الہدیٰ
موت کے بعد دوبارہ زندہ کیا جانا: کفار کے شبہات
آیت 10 {وَقَالُوْٓا ئَ اِذَا ضَلَلْنَا فِی الْاَرْضِ ئَ اِنَّا لَفِیْ خَلْقٍ جَدِیْدٍ ط} ’’اور یہ کہتے ہیں: کیا جب ہم زمین میں تحلیل ہو جائیں گے ‘ تو کیا پھر ہم ایک نئی خلقت میں ڈھالے جائیں گے؟‘‘ (آیت:10)
اس اعتراض کے حوالے سے پرانے زمانے کےکُفار کا اندازِ گفتگو تو سیدھا سادہ تھا کہ جب ہم مٹی ّمیں مل کر مٹی ہو جائیں گے تو ہمیں کیسے دوبارہ جلا اُٹھایا جائے گا؟ لیکن آج کا ’’روشن خیال‘‘ نوجوان نسل کہتی ہےجب ہم مٹی میں مل کر کھاد بن جائیں گے‘ کھاد سے ہمارے ذرّات پودوں میں منتقل ہوجائیں گے‘ ان پودوں کو جانور کھائیں گے اور پھر ہمارے جسموں کے تحلیل شدہ atomsکہاں کہاں پہنچیں گے توایسی صورت میں انسانی اجسام کے گم گشتہ اجزاء کیونکر اکٹھے کیے جا سکیں گے؟ جس اللہ نے پہلی مرتبہ زمینی اجزاء سے ان لوگوں کو ان کے وجودوں کے ساتھ پیدا کیا ہے ‘ کیا وہ اُنہیں دوبارہ پیدا نہیں کر سکے گا؟
{بَلْ ہُمْ بِلِقَآئِ رَبِّہِمْ کٰفِرُوْنَ(10)} ’’بلکہ (حقیقت میں) یہ لوگ اپنے رب کی ملاقات کے منکر ہیں۔‘‘
دراصل یہ لوگ اپنے کرتوتوں کے سبب اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہونے کے تصور سے گریزاںہیں ۔ اس کے لیے بہانہ یہ بنا رہے ہیں کہ زمین میں گل سڑ جانے کے بعد انسانوں کا دوبارہ زندہ ہو جانا عقلی طور پر ممکن نظر نہیںآتا۔اس کے برعکس اگر کوئی شخص صاحب ِایمان ہے اور دل میں اللہ کے لیے محبت کے جذبات رکھتا ہے تو اسے لازماًیہ امید ہو گی کہ اللہ اس کے ساتھ رحمت اور شفقت کا معاملہ فرمائے گا۔ ایسے شخص کو اللہ تعالیٰ سے ملنے کاا شتیاق بھی ہو گا۔
درس حدیث
مسلمان بھائی کی آبرو کی حفاظت
عَنْ اَنَسٍ ؓ عَنِ النَّبِیِ ﷺ قَالَ: ((مَنِ اغْتِیْبَ عِنْدَہٗ اَخُوْہُ الْمُسْلِمُ وَھُوَ یَقْدِرُ عَلٰی نَصْرِہٖ فَنَصَرَہٗ نَصَرَہٗ اللّٰہُ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ فَاِن لَّمْ یَنْصُرْہُ یَقْدِرُ عَلٰی نَصْرِہٖ اَدْرَکَہٗ اللّٰہُ بہٖ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَہ)) (رواہ البغوی فی شرح السنہ)
حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’جس شخص کے سامنے اُس کے کسی مسلم بھائی کی غیبت اور بدگوئی کی جائے اور وہ اُس کی نصرت و حمایت کر سکتا ہو تو کرے(یعنی غیبت و بدگوئی کرنے والے کو اس سے روکے یا اس کا جواب دے اور مداخلت کرے) تو اللہ تعالیٰ دنیا وآخرت میں اِس کی مدد فرمائے گا۔ اور اگر قدرت حاصل ہونے کے باوجود وہ اس کی نصرت و حمایت نہ کرے(نہ غیبت کرنے والے کو غیبت سے روکے نہ جوابدی اور مدافعت کرے) تو اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اُس کو اُس کی کوتاہی پر پکڑے گا(اور اس کی سزادے گا)۔‘‘
تشریح: اس حدیث سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ ایک بندئہ مسلم کی عزت وآبرو اللہ تعالیٰ کے نزدیک کس قدرمحترم ہے۔ صرف غیبت کرنے والا ہی گناہ گار نہیں بلکہ سننے والا بھی اگر استطاعت رکھنے کے باوجود غیبت کرنے والے کو روکتا اور سمجھاتا نہیں تو وہ بھی گناہ گار ہے۔ثابت ہوا کہ ایک مسلمان بھائی کی حفاظت و حمایت کس درجہ کا فریضہ ہے اور اس میں کوتاہی کس درجہ کا سنگین جرم ہے۔