الہدیٰ
اللہ تعالیٰ ہی ہر چھپی اور ظاہر چیز کا خالق ہے
آیت 6 {ذٰلِکَ عٰلِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَۃِ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ(6)} ’’وہ جاننے والا ہے ہر چھپی اور ظاہری چیز کا‘ وہ بہت زبردست ہے‘ نہایت رحم فرمانے والا۔‘‘
آیت 7 {الَّذِیْٓ اَحْسَنَ کُلَّ شَیْئٍ خَلَقَہٗ} ’’جس نے جو شے بھی بنائی بہت خوبصورت انداز میں بنائی‘‘
اُس نے جو چیز بھی بنائی ہے بہت عمدہ بنائی ہے۔اس کی تخلیق میں کہیں کوئی نقص یا کوتاہی نہیں ہے۔
{وَبَدَاَ خَلْقَ الْاِنْسَانِ مِنْ طِیْنٍ(7)} ’’اور اُس نے آغاز کیا انسان کی تخلیق کا گارے سے۔‘‘
اس سے حضرت آدم ؑ کی تخلیق بھی مراد ہے‘ جس کے مختلف مراحل کا ذکر قرآن حکیم میں متعدد بار ہوا ہے اورہر انسان کی تخلیق بھی‘ کیونکہ انسان کی تخلیق جس مادے سے ہوتی ہے وہ بنیادی طور پر زمینی اجزا سے حاصل شدہ غذا سے ہی بنتا ہے۔ اس بارے میں تفصیلی گفتگو سورۃ المؤمنون کی آیت12 کے ضمن میں ہو چکی ہے۔
آیت 8 {ثُمَّ جَعَلَ نَسْلَہٗ مِنْ سُلٰلَۃٍ مِّنْ مَّآئٍ مَّہِیْنٍ (8)} ’’پھر اُس کی نسل چلائی ایک بے قدر پانی کے خلاصے سے۔‘‘
یعنی پہلے مرحلے میں مٹی سے حضرت آدم ؑ کی تخلیق ہوئی‘ جبکہ دوسرے مرحلے میں نوعِ انسانی کے تناسل( reproduction) کا عمل اس طریقے سے ممکن بنایا۔
درس حدیث
قومی عزت و آبرو کا انحصار
عَنْ اَبِیْ ھُرَیْرَۃَ ؓ اَنَّ رَسُوْلَ اللہِﷺ قَالَ: (( اِذَا کَانَ اُمَرَاءُ کُمْ خِیَارَکُمْ وَاَغْنِیَاءُ کُمْ سُمَحَاءَ کُمْ وَاُمُوْرُکُمْ شُوْرٰی بَیْنَکُمْ فَظَہْرُ الْاَرْضِ خَیْرٌ لَّکُمْ مِنْ بَطْنِہَا‘ وَاِذَا کَانَ اُمَرَاءُ کُمْ شِرَارَ کُمْ وَاَغْنیآءُ کُمْ بُخَلاَءَ کُمْ وَاُمُوْرُکُمْ اِلٰی نِسَآئِکُمْ فَبَطْنُ الْاَرْضِ خَیْرٌلَّکُمْ مِنْ ظَہْرِہَا ))(رواہ الترمذی)
حضرت ابو ہریرہ ؓ روایت کرتے ہیں کہ رسولﷺ نے فرمایا: ’’جب نیک اور لائق اشخاص تمہارے حکمران ہوں اور تمہارے مال دار لوگ محسن اور فیاض ہوں اور تمہارے اجتماعی معاملات باہم صلاح و مشورے سے طے ہوا کریں تو تمہارے لیے زمین کی پشت اس کے پیٹ سے بہتر ہے اور جب تمہارے بدترین لوگ تمہارے اوپر حکومت کرنے لگیں اور تمہارے مال دار کنجوس اور بخیل ہو جائیں اور تمہارے معاملات عورتوں کے سپرد ہوں تو اُس وقت تمہارے لیے زمین کا پیٹ زمین کی پشت سے بہتر ہوگا۔‘‘