(منبرو محراب) اقامت ِدین :اُمَّت ِمُسلمہ کی ذِمّہ داری - ابو ابراہیم

13 /

اقامت ِدین :اُمَّت ِمُسلمہ کی ذِمّہ داری(سورۃ الشوریٰ کی آیت 13 کی روشنی میں )

27 اکتوبر 2026ء کوالکوثر یونیورسٹی ‘ کراچی میں امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ  حفظ اللہ کے خطاب کی تلخیص

خطبہ ٔمسنونہ اور تلاوتِ آیاتِ قرآنی کے بعد!
سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ آپ کی یونیورسٹی میں پہلی بار آنے کا موقع ملا ہے، اگرچہ اِس ادارے سے تعارف بہت پرانا ہے اور آپ کے بہت سے اساتذہ اور دیگر حضرات سے بھی دیرینہ تعلق ہے۔ میں انتظامیہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مدعو کیا، اور خاص طور پر آپ طلبہ کی جانب سے انتظامیہ کی اجازت سے جو دعوت نامہ مجھے موصول ہوا، اس میں گفتگو کا عنوان یہ تجویز کیا گیا:سورۃ الشوریٰ کی آیت نمبر 13 کی روشنی میں اُمَّتِ مُسلمہ کی ذِمّہ داریوں اور کردار کا فہم۔اس عنوان سے واضح ہوتا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کو یاد دہانی کرانی ہے اور تذکیر کرنی ہے۔ تذکیر کا لفظ قرآنِ کریم میں آیا ہے، چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
{وَّذَکِّرْ فَاِنَّ الذِّکْرٰی تَنْفَعُ الْمُؤْمِنِیْنَ(55)} (الذاریات)’’اور آپؐ تذکیر کرتے رہیے‘ کیونکہ یہ تذکیر اہل ایمان کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔‘‘
انسان کے لفظ کے بارے میں اہلِ علم کی ایک رائے یہ ہے کہ یہ نسیان(بھول جانے) سے مشتق ہے، اسی لیے کہا جاتا ہے کہ(( أَوَّلُ النَّاسِ أَوَّلُ نَاسٍ)) یعنی سب سے پہلے انسان حضرت آدم؈ ہی سب سے پہلے بھولنے والے تھے۔ اب اس نسیان کا علاج یہی ہے کہ باتوں کو بار بار دہرایا جائے۔ ہم اللہ کے بندے ہیں مگر بندگی کے فریضہ کو بھول جاتے ہیں۔ بسا اوقات آٹھ مارچ کے خواتین مارچ میں’’میرا جسم میری مرضی‘‘ جیسے نعرے سنائی دیتے ہیں، تو ہمیں یہ یاد دلانا پڑتا ہے کہ ہمارا جسم ہمارا اپنا نہیں ہے؛ ہم آیت الکرسی میں پڑھتے ہیں: 
{لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ ط } (البقرۃ:255)’’اُسی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے ۔‘‘
چونکہ ہم بندگی رب کے فریضہ کو بھول جاتے ہیں، اس لیے اللہ تعالیٰ ہر نماز کی ہر رکعت میں ہم سے یہ اقرار کروا کر یاد دلاتا ہے:{اِیَّاکَ نَعْبُدُ}کہ ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں۔
جس سورۃ کی آیت ہمارے  پیشِ نظر ہے، وہ سورۃ الشوریٰ ہے اور شوریٰ کے معنی مشورہ کے ہیں۔ اسی سورۃ میں اہلِ ایمان کی ایک صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا:
{وَاَمْرُہُمْ شُوْرٰی بَیْنَہُمْ ص} (الشوریٰ: 38) ’’اور اُن کا کام آپس میں مشورے سے ہوتا ہے۔‘‘
آج کل ہم معاشرے میں دیکھتے ہیں کہ نوجوان دو کتابیں پڑھ کر خود کو زیادہ سمجھدار سمجھنے لگتے ہیں اور مشورہ لینا بھی ہو تو مصنوعی ذہانت (AI) کو اہمیت دیتے ہیں، جبکہ والدین، بزرگوں اور اساتذہ کو خاطر میں نہیں لاتے۔ میں یہاں آپ کی بات نہیں کر رہا بلکہ مجموعی معاشرتی رویے کی طرف اشارہ کر رہا ہوں؛ آپ لوگ تو ماشاءاللہ  خوش نصیب ہیں جو آٹھ سال سے یہاں بیٹھ کر قرآن و حدیث اور دین کا علم حاصل کر رہے ہیں تاکہ آگے چل کر دین کی  ذِمّہ داریاں ادا کر سکیں۔ جہاں تک مشورے کی اہمیت کا تعلق ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے رسول ﷺ کو حکم دیا: 
{وَشَاوِرْہُمْ فِی الْاَمْرِج } (آل عمران: 159)  ’’اور معاملات میں اُن سے مشورہ لیتے رہیں۔‘‘ 
﴿ کیا رسول اللہ ﷺ کو مشورہ لینے کی کوئی ذاتی ضرورت تھی؟ ہرگز نہیں، آپ ﷺ پر تو براہِ راست  اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے وحی نازل ہوتی تھی، مگر اس حکم کے ذریعے اُمّت کو تعلیم دی گئی ہے۔ میں اساتذہ کرام سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ طلبہ کے حق میں تھوڑا ایثار کریں اور اُنہیں گفتگو میں شامل رکھیں، ورنہ طلبہ بالکل خاموش ہو کر رہ جائیں گے۔ غور کیجیے کہ جب امام الانبیاء ﷺ مشورہ فرماتے تھے، تو کسی اور کی کیا حیثیت ہے کہ وہ خود کو   عقل ِ کل سمجھے اور یہ گمان کرے کہ مجھے سب کچھ آتا ہے اور کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں؟ اللہ تعالیٰ ہمیں اس تکبر سے محفوظ رکھے۔سورۃ الشوریٰ کی آیت نمبر 13 غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔اب اس آیت کے ترجمہ اور مفہوم کی طرف آتے ہیں۔ اللہ رب العالمین کا ارشاد ہے:
{شَرَعَ لَـکُمْ مِّنَ الدِّیْنِ مَا وَصّٰی بِہٖ نُوْحًا وَّالَّذِیْٓ اَوْحَیْنَآ اِلَیْکَ وَمَا وَصَّیْنَا بِہٖٓ اِبْرٰہِیْمَ وَمُوْسٰی وَعِیْسٰٓی اَنْ اَقِیْمُوا الدِّیْنَ وَلَا تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ طکَبُرَ عَلَی الْمُشْرِکِیْنَ مَا تَدْعُوْہُمْ اِلَیْہِ ط اَللہُ یَجْتَبِیْٓ اِلَیْہِ مَنْ یَّشَآئُ وَیَہْدِیْٓ اِلَیْہِ مَنْ یُّنِیْبُ(13)}’’(اے مسلمانو!) اللہ نے تمہارے لیے دین میں وہی کچھ مقرر کیا ہے جس کی وصیت اُس نے نوحؑ کو کی تھی‘اور جس کی وحی ہم نے (اے محمدﷺ) آپ کی طرف کی ہے‘اور جس کی وصیت ہم نے کی تھی ابراہیمؑ کواور موسیٰ  ؑکو اور عیسیٰ ؑ کو‘کہ قائم کرو دین کو۔اور اس میں تفرقہ نہ ڈالو۔ (اے نبیﷺ!) بہت بھاری ہے مشرکین پر یہ بات جس کی طرف آپؐ ان کو بلا رہے ہیں۔اللہ جس کو چاہتا ہے اپنی طرف (آنے کے لیے) چُن لیتا ہے‘اور وہ اپنی طرف ہدایت اُسے دیتا ہے جو خود رجوع کرتا ہے۔‘‘
اس آیت میں سب سے پہلے یہ بتایا گیا ہے کہ  اللہ تعالیٰ نے ہم مسلمانوں کے لیے وہی نظامِ حیات (دین) مقرر فرمایا ہے جس کی تاکید حضور ﷺ سے پہلے    چار جلیل القدر رسولوں یعنی حضرت نوحؑ، حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰf کو بھی فرمائی گئی تھی۔ مفسرین کی ایک رائے کے مطابق سورۃ الاحقاف میں جن اولو العزم (عالی ہمت) رسولوں کا ذکر آیا ہے، انُ سے یہ چار رسول اور حضور ﷺ یعنی کل ملا کر پانچ رسول مراد ہیں۔ ان کی استقامت کی داستانیں قرآن میں جا بجا ملتی ہیں؛ حضرت نوح ؈ نے ساڑھے نو سو برس تک دعوت و استقامت 
کا پہاڑ بن کر زندگی گزاری، نبی کریم ﷺ کی بعثت کے بعد زندگی کم وبیش 23 برس پر محیط ہے، مگر آپ ﷺ نے فرمایا کہ جتنا مجھے اللہ کی راہ میں ستایا گیا، اتنا کسی نبیؑ   کو نہیں ستایا گیا۔ان تمام رسولوں کو اور ان کے واسطے سے ہمیں جو بنیادی حکم دیا گیا وہ یہ ہے:
{اَنْ اَقِیْمُوا الدِّیْنَ} ’’کہ قائم کرو دین کو۔‘‘
مفسرین فرماتے ہیں کہ تمام انبیاء کا دین ایک ہی رہا ہے، جیسا کہ ارشاد ہے:
  {اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللہِ الْاِسْلَامُ قف}(آل عمران: 19)
  ’’یقیناً دین تو اللہ کے نزدیک صرف اسلام ہی ہے۔‘‘ 
  دین سے ایک مراد بنیادی عقائد، عبادات اور اخلاقی اصول ہیں جو تمام رسولوں کے ہاں مشترک تھے، البتہ شریعت یعنی احکام پر عمل درآمد کے طریقے اور جزئیات حالات کے مطابق مختلف رہے۔ مثلاً روزہ پچھلی اُمتوں پر بھی فرض تھا اور ہم پر بھی فرض ہے، مگر اُن کے ہاں سحری کا تصور نہ تھا جبکہ ہمیں سحری کھانے کی ترغیب دی گئی۔ چنانچہ اقامتِ دین کا ایک مطلب تو یہ ہے کہ دین کے بنیادی اصولوں اور عقائد پر مضبوطی سے جمے رہو۔ دوسرا پہلو اس کا اجتماعی نفاذ ہے۔ اس کی مثال یوں سمجھیں کہ جب ایک خیمہ نصب کیا جاتا ہے تو بانس گاڑ کر اور رسیاں باندھ کر اُسے قائم کیا جاتا ہے؛ اگر تیز ہوا چلے تو اُسے تھام کر قائم رکھا جاتا ہے، اور اگر خیمہ گر چکا ہو تو اُسے دوبارہ کھڑا کیا جاتا ہے۔ چونکہ آج اجتماعی اور ریاستی سطح پر اللہ کا نظام نافذ نہیں ہے، اس لیے ہماری ذِمّہ داری یہ ہے کہ ہم اسے قائم کرنے کی جدوجہد کریں۔ یہاں ایک نازک نکتہ سمجھنا بے حد ضروری ہے: ہماری ذِمّہ داری دین کو قائم کرنے کی کوشش کرنا ہے، نہ کہ اسے لازماً قائم کر کے دکھا دینا۔ تاریخ گواہ ہے کہ کئی انبیاءؑ شہید کر دئیے گئے، غزوۂ احد میں ستر صحابہ کرام؇ شہید ہوئے، مگر دین کا مکمل غلبہ  فتح ِ مکہ کے موقع پر نصیب ہوا۔ اگر کوئی شخص غلبۂ دین کے دور میں موجود ہو مگر اس نے اس جدوجہد میں اپنا حصّہ نہ ڈالا ہو،اللہ کے ہاں ناکام رہنے کا اندیشہ ہے، اور اگر کسی نے اپنی جان تک کھپا دی مگر ظاہری غلبہ نہ دیکھ سکا ، جیسے شہدائے احدتو وہ اللہ کے ہاں مکمل کامیاب ہے۔اگلا حکم ہے:
{وَلَا تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ ط} ’’اور اس میں تفرقہ نہ ڈالو۔‘‘
یاد رکھیے کہ دلائل کی بنیاد پر علمی اختلاف اور چیز ہے، اور تفرقہ بازی بالکل الگ چیز ہے۔ ائمہ مجتہدین امام ابوحنیفہ، امام مالک، امام شافعی اور امام احمد بن حنبل ؒ کے درمیان قرآن و سنت کے دلائل کی بنیاد پر فقہی اختلافات رہے، مگر یہ اُمّت کے لیے رحمت تھے، تفرقہ نہیں۔    غزوۂ بنو قریظہ کے موقع پر نمازِ عصر کی ادائیگی کے معاملے میں صحابہ کرام ؇کے درمیان دو آراء پیدا ہوئیں، مگر جب دونوں نے قرآن و سنت کی دلیل سے استدلال کیا تو نبی کریم ﷺ نے دونوں کو درست قرار دیا۔ اصل تفرقہ تب پیدا ہوتا ہے جب لوگ چودہ صدیوں کے اجماعی فہم اور اسلاف کی سنہری زنجیر (سلسلۃ الذہب) سے کٹ کر دین کےمُسلمہ عقائد و احکام میں من مانی تاویلات شروع کر دیں، یا ایک دوسرے پر کفر کے فتوے لگانے لگیں۔ بقول مولانا ابوالکلام آزاد، انبیاء لوگوں کو مسلمان بنانے آئے تھے اور ہم مسلمانوں  کو کافر قرار دینے کی فیکٹریاں چلا رہے ہیں، حالانکہ حدیث ِ نبوی ﷺ کے مطابق جو شخص کسی مسلمان کو کافر کہے اور وہ حقیقت میں ویسا نہ ہو، تو وہ کفر کا فتویٰ کہنے والے کی طرف لوٹ آتا ہے۔آیت میں آگے فرمایا گیا:
{کَبُرَ عَلَی الْمُشْرِکِیْنَ مَا تَدْعُوْہُمْ اِلَیْہِ ط} ’’(اے نبیﷺ!) بہت بھاری ہے مشرکین پر یہ بات جس کی طرف آپ ان کو بلا رہے ہیں۔‘‘
شرک صرف بت پرستی تک محدود نہیں بلکہ اس کی سیاسی اور مذہبی دونوں صورتیں ہیں۔ ایک طرف وہ سیاسی ’’مشرک‘‘ ہیں جو فرعون کی طرح{ اَنَا رَبُّکُمُ الْاَعْلٰی(24)} (النازعات) ’’ مَیں ہوں تمہارا سب  سے بڑا ربّ!‘‘ کے مصداق بنتے ہیں، اللہ کی حاکمیت {اِنِ الْحُکْمُ اِلَّا لِلہِ ط} ’’اختیارِ مطلق تو صرف اللہ ہی کاہے۔‘‘کا انکار کر کے خود کو قانون ساز اور مختارِ کل سمجھتے ہیں، اور سودی و استحصالی نظام کے ذریعے لوگوں کو غلام بنا کر اپنی تجوریاں بھرتے ہیں۔ دوسری طرف وہ مذہبی ’’مشرک‘‘ ہیںجنہیں ہمارے استاد ڈاکٹر اسرار احمد ؒ  ’’ پ‘‘ کی قبیل (پادری، پنڈت، پروہت، پجاری وغیرہ) سے تعبیر فرماتے تھے،جو خالق اور مخلوق کے درمیان واسطے اور وسیلے بن کر بیٹھ جاتے ہیں اور لوگوں کے ایمان و مال کا استحصال کرتے ہیں۔ جب انہیں خالص توحید کی دعوت دی جاتی ہے کہ بندہ براہِ راست اپنے رب سے مانگے جو اُس کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے اور ہر پکارنے والے کی پکار سنتا ہے، تو اُن کی دکانیں بند ہوتی نظر آتی ہیں، اس لیے اقامتِ دین اور خالص توحید کی دعوت ان دونوں طبقات پر بہت گراں گزرتی ہے۔آیت کے اختتام پر ہدایت کے دو ضابطے بیان فرمائے گئے: پہلا ضابطہ 
{اَللہُ یَجْتَبِیْٓ اِلَیْہِ مَنْ یَّشَآئُ} ’’اللہ جس کو چاہتا ہے اپنی طرف (آنے کے لیے) چُن لیتا ہے‘‘
اِس کی ایک روشن مثال حضرت امیر حمزہ ؄کا قبولِ اسلام ہے کہ وہ شکار سے واپس آئے، ابوجہل کی جانب سے اپنے بھتیجے کی شان میں گستاخی کا سنا، غیرت میں آ کر ابوجہل کی پٹائی کی اور وہیں کلمہ پڑھ کر ایمان لے آئے۔ آج بھی دنیا میں دیکھا جاتا ہے کہ بعض انتہائی گناہگار یا جرائم پیشہ افراد اچانک توبہ کر کے مکمل بدل جاتے ہیں؛ یہ اللہ کا خاص انتخاب ہوتا ہے۔ البتہ عام اور عمومی ضابطہ آیت کے آخری الفاظ میں بیان ہوا:
{وَیَہْدِیْٓ اِلَیْہِ مَنْ یُّنِیْبُ(13)} ’’اور وہ اپنی طرف ہدایت اُسے دیتا ہے جو خود رجوع کرتا ہے۔‘‘
حدیث ِقدسی کے مطابق جب بندہ اللہ کی طرف ایک بالشت بڑھتا ہے تو اللہ اُس کی طرف دو بالشت بڑھتا ہے، اور جب بندہ چل کر آتا ہے تو اللہ دوڑ کر اس کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔ اس کی مثال اس ننھے بچے کی سی ہے جو پہلے گھٹنوں کے بل چلتا ہے، مگر جس دن وہ خود سہارا لے کر کھڑا ہونے کا عزم ظاہر کرتا ہے تو باپ فوراً اُس کی انگلی تھام کر اُسے چلنا سکھاتا ہے اور گرنے سے بچاتا ہے۔ ہمیں بھی اپنے رب کے حضور یہ عملی طلب اور عزم دکھانا ہوگا۔ہماری بیٹیاں حیا و عفت کا شعار اپنائیں اور نوجوان دین سیکھنے و پھیلانے کے لیے کمربستہ ہوںتو پھر اللہ تعالیٰ غیب سے مدد کے راستے کھول دے گا، جیسا کہ سورۃ العنکبوت کے آخر میں وعدہ فرمایا گیا:
 {وَالَّذِیْنَ جَاہَدُوْا فِیْنَا لَنَہْدِیَنَّہُمْ سُبُلَنَاط} ’’اور جو لوگ ہماری راہ میں جدّوجُہد کریں گے ہم لازماً ان کی راہنمائی کریں گے، اپنے راستوں کی طرف۔‘‘
اللہ کی طرف جانے والا صراطِ مستقیم تو ایک ہی ہے، مگر اس راستے پر استقامت دینے، شر سے بچانے اور منزل تک پہنچانے کے اسباب و ذرائع بے شمار ہیں۔یہ سورۃ الشوریٰ کی آیت نمبر 13 کا مختصر مفہوم اور اس کی روشنی میں ہماری ذِمّہ داریوں کا خلاصہ ہے۔