الہدیٰ
مراحلِ تخلیق انسان اور احساسِ تشکر
آیت 9 {ثُمَّ سَوّٰىہُ}’’پھر اس کی نوک پلک درست کی‘‘ (آیت:9)
یہاں ثُمَّ کا لفظ اُس تخلیقی مرحلے کی نشاندہی کر رہا ہے جس کا آغاز ماں کے پیٹ میںاستقرارِ حمل سے ہوتاہے اور پھر رفتہ رفتہ بچے کے اعضاء ترتیب پاتے ہیں۔ نسل انسانی کا ہر بچہ اِس مرحلے سے گزرتا ہے ۔
{وَنَفَخَ فِیْہِ مِنْ رُّوْحِہٖ} ’’اور پھونکا اُس میں اپنی روح میں سے‘‘
پھر ایک مرحلے پر اس ’’حیوانی جسم ‘‘میں روح پھونک کر اُسے ’’انسان‘‘ بنادیا جاتا ہے۔ ماں کے پیٹ میں ایک بچہ جن مراحل سے گزرتا ہے، اُس کی تفصیل اِس متفق علیہ حدیث میں بیان ہوئی ہے جس کا مطالعہ ہم بیان القرآن جلدپنجم میں سورۃ المؤمنون کی آیات ۱۲ تا ۱۴ کے ذیل میں کر چکے ہیں۔
{وَجَعَلَ لَکُمُ السَّمْعَ وَالْاَبْصَارَ وَالْاَفْئِدَۃَ ط} ’’اور اُس نے بنائے تمہارے لیے کان‘ آنکھیں اور دل۔‘‘
اَفْئِدَۃَجمع ہے اور اس کا واحد فُـؤادہے۔ عام طور پرفُـؤادکا ترجمہ ’’دل ‘‘ ہی کیا جاتا ہے مگر حقیقت میں اِس سے انسانی عقل و شعور مرا دہے جس کا تشخص حیوانی عقل اور شعور سے قطعاًمختلف ہے۔
{قَلِیْلًا مَّا تَشْکُرُوْنَ(9)}’’بہت ہی کم ہے جو شکر تم لوگ کرتے ہو۔‘‘
درس حدیث
بُری صحبت سے بچیں
عَنْ أَبِیْ ھُرَیْرَۃَ ؓ قَالَ: قَالَرَسُوْلُ اللّٰهِ ﷺ : ((الرّجُلُ عَلَی دِیْنِ خَلِیْلَۃ فَلْیَنْظُرَ أَحَدَکُمْ مَنْ یُخَالِلُ )) (رواہ ابودائو دو الترمذی)
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:’’آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے لہٰذا تم میں سے ہر شخص کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے۔‘‘
تشریح:حدیث میں اِس بات کا بیان ہے کہ انسان اکثر وہی طورطریقے اور طرزِ زندگی اختیار کرتا ہے جو اُس کے ساتھی کے ہوتے ہیں۔ اچھے دوست کی صحبت سے اچھائی اور برے دوست کی صحبت سے برائی حاصل ہوتی ہے اِسی لیے اِس بات کاخیال رکھنا چاہیے کہ دوست اچھا اور دیندار ہو ورنہ بری صحبت تباہی کا باعث ہو گی۔