(امیر سے ملاقات ) زونل سالانہ اجتماع 2026ء کے موقع پر خصوصی پروگرام - محمد رفیق چودھری

11 /

اقامت دین کی جدوجہد کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے ، اس کو ادا

کرنے کی کوشش کریں گے تو اپنی اصلاح بھی ہوتی جائے گی،

’’Gen-Z‘‘بھی اللہ کے بندے ہیں، اُن کی روح کو بھی غذا کی

ضرورت ہےا ور وہ غذا قرآن کی تعلیم سے مہیا ہوگی،

ڈاکٹر اسراراحمدؒ فرماتے تھے کہ قرآن کی دعوت کو سارے عالم

میں پھیلا دیں تو سعید روحیں خود کھنچتی چلی آئیں گی،

تنظیم اسلامی ہر قسم کے ظلم کو جڑ سے اُکھاڑنے کے

لیے نظام کی تبدیلی کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے،

اِ س اُمت کو ایک عظیم مقصد کے لیے چُنا گیا ہے ، اس کے

پاس سوشل میڈیا پر ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہونا چاہیے ۔

زونل سالانہ اجتماع 2026ء کے موقع پر خصوصی پروگرام’’ امیر سے ملاقات‘‘ میں

امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ کے رفقائے تنظیم اسلامی و احباب کے سوالوں کے جوابات

میزبان :آصف حمید

مرتب : محمد رفیق چودھری

سوال:بحیثیت رفیق تنظیم اسلامی ، سوچتا ہوں کہ پہلے اپنی اصلاح کرلوں پھر لوگوں کو تبلیغ کروں تاکہ اس کا اثر بھی ہو ۔ اس کشمکش کی وجہ سے بندہ ناچیز کام نہیں کر پا رہا۔  اگر اس سوچ کو کسی درستگی کی ضرورت ہے تو براہ کرم اصلاح فرما دیں؟(عبدالوہاب،سرگودھا)
امیر تنظیم اسلامی: قرآن میں رہنمائی موجود ہے : 
{لِمَ تَقُوْلُوْنَ مَا لَا تَفْعَلُوْنَ(2)}( الصف)
’’تم کیوں کہتے ہو وہ جو کرتے نہیں ہو؟‘‘
یہ اللہ تعالیٰ کو سخت ناراض کردینے والی بات ہے کہ بندہ لوگوں کو تبلیغ کرے اور خود عمل نہ کرے ۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ پیغمبرﷺکے بعد معصومیت ختم ہوگئی۔ہر انسان خطا کا پتلا ہے ۔اگر کوئی سوچتا ہے کہ وہ 100فیصد صحیح ہو جائے تو پھر تبلیغ کرے، تو یہ مرتے دم تک نہیں ہوگا ۔  اعتدال کا راستہ یہ ہے کہ بندہ خود بھی دین پر عمل کرنے کی کوشش کرے اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کرتا رہے ۔ جب دوسروں کو دعوت دے گا تو خود بھی عمل کرنا پڑے گا کیونکہ سب کی نظریں اس پر ہوں گی کہ خود فجر کی نماز میں نظر آرہا ہے یا نہیں ، شادی بیاہ کے مواقع پر خلاف شریعت کام تو نہیں ہورہے ؟اس میں کوئی اخلاقی بگاڑ کا معاملہ تو نہیں ہے؟دعوتِ دین اور اقامت ِدین کی جدوجہد کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے ، اس کو ادا کرنے کی کوشش کریں گے تو اپنی اصلاح بھی ہوتی جائے گی ۔ ان شاء اللہ !
سوال:موجودہ نوجوان نسل انگریزی کو زیادہ سمجھتی ہے جبکہ تنظیم اسلامی کا 90 فیصد لٹریچر اردو میں ہے ۔ کیا یہ چیز دوری پیدا نہیں کر رہی اور کیا تنظیم اسلامی کے منصوبوں میں  اپنے لٹریچر کا انگریزی میں ترجمہ کرنا شامل ہے ؟
( محمد طلال سلیم اور محمد افضل ،لاہور شرقی)
امیر تنظیم اسلامی:احادیث مبارکہ میں اس حوالے سے رہنمائی موجود ہے :
((كَلِّمُوا النَّاسَ عَلَى قَدْرِ عُقُولِهِمْ))’’ لوگوں سے کلام ان کے عقل اور فہم کے مطابق کرو ۔ ‘‘
جو لوگ انگریزی زبان میں ہمارے لٹریچر کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور   کے ادارے نے بیان القرآن سمیت ڈاکٹر اسرار احمد  ؒ کی بعض تصانیف کو انگریزی زبان میں بھی شائع کیا ہے ۔ مزید بھی اس پر کام ہورہا ہے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ جتنا بھی اہم لٹریچر ہے اس کو انگریزی زبان میں بھی شائع کریں تاکہ بیرون ممالک جو لوگ اردو زبان نہیں سمجھ سکتے ان تک بھی تنظیم کا پیغام اور دین کی دعوت پہنچے ۔ تاہم پاکستان کے اندر بہت سے تجربات ہوئے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری اکثریت سے اردو میں ہی مخاطب ہونا بہتر ہے۔ مثال کے طور پر کچھ عرصہ قبل DHA کراچی میں ہمارے سینئر رفیق اورسابق صدر انجمن  خدام القرآن سندھ جناب زین العابدین جواد ؒنے انگریزی زبان میں خلاصہ مضامین قرآن حکیم کا بیان شروع کیا تو 4 دن بعد ہی سامعین نے مطالبہ کر دیا کہ بیان اُردو میں ہونا چاہیے ۔ ہماری آج کی نوجوان نسل جسے ’’جین زی‘‘ کہا جاتاہے ، وہ عمران خان کو بھی اردو میں سنتی ہے ، بلاول کو بھی اردو میں تقریر کرنا پڑتی ہے ۔’’جین زی‘‘ بھی اللہ تعالیٰ کے ہی بندے ہیں اور ان کی روح کو بھی غذا کی ضرورت ہےا ور وہ غذا قرآن کی تعلیم کے ذریعے مہیا ہوگی۔ جب کبھی ہمیں کالج ، یونیورسٹی یا کارپوریٹ سیکٹر میں کوئی لکچر دینا ہوتا ہے تو وہاں ہم انگریزی اصطلاحات بھی استعمال کرلیتے ہیں ۔اسی طرح مکمل انگلش پر انحصار کرنے والے قارئین تک دعوت پہنچانے کے لیے ہم انگریزی زبان میں اپنے لٹریچر کا ترجمہ بھی کر رہے ہیں ۔ 
میزبان:  بیان القرآن کا انگریزی میں ترجمہ مکمل ہوگیا ہے ، وہ ان شاء اللہ اسی ماہ سے قارئین کے لیےآن لائن  دستیاب ہوجائے گا ۔ ان شاء اللہ!
سوال:ایک عام تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ دین کی جو تشریح ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے کی ہے یا رفقائے تنظیم کر رہے ہیں وہی دین کی صحیح تشریح ہے ، علماء کو کچھ نہیں آتا ۔ اس پر آپ کیا کہیں گے؟( معیدالدین عزیز احمد،اسلام آباد)
امیر تنظیم اسلامی:یہ محض جذباتی باتیں ہیں ۔ آج کل موٹیویشنل سپیکرز کو سن کر لوگ سمجھتے ہیں کہ علماء کو کچھ نہیں آتا ۔ ایسا نہیں ہے ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے ہمیشہ اس جانب توجہ دلائی ہے کہ تنظیم اسلامی ایک جماعت ہے یہ’’ الجماعہ ‘‘نہیں ہے۔ ہم کوئی فرقہ نہیں ہیں معاذ اللہ کہ ساری امت کو ایک طرف کر کے ہم کہیںکہ ہم ہی حق پر ہیں ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ کھل کر بتاتے تھے کہ انہوں نے کن کن  علماء سے استفادہ کیا ہے۔ مختلف زاویوں سے اپنی فکر کے حوالے سے جن علماء و محققین نے اُن پر اثر چھوڑے،ان میں سے حمیدالدین فراہی صاحبؒ ، مولانا امین احسن اصلاحی صاحبؒ ، شیخ الہند مولانا محمود الحسن صاحبؒ ، علامہ شبیر احمد عثمانی صاحب ؒ ، مولانا ابوالکلام آزاد ؒ ، مولانا ابو الاعلیٰ مودودی ؒ ، علامہ اقبال ؒاور ڈاکٹر رفیع الدین  ؒ کا ذکراکثر اپنی تحریر و تقریر میں کرتے تھے ۔ انہوں نے ہمیشہ رفقاء کو امت کے اسلاف سے جڑے رہنے کی تلقین کی اور اپنے شاگردوں کو یہ تعلیم دی کہ اپنے آپ کو کسی خول میں ہرگز بند نہ رکھیں ۔ دیگر علماء اور اسلاف کا بھی مطالعہ کرو ۔ لہٰذا یہ سمجھنا کہ جو کچھ ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے بیان کردیا یا تنظیم اسلامی کے مدرسین اور مقررین جو تشریح کر رہے ہیں وہی کل دین ہے، یہ ڈاکٹر اسراراحمدؒ کا مزاج ہرگز نہ تھا اورنہ ہی تنظیم کے دیگر اکابرین کا مزاج ہے ۔ بحیثیت امیر تنظیم اسلامی میں نے گزشتہ دنوں  اپنے خطبات جمعہ میں اقامت دین کی فرضیت کے حوالے سے بیان کیا ہے تو اس میں بھی اسلاف اور بزرگوں کی آراء کوبطور حوالہ پیش کیا ہے ۔ 
سوال:ہماری تنظیم دعوت و تبلیغ اور اقامت دین کے لیے سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے قاصر کیوں ہے ؟جبکہ آج ہر آرگنائزیشن اپنے کام کی تشہیر کے لیے ان ذرائع کا استعمال کرتی ہے ۔ (ڈاکٹر عبداللہ،فیصل آباد)
امیر تنظیم اسلامی:ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے اس وقت ٹیلی ویژن پر دعوت کا کام شروع کیا تھا جب باقی دینی جماعتیں اور علماءکرام اس کو حرام سمجھتے تھے۔ 2006ءمیں ڈاکٹر شاہد مسعود صاحب نے مفتی تقی عثمانی صاحب کا انٹرویو کیا اور اس حوالے سے سوال کیا تو پہلی بار تقی عثمانی صاحب ؒ نے یہ کہا کہ ہمیں میڈیا کے استعمال پر غور کرلینا چاہیے ۔ جبکہ ڈاکٹر اسراراحمدؒ کا پہلے سے یہ موقف تھا کہ خیر کے کام میں میڈیا کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے 1998ء میں ڈاکٹر اسراراحمدؒ سے بیان القرآن کی ریکارڈنگ کروائی ، الحمد للہ آج بھی لاکھوں لوگ اُس سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹر صاحبؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم بھی اس بات کے قائل ہیں کہ میڈیا کا استعمال خیر کے کاموں میں ہونا چاہیے ۔ اس وقت ہم یہ پروگرام گوگل میٹ پر کر رہے ہیں ،پاکستان بھر کے چار دیگر مقامات جہاں زونل سالانہ اجتماع ہورہا ہے وہاں بھی لائیو ٹیلی کاسٹ ہورہا ہے ،اس کی ریکارڈنگ ہماری ویب اور سوشل میڈیا اکاونٹس پر بھی دستیاب ہوگی ۔ پھر اس کے شارٹ کلپس بھی سوشل میڈیا پر شیئر ہوں گے ۔ البتہ میڈیا کے حوالے سے کچھ اصول و ضوابط بھی ہم نے ڈاکٹر صاحبؒ کے زمانے سے طے کر رکھے ہیں ، مثلا ً : ہم ٹی وی چینل پر کسی خاتون کے ساتھ بیٹھ کر پروگرام نہیں کریں گے ۔ اسی طرح ہم اپنے کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا پروگرام کو کمائی کا ذریعہ نہیں بنائیں گے ۔ یوٹیوب چینل سمیت تنظیم کا کوئی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم موناٹائز نہیں ہے ۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ، دینی اور تنظیمی مزاج اور دینی وقار کا خیال رکھا جائے ۔ اسلام کی آمد سے قبل مکہ کے لوگوں میں یہ رواج تھا کہ جب انہیں  اہل مکہ کو کوئی انتہائی اہم پیغام دینا ہوتا تھا تو وہ کوہ صفا پر برہنہ ہوکر کھڑے ہوتے اور پکار لگاتے ۔ اللہ کے رسول ﷺ نے اس رواج میں جو شر کا پہلو (یعنی برہنہ ہونا) تھا ، اس کو حذف کرکے اسلام کی دعوت کا آغاز اسی رواج سے کیا ۔ ہمارے ہاں انجمن ہائے خدام القرآن کے زیر اہتمام بعض کلاسز اور کورسز لائیو ہوتے ہیں ۔ مرکز تنظیم اسلامی لاہورسے ہم سیرت البنی ؐ کے موضوع پر لائیو پروگرام کرتے ہیں ۔ میری خواہش ہے کہ ہم LMSپر بھی جائیں اور اس سے آگے بڑھنے کی کوشش کریں ۔ 
میزبان: اس وقت سوشل میڈیا کے جتنےبھی ممکنہ پلیٹ فارمز موجود ہیں چاہے یوٹیوب ہو ، فیس بک ، ٹوئٹر ، انسٹاگرام ، ٹک ٹاک ، ساؤنڈ کلاؤڈ ، سنیپ چیٹ ہو ان تمام پر ہماری پریزنس ہے۔ الحمدللہ! ہماری ٹیمیں اس پر کام کر رہی ہیں اوران پلیٹ فارمز پر جو ماہانہ ویورشپ آرہی ہے وہ تقریباً ڈیڑھ سے دو کروڑ کے قریب ہے ۔ بانی تنظیم اسلامیؒ کا سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے جو ویژن تھا اس کو لے کرہم چل رہے ہیں ۔ اللہ کا شکر یہ ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں اُردو زبان سمجھنے والے جتنے بھی لوگ ہیں ان کے موبائل میں ڈاکٹر اسراراحمدؒ کا     کم ازکم ایک کلپ روزانہ ضرور آتا ہے۔ ہم فیک نیوز یا غلط  افواہیں عام نہیں کرتے۔ ہماری گفتگو بڑی ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ ہوتی ہے۔ مرچ مصالحہ نہیں لگا ہوتا تو شاید اسی لیے وہ کم نظر آتا ہے۔الحمدللہ جتنا دفعہ بھی ڈاکٹر اسراراحمدؒ کا یوٹیوب چینل اڑایا گیا ہم نے ڈیٹا کو محفوظ رکھتے ہوئے نئے سرے سے کام شروع کیا اور اب ہم نےاپنی ایک ویب سائٹ جو یوٹیوب کی طرح ہے وہ  بھی بنالی ہے جس کی سرچنگ بہت ہائی لیول کی ہے۔ اس کا نام ہے : DRISRAR.COM ۔ اس میں ڈاکٹر صاحب کے ہزاروں کلپس اور ویڈیوز موجود ہیں اور ان میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ مستقبل قریب میں اورزیادہ پلیٹ فارمز پر زیادہ بہتر موجودگی آپ دیکھیں گے ان شاء اللہ ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے  رفقاء اس سے آگاہ ہوں اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اس دعوت کو مزید آگے بڑھائیں ۔ 
سوال:ہم کہتے ہیں کہ دین کو غالب کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو ساتھ لے کر چلنا ہے ، تنظیم اسلامی اس مقصد کے لیے کیا کر رہی ہے ۔کیا ایسے لوگ تیار کیے جا رہے ہیں جو ٹیکنالوجی کو اعلیٰ سطح پر سیکھ کر دین کے کاموں میں استعمال کریں؟(محمد الیاس،فیصل آباد) 
امیر تنظیم اسلامی:ایک اصولی بات سمجھ لیجئے کہ ہماری دعوت کا بنیادی ذریعہ قرآن مجید ہے ۔ اللہ کے رسول ﷺ نے حضرت عمر ، خالد بن ولید اور دیگر   صحابہ ؇کو کسی علیحدہ نرسری میں تیار نہیں کیا تھا ، بلکہ قرآن کی دعوت سے ان میں تبدیلی آئی تھی اور پھر وہی عمر اور خالد بن ولید؇ جو اسلام کے دشمن تھے ، اسلام کے غلبے کا باعث بنے ۔ ولیم میور لکھتا ہے کہ اگر ایک عمر مسلمانوں کو اور مل جاتا تو ساری دنیا مسلمانوں کے پاس ہوتی۔ اسی طرح خالد بن ولید ؒسیف اللہ کا خطاب ملا۔ اسی طرح آج بھی قرآن کی دعوت سے تبدیلی آئے گی ۔  ڈاکٹر اسراراحمدؒ بھی فرماتے تھے کہ قرآن کی دعوت کو سارے عالم میں پھیلا دیں تو سعید روحیں خود کھنچتی چلی آئیں گی ۔ ہاں ! اس دعوت کو پھیلانے کے لیے کوئی بھی جائزذریعہ استعمال میں لا یا جاسکتا ہے اور ہم اس سلسلہ میں آگے بڑھ رہے ہیں ، الحمد للہ ۔ ہمارے ایک رفیق تنظیم جنہوں نے بیرون ملک سے سائبر سکیورٹی میں پی ایچ ڈی کیا ہے ، اب اللہ تعالیٰ ان سے بہت سے خیر کے کام لے رہا ہے ۔ ہم بھی ان سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ ہمارے ایک اور ساتھی بھی بیرون ملک سے تشریف لائے ہوئے ہیں اور انہوں نے MYQURANJOURNEY.COM کے نام سے ایک ایپ بنائی ہے ۔ اس کا تعارف آپ کوتنظیم اسلامی کی ویب سائٹ پر بھی مل جائے گا ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ کے بیان القرآن اور منتخب نصاب کی ہم مختلف طریقوں سے تشہیر کر رہے ہیں، ان کی آڈیو، ویڈیو اور لٹریچر ہر جگہ دستیاب ہے ۔ اسی طرح بچوں کا نصاب بھی تیار ہو چکا ہے اور استفادے کے لیے  فراہم کیا جارہا ہے ۔ آپ تنظیم کی ویب سائٹ TANZEEM.COMپر جائیں ، مائی قرآن جرنی ڈاٹ کام پر جائیں ، وہاں آپ کو یہ سب چیزیں ملیں گی ۔ہمارے رفقاء نے اپنی ذاتی کاموں اور معاش کو فراموش کرکے یہ سب خیر کے کام کیے ہیں ماشاء اللہ ! آج بہت سے لیکچرز لائیو ٹیلی کاسٹ ہورہے ہے ،     انجمن خدام القرآن کے آن لائن کورسز اور کلاسز ہو رہی ہیں ، ایل ایم ایس پر کام ہورہا ہے ، سیلف پیس کورسز ہورہے ہیں، آئی ٹی کے علاوہ اوربھی بہت سے شعبوں میں ہمارے رفقاء کام کر رہے ہیں ۔ الحمد للہ ! 
سوال:تنظیم اسلامی اقامت دین کی کوشش کر رہی ہے۔ کیا اس مقصد کے لیے دوسری دینی مذہبی جماعتوں سے تعاون کرتی ہے؟ اور کیا دوسری دینی جماعتوں کو اپنے پروگراموں میں شامل کرتی ہے؟( محمد افضل ، لاہور شرقی)
امیر تنظیم اسلامی:تنظیم اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کر رہی ہے ۔کوشش کرنا ہم پر فرض ہے ، دین کو غالب کرنا اللہ کے اختیار میں ہے ۔ اس کوشش میں دیگر دینی اور مذہبی جماعتوں سے ہمارا تعاون رہتا ہے ۔ جیسا کہ انسداد سود کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر ہم نے کام کیا ، عدالتوں میں ایک ساتھ کیس لڑا ۔  2022ء میں جب وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ آیا تو وہاں میں بھی موجود تھا ، سابق امیر جماعت اسلامی جناب سراج الحق صاحببھی موجود تھے ۔ اس جدوجہد میں دیگر جماعتوں کے علماء اور رہنما بھی شامل رہے ۔ اسی طرح ٹرانسجینڈر کیس کے معاملے میں بھی ہم مل کر کام کررہے ہیں ۔ ہم اپنے سیمینارز ،  پروگرام زمانہ گواہ ہے اور دیگر کئی مواقع پر دوسری جماعتوں کے علماء اور رہنماؤں کو بلاتے ہیں ۔ ہم بھی کبھی ان کے جلسوں میں اور مختلف پروگراموں میں جاتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے شعبہ تربیت کے لوگوں نے کئی مرتبہ ہمارے مراکز کا دورہ کیا اور کئی امور میں استفادہ کیا ۔ منکرات کے خلاف مہم میں کئی مرتبہ ہم ایک ساتھ ہوتے ہیں اور مشترکات پر مل کر کام کرتے ہیں ۔ لاہور میں    ملی مجلس شرعی کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرتے ہیں ،   ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس کئی مرتبہ ہمارے مراکز میں ہوتے ہیں ۔ غزہ کے حوالے سے مہمات اور مظاہروں میں مشترکہ طور پر شرکت کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ختم نبوت فورم پاکستان کی طرف سے دعوت تھی تووہاں میں نے شرکت کی۔ اس طرح مشترکہ امور پر اشتراک عمل بڑھے گا تو چیزیں فائن ٹیون ہوں گی ۔جیسے کہ دو بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران اب مانتے ہیں کہ انتخابی سیاست سے پاکستان میں انقلاب نہیں آسکتا ۔ ہمارے لیے موقع ہے ہم بات کو مزید آگے بڑھائیں ۔ اسی طرح ہم کسی متفقہ لائحہ عمل کی طرف بڑھ سکتے ہیں ۔ 
سوال:آج کل ہم نوجوان بہت زیادہ  موبائل دیکھنے کی لت میں پھنسے ہوئے ہیں،روزانہ آٹھ سے 10 گھنٹے فون پر گزار رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے دینی اور دنیاوی مقاصد حاصل نہیں ہو پا رہے ہیں۔ اس لت سے کس طرح نکلا جائے۔ کیا تنظیم کی اس سے متعلق کوئی نصیحت یا پالیسی ہے؟( معاذ محمد اسماعیل ،کراچی شمالی) 
امیر تنظیم اسلامی:تنظیم اسلامی کی مرکزی شوری میں ایک بار یہ معاملہ پیش ہوا ،ایک بزرگ کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان جب دیکھو  سمارٹ فون پرلگے رہتے ہیں، نہ دن دیکھتے ، نہ رات ، بیڑا غرق ہورہا ہے ۔اس پر ایک نوجوان نے کھڑے ہوکر سابق امیر تنظیم اسلامی محترم عاکف سعید صاحب سے اجازت چاہی اور کہا کہ بہت ادب کے ساتھ، یہ بات درست ہے کہ نوجوان موبائل دیکھتے ہیں، لیکن ہم نوجوان کالج یا یونیورسٹی بھی جاتے ہیں ، ہم میں سے کچھ لوگ تعلیم کے ساتھ پارٹ ٹائم جاب بھی کرتے ہیں اورجواپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں تو فل ٹائم جاب بھی کرتے ہیں لیکن  ’’بابے‘‘ سارا دن ویلے بیٹھ کر اپنا وقت برباد کرتے ہیں ، ان سے بھی ذرا پوچھیے ۔ مقصد یہ ہے کہ یہ صرف نوجوانوں کا مسئلہ نہیں ہے۔ کسی صاحب علم نے بڑی گہری بات کہی کہ جس بندے کو اپنے اوپر اعتماد نہ ہو وہ فون استعمال نہ کرے ۔ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا(( استفت قلبک)) ’’ اپنے دل سے فتوی لو ۔ سب کو پتا ہے کہ وقت برباد ہوتا ہے اور اس وقت اُمت مسلمہ جن مشکلات کا شکار ہے ، ایسی صورتحال میں کسی مسلمان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ اپنا وقت برباد کرے ۔ ہم احادیث میں پڑھتے ہیں کہ سب سے بہتر اسلام اس کا ہے جو لغو اور فضول چیزوں کوچھوڑ دے ۔ سورۃ المومنون میں جنت میں جانے والوں کی ایک صفت یہ بھی بیان ہوئی کہ وہ لغو باتوں سے اپنے آپ کو بچاتے ہیں ۔اس تناظر میں ہم سب اپنا جائزہ لے لیں ، کسی سے فتویٰ لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ایک نوجوان کہنے لگا :شجاع بھائی کیا کروں وقت ہی نہیں ملتا ۔ میں نے کہا اللہ کو حاضر ناظر رکھ کر ایک ہفتے کا چارٹ بناؤ کہ اس دوران آپ کی کیا مصروفیات رہیں ۔ ایک گھنٹے بعد وہ آیا اور کہنے لگا کہ میرا خیال تھا کہ میں بہت زیادہ مصروف ہوں لیکن اب پتا چلا کہ میں تو خوامخواہ اپنا وقت برباد کررہا ہوں  ۔ معلوم ہوا کہ ہم اپنا وقت فضول کاموں میں ضائع کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ وقت نہیں ملتا ۔ سمارٹ فون کے زیادہ استعمال سے اب جسمانی اوردماغی صحت کے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں ۔ آنکھیں خراب ہو رہی ہیں ، نفسیاتی مسائل بڑھ رہے ہیں ، مزاج بگڑ رہے ہیں۔ تنظیم اسلامی گزشتہ کئی برسوں سے سوشل میڈیا کےنقصانات اور خطرات کے حوالے سے آگاہی پھیلا رہی ہے ، اس پر آرٹیکلز بھی آتے ہیں ، پروگرام زمانہ گواہ ہے میں ، امیر سے ملاقات پروگرام میں اس پر بات ہوتی رہی ہے ۔ سابق امیر تنظیم اسلامی محترم عاکف سعید صاحب کے دور میں اس حوالے سے رہنمائی پر مبنی ایک پالیسی ڈاکومنٹ تیار کیا گیا۔ جب علماء کرام اور مفتیان کرام سے شیئر کیا گیا تو انہوں نے بھی اس سے اتفاق کیا ۔ ایک تجویز یہ تھی کہ جب بھی کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ یا سمارٹ فون پر انٹرنیٹ استعمال کرنا ضروری ہو تو پہلے وضوکریں اور بسم اللہ پڑھ کر شروع کریں ۔ ایک بچے سے میں نے کہا جب انٹرنیٹ استعمال کرنا شروع کرتے ہو کیا بسم اللہ پڑھ کر شروع کرتے ہو ؟ کہنے لگا : انٹرنیٹ پر طرح طرح کی چیزیں آجاتی ہیں تو ہم بسم اللہ کیسے پڑھیں ۔ میں نے کہا : پھر بسم اللہ کو چھوڑو گے یا انٹرنیٹ کو چھوڑ وگے ۔ کہنے لگا : بسم اللہ کوتو نہیں چھوڑ سکتے ، انٹر نیٹ کا فضول استعمال چھوڑا جا سکتا ہے ۔ اس طرح اگر ہم اپنی تنہائی کو پاکیز ہ بنائیں ، باوضورہیں ، بسم اللہ پڑھ کر جائز استعمال کی نیت سے شروع کریں تو غلط چیزوں سے بچ سکتے ہیں ۔ ہم اس اُمت کے لوگ ہیں جنہیں اللہ نے بہت خاص مقصد کے لیے چنا ہے ۔ ہمیں محمد مصطفیٰ ﷺ کے مشن کے لیے کھڑا کیا گیا ہے ، ہمارے پاس برباد کرنے کے لیے وقت نہیں ہے ۔ اس مقصد اور مشن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنے بچوں کی تربیت کریں اور خود بھی اپنے اعمال کا جائزہ لیتے رہیں تو اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائے گا۔ ان شاء اللہ !
سوال:آج عوام مہنگائی جیسے بنیادی مسائل کے شکار ہیں ۔ کیا تنظیم اسلامی اپنی موجودہ دعوت کے ساتھ ساتھ ایسے عوامی مسائل پر عملی طور پر عوام کے درمیان جا کر اپنا کردار ادا نہیں کر سکتی، اس طرح ہماری دعوت مزید موثر ہو سکتی ہے؟ (دانیال انصاری، کراچی جنوبی) 
امیر تنظیم اسلامی:ایسا نہیں ہے کہ ہم ان مسائل پر گفتگو نہیں کرتے، عوام کے ہر مسئلے کو اجاگر کرتے ہیں ۔ یہ سارے مسئلے نظام سے تعلق رکھتے ہیں اور نظام کی تبدیلی کے لیے ہم جدوجہد بھی کررہے ہیں ۔ وہ نظام، اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر عدلِ اجتماعی کا نظام ہے ۔ اس بات    کو  غیر مسلم بھی مانتے ہیں ۔کچھ برس قبل ’ایمپائر آف فیتھ ‘ کے نام سے ایک ڈاکومنٹری بنی تھی جس میں دس سے بارہ غیر مسلم اسکالرز سے انٹرویو کیے گئے تھے ۔ ان میں ہندو ، سکھ ، عیسائی ، یہودی اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی تھے ۔ سب کی رائے میں اسلامی نظام کے متعلق جو مشترکہ بات تھی وہ عدل کی بات تھی ۔ قرآن مجید بھی اسی’ عدل‘ کا تقاضا کرتاہے :
{وَاُمِرْتُ لِاَعْدِلَ بَیْنَکُمْ ط}(الشوریٰ:15) ’’اور (آپؐ کہہ دیجیے کہ) مجھے حکم ہوا کہ مَیں تمہارے درمیان عدل قائم کروں۔‘‘
عدل کا تقاضا صرف عدالت سے نہیں ہے ، اس کا تقاضا انسان کی انفرادی زندگی میں بھی ہے ۔ جیسا کہ فرمایا :
(( إِنَّ لِنَفْسِكَ عَلَيْكَ حَقًّا، وَلِرَبِّكَ عَلَيْكَ حَقًّا، وَلِضَيْفِكَ عَلَيْكَ حَقًّا))’’تمہارے جسم کا بھی تم پر حق ہے، تمہارے رب کا تم پر حق ہے، تمہارے مہمان کا تم پر حق ہے، تمہاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے۔‘‘
عدل کا تقاضا گھر میں بھی ہے ، اولاد میں بھی ہے ، بیویوں  میں بھی ہے ، معاشرے ، ریاست ، سیاست ، معیشت  اور معاشرت میں بھی ہے ۔ آج معاشرے میں نکاح کو انتہائی مشکل بنا دیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے نکاح کو آسان بنانے کی تحریک چلائی ۔ شروع میں یہ مشکل لگتا تھا لیکن آج الحمد للہ سینکڑوں لوگ مساجد میں نکاح پڑھواتے ہیں اور سادگی کے ساتھ رخصتی ہوتی ہے ۔ خود میرا پہلا نکاح  ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے پڑھایا ، صبح میں درس کے لیے گیا ہوا تھا ،  اس کے بعد ڈاکٹر صاحبؒ کا درس ہوا ، اس کے بعد گھر جاکر میں نے کپڑے تبدیل کیے اور ڈاکٹر صاحب نے پہلا نکاح پڑھا دیا ۔ اس کے بعد میں ٹرین پکڑی اور ماہانہ درس کے لیے سکھر چلا گیا کیونکہ رخصتی کا معاملہ تین مہینے کے بعد تھا۔جس دن ولیمہ تھا ، اس دن بھی کراچی میں پہلے میرا درس تھا ، اس کے بعد ڈاکٹر صاحب ؒ کا درس ہوا اور اس کے بعد میں تیار ہو کر آگیااور ولیمہ ہوگیا ۔ اسی طرح میری بیٹیاں بھی سادگی کے ساتھ رخصت ہوئیں کہ پتا ہی نہیں چلا۔ اصل میں ہم نے خود مشکل بنایا ہوا ہے ۔ سود کی وجہ سے معاشی تباہی اور مہنگائی کا طوفان ہے ، لوگوں کی زندگی اجیرن ہے ، لوگ بچے قتل کر رہے ہیں ، خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ اس سود کے خاتمے کے لیے تنظیم نے کتنی جدوجہد کی ہے ۔ عوام کے مسائل کو ہم اپنے جرائد کے اداریوں اور مضامین میں ، پریس ریلیز میں ، خطبات جمعہ میں اور ہر فورم پر اُجاگر کرتے ہیں ۔ ان سارے مسائل کا حل دین کے غلبے میں ہے اور اس کی جدوجہد کی بات جب ہم کرتے ہیں تو لوگوں کے سلگتے ہوئے مسائل پر بھی بات ہوتی ہے ۔ جس رب نے ہم سب کو پیدا کیا ہے ، اُسی کا دیا ہوا نظام نافذ ہوگا تو سب مسائل حل ہوں گے ۔ فرمایا : {اَلَا یَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ ط}(الملک:14) 
’’کیا وہی نہ جانے گا جس نے پیدا کیا ہے؟‘‘
اللہ تعالیٰ سب سے بہتر جانتا ہے کہ ہمارے مسائل کا حل کس میں ہے ۔ اللہ نے اپنے دین کو رحمت بنا کر نازل کیا ، اس سے دوری کی وجہ سے سب مسائل ہیں ۔ اس انداز سے ہم لوگوں کو دعوت پیش کریں گے تو دعوت موثر ہوگی ۔ ان شاء اللہ !
سوال:کیوں نہ امیر تنظیم اسلامی اسلام آباد کواپنا مرکز بنائیں  تاکہ وہاں سے حکمرانوں کو بھی دعوت دی جا سکے ۔ (محمد شہزاد بٹ اور شیخ طلحہ، حلقہ پوٹھوہار)
امیر تنظیم اسلامی:گزشتہ کچھ عرصہ سے ہمارے بعض رفقاء کی جانب سے یہ تجویز آتی رہی ہے ۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ موسیٰ ؈کو حکم دیتا ہے :
{اِذْہَبْ اِلٰی فِرْعَوْنَ اِنَّہٗ طَغٰی(24)}(طٰہٰ) ’’اب تم جائو فرعون کی طرف‘ وہ بڑا سرکش ہو گیا ہے۔‘‘
امام الانبیاء ﷺنےمختلف قبائل کے سرداروں کو دعوت پیش کی ، بادشاہوں کو دعوت پیش کی ۔ اسی تناظر میں یہ تجویز آتی ہے کہ امیر تنظیم کو یا تنظیم کو اسلام آباد کو اپنا مرکز بنانا چاہیے ۔ اصولی طور پر یہ بات ٹھیک ہے کہ ہمیں ہر طبقے کو دعوت دینی چاہیے ۔ لیکن ہم اس بات کو بھی بھول نہ جائیں کہ جب اللہ کے رسول ﷺ نے دعوت پیش کی تو صدیق اکبر ؓپہلے دن ایمان لائے، ام المومنین حضرت خدیجہؓ ایمان لائیں ، حضرت علیؓ کم سن تھے ، وہ بھی ایمان لائے ، حضرت زیدؓ ایمان لائے ۔ مقتدر طبقات کو بھی دعوت دینی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ عوام کو بھول جائیں ۔ ہم نے عمران خان سے بھی ملاقات کی اور ان تک دعوت پہنچائی ، ان کےسامنے سود کے خاتمے اور دین کے نفاذ کی بات رکھی ۔
یہ علیحدہ بات ہے کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو اُنہوں نے ملاقات کا وقت نہیں دیا، بعد میںجب وہ وزیراعظم نہ رہے تو وقت دیا۔ اِسی طرح ہم نے موجودہ وزیراعظم صاحب سے بھی ملاقات کی درخواست دے رکھی ہے، دین کی دعوت پہنچانے کے لیے ہم سیاستدانوں کو ، حکمرانوں کو ، عدلیہ کے ججز کو ، صحافیوں کو اور ہر طبقہ کے ذمہ داران کو خطوط بھی لکھتے ہیں ، وزیر اعظم کو بھی ہم نے خط لکھا ہے ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ  اپنے خطاب جمعہ میں کھل کر بات کرتے تھے اور وہ حکومتوں  تک پہنچتی بھی تھی ۔ آج بھی ہر بات حکمرانوں تک پہنچ جاتی ہے۔ ہم اللہ سے دعا بھی کرتے ہیں کہ وہ حکمرانوں کے دل نرم کردے تاکہ وہ حق بات پر غور کرسکیں ، شریعت کے نفاذ کی کوشش کریں ۔ اگر وہ ایسا کریں گے تو 25 کروڑ عوام کی دعائیں ان کے ساتھ ہوں گی ۔ ہمیں اقتدار نہیں چاہیے ۔ ہم کہتے ہیں کوئی بھی اسلام کو نافذ کرنے کی جدوجہد کرے ہم اس کے ساتھ ہوں گے ان شاء اللہ ۔ گزشتہ دنوں کراچی میں وزیر مملکت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات ہوئی تو وہاں بھی ہم نے نظام تعلیم کے حوالے سے اور قرآن پاک کے نسخوں کو پاک کرنے کے حوالے سے بات کی ۔ اس طرح جہاں بھی موقع ملے گا ہم حکمرانوں تک بات پہنچائیں گے اور اس کے لیے کسی خاص مقام کو مرکز بنانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ 
سوال:اقامت دین کیا محض حکومت الٰہیہ کا قیام ہی ہے؟ جو لوگ دین کے بنیادی عقائد و عبادات پر کام کر رہے ہیں کیا وہ اقامت دین نہیں ہے؟(محمد فیصل، کراچی جنوبی) 
امیر تنظیم اسلامی:عقائداور عبادات کا تعلق انفرادی فرائض سے اور اقامت دین کی جدوجہد کا تعلق اجتماعی فرائض سے ہے ۔ دونوں ادا کرنا ضروری ہیں۔ پہلے ہمیں اپنے عقائد کی اصلاح کرنی ہے ، عبادات کو بجالانا ہے ، حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کرنا ہے ، اخلاقی رویہ درست کرنا ہے اس کے ساتھ دوسروں کو دعوت بھی دینی  ہے اور اقامت دین کی جدوجہد بھی کرنی ہے۔ ایک بندہ نماز ادا نہیں کر رہا ، وہ کہتا ہے کہ یہ صہیونی سازش ہے ، کوئی چوری کررہا ہے اور کہتا ہے یہ امریکہ کی سازش ہے ۔ یہ خرابی بنیادی طور پر اپنے اندر موجود ہے ۔ پہلے اپنے اندر کو ٹھیک کرنا ہے ۔ جہاں دین کو فوری نافذ کرنے کا ہمارے پاس اختیار ہے وہاں فوری نافذ کرنا اور جہاں نافذ کرنے کے لیے ہمارے پاس اختیار نہیں ہے وہاں ہمیں جدوجہد کرنی ہے ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ مثال دیا کرتے تھے کہ اگر میں اپنےپانچ، چھ فٹ کے وجود پر اسلام کو نافذ نہیں کر سکتا جہاں میرا اختیار ہے تو میں دنیا میں دین کے غلبے کی بات کس منہ سے کروں گا ؟اللہ کی حکومت پہلے اپنے وجود پر قائم ہو گی، اس کے بعد معاشرے پر دین کے غلبے کی بات ہوگی ۔ اسلام ہر سطح پر اپنے نفاذ کا تقاضا کرتاہے :
{ادْخُلُوْا فِی السِّلْمِ کَآفَّۃًص}(البقرۃ:208) ’’ اسلام میں داخل ہو جائو پورے  کے پورے۔‘‘ 
جو لوگ صرف عقائد کی اصلاح کی کوشش کر رہے ہیں اور فقط عبادات تک اپنی محنت کو محدود رکھے ہوئے ہیںوہ بھی اقامت دین کا کام کررہے ہیں مگر وہ جزوی کام ہے ۔ انہیں اجتماعی سطح پر بھی دین کے نفاذ کی جدوجہد کرنی چاہیے ۔ 14 صدیوں سے اُمت اقامت دین کی جدوجہد کو فرض مانتی آئی ہے ۔اقامت دین کے دونوں  پہلوؤں میں توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ 
سوال: تنظیم اسلامی میں مواخات کا پرچار کیا جاتا  ہے؟ کیا اس کا کسی رفیق نے عملی ثبوت بھی دیا ہے؟( محمد افضل ، لاہور شرقی )
امیر تنظیم اسلامی: مواخات کا ایک تصورتو ہم ہجرت مدینہ کے بعد انصار اور مہاجرین کے مابین دیکھتے ہیں ۔ وہ مواخات کی اعلیٰ ترین شکل ہے ۔ اس لیول تک تو ہم نہیں پہنچ سکتے ۔ البتہ تنظیم کی سطح پر ہم تقاضا کرتے ہیں کہ دو دو رفقاء کے درمیان ربط رہے تاکہ اُسرے کا انعقاد ہو ، حلقہ قرآنی ہو یا تنظیم کا کوئی بھی پروگرام ہو ، اُس میں ایک دوسرے کو ساتھ لے کر جائیں ۔ اسی طرح  وہ ایک دوسرے کے مسائل ، معاملات اور مشکلات سے آگاہ رہیں اور بوقت ضرورت ایک دوسرے کی مدد کر سکیں۔کراچی میں ہمارے  ایک رفیق کا بیٹا ہسپتال میں داخل تھا ، اس کے پاس ۓٹھہرنے کا سوال پیدا ہوا تو رفقاء نے آٹھ آٹھ گھنٹے کی   ذمہ داریاں لے لیں ۔ ہر آٹھ گھنٹے بعد دوسرا رفیق وہاں  ٹھہرتا تھااور پہلا واپس چلا جاتا تھا ۔ اسی طرح ہمارے ایک رفیق کی اہلیہ اسپتال میں داخل تھیں تو مقامی تنظیم کے ذمہ داران کی گھر کی خواتین نے بار ی باری وہاں مریضہ کے پاس رہنے کی ذمہ داری نبھائی ۔ ہمارے معاشرے میں بیوہ کے نکاح اور یتیم بچوں کی پرورش بھی ایک بڑا مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔ لیکن تنظیم میں ایسی مثالیں موجود ہیں کہ جب کسی رفیق کا انتقال ہوگیا تو عدت کے بعد اس کی بیوہ سے نکاح کیا اور اس کے یتیم بچوں کی پرورش بھی کر رہا ہے ۔   ع
اپنی دنیا آپ پیدا کر گر زندوں میں ہے
ہم خود بدلیں گے تو معاشرہ خود بخود بدل جائے گا ۔ اسی معاشرے میں طلاقوں کا رجحان بڑھ رہا ہے ۔ تنظیم کی سطح پر کوشش کی جاتی کہ میاں بیوی میں صلح ہو جائے اور گھر بکھرنے سے بچ جائے ۔ جہاں ایسا معاملہ پیش آتاہے تو مقامی امیر ، نقیب ، رفقاء مل کر صلح کی کوشش کرتے ہیں اور الحمد للہ ! کئی گھر اُجڑنے سے بچ گئے ۔ امام الانبیاء ﷺ نے بھی یہ کام کیے ہیں ۔ ایک مرتبہ مسکراتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے ۔ پوچھا گیا :یارسول اللہ ﷺ ! آج کیا خاص بات ہے ۔ فرمایا : آج ایک گھر کو بکھرنے سے بچا کر آیا ہوں ۔اللہ تعالیٰ ہمیں بھی توفیق عطا فرمائے ۔ 
سوال:اسلام میں حکمران منتخب کرنے کا کیا طریقہ ہوگا، یعنی خلیفہ کا کیامعیار  ہوگا، کیا کرپشن کے امکانات نہیں ہوں گے؟(ریاض احمد حلقہ مالاکنڈ )
امیر تنظیم اسلامی: تنظیم اسلامی معروف معنوںمیں کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے اورہمارے ہاں یہ طے شدہ موقف ہے کہ انتخابی سیاست کے ذریعے انقلاب نہیں آسکتا ۔ اسلام صرف انقلابی جدوجہد کے ذریعے ہی آسکتا ہے ۔ جب انشاءاللہ اسلام غالب ہو جائے گا تو اس کے بعد خلیفہ کا انتخاب ،انتخابات کے ذریعے بھی ہو سکتاہے ۔ ڈاکٹر اسراراحمدؒ نے اپنے خطبات خلافت میں یہ بات واضح کی ہے کہ انقلاب آنے کے بعد انتخابات کا معاملہ کیسے ہوگا ۔ یہ بھی طے کیا جائے گا کہ اس انتخاب کا معیار کیا ہوگا ؟ خلیفہ کی مدت کتنی ہوگی ؟ان امور کو باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا جیسا کہ قرآن میں اللہ نے حکم دیاہے :
{وَاَمْرُہُمْ شُوْرٰی بَیْنَہُمْ ص}( الشوریٰ: 38) ’’اور ان کا کام آپس میں مشورے سے ہوتا ہے۔‘‘
ڈاکٹر اسراراحمدؒ ایک اہم نکتہ یہ بھی بیان کیا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں سب سے زیادہ ہدایات فرد کی انفرادی زندگی کے معاملات کے حوالے سےدی ہیں ۔ اس سے ذرا کم خاندانی نظام کے لیے ہیں ، اس سے بھی کم معاشرتی نظام کے لیے ہیں ، اس سے بھی کم معاشی نظام کے لیے اور پھر سب سے کم ہدایات سیاسی نظام کے لیے دی ہیں تاکہ ہر زمانے کے انسان اپنے عہد کے جدید مسائل اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے معروف اور حلال کے دائرہ کے اندر اندر اپنا سیاسی نظام تشکیل دے سکیں ۔ سیاسی نظام کے حوالے سے سب سےاہم اور بڑا تقاضا شوریٰ کے حوالے سے کیا گیا ہے ، اس کی تشریح احادیث میں بھی آئی ہے ۔ پھر خلفائے راشدین کے دور میں اس کی عمل شکل بھی ہمارے سامنے آئی ۔مشورہ عوام سے بھی کیا گیا ۔صرف ایک شرط مقرر کی گئی کہ آپ کتاب و سنت کے خلاف کوئی مشورہ یا رائے قائم نہیں کرسکتے ۔ جیسا کہ سورۃ الحجرات میں تقاضا آیا :
{ لَا تُقَدِّمُوْا بَیْنَ یَدَیِ اللہِ وَرَسُوْلِہٖ} (الحجرات:1)’’ مت آگے بڑھو اللہ اور اُس کے رسول (ﷺ)سے ۔‘‘
  ڈاکٹر اسراراحمدؒ اس کے ذیل میں ایک خوبصورت  نکتہ بیان فرمایا کرتے تھے کہ پہلے خلیفہ حضرت ابوبکر صدیق؄ کے انتخاب کے اشارے خود رسول اللہ ﷺ نے دے دئیے تھے جیسا کہ 9ہجری کے حج کا امیر آپ ﷺ نے صدیق اکبر ؓکو مقرر فرمایا ۔ پھر ان کی خلافت پر سب کا اتفاق بھی ہوگیا ۔ دوسرے خلیفہ کا انتخاب پہلے خلیفہ نے کیا۔ تیسرے خلیفہ کے انتخاب کے لیے دوسرے خلیفہ نے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی ۔ یہ تینوں طریقے بظاہر الگ الگ معلوم ہوتے ہیں ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خلیفہ کے انتخاب کے ایک سے زیادہ طریقے ہو سکتے ہیں ۔ تاہم کوئی طریقہ یا انتخاب کتاب وسنت کے خلاف نہیں ہونا چاہیے اور دوسرا تقاضا یہ کیا گیا کہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہونا چاہیے ۔ ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خلیفہ کے انتخاب کا جو بھی طریقہ اختیار کیا جائے گا اس میں کوئی حرج نہیں ہوگا ۔ جہاں تک کرپشن کی بات ہے تو اللہ کی شریعت میں اس کی جو سزائیں ہیں ان کا نفاذ ہونا چاہیے ۔ اگر چین میں کرپشن کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکایا جاتاہے تو مسلمانوں کو کیوں شرعی سزائیں نافذ کرنے میں ہچکچاہٹ ہے ۔ 
سوال:جب ہم اسرہ ،درس قرآن یا کسی بھی دینی اجتماع میں شریک ہوتے ہیں تو خود کو بدلنے کے لیے موٹیویٹڈ ہوتے ہیں لیکن وہاں سے اُٹھ کر باہر جاتے ہی پہلے جیسے ہو جاتے ہیں ۔ اس کی کیا وجہ ہے اور حل بھی بتائیں؟ (عبدالوہاب ،سرگودھا)
امیر تنظیم اسلامی:یہی سوال حضرت حنظلہؓ نے بھی رسول اللہ ﷺ سے کیا تھا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا : ((سَاعَةً وَسَاعَةً)) یعنی ایسا کبھی کبھی ہوتا ہے اور ہر ساعت ایک جیسی نہیں ہو سکتی ترجمانی کرتے ہوئے میں عرض کرتا ہو کہ ہم انسان ہیں فرشتے نہیں۔انسان کی فطرت ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی ۔ تاہم اس مسئلے کا ایک   قریب ترین حل یہ ہےکہ دینی مجالس سےمستقل جڑے رہیں ، اُسرہ ، حلقہ قرآنی ، گھریلو اُسرہ ، تنظیمی و دعوتی پروگراموں میں  خود کو مصروف رکھیں تو ان شاء اللہ ایمانی کیفیت میں اضافہ ہوتا رہے گا ۔ قرآن میں فرمایا :
{یٰٓــاَیـُّــہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللہَ وَکُوْنُوْا مَعَ الصّٰدِقِیْنَ(119)}( التوبہ:119 ) ’’اے اہل ِایمان! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور سچے لوگوں کی معیت اختیار کرو۔‘‘
  برف والی دکان پر بیٹھیں گےتو کچھ نہ کریں ٹھنڈک مل جاتی ہے، پرفیوم کی دکان کے پاس سے گزریں تو کچھ نہ کچھ خوشبو مل جائے گی ۔ نیک لوگوں کی محفلوں میں بیٹھیں گے تو خیر ملے گا۔ باجماعت نماز کی فضیلت زیادہ کیوں ہے ؟ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ نیکی کے ماحول سے قربت رہے۔ جب کوئی دینی پروگرام یا محفل میسر نہ ہو تو ڈاکٹر اسراراحمدؒ کا ویڈیو خطاب سن لیں ، قرآن کی تفسیر پڑھ لیں ۔ ڈاکٹر اسراراحمد ؒ نے حقیقت ِنفاق کے موضو ع پر کئی اہم خطاب کیے ہیں جو آڈیو ، ویڈیو اور کتابی شکل میں بھی موجود ہیں ۔ ان سے استفادہ کریں ۔ 
سوال: کیا تنظیم سے ناراض ہو کر چلے جانے والے پرانے ساتھیوں کو واپس لانے کی کوشش کی جا سکتی ہے؟ (محمد اذان، کراچی جنوبی)
امیر تنظیم اسلامی: اس کی مثالیں الحمدللہ موجود ہیں کہ جو رفقاء تنظیم چھوڑ گئے تھے ان میں سے کئی واپس آئے اور انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو بھی سنبھالا ۔  اس حوالے سے تنظیم اسلامی کی ایک مستقل پالیسی ہے کہ جو بھی رفیق تنظیم چھوڑ کر جائے گا ، اس کے خلاف ہم کوئی بات نہیں کریں گے ۔ تنظیم اسلامی میں شامل ہونے کے لیے چند بنیادی تقاضے ہیں :
٭  ایک یہ کہ عقائد اہل سنت والجماعت والے ہوں۔
٭  دوسرا تنظیم کی بنیادی فکرسے متفق ہو ۔ 
٭ تیسرا :تنظیم کے طریقہ کار اور منہج سے متفق ہو ۔ 
٭ نمبر چار  امیر تنظیم پر ذاتی طور پر اعتماد ہو ۔ 
یہ چار چیزیں ہوں تو کوئی بھی تنظیم میں شامل ہو سکتاہے، دوبارہ بھی شامل ہو سکتا ہے ۔ ان چار بنیادی باتوں میں اختلاف ہو تو ہم اصلاح کی کوشش کرتے ہیں ۔ عقائد میں مسئلہ ہو تو ہم اہل علم سے ملاقات کرو ادیتے ہیں کہ اہل سنت و الجماعت کے عقائد تو یہ ہے ۔فکر اور منہج سے اختلاف ہو تو بیٹھ کر بات چیت کر لیتے ہیں ، امیر پر اعتماد کا معاملہ ہوتو پھر بات چیت سے غلط فہمی دو ر ہو سکتی ہے یااصلاح ہو سکتی ہے ۔ اگر اس کے باوجود بھی کوئی تنظیم چھوڑ کر جانا چاہتا ہے تو کوئی حرج نہیں ہے ۔کیونکہ ہم نہ ’الجماعہ‘ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور نہ تنظیم چھوڑنے والا معاذ اللہ اسلام کے دائرہ سے خارج ہوتا ہے۔ وہ اب بھی اور بعد میںبھی ہمارا مسلمان بھائی رہتا ہے۔ اس کے بعد بھی اس کی خوشی غمی میں شرکت کا معاملہ رکھا جاتاہے ۔ گزشتہ دنوں ہمارے ایک سابق رفیق کے عزیز کا انتقال ہوگیا تو رفقاءنے جناز ے میں شرکت کی اور رفیق سے تعزیت بھی کی ۔ اللہ تعالیٰ اخلاص نیت کو دیکھتا ہے ۔ اگر اخلاص پر رہیں گے تو یہاں نہیں تو روز آخرت تو پھر جمع ہونا ہی ہے ۔ 
سوال: کیا یہ ممکن ہے کہ ہر حلقے کی سطح پر قرآن اکیڈمی کا قیام ہو سکے جہاں گاہے بگاہے قرآن و سنت کی روشنی میں تربیتی ورکشاپس ہو سکیں؟ (ندیم اشرف، لاہور شرقی)
امیر تنظیم اسلامی:یہ قابل تحسین جذبہ ہے تاہم حقیقت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے ۔ دو کمرے کا مکان لے کر اگر کوئی اسے قرآن اکیڈمی قرار دے لے تو لکھنے میں تو آسان ہے لیکن  جس کو ہم قرآن اکیڈمی کہتے ہیں اس کے اپنے تقاضے ہیں ،وہاں بہرحال کوئی مسجد کا بھی انتظام ہوگا، تعلیم و تدریس کے لیے اکیڈمک ہال بھی ہوگا، خواتین کا الگ سے انتظام ہوگا ،اسی طرح ایڈمن بلاک ہوگا ،دیگر تقاضے ہوں گے ۔یہ بڑا سیٹ اپ بنتا ہے۔ کہیں اللہ گنجائش دیتا ہے تو رفقاء مل کر انتظام کرلیتے ہیں لیکن ہماری جو قرآن اکیڈمیز ہیں ان کا انتظام ہمارے ہاں انجمن ہائے خدام القرآن کے ادارے کرتے ہیں جو کہ رجسٹرڈ ہیں ۔ جہاں تک تربیتی کورسز اور دعوتی پروگراموں کا تعلق ہے تو وہ کسی مسجد میں بھی ہو جاتے ہیں ، کسی گھر میں چالیس پچاس افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہو تو وہاں بھی ہو جاتے ہیں ۔ کوئٹہ میں ہمارے ایک رفیق کا وسیع گھر ہے وہاں تربیتی کورسز بھی ہو جاتے ہیں ۔ تاہم تربیتی کورسز میں مبتدی رفقاء بھی ہوتے ہیں ، ملتزم رفقاء بھی ہوتے ہیں ، مدرسین اور معلمین بھی ہوتے ہیں ، انتظامی معاملات بھی ہوتے ہیں ان سب امور میں انجمن ہائے خدام القرآن ہماری مدد کرتی ہیں ۔ ایک دو کورسز مساجد اور گھروں میں بھی ہوجاتے ہیں ،  ان کے لیے اکیڈمی کا ہونا ضروری نہیں ۔ انجینئر نویداحمد صاحبؒ  نے کئی مرتبہ فٹ پاتھ پر بیٹھ کر درس دیا ۔ اگر جذبہ ہو تو کہیں بھی دین کا کام ہو سکتا ہے ۔ آج زمین پر بیٹھیں گے، کل اللہ آسمان تک پہنچا دے گا،یعنی کام کو عروج دے گا۔ان شاءاللہ!
سوال: نوجوان نسل میڈیا پر تمام مذہبی جماعتوں کو منافق کہتی ہے کیونکہ یہ اُس ظلم کے خلاف نہیں بولتے جس نے ایک سیاسی جماعت اور ایک مذہبی جماعت کو کرش کیا۔ اگر تنظیم اسلامی کے امیر ظالم کے خلاف بولنا شروع کر دیں تو بہت سے لوگ تنظیم میں شامل ہو جائیں گے؟(محمد رفیق اختر،کراچی جنوبی)
امیر تنظیم اسلامی: مذہبی جماعتوں پر بلاجواز تنقید کرنا تو ایک ٹرینڈ بن گیا ہے ۔ ایک مرتبہ پانی کی کمی بحث چلی تو لبرل طبقہ کی جانب سے کہا گیا کہ یہ کمی مولوی حضرت کی وجہ سے ہوئی ہے کہ وہ دن میں پانچ مرتبہ وضو کرتے ہیں ۔ اسی طرح موٹیویشن سپیکرز کے ہاں بھی  علماء  اور دینی طبقہ پر تنقید کرنا ایک ٹرینڈ بن گیا ہے ۔ جہاں تک ظلم کے خلاف آواز اُٹھانے کی بات ہے تو تنظیم نے ہر سطح پر ہر ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی ہے ۔ جب مریدکے میں ایک مذہبی جماعت کو کرش کیا گیا تو اس وقت بھی ہم نے پریس ریلز جاری کی ، خطاب جمعہ میں بات کی کہ اُس جماعت سے نظریاتی اختلاف ہو سکتا ہے مگر جس طرح اُس کو کرش کیا گیا ، وہ کاؤنٹر پروڈکٹیو ہو گا۔ پی ٹی آئی سے ہمیں اختلاف ہو سکتا ہے مگر اس کے کارکنوں پر ، عورتوں پر جس طرح مظالم ڈھائے گئے ، جس طرح چادراور  چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، لوگوں کو اُٹھایا گیا ، اس سے نفرتیں بڑھتی ہیں ۔ بلوچستان میں مسنگ پرسنز کے معاملے پر ہم نے کئی مرتبہ بات کی کہ اگر ریاست یہ کام کررہی ہے تو نفرتوں کے مزید بیج بو رہی ہے۔ اگر کشمیر میں کہیں ظلم ہو رہا ہے تو وہ بھی نفرتوں میں اضافے کا باعث بن رہا ہے ۔پُر امن احتجاج قانونی حق ہے اس کو دبانا غلط طرز عمل ہے۔ اگر آپ ظلم کے خلاف بات نہیں کریں گے تو کل کس منہ سے دین کی دعوت دیں گے ۔ کل ہمیں بھی کرش کیا جائے گا ، ہماری بھی زبانیں بند کرنے کی بات کی جائے گی ۔  جو ظلم کے خلاف بات نہیں کر رہا وہ واقعی غلط کررہا ہے لیکن پورے دینی طبقے کو اور تمام علماء کو مورد الزام ٹھہرانا ٹھیک نہیں ہے ۔ 
سوال: شایدر فقاء یہ سمجھتے ہیں کہ ہم جا کر ان میں شامل ہو جائیں، ان کے احتجاج اور دھرنے میںشریک ہوں؟
امیر تنظیم اسلامی:اس معاملے پر کئ مرتبہ پہلے بھی مشاورت ہوئی ہے ۔ ہمارے ہاں ظلم کوئی ایک طرح کا نہیں ہے ۔ کراچی میں روز لاشیں گرتی تھیں تو وہ بھی غلط تھا ، آزاد کشمیر میں گریں تو تب بھی غلط ہے ، بلوچستان اور کے پی کے میں گریں تو وہ بھی غلط ہے ۔ پنجاب میں گریں تو وہ بھی غلط ہے۔اگر سوال یہ ہے کہ ہم ان کی تحریکوں کا حصہ بن جائیں، تو ہمارا اپنا جو منشور اور مقصد ہے اس سے گمراہ ہو جائیں گے ۔ ہماری تحریک تو غلبہ دین کے لیے ہے ۔ یہ مقصد نہ تو کسی دینی سیاسی جماعت کے مدنظر ہے اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے ۔ لہٰذا ہم کیوں جذباتی فیصلہ کرکے اپنی تحریک کو فراموش کر دیں ۔ البتہ جہاں ظلم ہو گا وہاں ہم اس کی مذمت بھی کریں گے ، ظلم کے خلاف آواز بھی اُٹھائیں گے لیکن ہمارا بنیادی فوکس اقامت دین کی جدوجہد پر رہے گا ۔ جاگیردار ، و ڈیرے اپنی نجی جیلوں میںغریب انسانوں سے جو سلوک کرتے ہیں وہ بھی ظلم ہے ، بچوں اور بچیوں کے ساتھ درندگی بھی ظلم ہے ،سودی نظام کی وجہ سے قوم مقروض اور مفلوج ہو چکی ہے اور بھوک اور افلاس کے مارے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں وہ بھی ظلم ہے۔ اشرافیہ اور بیوروکریسی نے جو کرپشن اور لوٹ کھسوٹ مچائی ہوئی ہے وہ بھی ظلم ہے ۔ کیا یہ سب مظالم ہمیں محسوس نہیں ہوتے ؟یہ سب مظالم کیسے ختم ہوں گے ؟ جب ہم اس نظام کو بدلنے کی کوشش کریں  گے ۔ اصل میں تو اس طرف توجہ ہونی چاہیے اور الحمد للہ !    تنظیم اسلامی اسی منہج کو لے کر چل رہی ہے ۔ 
سوال: اگر موجودہ جمہوری نظام اکثریت کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ جو بھی قانون بنائے وہ نافذ ہوگا تو کیا ایسی صورت میں کسی رفیق تنظیم کے لیے جائز ہے کہ وہ کسی کو ایسے نظام کا حصہ بنانے کے لیے ووٹ دے ؟کیا یہ اس نظام کا حصہ بننے اور اس کے تسلسل کا باعث نہیں ہوگا؟(محمد کاشف ،لاہور غربی)
امیر تنظیم اسلامی: تنظیم کا یہ اصولی موقف ہے کہ جمہوریت سے چلتا ہوا نظام تو چلے گا مگر بدلے گا نہیں ۔ نظام صرف انقلابی جدوجہد سے بدلے گا ۔ اسی وجہ سے تنظیم اسلامی انتخابی سیاست میں حصہ نہیں لیتی اور اگر کوئی رفیق تنظیم انتخابی سیاست میں حصہ لے یا کسی اُمیدوار کی انتخابی مہم چلائے تو اسے تنظیم سے خارج کیا جاسکتا ہے ۔ صرف ووٹ دینے کی حد تک اجازت ہے اور اس کے لیے بھی دو شرائط ہیں : 
1۔اُمیدوار ظاہری لحاظ سے فسق و فجور میں مبتلا نہ ہو ۔
 2۔ اس کی جماعت کے منشور میں خلاف اسلام کوئی بات نہ ہو ۔ 
سوال:کیا سٹیج پر بطور مدرس ذمہ داری تفویض کرنے کے لیے تجوید و عربی کے ٹیسٹ میں کامیابی اور نظم کی پابندی کو بنیادی شرائط سمجھا جاتا ہے اور اس پر پورا اترنے والے رفقاءہی کو اس کی ذمہ داری دی جاتی ہے؟(سلیم الدین،کراچی شمالی) 
امیر تنظیم اسلامی:تنظیم اسلامی کا مدرس بننے کے لیے تجوید اور عربی گرائمر کا ٹیسٹ پاس کرنا ، ملتزم رفیق ہونا اور نظم کا پابند ہونا ضروری ہے ۔ کیونکہ مدرس تنظیم کا چہرہ اور نمائندہ ہوتاہے ۔ کئی مرتبہ احباب تنظیم کے ذمہ داران کو نہیں جانتے، وہ مدرس کو جانتے ہیں۔ تجوید کا فائدہ یہ ہےکہ ہماری تلاوت حرام غلطیوں، لحن جلی سے پاک ہو جاتی ہے ۔ اتنا علم حاصل کرنا تو ہر مسلمان کے لیے فرض کے درجے میں ہے ۔ اگر تلاوت قرآن میں غلطیاں ہوں  تو سامعین کو کیا پیغام جائے گا ؟ اسی طرح عربی گرائمر کا پاس ہونا بھی ضروری ہے تاکہ ترجمہ کرنے میں غلطی نہ ہو ۔ اگر صرف تعلیم کے لیے قرآن کا پیغام پہنچانا مقصود ہے تو  آپ قرآن کا ترجمہ اور تفسیر پڑھ کر سنادیں ، احادیث کا ترجمہ سنا دیں اس میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن درسِ قرآن کے لیے مدرس کا تجوید اور عربی گرائمر میں پاس ہونا ضروری ہے ۔ دورئہ ترجمہ قرآن کروانے کے لیے کچھ مزید کورسز بھی کرنے پڑتے ہیں ۔ ہمارے ہاں تمام مدرسین کے لیے ہر سال ریفریشر کورسز بھی ہوتے ہیں تاکہ ہمارے مدرسین اچھے طریقے سے تنظیم کی دعوت کو پیش کرسکیں ۔ 
سوال:تنظیم اسلامی کے امیر کے لیے مدت ِ امارت کیوں مقرر نہیں ہے ۔ کیا تنظیم میں  انٹرنل ڈیموکریسی نہ ہونے کی کوئی خاص وجہ ہے؟( مزمل وقار، کراچی)
امیر تنظیم اسلامی: پہلی اصولی بات یہ ہے کہ ہماری تنظیم بیعت کی بنیاد پر قائم ہے۔ بیعت کی سنت اللہ کے رسولﷺ نے عطا فرمائی اور خلفائے راشدین کی خلافت بھی بیعت کی بنیاد پر منعقد ہوئی۔ جب تک خلیفہ راشد کا انتقال نہ ہو جاتا تو اگلے خلیفہ کی خلافت کا انعقاد نہیں ہوتا تھا ۔ یعنی خلافت کا تصور تاحیات تھا ۔ بانی تنظیم اسلامیؒ کے دور سے ہی اس موضوع پر بحث ہوتی رہی ہے۔ ہم نے یہی اصول خلافت راشدہ سے اخذ کیا ہے ۔ تاہم جب اسلامی نظام قائم ہو جائے گا تو پھر اکثریت کی رائے سے امارت کی مدت ، انتخاب کا طریقہ کار وغیرہ طے کیا جا سکتا ہے۔ لیکن جب تک نظام قائم نہیں ہوجاتا تب تک ایک ہی امیر کی بیعت رہے گی، اگر دوسرا فرد اپنا جتھا بنا کر امیدواری کرے گا تو جماعت منتشر ہو جائے گی ۔ ایک گروہ دوسرے گروہ کے مقابلے میں آجائے گا ۔ آپس کی سرپٹھول جماعت کو اصل ہدف سے دور لے جائے گی ۔ جبکہ بیعت کے نظام میں صرف ایک امیر کی بیعت ہوگی اور جماعت منتشر نہیں ہوگی۔