حقیقت ِنفاق
ڈاکٹر اسرار احمدؒ
(بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کے دورئہ ابوظہبی1985ء میں کیے گئے
ایک خطاب سے ماخوذ شائع شدہ ماہنامہ میثاق اکتوبر،نومبر2026ء)
آج کا موضوع نسبتاًمشکل اور پیچیدہ ہے۔ اس کی اہمیت اِس لیے بہت زیادہ ہے کیونکہ نفاق کے روگ اور بیماری کے انجام کے بارے میں سورۃ النساء کی آیت 145میں وضاحت کر دی گئی ہے کہ ’’منافقین جہنم کے سب سے نچلے طبقے میں ہوں گے۔‘‘ یہ اس بات کی قطعی دلیل ہے کہ اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ کو کفر کے مقابلہ میں نفاق سے کہیں زیادہ نفرت ہے۔ کافر تو کھلم کھلا منکر ہوتا ہے ‘وہ اسلام کا دعویٰ نہیں کرتا جبکہ منافق دوہرا مجرم ہے۔ اُس کا کردار آستین کے سانپ کی طرح ہوتا ہے۔ وہ اسلام کا دعویٰ تو کرتا ہے لیکن اسلام ہی کے خلاف سازشیں بھی کررہاہوتا ہے۔
ہر مسلمان اپنے لیے رسول اکرمﷺ کی شفاعت کو آخری سہارا سمجھتا ہے کہ اگر حضورﷺ ہمارے گناہوں کی بخشش کے لیے دعا فر مادیں ‘ہماری خطاؤں کی معافی کے لیے سفارش کر دیں تواُمید ہوتی ہے کہ یہ ہماری نجات کا ذریعہ بن جائے‘ لیکن سورۃ التوبہ کی آیت 80میں اللہ تعالیٰ نے منافقین کے لیے یہ امید بھی ختم کر دی۔فرمایا گیا:{ اِسْتَغْفِرْ لَہُمْ اَوْ لَا تَسْتَغْفِرْ لَہُمْ ط اِنْ تَسْتَغْفِرْ لَہُمْ سَبْعِیْنَ مَرَّۃً فَلَنْ یَّغْفِرَ اللہُ لَہُمْ ط }’’(اے نبیﷺ!) آپ خواہ اُن کے لیے استغفار کریں یا نہ کریں۔ اگر آپ اُن کے لیےسترمرتبہ بھی استغفار کریں گے پھر بھی اللہ اُن کوہرگز نہیں بخشے گا۔‘‘
قرآن مجید کے اِن الفاظ میں انتہائی سختی سے منافقین کی مغفرت کی تردید کردی گئی۔ چونکہ آپ ﷺ سراپا رحمت و شفقت تھے؛ رحمت ‘مؤدت‘ نرمی آپؐ کی طبیعت میں کُوٹ کُوٹ کر بھری ہوئی تھی اس لیے آپؐ کو مخاطب کر کے قرآن پاک میں دو مقامات پریہ بھی کہا گیا :
{یٰٓـاَیـُّھَا النَّبِیُّ جَاھِدِ الْکُفَّارَ وَ الْمُنٰفِقِیْنَ وَاغْلُظْ عَلَیْھِمْ ط وَمَاْوٰىہُمْ جَھَنَّمُ ط وَ بِئْسَ الْمَصِیْرُ(9)} (التحریم)’’ اے نبی(ﷺ!) آپؐ کفار اور منافقین سے جہاد کریں اور ان پر سختی کریں۔ ان کا ٹھکانا جہنم ہے ‘اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔ ‘‘
رسول اکرمﷺ نے اپنے اس مزاج کی وجہ سے سورۃ التوبہ کی آیت نازل ہونے پر فرمایا تھاکہ اگر مجھے یہ امید ہوتی کہ ان کی بخشش ہو سکتی ہے تو میں 70مرتبہ سے زیادہ استغفار کرلیتا ۔ اس پر سورۃ التوبہ کی آیات84 و مابعد نازل ہوئیں:
{وَلَا تُصَلِّ عَلٰٓی اَحَدٍ مِّنْہُمْ مَّاتَ اَبَدًا وَّلَا تَقُمْ عَلٰی قَبْرِہٖ ط اِنَّہُمْ کَفَرُوْا بِاللہِ وَرَسُوْلِہٖ وَمَاتُوْا وَہُمْ فٰسِقُوْنَ(84)}’’اور (اے نبیﷺ!) ان میں سے کوئی مرجائے تو اُس کی نمازِ جنازہ کبھی بھی ادا نہ کریں اور اُس کی قبر پر بھی کھڑے نہ ہوں۔ یقیناً انہوں نے کفر کیا ہے اللہ اوراُس کے رسول ؐکے ساتھ اور وہ مرے ہیں اسی حال میں کہ وہ نافرمان تھے۔‘‘
لہٰذا اِن دو باتوں یعنی منافقین کا ٹھکانا جہنم کا سب سے نچلا گڑ ھا ہوگا اور منافقین کی مغفرت کسی شکل میں نہیں ہو سکتی ‘سے یہ سمجھ لینا چاہیے کہ نفاق کا مرض نہایت خوف کے لائق ہے اور ہمیں اِس سے بچنے کی شعوری کو شش کرنی چاہیے۔
نفاق کا اندیشہ کس کو؟
اس ضمن میں ہم مسلمان ایک مغالطے کا شکار ہیں اور وہ یہ کہ ہم سمجھتے ہیں کہ منافق کوئی علیحدہ جنس ہے‘ہم تو منافق ہو ہی نہیں سکتے۔ اسی وجہ سے جب ہم قرآن حکیم میں نفاق اور منافقین سے متعلق آیات کا مطالعہ کرتے ہیں تو سرسری طور پر پڑھ کر گزر جاتے ہیں‘ہمارے دل لرزتے نہیں۔ ہم سوچتے ہی نہیں کہ ان آیات میں ہمارا کوئی ذکر بھی ہو سکتا ہے ۔اسی سوچ کی وجہ سے ہم اپنا محاسبہ نہیں کرتے اور ان آیات کی تاثیرسے محروم رہتے ہیں۔ نہ آنکھیں نم ہوتی ہیں اور نہ ہی دِل نرم پڑتے ہیں ‘ جب کہ اِن ہی آیات کو جب صحابہ کرام ؓ پڑھتے تھے توکانپ جاتے تھے ۔ ہمیں اِن آیات کو پڑھ کر کچھ ہوتا ہی نہیں‘ کیونکہ ہم نے اپنے ذہن میں اس بات کو بٹھا لیا ہے کہ ہم تو محمد رسول اللہﷺ کی اُمّت میں سے ہیں اور بخشے بخشائے ہیں۔ ہمارے اور صحابہ کرام ؓ کے اس طرزِ عمل کی برعکس کیفیت کو سمجھنے کے لیے نبی اکرمﷺ کے دو واقعات پر غور کرتے ہیں:
1)حضرت حنظلہ (بن ربیع) اسیدی ؓ سے روایت ہے کہ (ایک دن)حضرت ابوبکر ؓ مجھ سے ملے اور دریافت کیا: ’’حنظلہ! آپ کیسے ہیں؟‘‘ میں نے کہا: ’’حنظلہ منافق ہو گیا ہے۔‘‘ (حضرت ابوبکر ؓ نے) کہا: ’’سبحان اللہ! تم کیا کہہ رہے ہو؟ ‘‘میں نے کہا: ’’ہم رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوتے ہیں۔ آپؐ ہمیں جنت اور دوزخ کی یاد دلاتے ہیں‘ حتیٰ کہ ایسا لگتا ہے گویا ہم انہیں آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ پھر جب ہم رسول اللہﷺ کے ہاں سے نکلتے ہیں تو بیویوں‘ بچوں اور کھیتی باڑی (اور دوسرے کام کاج) کو سنبھالنے میں لگ جاتے ہیں اور بہت سی چیزیں بھول بھلا جاتے ہیں۔‘‘ حضرت ابوبکر ؓ نے کہا: ’’اللہ کی قسم! یہی کچھ ہمیں بھی پیش آتا ہے۔‘‘ پھر میں اور حضرت ابوبکر ؓ چل پڑے اور رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ میں نے عرض کی: ’’اللہ کے رسولﷺ! حنظلہ منافق ہو گیا ہے۔‘‘ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ’’وہ کیا معاملہ ہے؟‘‘ میں نے عرض کی: ’’اللہ کے رسولﷺ! ہم آپؐ کے پاس حاضر ہوتے ہیں‘ آپؐ ہمیں جنت اور دوزخ کی یاددلاتے ہیں‘ تو حالت یہ ہوتی ہے گویا ہم (جنت اور دوزخ کو) اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں‘ اور جب ہم آپؐ کے ہاں سے باہر نکلتے ہیں تو بیویوں‘ بچوں اور کام کاج کی دیکھ بھال میں لگ جاتے ہیں‘ ہم بہت کچھ بھول جاتے ہیں۔‘‘ اِس پر رسول اللہﷺ نے تین بار ارشاد فرمایا:
’’اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر تم ہمیشہ اسی کیفیت میں رہو جس طرح میرے پاس ہوتے اور ذکر میں لگے رہو تو تمہارے بچھونوں پر اور تمہارے راستوں میں فرشتے (آ کر) تمہارے ساتھ مصافحے کریں‘ لیکن اے حنظلہ! کوئی گھڑی کسی طرح ہوتی ہے اور کوئی گھڑی کسی (اور) طرح۔‘‘(رواہ مسلم)
یعنی رسول اللہ ﷺ نے حضرت حنظلہ ؓ کو اطمینان دلایا کہ یہ نفاق نہیں ہے۔ باقی تمہاری ایمان اور یقین کی جو کیفیت میری صحبت میں ہوتی ہے‘ اگر وہ دائم ہوجائے تو فرشتے تم سے تمہارے بستروں میں اور راستوں میں مصافحہ کرنے لگیں ۔ یہ کیفیت تو کبھی کبھی ہی میسر آ سکتی ہے ۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ کرامj کبھی بھی اپنے آپ کو نفاق سے بالکل محفوظ نہیں سمجھتے تھے ‘ بلکہ اِس معاملہ میں اِس قدرحساس تھے کہ ہمہ وقت اپنا جائز ہ لیتے رہتے تھے۔
(2 غزوئہ تبوک سے واپسی پر جب مسلمانوں کا لشکر اندھیری رات میں ایک تنگ گھاٹی پرسے گزرا تو وہاں مدینہ کے کچھ منافقین رسول اللہ ﷺ کو (نعوذباللہ) شہید کرنے کے لیے چھپ کر بیٹھے ہوئے تھے۔ جب آپﷺ اس تنگ جگہ سے گزرے تو اُنہوں نے حملہ کر دیا۔ آپﷺ کے ساتھ جو صحابہؓ تھے ‘اللہ تعالیٰ نے اُن کو ہمت دی اور اُنہوں نے اپنی لاٹھیوں کو منافقین کے اونٹوں کے منہ پر ایسے مارا کہ وہ پلٹ کر واپس بھاگ گئے۔ اگرچہ ان منافقین نے منہ پر کپڑے باندھے ہوئے تھے لیکن آپﷺ نے حضرت حذیفہ بن یمان ؓ کو ان کے نام بتا دئیے کہ یہ فلاں فلاں افراد تھے۔ حضورﷺ نے حضرت حذیفہ ؓ کو اپنا رازدار بنانے کا شرف بخشا تھا اور آنے والے فتنوںسے متعلق‘ اور تمام منافقین کے ناموں اور ان کے احوال سے متعلق پوری تفصیل سے ان کو آگاہ فرمایا تھا۔ چنانچہ حضرت حذیفہ ؓ کا نام صَاحِبُ سِرِّالنَّبِیﷺ (نبیﷺ کے رازدان) مشہور ہوگیا۔ایک مرتبہ حضرت عمر ؓ نے حضرت حذیفہ ؓ کو اللہ کی قسم دے کر پوچھا تھا کہ مجھے صرف یہ بتا دو کہ کہیں میرا نام تو منافقین میں نہیں ہے!
ان واقعات کوسننے کے بعد ہم اپنے بارے میں غور کریں تو یہ واضح ہوگا کہ ہمارے سوچنے اور صحابہ کرام ؓ کے سوچنے کا انداز بالکل بر عکس ہے۔ انہوں نے کبھی اپنے آپ کو نفاق سے محفوظ نہیں سمجھا بلکہ ہمیشہ ڈرتے رہتے تھے اور مسنون دعا کرتے تھے :((اللّٰهُمَّ طَهِّرْ قَلْبِي مِنَ النِّفَاقِ، وَ عَمَلِي مِنَ الرِّيَاءِ، وَ لِسَانِي مِنَ الْكَذِبِ، وَ عَيْنِي مِنَ الْخِيَانَةِ، فَإِنَّكَ تَعْلَمُ خَائِنَةَ الْأَعْيُنِ وَ مَا تُخْفِي الصُّدُورُ))[مشكوٰة المصابيح]
’’اے اللہ! میرے دل کو نفاق سے‘ میرے عمل کو ریا سے‘ میری زبان کو جھوٹ سے اور میری آنکھوں کو خیانت سے پاک کر دے‘ کیونکہ تُو خیانت کرنے والی آنکھوں کو جانتا ہے اور جو کچھ سینے (دل) چھپاتے ہیں (تُو اسے بھی جانتا ہے)۔‘‘
یہ کیفیت ایک بندۂ مومن کی لازماً ہونی چاہیے‘ کیونکہ مومن ہمیشہ نفاق سے ڈرتا ہے جبکہ منافق ہمیشہ اپنے آپ کو نفاق سے محفوظ سمجھتا ہے۔ ابن ابی ملیکہؒ کہتے ہیں: ’’میں نبی اکرمﷺ کے تیس صحابہؓ سے ملا ہوں‘ اُن میں سے ہر ایک کو اپنے بارے میں نفاق کا اندیشہ تھا۔ ان میں سے کوئی ایک بھی یہ نہیں کہتا تھا کہ اُس کا ایمان جبریل اور میکائیل کے ایمان کی طرح ہے۔‘‘ مشہور تابعی حضرت حسن بصری رحمہ اللہ کا قول ہے: مَا خَافَہُ إِلَّا مُؤْمِنٌ وَلَا أَمِنَہُ إِلَّا مُنَافِقٌ ’’نفاق سے وہی ڈرتا ہے جو مومن ہو‘ اور اس سے خود کو محفوظ وہی سمجھتا ہے جو منافق ہو۔‘‘(صحیح بخاری)
یعنی مومن کو ہر وقت یہ خطرہ لا حق ہوتا ہے کہ کہیں مجھ پر نفاق کا حملہ نہ ہو جائے۔ ظاہر ہے کہ جس کے پاس دولت ہوتی ہے اُسے ہی چوری کا ڈر ہوتا ہے‘ جس کے پاس کچھ ہے ہی نہیں تو اُسے چوری کا ڈر بھی نہیں ہوتا ۔بالکل اسی طرح جس کے پاس ایمان کی دولت ہوگی ‘ اُسے نفاق کا بھی خوف ہوتا ہے لیکن جس کے پاس ایمان ہی نہیں تو اُسے نفاق کا کیا خوف ہوگا!گویا صرف صاحب ِایمان کو اپنے بارے میں نفاق کا خوف ہوتا ہے جبکہ منافق اپنے آپ کونفاق سے بالکل محفوظ سمجھتا ہے۔
الحمد للہ ہم منافق نہیں ہیں‘ لیکن ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہمارا نفاق سے کوئی تعلق نہیں اور ہم تو منافق ہو ہی نہیں سکتے۔ آج کی کیفیت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ضرور ادا کریں لیکن یہ جان لیں کہ یہ بیماری کسی وقت بھی حملہ آور ہو سکتی ہے ۔ اس لیے ہمیں ہمیشہ اپنی دلی کیفیت اور طرزِ عمل کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے نفاق سے بچنے کی دعا کرتے رہنا چاہیے۔یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ نفاق دراصل کیا ہے! اس بیماری کی علامات کیا ہیں؟ اِس کا آغاز کیسے ہوتا ہے؟
نفاق کی علامات
اس حوالہ سے دوا حادیث ِمبارکہ پیش کی جا رہی ہیں:
t حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :’’منافق کی تین نشانیاں ہیں: (1) جب بات کرے جھوٹ بولے۔ (2) جب وعدہ کرے خلاف ورزی کرے ۔(3)جب اُس کے پاس امانت رکھوائی جائے تو خیانت کرے۔‘‘(متفق علیہ)
یہ الفاظ بخاری ومسلم دونوں کے ہیں ۔آگے جو الفاظ ہیں‘ وہ مسلم شریف میں مزید اضافہ ہے : ((وَإِنْ صَامَ وَ صَلّٰى وَ زَعَمَ اَنَّهُ مُسْلِمٌ)) ’’خواہ ایسا شخص نماز پڑھتا ہو‘ روزہ رکھتا ہو اور اپنے آپ کو مسلمان سمجھتا ہو۔‘‘
t دوسری حدیث بھی متفق علیہ ہے۔ حضرت عبد اللہ بن عمر و ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا :
’’چار خصلتیں ایسی ہیں کہ جس میں یہ چاروں ہوں گی وہ تو خالص (کٹر) منافق ہوگا‘ اور جس میں ان میں سے ایک خصلت ہوگی اس میں نفاق کی ایک خصلت ہوگی‘ یہاں تک کہ وہ اس کو چھوڑ دے: (1) جب اس کے پاس امانت رکھوائی جائے‘ خیانت کرے۔ (2) جب بات کرے ‘جھوٹ بولے۔ (3) جب وعدہ کرے‘ خلاف ورزی کرے۔ (4) جب کسی سے جھگڑ پڑے توآپے سے باہر ہوجائے (یعنی اس کے جذبات بے قابو ہو جائیں اور وہ گالم گلوچ پر اتر آئے۔)‘‘(متفق علیہ)
یہ منافقین کی چارخصلتیں ہیں۔ اگر کسی میں چاروں ہوں تو وہ پکا منافق ہے‘ اگر ایک ہوتو اسی نسبت سے منافق ہوگا۔اس کو یوں بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ یہاں بتایا گیا ہے کہ چار صفات کی وجہ سے سو فیصد منافق ہوا اور ایک صفت کی وجہ سے پچیس فیصد۔ پس اسی طرح اگر دو صفات ہوں گی تو پچاس فیصد اور تین ہوں گی تو پچھتر فیصد منافق ہوا۔(جاری ہے)