(دین و دانش) سچی توبہ کی شرائط و انعامات - ابو عبداللہ

11 /

سچی توبہ کی شرائط و انعامات

ابو عبد اللہ

توبہ کے لیے یہی کافی نہیں کہ زبان سے کہہ دیا’’معافی‘‘ تو معافی ہو گئی، بلکہ توبہ کی قبولیت کے لیے درج ذیل آداب و شرائط کا خیال رکھنا ضروری ہے: 
ندامت
سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ انسان اپنے کیے ہوئے گناہوں پر نادم ہو، پشیمان ہو، اسے واقعی شرمندگی ہو کہ میں نے پروردگار کی نافرمانی کر کے برا کیا ہے۔ مجھ سے زیادہ  اور ناشکرا کون ہے؟ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ 
گناہ کو چھوڑ دے
جن گناہوں سے توبہ کر رہا ہے انہیں فی الفور چھوڑ دے۔ اگر ابھی تک معصیت میں گرفتار ہے تو پھر توبہ کس بات کی؟ لہٰذا گناہوں سے کنارہ کشی اختیار کرنا ضروری ہے۔ 
آئندہ سے گناہ نہ کرنے کا ارادہ
دل میں آئندہ سے گناہ نہ کرنے کا پختہ ارادہ ہو کہ آئندہ میں اس گناہ کے پاس بھی نہیں پھٹکوں گا۔ 
توبہ کے بعد کرنے کے چار کام
توبہ کی شرائط پوری کرنے کے بعد درج ذیل کام کرنے ضروری ہیں
(1)  حقوق العباد کی معافی
یہ بات ذہن میں رکھیے کہ جو حقوق العباد ہوتے ہیں وہ فقط زبان کی توبہ سے معاف نہیں ہو جاتے۔ اللہ تعالیٰ اپنے حقوق تو معاف فرما دیتے ہیں، لیکن بندوں کے حقوق بندوں کو ادا کرنے پڑتے ہیں۔ جس پر ظلم کیا تھا اس سے معافی مانگے، جو مال چھینا تھا وہ واپس کر دے، کسی کی غیبت کی تھی اس سے معافی مانگے، یا اگر کوئی بندہ ان میں سے فوت ہو گیا اور اس نے اس کے ساتھ ظلم کیا تھا تو اس کی طرف سے صدقہ و خیرات کر دے، تاکہ اس کا اجر اللہ تعالیٰ قیامت کے دن حق والے کو دے دیں اور اسے معاف فرما دیں۔ تو حقوق العباد کی معافی کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا پڑتا ہے۔ یہ نہیں کہ بس جی ہم حج پر گئے اور واپسی پر ہر چیز معاف ہو گئی، چاہے جاتے آتے ہم جو مرضی کرتے پھریں۔ 
(2)دل کو منفی جذبات سے خالی کرے
پھر دوسرا کام یہ کرے کہ وہ اپنے دل کو حسد اور کینے سے خالی کر لے۔ کیونکہ جب گناہ سے توبہ کر رہا ہو اور سینہ کینے سے بھرا ہوا ہو تو وہ توبہ بھلا کیا فائدہ دے گی؟ لہٰذا اس کے دل میں مؤمن کے بارے میں انتقام، نفرت اور دشمنی نہ رہے، وہ سب کو اللہ کے لیے معاف کر دے۔ 
     ایک مرتبہ نبی کریمﷺ نے فرمایا: ابھی ایک جنتی شخص تمہارے سامنے نمودار ہو گا۔ اگلے دن پھر نبی کریمﷺ نے ایسے ہی فرمایا۔ پھر جب تیسرا دن آیا تو پھر ایسے ہی فرمایا اور تینوں دن ایک ہی شخص نمودار ہوئے۔ سننے والے بہت حیران ہوئے، حتیٰ کہ ایک صاحب کے دل میں خیال آیا کہ میں پتہ تو کروں کہ اس کا کون سا خاص عمل ہے کہ اس کے لیے جنت کی بشارت دی گئی ہے۔ چنانچہ وہ اسے کہنے لگے: میرا جی چاہتا ہے کہ میں تین دن آپ کے گھر مہمان بنوں۔ انہوں نے کہا: ضرور تشریف لائیے۔ وہ ان کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے تین دن تک اس کو دیکھا، مگر ان کو کوئی خاص عمل نظر نہ آیا۔ جس طرح باقی لوگ تہجد اور دیگر نوافل پڑھتے تھے اسی طرح وہ بھی پڑھتے۔ ان کو کوئی انوکھی بات نظر نہ آئی۔ تین دن کے بعد انہوں نے پوچھا: میں نے نبی کریمﷺ کی زبان مبارک سے آپ کے بارے میں یہ الفاظ سنے تھے اور اسی لیے میں آپ کے ہاں مہمان بنا کہ مجھے آپ کے اندر وہ خاص عمل نظر آئے جس کی وجہ سے آپ کی جنت کی بشارت دی گئی ہے، لیکن مجھے تو آپ میں کوئی ایسا عمل نظر نہیں آیا، اگر کوئی ہے تو آپ خود ہی بتا دیں۔ انہوں نے فرمایا کہ میرا اور تو کوئی خاص عمل نہیں ہے، البتہ یہ ہے کہ جب میں رات کو بستر پر سونے کے لیے لیٹتا ہوں تو میں اپنے دل میں ایمان والوں کے بارے میں پائے جانے والے کینہ اور حسد کو اللہ کے لیے ختم کر دیتا ہوں۔ (مسند احمد)
(3) فساق وفجار سے علیحدگی اختیار کرے
اس کے بعد تیسرا کام یہ کرے کہ وہ فاسق و فاجر لوگوں سے ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہو جائے۔ ہم روزانہ و تر پڑھتے ہوئے دعائے قنوت میں اللہ تعالیٰ سے عہد کرتے ہیں: 
((وَنَخْلَعُ وَنَتْرُکُ مَنْ یَّفْجُرُکَ))’’اور(اے پروردگار!) ہم جدا ہوتے ہیں اور چھوڑتے ہیں ہر اس بندے کو جو فاسق و فاجر ہے۔‘‘
ہم روزانہ رات کو عشاء کے وقت کھڑے ہو کر نماز میں اللہ تعالیٰ سے ہاتھ باندھ کر وعدہ کرتے ہیں اور دن پھر انہی لوگوں کے ساتھ گزار رہے ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیںکہ اب ان سے کوئی تعلق ہی نہیں رہے گا، نہیں! بلکہ اس کے ساتھ دوستی ختم کر دے، لین دین کا معاملہ تو ہر ایک کے ساتھ کرنا ہی ہوتا ہے، وہ تو کافروں کے ساتھ بھی کرتے ہیں، مگر ایک ہوتا ہے، دوستی کا تعلق اور  قلبی تعلق وہ ختم کر دے۔ اور یہ مطلب بھی نہیں کہ اب اس کوسلام بھی کبھی نہیں کرنا، نہیں! بلکہ جو اصول شریعت نے بتادئیے ہیں ان کی حدود میں رہیں اور دل کی محبت کا جو تعلق تھا اس کو ختم کر لیں اور پرہیزگار لوگوں سے دوستی رکھیں۔ اگر پھر بھی بدکار لوگوں کے ساتھ صحبت رہے گی تو پھر توبہ قبول نہیں ہو گی اور وہ لوگ پھر گناہوں میں ملوث کر دیں گے۔ 
اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے کوئی گندی نالی میں پڑا ہو تو اس کے اوپر وہی پانی ڈالنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ اس کو نالی سے نکال کر پاک پانی میں ڈالیں تو پھر وہ صاف ہو گا۔ اسی طرح ہم اگر اپنے دل کو پاک کرنا چاہتے ہیں تو فاسق و فاجر لوگوں کی گندی نالی سے اپنے آپ کو بچانا پڑے گا۔ پھر اگر اس پر اللہ کے ذکر کے چند قطرے     پڑ جائیں گے تو یہ دل پاک اور صاف ہو جائے گا۔ 
ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے قول کا پاس کریں، جو ہم روزانہ اپنے پروردگار کے سامنے کہہ رہے ہوتے ہیں۔
(4)مکافاتِ عمل
جب انسان گناہوں سے معافی مانگ لے تو ایک کام اور کرنا پڑے گا۔ وہ یہ کہ ان گناہوں کی مکافات کرے، یعنی جو گناہ کر بیٹھا تھا اب اس کی کمی کو پورا کرے۔ اس کے بدلے نیک اعمال کرے، مثال کے طور پر اگر یہ آدمی غیر محرم پر نظر ڈالتا تھا اور سچی پکی توبہ کر چکا ہے تو اب وہ قرآن پر نظر ڈالے، تاکہ وہ نگاہ جو غلط استعمال ہوتی تھی اب وہ نگاہ ٹھیک جگہ پر استعمال ہو رہی ہو۔ ماں باپ کے چہرے کو دیکھے تو محبت وعقیدت کے ساتھ دیکھئے، تاکہ غیر محرم کی طرف دیکھنے کی نحوست ختم ہو جائے۔ اسی طرح گر فرض کریں کہ کسی وقت مسجد میں جنابت(ناپاکی) کی حالت میں داخل ہو گیا تھا تو اب توبہ بھی کرے اور اعتکاف کی نیت سے مسجد میں بھی بیٹھے، تاکہ وہ جونا پاکی حالت میں داخل ہوا تھا اب اس کمی کو زیادہ عبادت کے ذریعے پورا کر دے۔ یا فرض کریں کہ ایک آدمی شراب سے توبہ کر لیتا ہے تو اسے چاہیے کہ اب پیاسوں کو پانی پلایا کرے، تاکہ اللہ تعالیٰ اس کی توبہ کو قبول فرمالیں۔ غرضیکہ جو گناہ کیا کرتا تھا اس کے مناسب کوئی اور کام زیادہ کرے، تاکہ اس گناہ کا وبال اور ظلمت بالکل ختم ہو جائے۔ اگر اس نے مسلمانوں کو تنگ کیا تھا اور توبہ کر لی تو اب ان مسلمانوں پر احسان کرے، اسی صورت میں یہ توبہ، توبہ کہلائے گی۔ یہ نہیں ہے کہ زبان سے تو توبہ کر لی اور عمل میں کوئی تبدیلی بھی نہ آئی۔ اگر نمازیں اور روزے قضا کیے تو ایک توان کو ادا کرے اور جب ادا کر لے اور صاحب ترتیب بن جائے تو پھر نوافل کی کثرت کرے اور دعا کرے کہ یا اللہ! پہلے وقت پر عبادات نہیں کیں اب میں نفلی عبادات بھی کر رہا ہوں، کیونکہ میں توبہ تائب ہو چکا ہوں۔ جب انسان ان گناہوں کے مقابلے میں نیکیوں کی کوشش کرتا ہے تو پروردگار پھر اس کی توبہ سے خوش ہو کر اس کے گناہوں کو نیکیوں میں تبدیل فرما دیتے ہیں۔ سبحان اللہ…!
سچی توبہ کے چار انعامات
جب بندہ توبۂ نصوح کر لیتا ہے تو اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ چار کام کرتے ہیں:
(1) اللہ تعالیٰ اس بندے سے محبت کرنے لگ جاتے ہیں۔ حدیث پاک میں فرمایا گیا: 
((اَلتَّائِبُ حَبِیْبُ اللّٰہِ)) (نوادرالاصول:349/ 2) ’’گناہوں سے توبہ کرنے والا اللہ کا دوست ہوتا ہے۔‘‘
(2) اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کو اس طرح مٹاتے ہیں کہ جیسے اس نے کبھی گناہ کیے ہی نہیں تھے۔ 
حدیث پاک میں ہے: 
’’گناہوں سے توبہ کرنے والا ایسے ہو جاتا ہے کہ جیسے اس نے کبھی کوئی گناہ کیا ہی نہیں۔‘‘ (ابن ماجہ)
(3) چونکہ وہ اللہ تعالیٰ کے سامنے سچی توبہ کر لیتا ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت اس کے ساتھ شامل ہو جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ اس بندے کو آئندہ شیطان کے فریب اور ہتھکنڈوں سے بچا لیتے ہیں۔ فرمایا: 
{اِنَّ عِبَادِیْ لَیْسَ لَکَ عَلَیْہِمْ سُلْطٰنٌ } (الحجر:42) ’’یقین رکھ کہ جو میرے بندے ہیں ان پر تیرا کوئی زور نہیں چلے گا۔‘‘
اس کا کیا مطلب…؟ کیا وہ فرشتہ بن گیا؟    کیا اس سے کوئی گناہ صادر ہی نہیں ہو سکتا؟… نہیں نہیں… اس کا مطلب یہ ہے کہ اب بھی اس سے کوئی ایسا گناہ تو ہو سکتا ہے کہ جس کی وجہ سے وہ اللہ تعالیٰ کی نگاہوں سے  گر جائے یا اسے اللہ کے دربار سے دُھتکار دیا جائے، لیکن اگر اس سے کوئی چھوٹی موٹی خطا ہوئی بھی تو فوراً اس سے توبہ کر کے معافی مانگ لے گا۔
(4) ایسے بندے کو اللہ تعالیٰ اس کی موت سے پہلے فرشتوں کو بھیج کر اس کے اچھے انجام کی خوشخبری سنا دیتے ہیں۔ فرمایا: 
{تَتَنَزَّلُ عَلَیْہِمُ الْمَلٰٓئِکَۃُ اَلَّا تَخَافُوْا وَلَا تَحْزَنُوْا وَاَبْشِرُوْا بِالْجَنَّۃِ الَّتِیْ کُنْتُمْ تُوْعَدُوْنَ(30)} ( حٰم السجدۃ) ’’ان پر بے شک فرشتے(یہ کہتے ہوئے) اتریں گے کہ نہ کوئی خوف دل میں لائو، نہ کسی بات کا غم کرو، اور اس جنت سے خوش ہو جائو جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا۔ ‘‘
اللہ رب العزت ہمیں بھی یہ نعمت عطا فرمائے۔ (آمین)
توبہ کرتے رہیے،حتیٰ کہ اتنی بار توبہ کیجئے کہ شیطان تھک جائے اور یہ کہے کہ یہ کیسا بندہ ہے کہ میں بار بار محنت کر کے گناہ کرواتا ہوں اور یہ توبہ کر کے سب پر پانی پھیر دیتا ہے؟ یہ بھی یاد رکھیں کہ انسان اپنے اعمال پر بھروسا   نہ کرے، بلکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت پر بھروسا کرے۔ 
ایک سبق آموز واقعہ
حافظ ابن قیمؒ نے ایک عجیب بات لکھی ہے، فرماتے ہیں کہ میں ایک دفعہ ایک گلی میں سے گزر رہا تھا۔ ایک دروازہ کھلا، میں نے دیکھا کہ کوئی آٹھ نو سال کا بچہ ہے اور اس کی ماں اس سے خفا ہو کر اس کو تھپڑلگا رہی ہے، اس کو دھکے دے رہی ہے، کہہ رہی ہے تو نافرمان بن گیا ہے، میری کوئی بات نہیں سنتا، کوئی کام نہیں کرتا، دفع ہو جا (چلا جا) یہاں سے۔ یہ کہہ کر ماں نے جو دھکا دیا تو وہ بچہ گھر سے باہر آگیا۔ فرماتے ہیں کہ ماں نے تو کنڈی لگالی، اب میں وہیں کھڑا رہ گیا کہ دیکھوں اب ہوتا کیا ہے؟ فرماتے ہیں بچہ رورہا تھا، چونکہ مار پڑی تھی، خیر! وہ اٹھا اور کچھ سوچتا سوچتا ایک طرف کو چلنے لگا، چلتے چلتے وہ ایک گلی کے موڑ پر پہنچا، وہاں کھڑے ہو کر وہ کچھ سوچتا رہا اور سوچنے کے بعد اس نے پھر واپس آنا شروع کر دیا      اور چلتے چلتے اپنے گھر کے دروازے پرآکر بیٹھ گیا، تھکا ہواتھا، روبھی کافی دیر سے رہا تھا، دہلیز پر سررکھا، نیند  آگئی، وہیں سو گیا۔ چنانچہ کافی دیر کے بعد اس کی والدہ نے کسی کام کے لیے دروازہ کھولا تو کیا دیکھتی ہے کہ بیٹا اسی دہلیز پر سر رکھے پڑا ہوا ہے۔ والدہ کا غصہ ابھی ٹھنڈانہیں ہوا تھا، وہ پھر ناراض ہونے لگی اور کہنے لگی۔ چلا جا یہاں سے، دور ہو جا میری نگاہوں سے، جب اس نے پھر اسے ڈانٹا تو اب وہ بچہ کھڑا ہو گیا۔ آنکھوں میں آنسو آگئے، کہنے لگا: امی! جب آپ نے گھر سے دھتکا ر دیا تھا تو میں نے سوچا تھا کہ میں چلا جائوں گا، میں بازار جا رکر بھیک مانگ لوں گا، مجھے کچھ نہ کچھ کھانے کو مل جائے گا، امی! میں نے سوچا تھا کہ میں کسی کے جوتے صاف کر دیا کروں گا، کچھ کھانے کو مل جائے گا، امی! میں کسی کے گھر کا نوکر بن کر رہ لوں گا، مجھے جگہ بھی مل جائے گی، مجھے کھانا بھی مل جائے گا۔امی! یہ سوچ کر میں گلی کے اس موڑ تک چلا گیا تھا، مجھے دل میں یہ خیال آیا کہ مجھے دنیا کی سب نعمتیں مل جائیں گی، لیکن امی! جو محبت مجھے آپ دے سکتی ہیں یہ محبت مجھے کہیں نہیں مل سکتی۔ امی! یہ سوچ کر میں واپس آگیا ہوں، امی! میں اسی در پر پڑا ہوں، تو مجھے دھکے دے یا مارے، میں کہیں نہیں جا سکتا، جب اس بچے نے یہ بات کہی، ماں کی مامتا جوش میں آگئی، اس نے بچے کو سینے سے لگایا اور کہا: میرے بیٹے! اگر تیرے دل میں یہ کیفیت ہے کہ جو محبت تجھے میں دے سکتی ہوں وہ کوئی نہیں دے سکتا، تو میرے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ 
علماء فرماتے ہیں: جب گنہگار بندہ اس احساس کے ساتھ رب کے دروازے پر آتا ہے اور کہتا ہے: 
اِلٰھِی! عَبْدُکَ الْعَاصِی اَتَاکَ
مُقِرًّا بِالذُّنُوبِ وَ قَدْ دَعَاکَ
’’اللہ ! تیرا گنہگار بندہ تیرے در پر حاضر ہے، گناہوں کا اقرار کرتے ہوئے آپ سے فریاد کرتا ہے۔‘‘
فَاِنْ تَغْفِرْ فَاَنْتَ لِذَاکَ اَھْلٗ
فَاِنْ تَطْرُدْ فَمَنْ یَّرْحَمْ سِوَاکَ؟
’’اللہ! اگر آپ معاف کر دیں تو یہ بات آپ کو سجتی ہے، اگر آپ ہی دھکا دے دیں تو آپ کے سوا کون ہے ہم پر رحم کرنے والا؟‘‘ 
تو جب انسان اس طرح اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرتا ہے پھر پروردگار اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دیتے ہیں۔ دعا کریں رب کریم! ہم پر احسان فرمائیے، سچی توبہ کی توفیق عطا فرمائیے اور آئندہ کی زندگی کو گزری ہوئی زندگی کا کفارہ بنا دیجئے اور آنے والے وقت کو گزرے ہوئے وقت سے بہتر فرما دیجئے۔ (آمین)