(خصوصی رپورٹ) مصنوعی ذہانت :توقعات ، خدشات اور حل - محمد رفیق چودھری

11 /

AI کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو جائے، اسے بنانے اور استعمال کرنے والوں کے

لیے سخت احتساب اور نگرانی کے مؤثر ضابطے ناگزیر ہیں:ڈاکٹر اسرارعلی

مصنوعی ذہانت کی آمد سے زندگی کے وہ تمام شعبے جن کا دارومدار انسانی

ذہن اور فکری صلاحیتوں پر ہے، سب سے زیادہ متاثر ہوں گے:حمزہ شاہد

AIانسانی آزادیوں کے لیے سنگین خطرہ ہے کیونکہ اسے چلانے والے ادارے اور

افراد اثر انداز ہونے کے انتہائی طاقتور ذرائع حاصل کر چکے ہیں:فضل باسط

اے آئی کبھی بھی انسانی ذہانت کی جگہ نہیں لے سکتی:ذیشان محمود

مصنوعی ذہانت :توقعات ، خدشات اور حل

میز بان : آصف حمید

مرتب : محمد رفیق چودھری

میزبان:آج ہماری گفتگو کا موضوع مصنوعی ذہانت کے دور میں فکر و عمل کی حفاظت ہے ۔ آج AI ایک مرکزی موضوع بن چکا ہے۔جوAI کے بارے میں نہیں جانتا اس کے علم میں بھی اس طرح کی بات ضرور ہے کہ کوئی نہ کوئی عفریت آگیا ہے جوانسانی زندگیوں کو متاثر کر رہا ہے ۔ ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ بہت سے لوگ اس پر انحصار کر رہے ہیں۔کچھ لوگ اس سے اچھے کام بھی لے رہے ہیں لیکن اکثر غلط کاموں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں ۔ جیسا کہ جعلی آڈیو اور ویڈیوز کا معاملہ بھی سامنے آرہا ہے ۔ آج کی ہماری اس نشست کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے رفقاء اور احباب AI کے اچھے اور بُرے اثرات سے آگاہ ہو جائیں اور انہیں سادہ اور بنیادی معلومات حاصل ہو جائیں کہ وہ اسے اچھے کاموں کے لیے استعمال بھی کر سکیں ۔ گفتگو کے لیے آج ہمارے ساتھ موجود ہیں محترم ذیشان محمودجوکہ ہمارے سینئر رفیق تنظیم ہیں اور سافٹ ویئر انجینئر بھی ہیں ، ماشاء اللہ تین سافٹ ویئر کمپنیاں چلا رہے ہیں ۔ ہمارے ساتھ دوسرے پینلسٹ حلقہ کراچی جنوبی کی مقامی تنظیم کورنگی کے امیرمحترم ڈاکٹر اسرار علی ہیںجوکہ اقراء یونیورسٹی میں ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ہیں، کمپیوٹر سائنس میں ان کی پی ایچ ڈی ہے اور AIکے حوالے سے خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔ محترم فضل ِباسط بھی ہمارے ساتھ موجود ہیں جن کا تعلق پشاور سے ہے ۔  پشاور کی FAST یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں ، سافٹ ویئر کا تجربہ بھی رکھتے ہیں، تنظیم اسلامی کے حلقہ خیبر پختونخوا کے ناظم تربیت بھی ہیں اور 22 سال سے درس و تدریس میں مصروف ہیں۔ محترم حمزہ شاہد بھی آج ہمارے ساتھ شریک گفتگو ہوں گے جو کہ انجمن خدام القران  اسلام آباد کے صدرہیں۔  22 سال سے سافٹ ویئر انڈسٹری میں کام کر رہے ہیںاور تنظیم اسلامی کے تحت جو ای آر پی کا کام ہو رہا ہے اس کو لیڈ کر رہے ہیں ۔ 
سوال: مصنوعی ذہانت یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس کیا چیز ہے۔ اس کا مختصراً تعارف کراد یں؟
ڈاکٹر اسرارعلی:آرٹیفیشل انٹیلی جنس آج ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جسے شارٹ ٹرم میںہم AIکہہ دیتے ہیں ۔ بنیادی طور پر یہ ایک کمپیوٹر ٹیکنالوجی ہے جو مشینوں کو انسانوں کی طرح کچھ کام کرنے کے قابل بنا دیتی ہے۔ مثال کے طور پر ہم AIسافٹ ویئرز کو بڑی مقدار میں ڈیٹا فراہم کرتے ہیں ، پھر مشین لرننگ کے ذریعے ان کی ٹریننگ ہوتی ہے ، پھر وہ اس ڈیٹا میں سےمختلف نمونوں کو شناخت کرنا سیکھ لیتے ہیں اور پھر ان کو جب ٹیسٹ کیا جاتا ہے توان کی تشخیص  ہوتی ہے۔ اس کے بعد یہ نئے ڈیٹا کو دیکھ کر اسی انداز سے پیٹرن کو ریکگنائز کر کے کچھ جوابات دیتے ہیں۔
سوال: یہ مشین لرننگ کیا چیز ہے؟
ڈاکٹر اسرارعلی:یہ AI کی وہ شاخ ہے جس میں مشینوں کو ڈیٹا کے ذریعے تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ انسانوں کی طرح تجربے سے سیکھیں اور ہر بار پہلے سے بہتر کارکردگی دکھائیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف الگورتھمز استعمال ہوتے ہیں، جن میں سپروائزڈ، ان سپروائزڈ اور ری اننفورسمنٹ لرننگ شامل ہیں۔ آج کل کے مشہور AI ماڈلز (جیسے چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور جمنائی) کو بہت  بڑے پیمانے پر ڈیٹا سے پہلے ہی تربیت دی جا چکی ہے۔ یہ زبان کو ان پٹ اور آؤٹ پٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اب یہ ماڈلز صرف متن تک محدود نہیں رہے، بلکہ جنریٹو اے آئی کی بدولت آواز، ویڈیوز اور تصاویر بھی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے پاس نہ صرف بہت زیادہ معلومات اور پروسیسنگ پاور ہے، بلکہ یہ صارفین کو مطمئن کرنے کے لیے بہترین انداز میں جواب بھی دیتے ہیں۔مصنوعی ذہانت ہمارے لیے ایک طاقتور مددگار ہے، اس لیے ہمیں اسے اپنا اسسٹنٹ ہی بنانا چاہیے، ماسٹر (آقا) نہیں۔
سوال: مصنوعی ذہانت کی تاریخ کیا ہے؟ کب شروع ہوئی ، آج ہم اس میدان میں کہاں پر کھڑے ہیںاور مستقبل میں یہ کہاں تک جائے گی ؟
فضل باسط:مصنوعی ذہانت کا باقاعدہ تعلق اگرچہ کمپیوٹر سائنس سےہے لیکن اس کی اصل جڑیں ریاضیات میں پیوست ہیں۔ سترہویں اور انیسویں صدی میں سائنس دانوں نے حسابی اور منطق کے مسائل کو مشینوں کے ذریعے حل کرنے کے امکانات پر غورکرنا شروع کیا ۔ اس سلسلے میں چارلس بابیج نے ’اینالیٹیکل انجن‘ کا تصور پیش کیا جسے جدید کمپیوٹر کی اولین بنیاد مانا جاتا ہے، جبکہ ایڈا لوولیس نے اس تجزیاتی انجن کے لیے پہلا الگورتھم (طریقہ کار) تحریر کیا اور دنیا کا پہلا کمپیوٹر پروگرامر کہلا یا۔ ان ابتدائی کوششوں نے مستقبل کی کمپیوٹنگ کی راہ ہموار کی۔ کمپیوٹنگ کے نظریاتی اور عملی تصورات نے 1930ء سے 1950ء کی دہائی کے دوران بڑی ترقی کی۔ ایلن ٹیورنگ نے یہ نظریہ پیش کیا کہ مشینیں بھی مخصوص حالات میں انسانی ذہانت جیسا رویہ اختیار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے 1950ء میں اپنا مشہور مقالہ کمپیوٹنگ مشینری اینڈ    انٹیلی جنس شائع کیا اور ’ٹیورنگ ٹیسٹ‘ کا تصور پیش کیا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا مشین کا رویہ انسانی ذہانت سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں۔ اس دور نے کمپیوٹنگ کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا۔مصنوعی ذہانت کا باقاعدہ آغاز 1956ء میں امریکہ میں ہونے والی ’ڈارٹ ماؤتھ کانفرنس‘ سے ہوا، جو اس فیلڈ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس کانفرنس میں جان مکارتھی نے پہلی بار آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی اصطلاح کو فروغ دیا۔ اس دوران سائنس دانوں نے یہ تحقیق شروع کی کہ کمپیوٹر کو انسانی ذہانت کے بعض پہلوؤں مثلاً سیکھنے، مسئلہ حل کرنے اور فیصلہ سازی کے قابل کیسے بنایا جائے۔1960ء سے 1990ء کی دہائی کے دوران ایسے پروگرام تیار کیے گئے جو پہلے سے متعین قواعد اور منطقی اصولوں کی بنیاد پر فیصلے کرتے تھے، جنہیں ’رول بیسڈ سسٹمز‘ یا ’ایکسپرٹ سسٹمز‘ کہا جاتا ہے۔ یہ پروگرامز کسی مخصوص شعبے میں انسانی ماہرین کے علم کی بنیاد پر مسائل حل کرتے تھے، تاہم ان کی بڑی کمزوری یہ تھی کہ وہ صرف پہلے سے فراہم کردہ قواعد تک محدود تھے۔ جب متوقع نتائج حاصل نہ ہوئے تو AI کے اس دور کو ’اے آئی ونٹر‘ کا نام دیا گیا۔1990ء کی دہائی سے لے کر 2010ء تک کا دور مصنوعی ذہانت کے لیے ایک بڑا عروج لے کر آیا، جس میں ’مشین لرننگ‘ کی اصطلاح نے زبردست مقبولیت حاصل کی۔ اس دوران کمپیوٹر کے لیے ہر کام کے الگ الگ قواعد بنانے کے بجائے ڈیٹا سے سیکھنے پر توجہ دی گئی، جہاں کمپیوٹر بڑی مقدار میں ڈیٹا فراہم کیے جانے پر اس میں موجود پیٹرنز سے سیکھ کر پیشگوئی یا    فیصلہ سازی کرتا تھا۔ اسی تسلسل میں 1997ء میں آئی بی ایم کے کمپیوٹر ’ڈیپ بلو‘ نے شطرنج کے اُس وقت کے عالمی چیمپئن گری کاسپاروف کو شکست دے کر دنیا کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ کمپیوٹر انسانی دماغ کو بھی ہرا سکتا ہے۔اس کے بعد 2010 ءسے 2020ء تک کا دور ’ڈیپ لرننگ‘ اورنیورل نیٹ ورکس کے نام رہا۔ اس دوران گرافکس پروسیسنگ یونٹس کی ترقی نے بڑی مقدار میں ڈیٹا پر تیز رفتار ٹریننگ کو ممکن بنایا۔ 2012ء میں ’ایلیکس نیٹ‘ کی تصویری شناخت کے میدان میں کامیابی کو بڑی اہمیت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد 2017ء میں ایک بہت بڑا پیراڈائم شفٹ آیا جب ’ٹرانسفارمر ماڈلز‘ متعارف ہوئے، جنھوں نے جدید لارج لینگویج ماڈلز کی ترقی کی بنیاد رکھی۔آج ہم جس دور میں داخل ہو چکے ہیں وہ 2020ء کے بعد کا ’جنریٹو اے آئی‘ کا دور ہے۔ اِس دور میں مصنوعی ذہانت صرف ڈیٹا کے تجزیے تک محدود نہیں ہے، بلکہ نیا مواد تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جنریٹو اے آئی اور ایل ایل ایم کی بدولت تحریری مواد، تصاویر، آواز، ویڈیوز اور پروگرامنگ کوڈ اب خود بخود تیار کیے جا رہے ہیں۔ آج چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور جمنائی جیسے ٹولز نے روزمرہ کی تعلیم، تحقیق اور کاروبار کو یکسر بدل دیا ہے، اور یہ ٹیکنالوجی مسلسل تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
سوال:AI سے آج جو کام لیے جارہے ہیں، ان کی وجہ سے اس کا دائرہ کار بھی بڑھتا چلا جارہا ہے ۔ کیا یہ مستقبل میں انسانی ذہانت کو بھی مات دے دے گا یا انسانی ذہانت کا متبادل بن جائے گا ؟
ذیشان محمود:یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ مصنوعی ذہانت انسان کا مکمل متبادل بن جائے گی۔ موجودہ دور میں دیکھا جائے تو اس کا سادہ جواب نفی میں ہے، کیونکہ AI کبھی بھی انسانی ذہانت کی جگہ نہیں لے سکتی۔ انسان  کے پاس اس کا پیشہ ورانہ تجربہ، جذبات، اخلاقیات اور حالات کے عین مطابق فوری فیصلہ کرنے کی جو صلاحیت ہوتی ہے، وہ AI میں مفقود ہے۔ اگرچہ انڈسٹری کے بڑے رہنما ’AGI‘ اور اس سے بھی آگے ’ASI‘ بنانے کے دعوے کر رہے ہیں، لیکن اس منزل تک پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا، یہ ایک الگ بحث ہے۔تاہم، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہAI بہت سے مخصوص اور روزمرہ کے کاموں میں انسان کا مؤثر متبادل ضرور بن چکی ہے۔ آج ابتدائی تحریریں تیار کرنے، تراجم کرنے، اور کاروباری کسٹمر سپورٹ کے شعبے میں اس کا بھرپور استعمال ہو رہا ہے۔ خاص طور پر سافٹ ویئر انجینئرنگ جیسے شعبوں میں کوڈنگ، ڈیٹا تجزئیے اور رپورٹس بنانے کے لیے AI سے بڑے پیمانے پر مدد لی جا رہی ہے۔ اس کے باوجود، اس پورے عمل میں ہیومن اِن دی لوپ کا عنصر ہمیشہ موجود رہتا ہے، یعنی کسی بھی مرحلے پر انسان کو مکمل طور پر اس عمل سے باہر نہیں نکالا جا سکتا۔
سوال:اے آئی ہماری زندگی کے کون کون سے شعبوں کو متاثر کر رہی ہے؟
حمزہ شاہد:اگر ہم سازشی تھیوریز کو ایک طرف رکھ کر خالصتاً کاروباری نقطۂ نظر سے سوچیں، تو یہ سمجھنا اہم  ہے کہ پچھلی کئی دہائیوں سے بڑی کارپوریشنز اور ٹیک کمپنیاں زیادہ تر ان لوگوں کو کھپاتی رہی ہیں جو اپنی ذہنی صلاحیتیں استعمال کرتے ہیں اور ظاہر ہے کہ مینول لیبر کے مقابلے میں ان ذہنی صلاحیتوں کے حامل افراد کو بھاری معاوضہ دینا پڑتا ہے۔ ہر بزنس مین کی اولین ترجیح اپنی لاگت کو کم کرنا اور پرافٹ کو بڑھانا ہوتی ہے، اس لیے بڑی ٹیک کمپنیاں سب سے پہلے ان کاموں کوAI کے سپرد کر رہی ہیں جو اب تک انسانی ذہن سے لیے جاتے تھے۔ لہٰذا، یہ ضروری نہیں کہAI فوری طور پر انسانی ذہانت کا مکمل متبادل بن جائے، لیکن کاروباری دنیا میں کاسٹ کٹنگ کی اِس دوڑ کے تحت یہ عمل مرحلہ وار آگے بڑھ رہا ہے، جہاں سب سے پہلے ان شعبوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جو لاگت کم کرنے کے لیے سب سے زیادہ ضروری ہیں۔
میزبان: اس میں دو رائے نہیں کہ اللہ تعالیٰ کی    
 تخلیق کردہ انسانی ذہانت ہمیشہ اپنی اصل اور برتری برقرار رکھے گی، لیکن جہاں تک میموری کیپسٹی اور معلومات کے ذخیرے کا تعلق ہے، تووہاں مصنوعی ذہانت کو واضح برتری حاصل ہے۔ انسان کی یادداشت کی ایک طبعی حد ہوتی ہے اور وہ ہر وقت ہر چیز کو یاد نہیں رکھ سکتا، جبکہ AI کے پاس   دنیا جہاں کی معلومات کا ایک ایسا سمندرجو ہر وقت قابلِ دسترس اور پلک جھپکتے ہی قابلِ استفادہ ہوتا ہے، اُس کا انسان کے ساتھ براہِ راست کوئی مقابلہ نہیں۔
حمزہ شاہد:زندگی کے وہ تمام شعبے جن کا دارومدار انسانی ذہن اور فکری صلاحیتوں پر ہے، مصنوعی ذہانت  کی آمد سے بالآخر سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ کاروباری دنیا کا بنیادی مقصد ہی یہ ہے کہ اولین ترجیح کے طور پر ان کاموں کوAI کے سپرد کر دیا جائے جو اب تک انسانی دماغ سے لیے جاتے تھے۔ اس کی ایک واضح مثال دنیا کے دس سرفہرست ارب پتی ہیں، جن میں سے بیشتر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مالکان، سی ای اوز اور شیئر ہولڈرز ہیں۔ ان کی اولین ترجیح اپنی کمپنیوں کے منافع میں اضافہ کرنا ہے، جس کے لیے ذہنی مشقت والے کاموں کو AI سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران   انہی ٹیک کمپنیوں کی جانب سے تقریباً دو لاکھ ملازمین(جن میں اکثریت سافٹ ویئر انجینئرز اور گیمنگ ڈیوپلپرز کی تھی) کو برطرف کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے ۔ یہ وہ شعبے ہیں جو فوری طور پر اِس تبدیلی کی زد میں آئے ہیںاور مستقبل قریب میں یہ رجحان رکتا ہوا دکھائی نہیں دیتا۔دوسری جانب، فی الحال وہ شعبے نسبتاً محفوظ ہیں جن میں ذہنی مشقت کے بجائے جسمانی محنت اور ہاتھوں کے ہنر کا  عمل دخل زیادہ ہے۔ اگرچہ بالآخر یہ شعبے بھی متاثر ہوں گے، لیکن ابھی اس میں کچھ وقت باقی ہے کیونکہ روبوٹکس کا شعبہ فی الحالAI کے مقابلے میں کافی پیچھے ہے اور مشینوں میں ابھی انسانی ہاتھوں جیسی نفاست اور مہارت پیدا نہیں ہو سکی۔ تاہم، جیسے جیسے روبوٹکس کی ٹیکنالوجی ترقی کرے گی، تو پھر دستی محنت والے یہ شعبے بھی آہستہ آہستہ اس تبدیلی کی لپیٹ میں آنا شروع ہو جائیں گے۔
سوال:یعنی وہ شعبے جو جسمانی محنت اور ہاتھوں کے ہنر پر منحصر ہیں ابھی AIکے اثرات سے کسی حد تک محفوظ ہیں ۔ آپ اس حوالے سے کیا کہیں گے ؟
ذیشان محمود:اگرچہ وہ شعبے جہاں جسمانی محنت یا ہنر (جیسے پلمبنگ یا بڑھئی کا کام) کا عمل دخل ہے فی الحال روبوٹکس کی عدم دستیابی کی وجہ سے محفوظ ہیں، لیکن ان شعبوں میں بھی جہاں AI کا بھرپور استعمال ہو رہا ہے، اس پر اندھا دھند اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ AI کی ایک تکنیکی خامی ہے جسے ہیلوسینیشن یعنی فریب یا غلط بیانی کہا جاتا ہے۔ AI اکثر نہایت پراعتماد طریقے سے غلط ریفرنسز اور معلومات پیش کر دیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر یہ تنبیہ بھی لکھی ہوتی ہے کہAI غلطیاں کر سکتی ہے۔خصوصاً حساس نوعیت کے معاملات جیسے کہ ہیلتھ کیئر میں مرض کی تشخیص یا علاج، قانونی مشورے، اور دینی، فقہی یا شرعی رہنمائی میں AI پر براہِ راست اور حتمی بھروسا کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ بعض اوقات انتہائی اعتماد کے ساتھ غلط حوالے دے جاتی ہے اور سوال کرنے پر اپنی غلطی مانتی ہے۔ اس کے علاوہ، انگلش کے مقابلے میں اردو، پشتو یا پنجابی جیسی علاقائی زبانوں میں اس کی گرفت ابھی کمزور ہے اور غلطیوں کے امکانات زیادہ ہیں۔ لہٰذا، ان       تمام حساس معاملات میںAI کو محض ایک معاون کی حد تک رکھنا چاہیے، اسے کبھی بھی حتمی فیصلہ ساز تسلیم نہیں   کرنا چاہیے۔
میزبان:جب ہمAI سے اسرائیل، اس کے باشندوں یا دنیا بھر میں پھیلائی جانے والی بدامنی اور اس کے پس منظر صہیونی سازشوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں، تو اس کے ردعمل سے ہمیں اندازہ ہو جاتا ہے کہAI کی معلومات کتنی پرفریب یا جانبدار ہوتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اگرچہ ہر شعبے میںAI نے بلاشبہ اپنی جگہ بنا لی ہے اور یہ تیزی سے نفوذ کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود اس کی معلومات اور فیصلوں میں کمی، کوتاہی اور کسر بہرحال موجود ہے، جس کی وجہ سے اس پر مکمل اندھا دھند انحصار نہیں کیا جا سکتا۔
سوال: AIکا دائرہ کار اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اس کوبنانے والے بھی متفکر ہیں کہ یہ خطرناک کام ہوگیا ہے ۔ اگر آگے جاکر یہ جن بے قابو ہو گیا تو دنیا میں کتنی تباہی آئے گی ۔ اس حوالے سے آپ کیا کہیں گے ؟
ڈاکٹر اسرارعلی:AI کے حوالے سے تمام ماہرین اگرچہ خوفزدہ نہیں ہیں، لیکن اس کے باوجود اس کی سکیورٹی اور اخلاقیات پر کئی سنگین سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ سب سے پہلی بڑی فکر غلط معلومات کا پھیلاؤ ہے، جس کے تحت جعلی ویڈیوز، تصاویر اور من گھڑت مواد انتہائی تیزی سے تیار ہو رہا ہے۔ دوسرا بڑا مسئلہ جانبداری کا ہے۔ AI کی جیسی تربیت کی جاتی ہے یہ ویسے ہی نتائج دیتی ہے۔ مثلاً اگر اس کی ٹریننگ کسی خاص ملک یا نظریے کے  آرٹیکلز پر ہو گی تو یہ اسی کے پوائنٹ آف ویو کے مطابق جواب دے گی۔ اس کے علاوہ رازداری کا خطرہ بھی ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ لوگ اپنا ذاتی ڈیٹا اس پر شیئر کر رہے ہیں اور یہ واضح نہیں کہ وہ کہاں اور کیسے استعمال ہو رہا ہے۔ان تمام تکنیکی مسائل کے ساتھ ساتھ، سب سے بڑا فکری سوال AI سسٹمز پر کنٹرول اور خودمختاری کا ہے کہ جیسے جیسے یہ ٹیکنالوجی طاقتور ہوتی جا رہی ہے، اس کا کنٹرول کس کمپنی یا ملک کے ہاتھ میں ہوگا؟ اس کے علاوہ خودکار سسٹمز میں ایمرجنسی سٹاپس اور مانیٹرنگ کے چیکس کا نہ ہونا بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین کا اصرار ہے کہ ٹیکنالوجی کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو جائے، اسے بنانے اور استعمال کرنے والوں کے لیے سخت احتساب اور نگرانی کے مؤثر ضابطے  ناگزیر ہیں۔
سوال:کیا AI انسانی فکر، رائے عامہ اور معلومات کو کنٹرول کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے؟ایسی صورت میں کیا ہم اس کے غلام بن کر رہ جائیں گے ؟
فضل باسط:اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک انتہائی حقیقی اور سنگین خطرہ ہے، کیونکہAI بذات خود تو فکر کو کنٹرول نہیں کرتی، لیکن اسے چلانے والے ادارے اور افراد اثر انداز ہونے کے انتہائی طاقتور ذرائع حاصل کر چکے ہیں۔ سوشل میڈیا کے الگورتھمز پہلے ہی یہ طے کرتے ہیں کہ کون سی خبر اور رائے کس تک پہنچنی چاہیے، اور ہر فرد کو اس کی دلچسپی کے مطابق مواد دکھا کر غیر شعوری طور پر اس کی فکر کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ آج جعلی اکاؤنٹس، مصنوعی آوازوں اور ویڈیوز کے ذریعے کسی بھی واقعے کی جھوٹی تصویر بنا دی جاتی ہے، اور ایک ہی جھوٹ کو بار بار پھیلا کر عوامی سطح پر اسے حقیقت بنا کر پیش کیا جاتا ہے، جس کا اثر ہم تعلیمی اداروں میں طلبہ کی شخصیات اور بدلتی ہوئی ذہنی حالت میں بخوبی محسوس کر سکتے ہیں۔ یہی نہیں، دنیا بھر کے انتخابات میں رائے عامہ کوManipulate کرنے کے لیے اب روایتی دھاندلی کی بجائے انتہائی پیچیدہ طریقے سے AI کا استعمال کیا جا رہا ہے، جہاں مصنوعی انداز میں انتخابی نتائج کو متاثر کیا جاتا ہے۔ اگر ہم ہر سوال کے جواب کے لیے مسلسلAI پر انحصار کرنے کی عادت بنا لیں، تو اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوگا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ہماری آزادانہ اور تنقیدی سوچ  کمزور پڑ جائے گی؛ کیونکہ جو دماغی خلیات استعمال نہیں ہوتے اور جنہیں سوچنے کی زحمت نہیں دی جاتی، وہ آہستہ آہستہ مردہ ہو جاتے ہیں اور فکر کی یہ صلاحیتیں زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔
سوال:دنیا بھر میں لاکھوں سافٹ ویئر ڈیویلپرز کی برطرفی یہ ظاہر کرتی ہے کہ کمپنیاں اخراجات بچانے اور منافع بڑھانے کے لیے انسانی محنت کی جگہ AI کو ترجیح دے رہی ہیں۔ یہ تبدیلی کارپوریٹ اداروں کے لیے تو سودمند ہے، لیکن عام ملازمین کے لیے معاشی تباہی کا باعث بن رہی ہے۔آپ بتائیں کہ AI کی اس تیز رفتار ترقی کی وجہ سے کونسے معاشی چیلنجز درپیش ہو سکتے ہیں ؟
حمزہ شاہد: ٹیکنالوجی سے وابستہ بڑی کمپنیاں اور ان کے ساتھ جڑے ذیلی و چھوٹے اداروں کا نیٹ ورک ایک بہت بڑی ورک فورس (جن میں یونیورسٹیز سے نکلنے والے سافٹ ویئر، ہارڈ ویئر اور کمپیوٹر انجینئرز شامل ہیں) کی کھپت کا مرکز ہیں۔ جب AI پروگرامنگ، ویب ڈیویلپمنٹ اور دیگر تمام شعبوں کے انسانی کام خود بخود   سر انجام دینا شروع کر دے گی، تو یہ افرادی قوت تیزی سےغیر ضروری ہوتی چلی جائے گی۔ موجودہ دور میں بھی ہم یہی ٹرینڈ دیکھ رہے ہیں کہ بڑی کمپنیاں اپنے ملازمین کو بڑے پیمانے پر نوکریوں سے فارغ کر رہی ہیں جیسا   کہ حال ہی میں مائیکروسافٹ کی طرف سے ساٹھ ہزار ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کی پیشکش کی خبر سامنے آئی ہےجو کہ ایک بڑا معاشی چیلنج ہے۔ ایک بزنس مین کے لیے تو اس میں فائدہ اور کاسٹ کٹنگ کا عنصر موجود ہے، لیکن اس پوری صورتحال میں سمجھنے کی اصل بات یہ ہے کہ جب بھی ایسی ٹیکنالوجیز آتی ہیں، تو جو طبقہ انہیں بنانے والا ہوتا ہے وہ اپنے ہی مفادات کو پیش نظر رکھتا ہے۔ آج دنیا کے سرفہرست ارب پتی اور ان ٹیکنالوجی کمپنیز کے مالکان اپنے پرافٹس بڑھانے اور معاشی جبر میں اضافہ کرنے کا باعث بن رہے ہیں، جس سے وہ معاشی تقسیم مزید گہری ہو رہی ہے جس پر ڈاکٹر اسرار احمدؒ بھی بڑی تفصیلی گفتگو کیا کرتے تھےکہ اس کے نتیجے میں متوسط طبقہ مزید سکڑتا چلا جائے گا اور دنیا کا وہ ایک فیصدکھاتا پیتا طبقہ مزید مالدار ہو جائے گا۔ان معاشی اور عملی چیلنجز کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بگ پکچر کا بھی ادراک ہونا چاہیے کہ اس ٹیکنالوجی کو تخلیق کرنے اور ڈرائیو کرنے والے لوگ کون ہیں اور ان کا   پس منظر کیا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی ایک ایسی تہذیب کے زیرِ اثر پروان چڑھی ہے جسے بے خدا تہذیب کہا جا سکتا ہے، جہاں نہ تو وحی کی رہنمائی موجود ہے اور نہ ہی کوئی حقیقی اخلاقی اقدار ہیں۔ ان ٹیکنالوجی کمپنیز کے بڑے بڑے سی ای اوز کے نام حال ہی میں سامنے آنے والی ایپسٹین فائلز میں بھی شامل پائے گئے ۔ قرآن مجید میں اللہ کا فرمان ہے: {لَا تَعْبُدِ الشَّیْطٰنَ ط} (مریم:44) ’’ اے مخاطب! شیطان کی بندگی نہ کرو۔‘‘
عام طور پر ہم اس کا یہی مطلب لیتے ہیں کہ شیطان کی عبادت سے مراد اس کی اطاعت کرنا ہے، لیکن اب یہ تلخ حقیقت کھل کر سامنے آرہی ہے کہ ان کلٹس اور اس سے جڑے ٹیکنالوجی کے بڑے بڑے سی ای اوز سے وابستہ لوگ باقاعدہ شیطان کی اس طرح پوجا کرتے ہیں جیسے ہم اللہ کی عبادت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ان لوگوں کے حوالے سے ایک اور اہم بات یہ ہے کہ مغرب میں ان کے لیےNerdsکی اصطلاح استعمال ہوتی ہے؛ یعنی وہ لوگ جن کا آئی کیو لیول اور دماغ تو بہت تیز کام کرتا ہے، لیکن وہ معاشرے میں فٹ نہیں ہو پاتے۔ لوگوں سے ملنا، بات چیت کرنا اور اٹھنا بیٹھنا جنہیں ناپسند ہوتا ہے اور جو تنہائی پسند ہوتے ہیں، وہی آج انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور اب اسAI جیسی تمام ٹیکنالوجیز کو چلا رہے ہیں۔جب ایسے لوگ اس ٹیکنالوجی کو چلائیں گے تو اس کا انسانی معاشرے، انسانی اقدار اور معاشیات پر کس قدر تباہ کن اثر پڑے گا، اس کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ (جاری ہے )