(اداریہ) نئے صوبے یا نیا نظام؟ - رضا ء الحق

13 /

اداریہ


رضاء الحق


نئے صوبے یا نیا نظام؟


ملکی معاملات کے حوالے سے اِس وقت سب سے اہم خبر پاکستان میں نئے صوبے بنانے کے حوالے سے بحث ہے۔ یہ ایک ایسی بحث ہے جس نے ماضی میں بھی قوم کو تقسیم کیے رکھا اور آج بھی سیاسی، لسانی، قومیت اور نسل کی بنیاد پر قوم کو مزید تقسیم کر رہی ہے۔ ہم یہ ہرگز نہیں کہہ رہے ہیں کہ نئے صوبے بنانے کے حوالے سے بات کرنا شجر ممنوعہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری صاحب کو تو اپنے صوبے کی سیاست کرنا ہے اور ’سندھ کارڈ‘ کو بھی محفوظ رکھنا ہے۔ ہماری ایسی کوئی مجبوری نہیں۔ لیکن معاملہ اتنا سادہ بھی نہیں جتنا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت اور وزیرداخلہ تو بادی النظر میں ’’غیبی قوتوں‘‘ کے اشاروں پر ایک بار پھر آئینِ پاکستان کو ردی کی ٹوکری کی نظر کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ وزیرداخلہ صاحب کا یہ فرمانا کہ ’’ریفرنڈم‘‘ بھی ’’عوامی نمائندگی‘‘ کے مترادف ہے، سنہری حروف سے لکھ کر فریم کیے جانے کے لائق ہے! گویا پاکستان میں الیکشن اور اسمبلیوں کی بجائے اب ’’عوامی نمائندگی‘‘ کا معیار ریفرنڈم ہی قرار دیا جانا چاہیے اور منتخب نمائندوں کی جگہ فیصلہ ٹیکنوکریٹس کے ذریعے کروائے جائیں۔
بہرحال ہماری رائے میں اصولی بات یہ ہے کہ پاکستان میں بہتر انتظامی ڈھانچے، عوام الناس کی سہولت اور اختیارات کی مؤثر تقسیم کے لیے صوبوں کی تعداد میں اضافہ پر غور کیا جا سکتا ہے۔ بلکہ ڈویژن کی سطح پر صوبے بنانے کے امکان پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، تاکہ مقامی آبادی کو اپنے انتظامی اور ترقیاتی معاملات میں براہِ راست شرکت کا موقع مل سکے۔ تاہم نئے صوبوں کی تشکیل کا مقصد خالصتاً انتظامی بہتری، عوامی سہولت اور بہتر طرزِ حکمرانی ہونا چاہیے، نہ کہ لسانی، نسلی یا قومیت کی بنیادوں کو فروغ دینا۔ پھر یہ کہ اِس فیصلہ کے ساتھ ’اسٹیبلشمنٹ‘ کا آئین کے دائرہ کے مطابق ہی تعلق ہونا چاہیے۔ اس پورے عمل میں پاکستان کی نظریاتی اساس، وفاقی وحدت اور قومی یکجہتی کو ہر حال میں مقدم رکھا جانا ضروری ہے۔
پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی خطے کے حصول کے لیے عمل میں نہیں آیا تھا، بلکہ یہ ایک نظریاتی ریاست کے طور پر وجود میں آیا، جس کا بنیادی مقصد برصغیر کے مسلمانوں کو ایسا خطۂ زمین فراہم کرنا تھا جہاں وہ اسلامی تعلیمات اور اقدار کے مطابق اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے معاملات مرتب کر سکیں۔ چنانچہ پاکستان کی قومی شناخت کی اصل بنیاد اسلام اور مشترکہ نظریاتی وابستگی ہے، نہ کہ نسل، زبان، قومیت یا علاقائی امتیاز۔ یہی وہ بنیادی تصور ہے جسے پیش نظر رکھ کر ملک کے انتظامی ڈھانچے میں کسی تبدیلی کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ نے بھی نئے صوبوں کے قیام کے امکان کو انتظامی ضرورت کے تناظر میں قابلِ غور قرار دیا تھا۔ اُن کے مطابق صوبوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے تاکہ انتظامی امور بہتر طور پر انجام پائیں، عوام کو حکومتی اداروں تک رسائی حاصل ہو اور اختیارات حقیقی معنوں میں عوام کے قریب منتقل ہوں۔ اس تصور میں صوبوں کی تشکیل کسی لسانی یا نسلی مطالبے کی تکمیل نہیں بلکہ انتظامی سہولت اور بہتر حکمرانی کا ذریعہ بنے۔ پھر یہ کہ بہت سی دیگر شرائط کو بھی ملحوظ رکھا جائے، جن میں سرفہرست پاکستان کو اُس کی اساسی بنیادوں کے مطابق عملی طور پر ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ بڑے صوبوں کے وسیع رقبے اور آبادی کے باعث دور دراز علاقوں کے عوام کو انتظامی مراکز تک رسائی، بنیادی سہولیات کے حصول اور ترقیاتی منصوبوں میں مؤثر شرکت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف اختیارات کی مرکزیت اور انتظامی وسائل کی غیر مساوی تقسیم بھی عوامی محرومیوں کا سبب بنتی ہے۔ جنوبی پنجاب، ہزارہ، سابق قبائلی اضلاع اور اندرونِ سندھ بلکہ کراچی تک میں انتظامی محرومیوں کے ازالے کے لیے نئے صوبوں کی تجویز ماضی میں بھی سامنے آتی رہی ہے۔
البتہ اس معاملے کا ایک نہایت اہم پہلو پاکستان کی وفاقی وحدت اور قومی یکجہتی کا تحفظ ہے۔ پاکستان مختلف زبانوں، ثقافتوں اور علاقائی روایات کا حامل ملک ہے اور اس تنوع کا احترام و تحفظ قومی زندگی کا لازمی تقاضا ہے۔ لیکن اس تنوع کو سیاسی تقسیم اور مستقل لسانی و نسلی شناختوں کی بنیاد بنانا ملک دشمنی سے کم نہ ہوگا۔ اگر ایسا کیا جاتا ہے یا کسی سیاسی معاملے کو زبردستی نافذ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو مشترکہ قومی شناخت کمزور، بین الصوبائی اختلافات شدید اور وسائل کی تقسیم کے تنازعات مزید پیچیدہ ہوں گے۔ نہ ہی کسی ہائبرڈ نظام کا تسلسل یا کسی طاقتور حلقے کے مفادات ہمارے مطمح نظر ہونے چاہئیں۔
اگلی بات یہ ہے کہ نئے صوبوں کا قیام بذاتِ خود تمام انتظامی مسائل کا حل نہیں۔ اگر اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، مؤثر بلدیاتی نظام اور مقامی حکومتوں کا استحکام یقینی نہ بنایا جائے تو نئے صوبے بھی اسی انتظامی مرکزیت اور بیوروکریٹک پیچیدگی کا شکار ہو جائیں گے، جس سے نجات کے لیے ان کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ چنانچہ ہمارے نزدیک صوبوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ بلکہ پہلے ایک بااختیار، مؤثر اور مستقل بلدیاتی نظام قائم کرنا ضروری ہے، جس کے ذریعے انتظامی، مالی اور سیاسی اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل ہوں۔ ممکن ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں صوبوں کی مزید تقسیم کی ضرورت ہی باقی نہ رہے۔
نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے ایک اور اہم خدشہ سیاسی مفادات کا غلبہ بھی ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں انتظامی اصلاحات کے نام پر مختلف تجاویز سامنے آتی رہی ہیں، لیکن ضروری ہے کہ اس نوعیت کے حساس قومی معاملے کو انتخابی نعروں، سیاسی جوڑ توڑ، دباؤ یا عجلت کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ نئے صوبوں کے قیام سے اضافی صوبائی حکومتوں، دفاتر، اسمبلیوں اور بیوروکریسی کا انتظامی و مالی بوجھ بھی بڑھے گا۔ اس کے ساتھ پانی، قدرتی وسائل، مالی وسائل، محاصل اور سرکاری اثاثوں کی تقسیم جیسے معاملات بھی پیچیدہ صورت اختیار کریں گے۔

اِس معاملے کو بہتر انداز میں سمجھنے اور عوام تک تمام معلومات پہنچانے کے لیے ایک غیر جانب دار قومی کمیشن قائم کیا جانا چاہیے، جس میں آئینی و قانونی ماہرین، علماء، معاشی و انتظامی ماہرین اور متعلقہ علاقوں کے نمائندے شامل ہوں۔ یہ کمیشن انتظامی، مالی، جغرافیائی اور آئینی پہلوؤں کا جامع جائزہ لے اور عوامی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے۔ اس عمل میں تمام شہریوں، بالخصوص لسانی اور ثقافتی اقلیتوں کے آئینی حقوق اور مساوی شہریت کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
آئین کی بات آئی تو آئین میں درج طریقۂ کار کی پابندی انتہائی ضروری بلکہ بہت ناگزیر ہے۔ آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی یا نئے صوبے کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظوری ضروری ہے۔ عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کا انعقاد اپنی جگہ ایک مشاورتی ذریعہ ہو سکتا ہے، لیکن اسے آئینی ترمیم کے مقررہ طریقۂ کار کا متبادل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی مطلوبہ منظوری کے بغیر محض ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے کے قیام کی کوشش ایک سنگین آئینی تنازع کو جنم دے گی۔
اِسی تناظر میں اسلام آباد کو پاکستان بلکہ دنیا کا ’پہلا‘ کیش لیس دارالحکومت بنانے کا منصوبہ اور بعض دیگر علاقوں کو شامل کرکے اسلام آباد کو ایک علیحدہ یونٹ بنانے کی باتیں ہیں۔ ایسا کرنا ملکی مفاد میں ہو نہ ہو، بعض حلقوں کے مفاد میں ضرور ہے۔ مجوزہ 28ویں ترمیم کیا رنگ لائے گی، یہ اپنی جگہ ایک سوالیہ نشان ہے۔
اصل ضرورت ایسی انتظامی اصلاحات کی ہے جو عوام کی مشکلات کم کریں، اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں اور حکمرانی کے نظام کو مؤثربنائیں۔ اگر نئے صوبوں کا قیام اس مقصد کے حصول میں معاون ہو تو اس پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے، لیکن یہ عمل مکمل شفافیت، غیر جانب داری، عوامی مشاورت اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہمارامقصود محض انتظامی نقشے میں تبدیلی نہیں بلکہ ایک ایسا عادلانہ نظامِ حکومت ہے جو عوام کو حقیقی سہولت فراہم کرے اور ملک کی وحدت و استحکام کو مزید مضبوط بنائے۔
یہ سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ کیا کرپشن، نااہل حکمرانوں، اشرافیہ کے اثرورسوخ بلکہ قبضہ کو بدلے بغیر، استحصالی نظام کو زمین بوس کیے بغیر اور ملک میں اسلام کے نظامِ عدلِ اجتماعی کے قیام کے بغیر 12کیا، 40 صوبے بھی فائدہ دے سکیں گے؟ کیا نظام بدلے بغیر نئے صوبے بنانے سے عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا؟
’’عاقلاں را اشارہ کافی است! ‘‘