(اصلاح معاشرہ) باہمی تعلقات اور اسلامی ہدایات - مولانا اسرار الحق قاسمی

11 /

باہمی تعلقات اور اسلامی ہدایات

مولانا اسرار الحق قاسمی

ایک ملک اور معاشرے میں رہتے ہوئے انسان کو بہت سے لوگوں اور الگ الگ مزاج و عادات رکھنے والے انسانوں سے سابقہ پڑتا ہے، ہر شخص کی سوچ الگ ہوتی ہے، اور ہر انسان کا زندگی گزارنے کا معیار اور طریقۂ کار علیحدہ ہوتا ہے۔ ایک انسان فطری طور پر نرم دل ہوتا ہے، جبکہ دوسرے انسان کے مزاج اور طبیعت میں نسبتاً شدت اور تلخی ہوتی ہے۔ کوئی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اسے ہر وقت دوستوں کا ایک مجمع چاہیے، جبکہ کچھ لوگ تنہائی پسند ہوتے ہیں۔ الغرض اس دنیا میں بسنے والا ہر انسان کسی نہ کسی اعتبار سے دوسرے سے مختلف ہوتا ہے، مگر اس اختلاف کے باوجود ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہی زندگی گزارنا ہوتی ہے۔ 
ایسے میں ہمیں ان اصولوں اور اخلاقی ضابطوں کو اپنانا چاہیے جو ہمارے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں، اور اختلافِ مزاج و فکر کے باوجود ہماری آپسی محبت و مودت کو برقرار اور مضبوط رکھنے کی جانب رہنمائی کرتے ہوں۔ اس سلسلے میں اسلام کی تعلیمات نہایت واضح بھی ہیں اور قابل ِ قدر بھی۔ اسلام نے باہمی تعلقات کو بنائے رکھنے، اور انہیں مضبوط کرنے کے لیے نہایت ہی قیمتی اصول بتائے ہیں۔ دین ِ اسلام کی یہ امیتازی خصوصیت ہے کہ وہ تمام انسانوں کو ایک انسانی وحدت کی لڑی میں پروتا ہے، چاہے وہ کسی جنس، مذہب، نسل یا رنگ سے تعلق رکھتے ہوں۔ اس انسانی وحدت کی اصل بنیاد اور طبیعت ایک ہی ہے۔ اسی بنیاد پر اسلام نے ایسے اصول و اقدار کی بنیاد پر لوگوں کے مابین تعلقات قائم کیے ہیں، جو الفت و رحمت اور ایک دوسرے ساتھ رواداری برتنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ سورئہ نساء میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: 
’’اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تم کو ایک انسان سے پیدا کیا (یعنی انسانِ اوّل) اس سے اس کا جوڑا بنایا، پھر اُن دونوں سے کثرت سے مرد وعورت (پیدا کر کے روئے زمین پر) پھیلا دیے، اور اللہ سے، جس کے نام کو تم اپنی حاجت برآری کا ذریعہ بناتے ہو ڈرو، اور ناطہ توڑنے سے(بچو) کچھ شک نہیں کہ اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ 
مزید اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
لوگو! ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا، اور پھر تمہاری قومیں اور برادریاں بنائیں تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو، درحقیقت اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے، جو تم میں سب سے زیادہ پرہیزگار ہو، یقینا اللہ سب کچھ جاننے والا اور باخبر ہے۔ (الحجرات)
پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے انسانی تخلیق کی اصلیت کو بتاتے ہوئے یہ تلقین کی ہے کہ آپسی تعلقات جب قائم ہو جائیں، تو انہیں نبھانا چاہیے، اور انہیں توڑنے سے گریز کرنا چاہیے، جبکہ دوسری آیت میں بھی اسی چیز کو ذرا اور وسیع معنوں میں بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمہاری مختلف برادریاں اور قبائل اس لیے نہیں ہیں کہ ان میں سے ایک دوسرے پر اپنی برتری جتائے، اور  بے جافخر کرے، بلکہ یہ باہمی جان پہچان اور تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہیں، البتہ تم میں بہتر کون ہے، اور برا کون ہے، اس کا تعلق دل سے ہے، کہ جس کا دل جتنا متقی اور پرہیزگار ہو گا، وہ اسی قدر متقی و پرہیزگار اور   عند اللہ مقرر ہو گا۔ 
حضرت جابر بن عبد اللہ ؓ سے روایت ہے، فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے ایام تشریق کے وسط میں ہمارے سامنے خطبہ ٔ حجۃ الوداع دیا، تو آپ ﷺ نے فرمایا: اے لوگو! بلاشبہ تمہارا رب ایک ہی ہے، اور تمہارا باپ بھی ایک ہی ہے، سن لو! کسی عربی کو کسی عجمی پر، اور کسی عجمی کو کسی عربی پر، اور کسی گورے کو کسی کالے پر، اور کسی کالے کو کسی گورے پر کوء فضیلت نہیں ہے، مگر صرف تقویٰ کی وجہ سے، بلاشبہ اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ مکرم وباعزت وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہو، سن لو! کیا میں نے پہنچا دیا؟ سب نے جواب دیا: ہاں،اے اللہ کے رسول! پھر آپ ﷺ نے فرمایا: یہاں موجود لوگ غیر موجود لوگوں تک پہنچا دیں۔ 
اس تاریخی خطبے میں آپ ﷺ نے جس چیز پر زور دیا، وہ انسانی مساوات و برابری ہے، اور اسی بنیاد پر لوگوں سے تعلقات بنانے، اور انہیں برقرار رکھنے کی ترغیب و تعلیم دی۔ ایک موقع پر آپ ﷺ نے فرمایا: وہ مسلمان جو لوگوں کے ساتھ ملتا جلتا ہے، اور ان کی تکلیفوں پر صبر کرتا ہے، اس مسلمان سے کہیں بہتر ہے، جو نہ لوگوں سے ملتا جلتا ہے، اور نہ ہی ان کی تکلیفوں پر صبر کرتا ہے۔ قرآن کریم اور احادیث نبویہ ﷺ میں غور و فکر کے بعد یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ تمام انسانوں کے ساتھ خیر اور بھلائی کا معاملہ کرنا، اسلام کی بنیادی تعلیمات کا حصہ ہے، اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر لوگوں کے ساتھ تعلقات کی عمارت قائم ہونی چاہیے، ارشاد باری تعالیٰ ہے: نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرو، اور گناہ اور زیادتی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون مت کرو۔ 
انہی اخلاقِ عالیہ اور بلند اقدار کے ساتھ مسلمانوں نے ماضی میں اپنی ہم عصر اقوام کے ساتھ معاملہ کیا، اوراسلام کی خالص تعلیمات کی روشن تصویر ان کے سامنے پیش کی، ایسے اسلام کی جو رحمت ومحبت، الفت واخوت، ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے اور حل طلب مسائل میں ایک دوسرے کا مؤقف سننے اور جاننے کی ہدایت دیتا ہے، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مسلمانوں نے دوسروں کی صلاحیتوں، ان کے علوم وفنون اور کامیابیوں سے فائدہ اٹھایا، اور ان کو بھی فائدہ پہنچایا، اور محبت و ہمدردی اور امن وسلامتی کا پیغام عام کیا۔ مسلمان اس دنیا میں دوسروں سے الگ تھلگ اور تنہا نہیں رہ سکتے، دوسروں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے اور باہمی معاملہ کرنے کے ذریعہ ہی وہ کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں، اور اسی 
کے نتیجے میں انسانیت خیر اور نفع سے فیض یاب ہو سکتی ہے۔ انسان صرف اپنی ذات تک منحصر رہنے کی صورت میں نہایت کمزور ہے، جبکہ وہ دوسرے کے ساتھ مل کر قوی 
اورطاقتور بن جاتا ہے۔ خاص طور پر مصیبت و آزمائش کے مواقع پر ایک مسلمان کو اپنے ایمان کے تقاضے کی بنیاد پر مصیبت زدہ لوگوں کی تکلیف کو دور کرنے اور ان کی مدد کرنے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ یہ ایک افضل ترین عمل اور اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے: مغفرت کو واجب کرنے والے اعمال میں سے یہ ہے کہ تم اپنے مسلمان بھائی کی زندگی میں خوشی اور سرور داخل کرو، اس کی بھوک کو ختم کرو، اور اس کی مصیبت کو دور کرو۔ 
ہمارے ذہن میں زندگی کے یہ اصول ہر وقت رہنے چاہییں کہ زندگی لینے اور دینے، دوسروں کو نفع پہنچانے اور ان کی تکلیف دور کرنے کے لیے مسلسل کوشش کرنے کا نام ہے۔ دوسروں کے ساتھ تعلقات استوار کرنا، اور خیر کے کاموں میں ان سے تعاون کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔ نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون انسانیت کے لیے بہت سے فوائد کے حصول اور محبت و رواداری کا ماحول سازگار کرنے کا ذریعہ ہے۔ ایسے ہی اسلامی اصول اور ضابطوں کے تحت ہم اپنے اہل ِ خاندان، دوسرے مسلمان اور برادرانِ وطن کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کریں، ان شاء اللہ یہ معاشرے کے لیے بھی نہایت مفید ہو گا، اور ملک وقوم کی مجموعی ترقی وخوش حالی میں کلیدی رول ادا کرے گا۔