(منبرو محراب) اقامت ِدین :اُمَّت ِمُسلمہ کی ذِمّہ داری - ابو ابراہیم

13 /
ہمارے کرنے کا کام 
اب میں آپ کے سامنے پانچ باتیں رکھنا چاہوں گا۔ تصورِ دین کیا ہے۔ آخر دین ہے کیا؟ عام طور پر ہم انگریزی کا ایک گھسا پٹا جملہ سنتے ہیں جو باہر سے درآمد ہو کر ہمارے ہاں آ گیا ہے، اور اکثر ہمارے حکمرانوں اور لبرل و سیکولر ذہن رکھنے والے لوگوں کی زبان پر رہتا ہے، بلکہ کبھی ہماری زبان پر بھی آ جاتا ہے کہ مذہب آپ کا ذاتی معاملہ ہے (Religion is your private affair)۔ اردو زبان کی اپنی محدودیت ہے جس کی وجہ سے ہم انگریزی کے لفظ’’ ریلیجن‘‘ کا ترجمہ عموماً ’’ مذہب‘‘ کر دیتے ہیں، حالانکہ’’مذہب‘‘ عربی زبان کا لفظ ہے جو ہمارے فقہاء کی آراء اور طریقوں کے لیے استعمال ہوتا ہے؛ جیسے مذہبِ شافعی، مذہبِ حنفی ، مذہب ِ حنبلی یا مذہبِ مالکی۔ مثلاً مذہبِ شافعی میں رفع یدین کیا جاتا ہے اور ہاتھ سینے پر باندھے جاتے ہیں، جبکہ مذہبِ حنفی میں ہاتھ ناف کے نیچے باندھے جاتے ہیں، یہاں مذہب سے مراد فقہی طریقہ ہے اور تمام ائمہ کرام نے دین ہی پیش کیا ہے۔ چونکہ’’ریلیجن‘‘ انگریزی کا لفظ ہے، اس لیے اس کا معنی جاننے کے لیے آپ آکسفورڈ، ویبسٹر یا کسی بھی انگریزی لغت کو دیکھیں تو وہاں یہی لکھا ملے گا کہ ریلیجن محض عقائد، رسومات اور ذاتی زندگی کی چند ہدایات کا مجموعہ ہے۔ انگریزی لغت کے اعتبار سے یہ تعریف اپنی جگہ درست ہوگی، مگر لفظ ’’ریلیجن‘‘دینِ اسلام کے لیے ہرگز موزوں نہیں، کیونکہ اسلام محض ایک ریلیجن نہیں بلکہ ایک مکمل دین ہے۔’’دین‘‘ عربی زبان کا لفظ ہے جو قرآن و حدیث میں استعمال ہوا ہے، اس لیے اس کا مفہوم سمجھنے کے لیے ہم انگریزی لغات کے بجائے عربی لغت اور آیاتِ قرآنی سے رجوع کریں گے۔جب ہم قرآنِ کریم میں لفظ ’’دین‘‘ کے استعمالات پر غور کرتے ہیں تو ایک مربوط ترتیب کے ساتھ اِس کے چار بنیادی مفاہیم سامنے آتے ہیں۔ پہلا معنی ’’بدلہ‘‘ہے؛ عربی محاورے( دِنَّاهُمْ كَمَا دَانُوا)(ہم نے انہیں ویسا ہی بدلہ دیا جیسا انہوں نے ہمارے ساتھ کیا) اور سورۃ الفاتحہ کی آیت 
{ مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ0}’’ جزا و سزا کے دن کا مالک و مختار ہے۔‘‘کا یہی مفہوم ہے
دوسرا معنی’’قانون‘‘ہے؛ قرآن کے حسین ترین قصے یعنی قصۂ یوسف علیہ السلام میں ارشاد ہوا:
{مَا کَانَ لِیَاْخُذَ اَخَاہُ فِیْ دِیْنِ الْمَلِکِ}(یوسف: 76) ’’آپؑ کے لیے ممکن نہیں تھا کہ اپنے بھائی کو روکتے بادشاہ کے قانون کے مطابق۔‘‘
پھر اللہ تعالیٰ نے بورے میں پیالہ رکھنے کی تدبیر سکھائی اور ہمارے ایمان کی حفاظت کے لیے وضاحت فرمائی:
{کَذٰلِکَ کِدْنَا لِیُوْسُفَ ط} (یوسف:76) ’’اس طرح سے ہم نے تدبیر کی یوسف کے لیے ۔‘‘
اس آیت میں بادشاہ کے قانون کو’’دینِ ملک‘‘ کہا گیا جبکہ سورۃ النصر میں اللہ کے نظام کو’’دین ِ اللہ‘‘   قرار دیا گیا۔ تیسرا معنی ’’نظام‘‘ہے؛ سورۃ الانفال میں غزوۂ بدر کے تذکرے کے ضمن میں حکم دیا گیا:
{وَقَاتِلُوْہُمْ حَتّٰی لَا تَـکُوْنَ فِتْنَۃٌ وَّیَکُوْنَ الدِّیْنُ کُلُّہٗ لِلہِ ج }(الانفال: 39) ’’اور (اے مسلمانو!)  اُن سے جنگ کرتے رہویہاں تک کہ فتنہ (کفر) باقی نہ رہے اور دین کل کا کل اللہ ہی کا ہو جائے۔‘‘
یہاں بسا اوقات یہ شبہ پیش کیا جاتا ہے کہ قرآن تو کہتا ہے:
{ لَآ اِکْرَاہَ فِی الدِّیْنِ قف}  (البقرہ: 256) ’’دین میں کوئی جبر نہیں ہے۔‘‘ 
یہ بالکل سچ ہے، مگر ہر بات کا ایک موقع و محل ہوتا ہے؛ دین قبول کروانے میں کوئی جبر نہیں، لیکن جب کوئی شخص اپنی خوشی سے اسلام قبول کر لے تو پھر دین کے احکام پر عمل کروانے میں پابندی اور سختی ضرور ہوگی۔ جیسے بچے کو سات سال کی عمر میں نماز کی تلقین کی جاتی ہے اور دس سال کی عمر میں سختی کر کے پابند بنایا جاتا ہے، یا جیسے آپ کی یونیورسٹی میں داخلہ لینا آپ کی اپنی مرضی تھی، مگر داخلہ لینے کے بعد سوا آٹھ بجے کلاس میں حاضری کی پابندی لازمی ہے۔ اسی طرح انفرادی سطح پر اللہ نے انسان کو اختیار دیا ہے کہ چاہے شکر گزار بنے یا ناشکرا، مگر اجتماعی سطح پر اللہ اپنی حاکمیت کے سوا کسی کی حاکمیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں، اسی لیے قرآن میں بار بار فرمایا گیا:
{اِنِ الْحُکْمُ اِلَّا لِلہِ ط}(یوسف: 40)  ’’اختیارِ مطلق تو صرف اللہ ہی کاہے۔‘‘
 جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
{اَلَا لِلہِ الدِّیْنُ الْخَالِصُ ط}(الزمر: 3)  ’’آگاہ ہو جائو کہ اطاعت ِخالص اللہ ہی کا حق ہے۔‘‘
یعنی خبردار ہو جاؤ کہ خالص اطاعت صرف اللہ ہی کا حق ہے، اور اللہ کی اطاعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کی اطاعت لازم و ملزوم ہے جبکہ باقی تمام اطاعتیں ان کے تابع ہیں۔
اب ان چاروں مفاہیم کے باہمی ربط کو سمجھ لیجیے: جزا و سزا (بدلہ)’’ کسی قانون‘‘کے مطابق ہوتی ہے، جیسے یونیورسٹی کا قانون ہے کہ ساٹھ فیصد سے کم نمبر والا ناکام اور اس سے زائد والا کامیاب ہے۔ لیکن اگر نہ یونیورسٹی ہو، نہ کلاسز ہوں اور نہ امتحانات، تو محض کاغذ پر لکھا ہوا قانون نافذ نہیں ہو سکتا؛ اس کے نفاذ کے لیے ایک    عملی نظام ‘‘ درکار ہوتا ہے، اور ایک وقت میں ایک ہی نظام نافذ العمل ہوتا ہے جس کی ’’اطاعت‘‘کی جا رہی ہو۔ اس اعتبار سے دنیا میں دو ہی نظام اور دو ہی گروہ ہیں:ایک’’ حزب اللہ‘‘ (اللہ کا گروہ) اور دوسرا’’ حزب الشیطان‘‘ (شیطان کا گروہ)۔ دنیا میں دعوتیں بھی دو ہی ہیں: رحمٰن کی دعوت یا شیطان کی دعوت۔ جہاں اللہ کا نظام نہیں ہوگا وہاں شیطانی نظام ہی کے مختلف روپ ہوں گے، خواہ وہ فرعون کی آمریت ہو یا کوئی ایسی پارلیمنٹ جو اکثریتی ووٹ کے  بل بوتے پر خود کو زمین کی سب سے بڑی طاقت سمجھتے ہوئے اللہ کے حرام کردہ شراب ، سود اور بے حیائی جیسے کاموں کو حلال قرار دینے لگے۔ خلاصہ یہ کہ یا تو اللہ کا دین غالب ہوگا یا باطل کا نظام چلے گا، یہی اصل تصورِ دین ہے۔تیسری بات تصورِ اقامتِ دین ہے۔ اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے جو انسان کے باطن کو تکبر، حسد اور حبِ مال سے پاک کرتا ہے، ظاہر میں عبادات، معاملات، اخلاقیات اور حقوق العباد سکھاتا ہے، اور عائلی، معاشرتی، معاشی اور سیاسی زندگی سمیت ریاستی امور اور غیر مسلموں سے تعلقات تک مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔