اداریہ
رضاء الحق
اور تم خوار ہوئے تارکِ قُرآں ہو کر!
مسلمانوں کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو یہ حقیقت پوری طرح واضح ہو جاتی ہے کہ جب تک اس اُمت نے قرآن مجید کو اپنے لیے سرچشمۂ ہدایت، اپنی اجتماعی زندگی کے لیے دستورِ حیات اور اپنے انفرادی و اجتماعی معاملات میں رہنما تسلیم کیے رکھا، وہ دنیا میں عزت، وقار، سربلندی اور قیادت کی حامل رہی۔ لیکن جب قرآن مجید سے اس کا تعلق محض رسمی اور روایتی رہ گیا، دین کو زندگی کے چند انفرادی دائروں تک محدود کر دیا گیا اور اجتماعی زندگی کو اللہ اور اُس کے رسولﷺ کی ہدایات سے آزاد کرنے کا چلن عام ہوا تو بتدریج اس کے زوال کا آغاز ہو گیا۔ آج عالمِ اسلام کی سیاسی بے بسی، معاشی پسماندگی، معاشرتی بے راہ روی‘ فکری انتشار، باہمی اختلافات اور عالمی سطح پر بے توقیری درحقیقت اسی انحراف کے مختلف مظاہر ہیں۔ اس لیے مسلمانوں کے موجودہ بحران کا جائزہ لیتے ہوئے محض بیرونی سازشوں، عالمی طاقتوں کی ریشہ دوانیوں اور دشمنوں کی اسلام مخالف پالیسیوں کو موردِ الزام ٹھہرانا کافی نہیں، بلکہ ہمیں اپنے زوال کے ان بنیادی اسباب کا بھی دیانت داری سے جائزہ لینا ہوگا جو خود ہمارے اندر پیدا ہوئے ہیں۔
گزشتہ کم و بیش ایک سو برس کی تاریخ کا ہی طائرانہ جائزہ لے لیا جائے، یعنی 3 مارچ 1924ء کو جب خلافت ِ عثمانیہ کا ٹمٹماتا ہوا چراغ بالآخر گُل ہوگیا (یا کر دیا گیا) تو یہ بات واضح ہو کر سامنے آتی ہے کہ مسلمانوں کے زوال کے اہم اسباب میں قرآن مجید سے دوری، حبِ دنیا، موت سے نفرت اور اقامت ِ دین کی ذِمّہ داری سے غفلت شامل ہیں۔ قرآن مجید نے مسلمانوں کو محض ایک مذہبی گروہ کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ایسی اُمّت کے طور پر متعارف کرایا ہے جس کی ذِمّہ داری پوری انسانیت کے سامنے حق کی گواہی دینا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’اور اسی طرح ہم نے تمہیں ایک درمیانی اُمّت بنایا ہے تاکہ تم لوگوں پر گواہ ہو اور رسول تم پر گواہ ہوں۔‘‘ (البقرۃ: 143) یہ آیت واضح کرتی ہے کہ اُمَّتِ مُسلمہ کا منصب محض اپنی انفرادی نجات کا اہتمام کرنا نہیں بلکہ انسانیت کے سامنے اللہ تعالیٰ کے دین کی شہادت دینا بھی ہے۔ اس شہادت کا تقاضا یہ ہے کہ مسلمان اپنی انفرادی زندگی کے ساتھ ساتھ اجتماعی زندگی میں بھی اللہ تعالیٰ کی ہدایات کو نافذ کرنے کی کوشش کریں۔ لیکن افسوس کہ آج ہماری اجتماعی ترجیحات اس بنیادی مقصد سے بڑی حد تک منحرف ہو چکی ہیں۔ قرآن مجید کی تلاوت تو ہوتی ہے، اس کے نسخے گھروں میں موجود ہیں، مساجد میں اس کی تعلیم بھی دی جاتی ہے، لیکن اس کے پیغام کو سمجھنے، اس کے احکام کے مطابق زندگی ڈھالنے اور اس کے نظامِ عدل کو اجتماعی سطح پر قائم کرنے کی فکر بہت کم دکھائی دیتی ہے۔ یہی وہ تعلق ہے جو مسلمانوں کو ایک زندہ، باوقار اور مقصدی اُمّت بنا سکتا ہے۔
دوسرا بنیادی سبب حبِ دنیا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ موت کا خوف یا اُس سے نفرت کی وجہ بھی دنیا کی محبت ہی بنتی ہے۔ قرآن مجید نے بارہا متنبہ کیا ہے کہ دنیا کی محبت جب انسان کے دل پر غالب آ جاتی ہے تو وہ حق و باطل کے درمیان فرق کرنے کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے۔ مال، منصب، اقتدار، شہرت اور آسائشیں اس کی زندگی کا مقصد بن جاتی ہیں۔ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور آخرت کی کامیابی کے مقابلے میں دنیاوی مفادات کو ترجیح دینے لگتا ہے۔ رسول اللہﷺ نے بھی اُمّت کے مستقبل کے حوالے سے اِس بیماری کی نشاندہی فرمائی تھی۔
آپﷺ نے بتایا کہ ایک وقت آئے گا جب دوسری قومیں مسلمانوں پر اِس طرح ٹوٹ پڑیں گی جیسے کھانے والے دسترخوان پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ صحابہ کرامj نے پوچھا کہ کیا اُس وقت ہماری تعداد کم ہوگی؟ آپﷺ نے فرمایا کہ نہیں، بلکہ تم تعداد میں بہت زیادہ ہوگے، لیکن تم سیلاب کے جھاگ کی مانند ہوگے۔ تمہارے دلوں سے تمہاری ہیبت نکال دی جائے گی اور تمہارے دلوں میں کمزوری ڈال دی جائے گی۔ پوچھا گیا کہ یہ کمزوری کیا ہوگی؟ فرمایا: ’وہن‘ (یعنی) دنیا کی محبت اور موت سے نفرت۔ یہ حدیث آج کے مسلم معاشرے کی صورتِ حال پر غیر معمولی طور پر منطبق ہوتی دکھائی دیتی ہے۔ ہماری تعداد تقریباً دو ارب کے قریب ہے، مسلم ممالک قدرتی وسائل، افرادی قوت اور جغرافیائی اہمیت کے اعتبار سے غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن اِس کے باوجود عالمی سیاست میں ہماری اجتماعی حیثیت نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہماری امیدیں امریکہ، روس، چین سے وابستہ ہوگئیں اور ہم امریکی انتخابات کے نتائج کو اُمَّتِ مُسلمہ کی نشاۃِ ثانیہ جبکہ ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کے انتخابی نتائج کو ظلم کے خاتمے کا سبب سمجھنے لگے! آج دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کی حالت ِ زار اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ محض تعداد، وسائل اور جغرافیائی اہمیت کسی قوم کو عزت و سربلندی نہیں دلا سکتے، جب تک اس کے اندر فکری وحدت، سیاسی بصیرت، اجتماعی نظم اور ایک واضح نصب العین موجود نہ ہو۔
غزہ کی صورتِ حال اس حوالے سے اُمَّتِ مُسلمہ کے لیے ایک لٹمس ٹیسٹ ہے۔ اکتوبر 2025ء میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود نومبر 2026ء تک فلسطینی عوام کی نسل کُشی ختم نہیں ہوئی۔ اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور کی 6 نومبر کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی شہادتیں مسلسل جاری ہیں، جبکہ انسانی امداد کی ترسیل پر پابندیوں کے باعث خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی شدید قلت برقرار ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ مصر سے امدادی سامان کی ترسیل معطل رہنے سے روزانہ کھانا فراہم کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 45 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔ اِس پر مستزاد یہ کہ نومبر کے آغاز میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے پہلے سے تباہ حال فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی 10 نومبر کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں خاندانوں کے خیمے اور سامان تباہ ہوئے، چھ ہزار سے زائد پناہ گاہیں مکمل طور پر تباہ اور سترہ ہزار سے زیادہ متاثر ہوئیں۔ ایک طرف اسرائیلی پابندیاں، دوسری طرف سردی اور بارش کی شدت، اور تیسری طرف عالمی برادری کی بے عملی؛ یہ سب انسانیت کے اجتماعی ضمیر اور اِس سے بڑھ کر مسلم ممالک کے حکمرانوں اور عوام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔
فلسطین، کشمیر، سوڈان، یمن ، میانمار اور دیگر مسلم خطوں کے حالات اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ اُمَّتِ مُسلمہ کو محض انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اجتماعی سیاسی اور تہذیبی مستقبل کے بارے میں بھی سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ دنیا کے تقریباً دوارب مسلمان، درجنوں مسلم ریاستیں، وسیع قدرتی وسائل اور ایک مشترکہ دینی و تہذیبی ورثہ رکھنے کے باوجود اپنے مظلوم بھائیوں کو تحفظ کیوں فراہم نہیں کر پا رہے؟ اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھے تو اُمَّتِ مُسلمہ کو جواب مل جائے گا! اس تمام صورتِ حال میں پاکستان کے مسلمانوں کی ذِمّہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔
پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی یا نسلی بنیاد پر وجود میں آنے والی ریاست کا واقعہ نہیں تھا، بلکہ برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ خطۂ زمین کا مطالبہ اس تصور کے تحت کیا تھا کہ وہ اپنی اجتماعی زندگی اسلام کے اصولوں کے مطابق استوار کر سکیں۔ تحریکِ پاکستان کے دوران دو قومی نظریے کی بنیاد یہی حقیقت تھی کہ مسلمان ایک جداگانہ تہذیب، نظریۂ حیات اور دینی شناخت رکھتے ہیں۔ بانیانِ پاکستان کے تصور اور قراردادِ مقاصد میں بھی اس حقیقت کی جھلک نمایاں ہے کہ حاکمیت ِاعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ہے اور ریاست کے امور عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے قرآن و سنت کی مقرر کردہ حدود کے اندر باہمی مشاورت سے چلائے جائیں گے۔ لیکن ہماری 79 سالہ تاریخ شاہد ہے کہ شروع کے دو اڑھائی سال چھوڑ کر تمام مدت سیکولرازم اور لبرل طرزِ حکومت، معیشت اور معاشرت کو نافذ کرنے کی نظر ہوگئی۔
آج قیامِ پاکستان کو تقریباً آٹھ دہائیاں گزر جانے کے باوجود ہم اس بنیادی مقصد کی تکمیل سے کوسوں دور ہیں۔ پاکستان سیاسی عدم استحکام، معاشی مشکلات، سودی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ، طبقاتی تفاوت، بدعنوانی، ادارہ جاتی کشمکش اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتِ حال، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی کشیدگی نے قومی یکجہتی کے لیے نئے سوالات پیدا کیے ہیں۔ حالت یہ ہے کہ ایک طرف دہشت گردی کا ہولناک واقعہ پیش آتا ہے لیکن گورنر ہاؤس میں تہذیب اور ثقافت کے فروغ کے نام پر اُسی رات ناچ گانے اور شرم و حیاء کے چیتھڑے اُڑانے والی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ کوئی شرم ہے نہ حیا! پھر یہ کہ جب منتخب حکومت کو گھر بھیج کر ایمرجنسی اور گورنر رائج نافذ ہی اِسی لیے کیے تھے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں تو اب دہشت گردی کو ختم نہ کر پانا کس کی نااہلی اور کوتاہی ہے! یقیناً ریاستی اداروں کی اصلاح، قانون کی حکمرانی، شفاف احتساب، معاشی انصاف، امن و امان اور عوامی حقوق کا تحفظ ہر حکومت کی بنیادی ذِمّہ داری ہے، لیکن ان سب کے لیے ایک ایسا نظریاتی اور اخلاقی ڈھانچہ بھی ضروری ہے جو اقتدار کو امانت، حکمرانی کو خدمت اور معاشرتی تعلقات کو عدل و احسان کی بنیاد پر استوار کرے۔ پاکستان کے قیام کا اصل مقصد بھی یہی تھا کہ یہاں ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے جس میں اللہ تعالیٰ کے احکام کی بالادستی ہو اور کسی فرد، طبقے یا ادارے کو قانون سے بالاتر حیثیت حاصل نہ ہو۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ حکمران طبقہ کو ہدایت کا راستہ عطا فرمائے۔ جب پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا، اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کا بتایا ہوا نظام نافذ کریں گے، قرآن سے جڑیں گے تو دنیا اور آخرت دونوں کی سعادتیں نصیب ہوں گی۔ ورنہ بقول اقبال: ؎
وہ زمانے میں معزّز تھے مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارکِ قُرآں ہو کر