تنظیم اسلامی کے زونل سالانہ اجتماع نومبر 2026ء میں
ناظمہ علیا تنظیم اسلامی، اہلیہ محترمہ ڈاکٹر اسرار احمدؒ
کا پیغام رفقاء کے نام
(سالانہ اجتماع کے دوران محترم ڈاکٹر عارف رشید، فرزند ِارجمند ڈاکٹر اسرار احمدؒ
اور صدر مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور نے پڑھ کر سنایا)
انتہائی عزیز اور قابل احترام رفقائے تنظیم اسلامی!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ
ہمیشہ سے دل کی گہرائیوں سے آپ سب کے لیے دعا گوہوں اور رہوں گی، ان شاء اللہ!
اس سال بھی حسبِ سابق امیر محترم کی طرف سے مجھے آپ رفقائے تنظیم اسلامی کے لیے پیغام ارسال کرنے کا کہا گیا۔ میری خواہش تو یہ تھی کہ اس بار یہ پیغام امیر محترم کی اہلیہ محترمہ کی طرف سے جانا چاہیے لیکن اِس ضمن میں امیر محترم کی جانب سے یہ بات مجھ تک پہنچائی گئی کہ یہ کام آپ کو ہی کرنا ہے لہٰذا اب میری طرف سے معذرت کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔
رفقائے محترم! میں نے اپنے گزشتہ دو، تین سال کے پیغامات پر طائرانہ نظر ڈالی تو مجھے احساس ہوا کہ میں تو اپنے پیغامات میں بہت سی باتیں آپ حضرات کے سامنے رکھ چکی ہوں۔ساتھ ہی مجھے احساس ہوا کہ بطور یاد دہانی اور تذکیر، اگر اُن باتوں کا اعادہ بھی ہو جائے اور کچھ مزید گزارشات بھی آپ تک پہنچا دی جائیں تو اِن شاء اللہ مفید رہے گا۔
قرآن کریم میں آخرت کے حوالے سے مختلف اسالیب میں بار بار یاد دہانی کرائی جاتی ہے:
{وَلَقَدْ صَرَّفْنَا فِیْ ہٰذَا الْقُرْاٰنِ لِیَذَّکَّرُوْاط} (بنی اسرائیل: 41)’’اور ہم نے قرآن کریم میں بار بار یاد دہانی کرائی ہے تا کہ لوگ نصیحت حاصل کر سکیں۔‘‘
واقعہ یہ ہے کہ ہر گزرا لمحہ اِس بات پر گواہ ہے کہ ’’گردوں نے گھڑی عمر کی اک اور گھٹادی‘‘
قرآن کریم کا مطالعہ کرتے ہوئے جب سورۃ فاطر کی آیت نمبر 37 میری نظر سے گزرتی ہے، جس میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: {اَوَلَمْ نُعَمِّرْکُمْ مَّا یَتَذَکَّرُ فِیْہِ مَنْ تَذَکَّرَ}(فاطر:37)(ترجمہ ) ’’کیا ہم نے تمہیں طویل عمریں دی تھی کہ تم کوئی نصیحت اور یاد دہانی حاصل کرتے۔‘‘ تو خیال آتا ہے کہ ہم میں سے ہر وہ شخص جو اپنی عمر کے 60، 70، 80 برس گزار چکا ہے اُس کے پاس اللہ سبحانہ وتعالی کے سامنے پیش کرنے کے لیے کیا عذر ہوگا کہ اتنی طویل عمر میں بھی ہم آخرت کے لیے کمائی نہ کر سکے۔ خاص طور پر وہ بندے اور بندیاں جن کے سامنے بار بار یہ بات دہرائی جاتی رہی کہ تمہاری تخلیق کا اصل مقصد ’’عبادتِ رب‘‘ ہے
{وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ(56)} (سورۃ الذاریات) ’’اور مَیں نے نہیں پیدا کیا جنوں اور انسانوں کو مگر صرف اِس لیے کہ وہ میری بندگی کریں۔‘‘
ہماری زندگی کا نصب العین اپنے رب کو راضی کرنا ہے اور رب کی رضا پوری زندگی میں رب کی بندگی اختیار کرنے میں ہے۔ رب کو راضی کرنے کے لیے رب کے پیغام کو دوسروں تک پہنچانا بھی ہمارے ذِمّہ ہے۔
چند باتیں بطور نصیحت آپ کے سامنے رکھنا چاہتی ہوں:
1- ہر وقت اپنا محاسبہ کرنے کی عادت ڈالیں۔ نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہمیشہ اپنے سامنے رکھیے۔
((حَاسِبُوْا أَنْفُسَكُمْ مِّنْ قَبْلِ أَنْ تُحَاسَبُوا ))(ترجمہ) ’’اپنا محاسبہ کرتے رہا کرو اس سے پہلے کہ تمہارا محاسبہ کیا جائے۔‘‘
2- نبی اکرم ﷺ کے فرمان مبارک(( اِغْتَنِمْ خَمْسًا قَبْلَ خَمْسٍ))کو ہمیشہ اپنے پیش نظر رکھیں جس میں پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے قبل غنیمت جاننے کا حکم دیا گیا ہے۔
(1) موت سے قبل زندگی کو غنیمت جانو…! (2) بڑھاپے سے قبل جوانی کو غنیمت جانو…!(3) بیماری سے قبل صحت کو غنیمت جانو…!(4)مصروفیت سے قبل فراغت کو غنیمت جانو…!(5) فقر سے قبل تونگری کو غنیمت جانو…!
اِن میں سے ہر ہر نکتہ اپنی جگہ بہت وضاحت مانگتا ہے لیکن وقت کی تنگی کی وجہ سے ترجمہ پر اکتفا کر رہی ہوں۔ ایسانہ ہو کہ وقت گزر جانے کے بعد ہمارے پاس حسرت کے سوا کچھ باقی نہ رہے۔ بطور یاد دہانی ایک اور حدیث کا حوالہ ضرور دینا چاہتی ہوں جن میں پانچ ہی امور کا ذکر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ رفقائے تنظیم کی اکثریت کو یہ حدیث یاد نہ بھی ہو تو مستحضر ضرور ہوگی۔
حضرت عبداللہ بن مسعودh سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺنے فرمایا: ’’آدمی کا پاؤں قیامت کے دن اس کے رب کے پاس سے نہیں ہٹے گا یہاں تک کہ اس سے پانچ چیزوں کے بارے پوچھ لیا جائے: اس کی عمر کے بارے میں کہ اسے کہاں صرف کیا، اس کی جوانی کے بارے میں کہ اسے کہاں کھپایا، اس کے مال کے بارے میں کہ اسے کہاں سے کمایا اور کس چیز میں خرچ کیا اور اس کے علم کے سلسلے میں کہ اس پر کہاں تک عمل کیا۔‘‘( ترمذی)
3- کثرت کے ساتھ استغفار کا اہتمام کیجیے۔ سید الاستغفار کے الفاظ تو ہر رفیق تنظیم کو یاد کر لینا چاہئیں۔
انسان سے خطاء، نسیان اور معصیت کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ شیطان لعین تو تاک میں رہتا ہے کہ وہ بندے سے معصیت اور نافرمانی کا ارتکاب کرا ڈالے۔ سورۃ حم السجدہ کے الفاظ{وَاِمَّا یَنْزَغَنَّکَ مِنَ الشَّیْطٰنِ نَزْغٌ فَاسْتَعِذْ بِاللہِ ط}(الاعراف: 200، فصلت: 36) اگر شیطان کی طرف سے کوئی چوک لگ جائے، یا شیطان بہلا پھسلا کر کسی گناہ کا ارتکاب کرالے تو فوراً اللہ کی پناہ طلب کرو۔ حضور ﷺ خود اپنے بارے میں فرماتے ہیں:’’میں ہر روز ستر مرتبہ اللہ سے مغفرت طلب کرتا ہوں۔‘‘ سب کو معلوم ہے کہ نبی اور رسول معصوم ہوتے ہیں ان سے گناہ کا ارتکاب ممکن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود آپؐ کا استغفار کرنا تعلیم ِاُمّت کے لیے ہے۔
4- نبی کریمﷺ کے فرمان مبارک(( كُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ)) کے مصداق آپ اپنے گھر والوں پر نگران ہیں۔ اپنے گھر والوں یعنی بیوی بچوں، بھائی بہنوں کی دینی اور اخلاقی تربیت آپ کے فرائض میں شامل ہے۔ گھروں میں ستر و حجاب کی پابندی اور رسومات و بدعات سے اہل خانہ کو بچانا آپ کے ذِمّہ ہے۔ بے جا روک ٹوک اور سختی بھی حکمت کے خلاف ہے۔ اُن کے ساتھ نرمی، شفقت اور پیار سے پیش آئیں۔ سورۃ التغابن جو ہمارے منتخب نصاب کے انتہائی اہم دروس میں شامل ہے، کی یہ آیت مبارکہ ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہے:
{یٰٓــاَیـُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِنَّ مِنْ اَزْوَاجِکُمْ وَاَوْلَادِکُمْ عَدُوًّا لَّــکُمْ فَاحْذَرُوْہُمْ ج وَاِنْ تَـعْفُوْا وَتَصْفَحُوْا وَتَغْفِرُوْا فَاِنَّ اللہَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ(14)} (التغابن)’’اے اہل ِایمان تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں تمہارے دشمن پوشیدہ ہیں، اُن سے بچ کر رہو۔ لیکن اگر تم معاف کرتے رہو، صرفِ نظر کرو اور اُن کے ساتھ عفو و درگزر کا معاملہ کرو تو اللہ بھی تو غفور و رحیم ہے۔‘‘
ہو حلقہ یاراں تو بریشم کی طرح نرم
رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن
5- ایک اہم بات جو میں پہلے بھی اپنے پیغامات میں عرض کر چکی ہوں کہ اپنے بچوں کو مخلوط تعلیمی اداروں سے بچائیں۔ خاص طور پر بچیوں کی تربیت اِس حوالے سے کیجیے کہ انہیں گھر گر ہستی کی ذِمّہ داری ادا کرنی ہے، اولاد کی تربیت کرنی ہے اور دینی احکامات کے حوالے سے زمانے کے رسم و رواج اور خرافات کی بیخ کنی کے لیے شوہر کے ساتھ کھڑی رہنا ہے۔
6- آج کے دور کا ایک بڑا ’’فتنہ‘‘، موبائل فون بھی ہے۔ ’’فتنہ‘‘ ابتلاء اور آزمائش کو کہتے ہیں اور واقعتاً اس حوالے سے موبائل کا صحیح یا غلط استعمال ہی اصل امتحان اور آزمائش ہے۔ مجھ سے بہت سی خواتین ملتی ہیں اور اپنے گھروں کی بچیوں کا سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک وغیرہ جیسی خرافات میں مشغول رہنے کے حوالے سے اخلاقی زوال کا ذکر کرتی ہیں۔ اُن کی باتیں سن کر بعض اوقات میں سکتے میں آجاتی ہوں کہ ہمارا معاشرہ کس طرف جا رہا ہے اور اس کا کیا بنے گا۔ میرے نزدیک اس ضمن میں اصلاح کے حوالے سے گھر کے سربراہ کے طور پر آپ، رفقائے تنظیم اسلامی، کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
7- فلسطین کے مظلوم مسلمان، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین بھی شامل ہیں ہماری دعاؤں سے رفتہ رفتہ خارج ہی ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی یہودیوں کی طرف سے ظلم و ستم کے جو پہاڑ اُن پر توڑے گئے ہیں تا حال جاری ہیں۔ ہم مسلمانوں سے تو اسرائیلی پراڈکٹس کا بائیکاٹ بھی صحیح ’’ڈھب‘‘ سے نہیں ہو سکا۔ ہم سے اور کچھ نہیں ہو سکتا تو کم از کم انہیں اپنی دعاؤں میں تو یاد رکھیں۔ اپنے رب کے ساتھ تعلق جوڑنے اور اس کا قرب حاصل کرنے کے لیے رات کے پچھلے پہر قیام اللیل کا اہتمام کیجئے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ:
{اِنَّ نَاشِئَۃَ الَّــیْلِ ہِیَ اَشَدُّ وَطْاً وَّاَقْوَمُ قِیْلًا(6)} (المزمل) (ترجمہ) بے شک رات کا قیام نفس کو قابو کرنے کے لیے بہت کارگر اور قرآن پڑھنے کے لیے بہترین وقت ہے۔‘‘ اپنی دعاؤں میں تاثیر پیدا کرنے کے لیے رات کے پچھلے پہر کے نوافل اور دعاؤں کا سہارا لیجیے۔
8- امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ ماشاء اللہ، اللہ ہی کی تائید اور نصرت کے سہارے پورے خلوص اور اخلاص کے ساتھ قافلہ تنظیم اسلامی کو لے کر چل رہے ہیں۔ دل کی گہرائیوں سے اُن کے لیے دعائیں نکلتی ہیں۔ ندائے خلافت میں باقاعدگی کے ساتھ اُن کی ہفتہ وار مصروفیات اور سرگرمیاں میری نظر سے گزرتی ہیں تو اُن کی سعی و جہد میں مجھے بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کا عکس نظر آتا ہے۔اللہ سبحانہ و تعالیٰ اُنہیں اپنی حفاظت اور عافیت میں رکھے۔ آمین یا رب العالمین۔
آخر میں تنظیم اسلامی کے اس زونل سالانہ اجتماع میں شریک تمام رفقاء کے حق میں میری دلی دعا ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اِس اجتماع میں اُن کا آنا، سفر کی صعوبت برداشت کرنا، پروگراموں میں شریک ہونا اور اپنا وقت صرف کرنا قبول و منظور فرمائے۔ اللہ کی رحمت سے امید ہے کہ آپ ان شاء اللہ ایک ولولۂ تازہ لے کر اپنے گھروں کو لوٹیں گے اور آپ سب سے درخواست گزار ہوں کہ میرے لیے دعا کرتے رہا کریں کہ میرا رب مجھے اپنے سوا کسی کا محتاج نہ کرے، ایمان اور استقامت پر قائم رکھے اور خاتمہ بالایمان فرمائے!!
آپ کی دعاؤں کی طلب گار
آپ سب کی روحانی والدہ