اداریہ
رضاء الحق
یومِ اقبال !
یوم اقبال گزشتہ کم از کم تین دہائیوں سے جس طرح سے منایا جارہا ہے، اُسے دیکھ کر اگر یہ کہا جائے کہ اب یہ محض ایک رسم ہی رہ گئی ہے اور اس کا علامہ اقبال کے نظریات، افکار اور وجود کو چیر دینے والی نگاہِ تیز سے دور دور تک کا بھی کوئی تعلق نہیں توہر گز غلط نہ ہوگا۔کیا یہ کسی المیہ سے کم ہے کہ آج چھوٹے بڑے تقریباً تمام کو علامہ اقبال کے حوالے سے اِس بات سے زیادہ علم ہی نہیں دیا گیا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔یہ خواب یا خیال اُنہیں کیوں آیا یا کن حالات میں آیا،اِن سوالات کے جواب جاننا تمام کے لیے ہی غیر ضروری قرار پا چکا ہے۔ الاماشاء اللہ! کچھ لوگ اِس معاملے کا ملبہ ’’Gen-Z‘‘ پر ڈال کر ہاتھ جھاڑ لیتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا، اے آئی، شارٹس، ریلیز اور ٹک ٹاک کے اِس دور نے ساٹھ سالہ ’جوانوں‘ کو بھی ’’Gen-Z‘‘ ہی بنا دیا ہے! آج اِس سبق کو ہر سطح پر دہرانے کی اشد ضرورت ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا ہم پر احسان صرف پاکستان کا تصور وخیال پیش کرنا ہی نہیں تھابلکہ اُن کی علمی قابلیت اور اُمَّتِ مُسلمہ کی نشاۃِ ثانیہ کے حوالے سے ان کی دروںبینی دنیا بھر میں مسلمہ تھی۔ اسی وجہ سے اُنہیں آل انڈیا مسلم لیگ کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔اُس وقت برصغیر میں مہاسبھائی ذہنیت کے سبب مسلمانوں کی ترقی کا کوئی راستہ موجود نہ تھااور وہ بےچارگی ومجبوری کے عالم میں ہندوؤں اور انگریزوں کی کاسہ لیسی پر مجبور تھے ۔
انگریزوں کے تصورِ جمہوریت کے تحت ہندو اکثریت کی موجودگی میں مسلمان ہمیشہ ہمیشہ کے لیے محکوم و مقہور بننے پر مجبور تھے۔ بقول اقبال اِس تصورِحکومت میں’’ بندوں کوگنا کرتے ہیں، تولا نہیں کرتے‘‘۔ یہ تصور اُس خطہ میں تو کسی درجہ میں مفید ثابت ہوسکتا ہے جہاں ایک ہی عقیدہ وقوم اور ثقافت کے لوگ آباد ہوں مگرایساخطہ جہاں مختلف اقوام آباد ہوں، یہ تصوراکثریت کو اقلیت پر حکمرانی کا کھلا موقع دیتا ہے۔ مغربی جمہوری نظام میں ’اکثریت‘ کا خود کتنا عمل دخل ہوتا ہے، ایک علیحدہ موضوع ہے جس پر کلام کرنا اِس وقت مقصود نہیں۔ Bottom Line پر اکتفاء کرتے ہیں کہ اصل حکمرانی اشرافیہ کی ہی رہتی ہے۔ اِن حالات میں علامہ اقبال نے بیداریٔ ملت کا کام شروع کیا۔ بے شک اقبال بھی اُن اکابرین میں سے تھے جوپہلے متحدہ جدوجہد کے قائل تھے اور ان کا یہ ترانہ زبان زدِوخاص و عام تھا ع ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘‘۔ پھرحالات وواقعات نے جلد ہی اُن پر ہندوذہنیت واضح کردی او روہ ہندو مسلم اتحاد کوناممکن قراردینے لگے۔ کانگریس کے متحدہ قومیت کے مقابل مسلم قومیت کا تصور پیش کرکے ایک الگ مملکت کے داعی بن گئے۔
علامہ اقبال نے مسلمانوں کے جداگانہ قوم ہونے کا تصور عام کیا اورکہا ع ’’خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمیﷺ‘‘۔ علامہ کا کہنا تھا کہ ہم محض مذہب کی بنیاد پر الگ قوم ہونے کا دعویٰ نہیں کرتے بلکہ ہمارا موقف ہے کہ اسلام ایک جاندار اور آفاقی دین ہے اور دنیا بھر کے مسلمان ایک ملت اور اسلام پر یقین نہ رکھنے والوں سے الگ قوم ہیں۔ یہاں تک کہ مسلمانوں کے ہاں جو چیز حلال خوراک ہے، وہ ہندوؤں کے ہاں مقدس اور ناقابل تقسیم گاؤماتا ہے۔ دونوں اقوام کے تہذیب وتمدن الگ الگ ہیں۔
اِس پیغام کو عام کرنے کےلیے اُنہوں نے صرف شاعری کا ہی سہارا نہیں لیا بلکہ ہندوستان کے طول و عرض میں گئے اور خطابات کیے۔ خط لکھے اور مسلم لیگ کی تنظیمِ نو میں بھرپور کردار ادا کیا۔ دسمبر1930ءمیں آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخی سالانہ اجلاس الٰہ آباد میں وہ ’خواب‘ پیش کیا جو بعد میں پاکستان کے قیام کی صورت میں پورا ہوا۔ فرمایا: ’’میں پنجاب، سرحدی صوبہ، سندھ، بلوچستان کوضم کرکے ایک الگ مملکت کی صورت دیکھنا چاہتاہوں۔ مذکورہ ریاست مسلمانوں کی آخری منزل ہے‘‘۔اسے تقدیرِ مبرم قرار دیتے ہوئےگویا اُنہوں نے بڑی وضاحت سے ہندوستان کے حالات، مسلمانوں کی مشکلات اور ان کے مستقبل کے تناظر میں مسلمانانِ ہند کی نشانِ منزل کا تعین کرتے ہوئےمسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ مملکت کاتصور پیش کیا۔ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا درحقیقت وہ جدید دور کی ایک اسلامی ریاست تھی جس کے لیے رول ماڈل مدینہ کی اسلامی ریاست قرار پائی۔ وہ چاہتے تھے کہ اِس ریاست میں شریعتِ اسلامی کی بالادستی قائم ہو جائے۔
پاکستان کے قیام کے بعد بہت سی پارٹیوں نے اپنے منشور کی پہلی شقوں میں اسلامی شریعت و قانون کی بالادستی کوشامل کر دیا مگر بعد میں وہ اپنے منشور سے پِھر گئیں اور شریعت کے نفاذ کے لیے پیش رفت پسِ پشت چلی گئی۔ اسلامی قانون کے نفاذ کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل بھی قائم کی گئی جس نے سفارشات تومرتب کیں لیکن اسمبلی کے سرد خانوں کی نظر ہوگئیں۔ آج ہر پاکستانی شاید اِس بات پر تو نازاں ہے کہ پاکستان کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائد اعظم نے اس کی تعبیر کی مگر وہ اِس بات پر پریشان بھی ہے کہ یہ وہ پاکستان تو نہیں ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ پھر یہ کہ ملک کا سیکولر، لبرل طبقہ تو آج نظر آنے والی خرابیوں کی ذمہ داری اقبال اور قائد پر ڈالتا ہے ہی، افسوس تو یہ ہے کہ ہمارے بعض مذہبی طبقات بھی اِس معاملے میں پیچھے نہیں۔
حقیقت تو یہ ہے کہ بحیثیتِ قوم ہم علامہ اقبال کے نظریات کو پسِ پشت ڈال کر ایک ایسی ڈگرپر گامزن ہوگئے ہیں کہ جوہر آنے والے دن ہمیں منزل سے دور لے جارہی ہے ۔اقبال نے تو کہا تھا ع ’’جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی‘‘، لیکن ہم نے دین اور سیاست کو جدا جدا کر کے مغرب کی منشاء کے عین مطابق مذہب اورسیاست کو ایک دوسرے کے لیے حرام قرار دےدیا۔ اقبال نے تو کہا تھا ع ’’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے‘‘،مگر بلامبالغہ دنیا بھر کے مسلمان حکمران اِس وقت حرم کے سوا ہر چیز کی ہی پاسبانی کے لیے ایک پیج پر نظر آتے ہیں۔ اگر کسی درجہ میں کسی مسلم حکمران کے دل میں ’اسلام‘ کا درد ہے بھی تو اپنے مسلک، اپنی تہذیب اور سب سے بڑھ کر اپنی قومی ریاست تک ہی محدود ہے۔
قبلۂ اول آج یہودیوں کے قبضہ میں جا چکا ہے، مسجد اقصیٰ کو (معاذاللہ!) شہید کرنے کے لیے اُس کے نیچے سرنگیں تو کئی سال پہلے ہی کھودی جا چکی تھیں۔مکاراور درندہ صفت صہیونی غزہ پر مسلسل ظلم ڈھا رہے ہیں۔نتن یاہو گریٹر اسرائیل کو اپنا ’تاریخی‘ اور ’روحانی‘ مشن قرار دیتا ہے۔ دنیا کو نتن یاہو اور گادی آیزنکوت کے الیکشن اور اُس کے نتائج، پھر ٹرمپ کی امریکی مڈٹرم الیکشنز میں شکست اور ’تبدیلی‘ کے پُرفریب نعروں کے پیچھے ایک بار پھر لگا دیا گیا ہے۔ بعض نادان دوست تو امریکی مڈٹرم انتخابات میں مسلمان امیدواروں کی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔ وہ اسرائیلی انتخابات میں عرب بلاک کی 18 سیٹیں جیتنے اور امریکی انتخابات میں مسلمان امیدواروں کی کامیابی پر ایسے خوش ہیں جیسے دنیا میں خلافت کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ہو۔ کیا ہم تاریخ کا یہ سبق بھی یاد رکھنے کو تیار نہیں کہ چند سیٹیں جیتنے یا چہرہ بدلنے سے نظام نہیں بدلا کرتا۔ اِن معاملات پر ہمارے نزدیک اِس سے زیادہ تبصرہ لاحاصل ہے۔ حقیقت حال یہ ہے کہ نتن یاہو، ٹرمپ ہوں یا اُن کے مخالف امیدواران اور پارٹیاں اپنے ہدف کے لحاظ سے سب ہم مقصد ہیں۔ اصل ’Same Page‘ تو اُن کا ہے۔
مملکتِ خداداد پاکستان کے حکمرانوں کی بات کریں تو اُن کی سوچ اِس سے آگے کی ہے ہی نہیں کہ ہائبرڈ نظام کیسے چلتا رہے گا۔ کون سا ماڈل کرپشن کرنے کے لیے سب سے بہتر رہے گا۔ یا پھر یہ ہے کہ امریکہ کو کیسے خوش کریں۔ چین کیسے راضی رہے گا، بجٹ کا خسارہ پورا کرنے کے لیے عوام پر نئے ٹیکس کس طرح سے لگائےجائیں اور آئی ایم ایف سے نئے سودی قرضے کیسے حاصل کئے جائیں۔ اقبال نے تو کہا تھا کہ اسلام، ریاست اور فرد دونوں کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مگر ہمارے حکمرانوں نے تو اجتماعی مسائل پر بات کرنے یا سوچنے کی عوامی صلاحیت ہی سلب کر لی ہے۔
یورپ کا یہ حال ہے کہ سیکولرازم کی راہ پر گامزن ’ترقی یافتہ‘ ممالک کو بھی ہنگاموں، لوٹ مار، بڑی بڑی احتجاجی ریلیوں نے گھیر رکھا ہے۔ تمام یورپی ممالک ’مردِ بیمار‘ بن گئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیل اور اُس کی شہہ پر امریکہ ایران پر حملہ آور ہے اور ایران اور اُس کی پراکسی حوثی، عرب ممالک پر حملہ آور ہیں۔ وہی عرب ممالک جو دل و جان سے امریکہ و مغرب کے اسیر ہیں اور اپنی سرزمین کو امریکی اڈوں کے لیے کھول رکھا ہے۔ کیا ’اُمت پناہ‘ کا طرزِ عمل ایسا ہوتا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ اُمَّتِ مُسلمہ توآج ہمیں ڈھونڈے سے بھی نہیں مل رہی ، البتہ قومیتیں بے شمار ہیں۔
قصۂ کوتاہ 9 نومبر کو پھر ’یومِ اقبال‘ تو منایا گیا لیکن اقبال کا اصل پیغام ہنوز شرمندۂ تعبیر ہے۔اِن حالات میں کہ دشمن سر پر آن پہنچا ہے، ضروری ہے کہ مملکتِ خداداد پاکستان کا ہر فرد اپنی اصل ذِمّہ داریوں کو محسوس کر کے ان کو ادا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہو جائے۔یہ اب ناگزیر ہو چکا ہےکہ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی ایٹمی پاکستان کے سانچے میں ڈھالیں۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہم دجالی تہذیب کے دھوکے سے باہر نکلیں اور اپنی ماضی کی کمزوریوں، کمیوں اور کوتاہیوں کی تلافی کرتے ہوئے پاکستان کو صحیح معنوں میں فکرِ اقبال کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تن من دھن لگا دیں۔
tanzeemdigitallibrary.com © 2026