(اصلاح معاشرہ) باہمی تعلقات اور اسلامی ہدایات - مولانا اسرار الحق قاسمی
11 /
ماتحتوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھائیے!
مولانا محمد حمزہ
کسی بھی تحریک، جماعت، تنظیم یا ادارہ میں مختلف صلاحیتوں کے افراد کام کرتے ہیں۔ ان افراد کا تعلق مختلف بیک گرائونڈز، مختلف علاقوں، رنگوں، نسلوں اور مختلف زبانوں سے ہوتا ہے۔ ان افراد میں ودیعت کی گئی قدرتی صلاحتیں بھی مختلف ہوتی ہیں۔ ان میں سے کچھ مالی لحاظ سے مضبوط ہوتے ہیں، کچھ ذہنی لحاظ سے سمجھ دار ہوتے ہیں، کچھ جسمانی لحاظ سے طاقتور ہوتے ہیں، کچھ کے پاس خاندانی و جاہت ہوتی ہے، کچھ کے علاقائی مراسم و تعلقات ہوتے ہیں، کچھ کی تعلیم بہترین ہوتی ہے، کچھ کے پاس تجربوں کے انبار ہوتے ہیں، کچھ بہادرودلیر ہوتے ہیں، کچھ کا حافظہ مضبوط ہوتا ہے۔ غرض! وہ بے تحاشا صلاحتیں جو قدرت کی جانب سے ایک انسان کو عطا کی جاتی ہیں ایک تنظیم، جماعت یا تحریک ان صلاحیتوں کے حامل افراد کامجموعہ بن جاتی ہے۔ اب قیادت کی ذِمّہ داری ہے کہ وہ ہر فرد کی صلاحیتوں سے استفادہ کر کے اسے مشن کا ایک کار آمد فرد بنا دے۔
اعلیٰ قیادت کی نشانی
ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جن کو سکھایا جا سکتا ہے اور ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جن کو سکھانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مشن کے لیے ہر فرد کے پاس موجود صلاحیت کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور مقاصد کے لیے استعمال کرنا بصیرت و بصارت سے مالا مال قیادت کی نشانیوں میں سےایک ہے۔ تحریکی مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل غور و فکر اور تخلیقی سوچ کی ضرورت ہوتی ہے۔ فرد واحد کی سوچ، علم، تجربے اور محنت کے بجائے اس مشن سے منسلک تمام افراد کی ذہنی صلاحتیں جب کسی تحریک یا تنظیم کی ترقی کے لیے استعمال ہوں گی تو زیادہ بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
صلاحیت دیکھ کر کام سپرو کیجیے!
سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرات صحابہ کرام ؓ کی مختلف صلاحیتوںسے مختلف انداز میں استفادہ کیاگیا حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر i رائے اور مشورے کے ماہر تھے۔ چنانچہ نبی کریم ﷺ اُن سے قبائلی سیاست، جنگی اسٹریٹیجی اور جنگ میں استعمال ہونے والے نئے ہتھیاروں کے سلسلہ میں مشورہ کیا کرتے تھے۔ حضرت عمر و بن عاص اور حضرت خالد بن ولید ؓ میدانِ جنگ کے ماہرین تھے۔ چنانچہ اُن سے جنگی مہارت اور قیادت کا کام لیا جاتا تھا۔ حضرت علی ؓ اسلام کے اول مفتی اور قاضی تھے، سرور کونین ﷺ نےا پنی نگرانی میں اُنہیں مقدمات کے فیصلے کی تربیت دی تھی۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود اور حضرت ابی بن کعب i قرآن کریم کے پہلے مفسرین میں سے تھے، اور آپﷺ نے لوگوں سے کہہ رکھا تھا کہ ان حضرات سے قرآن کریم سیکھا جائے۔ حضرت مصعب ؓ گفتگو کی مہارتوں میں بہترین صلاحیت رکھتے تھے، چنانچہ ان کی اس صلاحیت کی بدولت آپ ﷺ نے ان سے ڈپلومیسی و سفارت کاری کا کام لیا۔ غرض مختلف صلاحیتوں کے حامل حضرات کو ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر مختلف خدمات سپرد کی گئیں۔