ِ اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین !