(دعوت و تحریک) حقیقت ِنفاق(2) - ڈاکٹر اسرار احمد

13 /

حقیقت ِنفاق(2)

ڈاکٹر اسرار احمد ؒ

(گزشتہ سے پیوستہ)
نفاق کا لغوی و اصطلاحی مفہوم
نفاق(منافقت) کا لفظ  نفق  اور نافقاء سے بنا ہے۔ نفق کا مطلب سُرنگ ہے‘ یعنی زمین دوز راستہ جس کے دو منہ ہوتے ہیں۔ دوسرا عربی کا لفظ نافقاءہے‘ جس کا مطلب گوہ کا بِل ہے۔ گوہ ایک جانور ہے جس کاعرب شکار کیا کرتے ہیں ۔وہ زمین کے اندر اپنا گھر ایسے بناتا ہے کہ اس کے دو راستے ہوتے ہیں۔ اگر شکاری کتا ایک طرف سے آئے تو وہ دوسری طرف سے نکل جاتا ہے اور اس طرح اپنا تحفظ کرلیتاہے۔یہ نفاق کی اصل حقیقت ہے جو ان دونوں الفاظ سے سامنے آرہی ہے ‘یعنی دوغلا پن۔ کسی محفل میں جاکر ان کی خوشامد اوردوسروں کی مخالفت ‘ اور دوسروں کی محفل میں جا کر ان کی خوشامد اور پہلوں کی مخالفت ظاہر کرنا۔سورۃ البقرہ کی آیت14 میں اس کیفیت کا نقشہ یوں کھینچا گیا:
{وَاِذَا لَـقُوا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قَالُوْٓا اٰمَنَّاج وَاِذَا خَلَوْا اِلٰی شَیٰطِیْنِھِمْ لا قَالُوْٓا اِنَّا مَعَکُمْ لا اِنَّمَا نَحْنُ مُسْتَھْزِئُ‘وْنَ(14)} ’’اور وہ جب بھی ملتے ہیں ان لوگوں سے جو ایمان لائے تو کہتے ہیں کہ ہم بھی ایمان لائے ہیں‘ لیکن جب یہ تنہائی میں ہوتے ہیں اپنے شیطانوں کی طرف تو کہتے ہیں کہ بےشک ہم تو آپ کے ساتھ ہیں‘ ہم تو بس مذاق کرنے والے ہی ہیں۔‘‘
اس طرزِ عمل کی اصل وجہ اپنی حفاظت اور بچاؤہے۔ایک رویّہ تو یہ ہوتا ہے کہ جو نظریہ بھی قبول کیا تو اب ہر حال میں اُس کے تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے ۔ دوسرا رویّہ یہ ہے کہ انسان ایک راستہ پر چلنا تو چاہے لیکن دامن بچا بچا کر کہ مجھے کوئی نقصان نہ ہو۔علامہ اقبال کا بہت پیارا شعر ہے:؎
تُو بچا بچا کے نہ رکھ اِسے ‘ ترا آئینہ ہے وہ آئینہ
کہ شکستہ ہو تو عزیزتر ہے نگاہِ آئینہ ساز میں!
 دینی تقاضوں کے سامنے آ جانے کے بعد بھی اگر انسان جان بچانے اور مال بچانے کا رویہ اختیار کیے رہے تو یہ ایک خطرناک کیفیت ہے۔ حقیقی ایمان کا تقاضا تو یہ ہے کہ اللہ کی راہ میں جان اور مال کھپایا جائے ‘لیکن انسان کو جان بھی پیاری اورمال بھی محبوب۔ انسان عموماً دین کےلیے جان ‘مال نہیں لگانا چاہتا۔ وہ جان کو مال کمانے کےلیے ہی خرچ کررہا ہوتا ہے۔ مال کماتے کماتے اس کی کیفیت یہ ہو تی جاتی ہے:
 {اَلْہٰىکُمُ التَّکَاثُرُ (1) حَتّٰی زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ (2)} ’’تمہیں غافل کیے رکھا ہے بہتات کی طلب نے!یہاں تک کہ تم قبروں کوپہنچ جاتے ہو۔‘‘
اگر اللہ کے دین کے لیے مال لگائے تو دنیاوی لحاظ سے مال بھی گیا‘ اور اگر جان لگائے تو اسی وقت کو مال حاصل کرنے کے لیے لگا سکتا تھا ‘لہٰذا یہ بھی دُنیاوی طور پر نقصان کی صورت ہے ۔سو نفاق کی اصل حقیقت یہی ہے کہ اپنے مال اور اپنی جان کا تحفظ‘اُسے بچا بچا کر رکھا جائے۔ یہی دراصل نفاق کی اصل جڑ اور رُوح ہے‘ کیونکہ قرآن کریم میں بندئہ مؤمن سے مطلوب ہے کہ اپنا مال اور جان اللہ کی راہ میں لگائے۔ 
نفاق کی اقسام
  علماء کرام نے نفاق کی دو اقسام بتائی ہیں: 
(1)عقیدے کا نفاق (2)عمل کا نفاق
نفاق کی بیماری کو قرآن و حدیث کی روشنی میں اس طرح سمجھنا زیادہ آسان ہے:
(1) ارادی نفاق/شعوری نفاق(جان بوجھ کر نفاق اختیار کرنا)
(2) غیر ارادی نفاق/غیر شعوری نفاق(جس میں انسان کو پتہ نہیں چلتا کہ نفاق کا آغازہو گیا)
(1) ارادی /شعوری نفاق:
(i) مثال کے طور پراگر کوئی یہودی جاسوس بن کر عرب میں آتا ہے۔ جیسے وہ یہودی جو رسول اللہﷺ کے جسداطہر کو نکالنے آئے تھے ‘وہ دراصل ارادی منافق تھے۔ وہ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ بظاہر اولیاء اللہ بنے ہوئے تھے۔ رسول اللہﷺ نور الدین زنگی ؒ کے خواب میں آئے اور کہا کہ دو کتے مجھے پریشان کررہے ہیں ۔ یہ خواب ان کو جب تین دن تک نظر آیا تو انہوں نے مدینہ  کا رخ کیا ۔وہاں پہنچ کر تمام لوگوں کی کھانے کی دعوت کی۔ دعوت میں ہر آنے والے آدمی سے وہ خود ملے۔ ان کو خواب میں ان دو آدمیوں کی شکلیں دکھا دی گئی تھیں۔جب مدینہ کے سب لوگ دعوت میں آگئے تو پوچھا: ’’اب کوئی رہ تو نہیں گیا؟ ‘‘اُن دونو ں نے اپنی عبادت ‘ زہداور نیکی کا ایسا رُعب ڈالا ہوا تھا کہ نور الدین زنگی ؒکو بتایا گیا کہ دواللہ والے ہیں جو بس عبادت میں مصروف رہتے ہیں‘ کہیں آتے جاتے نہیں۔ چنانچہ نور الدین زنگی ؒنے جا کر ان کے گھر کی تلاشی لی تو ان کے مصلیٰ کے نیچے سے اس سرنگ کا راستہ نظر آیا جس سے وہ نبی مکرمﷺ کے روضۂ مبارک کی دیوار کے قریب پہنچ چکے تھے۔ اب یہ دیکھیں کہ ان کو کتنا وقت لگاہوگا اپنے آپ کو مسلمانوں کے درمیان رہ کر اس تأ ثر کو پیدا کرنے کےلیے کہ نہ صرف اُن کو مسلمان سمجھا جا رہا تھا بلکہ ولی اللہ سمجھا گیا۔ چنانچہ یہ منافق بلکہ ارادی منافق تھے ۔ان کو پتہ تھا کہ ہم تو ایک دن کے لیے بھی ایمان نہیں لائے بلکہ صرف مسلمانوں کو دھوکا دینے کے لیے مسلمان ہونے کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے۔ دراصل ایسے لوگ شعوری طور پر اسلام اور اہل ِ ایمان کے دشمن ہوتے ہیں لیکن ظاہر میں قانونی طور پر مسلمان بنے ہو تے ہیں۔ یہ ارادی منافقت ہے ۔
(ii) اسی طر ح آج اگر ہندوستان کاکوئی ہندو یا سکھ جاسوس بن کر پاکستان آئے ۔بظاہر اس کا حُلیہ مسلمانوں جیسا ہو‘ نماز اور قرآن پڑھنے کا اہتمام کرتا ہواور کسی سرحدی گاؤں کی مسجد میں مولوی بن کر بیٹھ جائے توپہچاننا آسان نہیں ہوگا ۔بہر حال ایسا شخص بھی ارادی منافق کہلائے گا۔
(iii) اس کی ایک مثال کا ذکر قرآن حکیم میں بھی آیا جو کہ رسول اللہﷺ کے دور کی ہے۔ یہود اسلام کے خلاف سازشیں کرتے رہتے تھے۔ اُنہوں نے جب یہ دیکھا کہ اسلام‘ حضرت محمدﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کی تو بڑی ساکھ بنتی جا رہی ہے‘ کیوں کہ جو ایک بار کلمہ پڑھ لے چاہے اُس پر جتنا بھی تشدد کر لیا جائے‘ لیکن وہ واپس نہیںپلٹتا۔ اِس ساکھ کو ختم کرنے کے لیے انہوں نے یہ تدبیر کی کہ صبح کے وقت یہ ظاہر کردیا جائے کہ ہم ایمان لے آئے لیکن شام کو مُرتد ہونے کا اعلان کر دیا جائے۔ اِس طرح لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ اِ ن عالم لوگوں نے پورا دن رسول اللہ ﷺ کے ساتھ گزارا تو وہاں پر کوئی خرابی دیکھی ہوگی تبھی تو اسلام لا کر بھی ہٹ گئے۔ عوام کے اندر شک کی کیفیت پیدا ہوگی اور اسلام کی یہ ساکھ ختم ہو جائے گی کہ جو ایک بار ایمان لے آئے وہ واپس نہیں پلٹتا۔ سورئہ آ لِ عمران میںا ن کی اِس سازش کا ذکر اس طرح کیا گیا: 
{وَقَالَتْ طَّـآئِفَۃٌ مِّنْ اَہْلِ الْـکِتٰبِ اٰمِنُوْا بِالَّذِیْ اُنْــزِلَ عَلَی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَجْہَ النَّہَارِ وَاکْفُرُوْٓا اٰخِرَہٗ لَـعَلَّـہُمْ یَرْجِعُوْنَ(72)} ’’اور کہا (طے کیا) اہل ِکتا ب میں سے ایک گروہ نے کہ ایما ن لا ؤ اس کلا م پر جو کہ نازل کیا گیا ہے، اُن لو گو ں پر جو ایمان لا ئے ہیں دن کے ابتدائی حصہ میں اوراس کا انکار کردو دن کے آخری حصہ میں‘ شا ید کہ وہ بھی لوٹ جا ئیں۔‘‘
دیکھنے والوں کو تو وہ لوگ چند گھنٹوں کے لیے   اہل ایمان نظر آئے لیکن انہوں نے تو ایمان کی لذت چکھی ہی نہیں ۔وہ تو کفر کی حالت میں آئے‘کفر ہی میں رہے اور کفر ہی میں چلے گئے۔ ایک خاص وقت کے لیےقانوناً مسلمان تو تھے لیکن اُن کو معلوم تھا کہ وہ مسلمان نہیں ‘محض فریب دینے کےلیے لبادہ اوڑھا تھا۔
چنانچہ یہ شعوری نفاق کی تین مثالیں سامنے آگئی ہیں۔ ایک حضورﷺ کے زمانے کی‘ایک نورالدین زنگی ؒ کے زمانہ کی اور ایک آج کے دور کی۔بہر حال اس نفاق کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔
(2) غیر شعوری /غیراراد ی نفاق:
یہ وہ نفاق ہے جس کے بارے میں حضرت عمر فاروق ؓ اور حضرت حنظلہ ؓ پریشان ہوئے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ مجھے پتہ بھی نہ چلے اور میرے ایمان کی دولت پر ڈاکا پڑ جائے ۔لہٰذا ہمیں جس نفاق کوپہچاننا اور سمجھنا ہے وہ یہ غیرارادی و غیر شعور ی نفاق ہے۔ قرآن حکیم میں بھی اکثر و بیشتر اِسی نفاق کا ذکر آیا ہے۔
نفاق کی اس قسم کو سمجھنے کے لیے اِس پہلو پر غور کرنا ضروری ہے کہ تمام لوگ قوتِ ارادی کے اعتبار سے برابر نہیں ہوتے۔جیسے کوئی جسمانی لحاظ سے قوی ہے کوئی کمزور‘ اسی طرح دماغی طور پرکوئی زیادہ ذہین اور کوئی   کم ذہین ہوتا ہے ۔پھر یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ دین اسلام ایک انقلابی دعوت ہے۔ دین کے تقاضوں پرشعوری طور پر عمل کرنے کے لیے مصائب اور مشکلات ضرور آتی ہیں۔ سود سمیت ہر حرام کام کو چھوڑنا پڑتا ہے۔ پھر دین کا تقاضایہ بھی ہے کہ اُسے پھیلایا جائے اور غالب کیا جائے۔ اس کے لیے اللہ کی راہ میں مال اور جان خرچ کرنے کا مطالبہ آ تا ہے ۔ چنانچہ کچھ تو قوی ہمت لوگ ہوتے ہیں جو اتنی مضبوط قوتِ ارادی کے ساتھ ایمان لاتے ہیں کہ ہر حال میں دین کے احکامات پر مضبوطی سے ڈٹ جاتے ہیں۔ چاہے لوگ کچھ بھی کہیں ‘ طنز کریں یا مذاق اُڑائیں‘ اُنہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ جب فیصلہ کر لیا تو خواہ تکلیفیں برداشت کرنی پڑیں یا شدید ایذائیں سہنا پڑیں‘  ہر چہ بادا باد!یہ مؤمن صادق کی کیفیت ہوتی ہے کہ وہ شعوری فیصلہ کر لیتا ہے کہ: 
{ اِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ(162)}  (الانعام) ’’بے شک میری نماز اور میری قربانی ‘میرا جینا او ر میرا مرنا اُس اللہ کے لیے ہے جو کہ تمام جہانوں کا رب ہے۔‘‘
 مؤمن صادق کی یہی کیفیت سورۃ التوبہ میں بھی بیان کی گئی:
{اِنَّ اللہَ اشْتَرٰی مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ اَنْفُسَہُمْ وَ اَمْوَالَہُمْ بِاَنَّ لَہُمُ الْجَنَّۃَط  یُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِ اللہِ فَیَقْتُلُوْنَ وَ یُقْتَلُوْنَ قف وَعْدًا عَلَیْہِ حَقًّا فِی التَّوْرٰىۃِ وَ الْاِنْجِیْلِ وَ الْقُرْاٰنِ ط وَمَنْ اَوْفٰی بِعَہْدِہٖ مِنَ اللہِ فَاسْتَبْشِرُوْا بِبَیْعِکُمُ الَّذِیْ بَایَعْتُمْ بِہٖ ط وَذٰلِکَ ہُوَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ (111)} ’’یقیناً اللہ نے خرید لی ہیں اہلِ ایمان سے اُن کی جانیں بھی اور اُن کے مال بھی اس قیمت پر کہ اُن کے لیے جنّت ہے۔ وہ جنگ کرتے ہیں اللہ کی راہ میں‘ پھر قتل کرتے بھی ہیں اور قتل ہوتے بھی ہیں۔ یہ وعدہ اللہ کے ذِمّہ ہے سچا‘ تورات‘ انجیل اور قرآن میں۔ اور اللہ سے بڑھ کر اپنے عہد کو وفا کرنے والا کون ہے؟ پس خوشیاں منائو اپنی اِس بیع پر جس کا سودا تم نے اُس کے ساتھ کیا ہے۔ اور یہی ہے بڑی کامیابی۔‘‘
اگر کوئی اللہ اور اس کے رسولﷺ کا ماننے والا ہے تو ایمان کا یہ بھی تقاضا ہے کہ اللہ کا دین قائم کرنے کی جدّوجُہد کرے‘ چاہے کتنی ہی قربانیاں دینا پڑیں۔ ایسا فیصلہ کرنے والے لوگ ہی انقلاب برپا کر سکتے ہیں ورنہ اسلام کا نظام قائم نہیں ہو سکتا۔ لاکھ ہم اسلام کو پسند کر لیں لیکن جب تک ’’ہر چہ بادا باد‘‘ کی شان کےساتھ میدان میں نہیں اتریں گے‘ اُس وقت تک اسلام غالب نہیں ہو سکتا۔ایسے مردانِ کار مطلوب ہیں کہ جو فیصلہ کیا ‘اس پر ڈٹ گئے۔ انسانوں میں کمزور ہمت لوگ بھی ہوتے ہیں جو کسی عادت کو چھوڑنا چاہیں لیکن چھوڑ نہیں پا رہے ہوتے‘کسی کام کے کرنے کی خواہش و ارادہ رکھتے ہیں لیکن عین وقت پر قوتِ ارادی ڈھیلی پڑ جاتی ہے اور لاکھ خواہش کے باوجود وہ کام نہیں ہو پاتا۔ ایک شخص دیانت داری سے اسلام قبول کرتا ہے‘ اس کے تقاضے بھی پورے کرنا چاہتا ہے کہ سچا مومن بن جائے لیکن ہو سکتا ہے کہ دین کے مشکل احکامات اُسے آزمائش لگ رہے ہوں۔حقیقی مؤمن کی تعریف سورۃ الحجرا ت میں یوں بتائی گئی:
{اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا بِاللہِ وَ رَسُوْلِہٖ ثُمَّ لَمْ یَرْتَابُوْا وَ جَاہَدُوْا بِاَمْوَالِہِمْ وَ اَنْفُسِہِمْ فِیْ سَبِیْلِ اللہِط  اُولٰٓئِکَ ہُمُ الصّٰدِقُوْنَ(15)} ’’مومن تو بس وہ ہیں جو ایمان لائے اللہ اور اس کے رسول(ﷺ) پر پھر شک میں نہ پڑے‘ اور انہوں نے جہاد کیا اللہ کی راہ میں اپنی جانوں اور مالوں سے۔ یہی ہیں جو (اپنے دعوائے ایمان میں) سچے ہیں۔‘‘
سو ایمان کا لازمی تقاضا ہے کہ ایمان والے اللہ کے راستہ میں اپنی جان و مال ضرور کھپاتے ہیں۔
ضعف ِایمان یہ ہے کہ جب دین کے مشکل مطالبات سامنے آتے ہیں کہ اللہ کی راہ میں جہاد کےلیے نکلو یا انفاق کرو تواُس وقت جان و مال زیادہ عزیز ہوجاتا ہے ۔ اب وہ ایک گو مگو کی حالت میں گرفتار ہوجاتا ہے‘ سوچ میں پڑ جاتا ہے کہ آگے بڑھوں یا نہ بڑھوں!یہ تذبذب کی کیفیت ہے جس کوسورۃ النساء کی آیت 143 میں یوں بیان کیا گیا: 
{لَآ اِلٰی ہٰٓــؤُلَآئِ وَلَآ اِلٰی ہٰٓــؤُلَآئِ ط} ’’ نہ تو وہ اِن کی طرف ہیں نہ اُن کی طرف ہیں۔‘‘
  ایسی صورت حال میں ضعیف الایمان شخص تو اپنی غلطی کا اعتراف کرلیتا ہے کہ اُس وقت قوت ِارادی کمزورپڑ گئی تھی‘ ایمان پر نفس غالب ہو گیا تھا اور دین پر دنیا غالب آگئی تھی ۔پھر وہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگتا ہے اور آئندہ کےلیے دین کے تقاضے سامنے آنے پر    ثابت قدم رہنے کا وعدہ کرلیتا ہے۔جب تک اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا جائے‘اپنی تقصیر پر معافی طلب کی جائے ‘ اپنی کوتاہی کو مانا جائے تو یہ کیفیت ایمان کی کمزوری کہلائے گی۔ البتہ اگر ماننے کے بجائے جھوٹے بہانے بنانا شروع کر دئیے تو یہاں سے نفاق کی سرحد کا آغاز ہو جاتا ہے۔ جس طرح TB کی بیماری کی تین stagesہوتی ہیں اور آخری مرحلہ پر آکر یہ بیماری عموماً لاعلاج ہو جاتی ہے ‘بالکل یہی حال نفاق کی بیماری کا بھی ہے۔ 
نفاق کی پہلی سٹیج
کئی مرتبہ اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کے بعد آدمی کانفس اُسے آمادہ کرتا ہے کہ کیوں اپنے آپ کو لوگوں کے سامنے ذلیل کرواتے ہو۔ جھوٹ بول دو کہ میری تو پوری آمادگی تھی مگر عین وقت پریہ عذر ہو گیا‘ یہ رکاوٹ آگئی‘ یہ مجبوری تھی‘ فلاں بیماری ہو گئی۔ اس صورت میں عزّتِ نفس تو بچ جائے گی لیکن یہاں سے جھوٹ کا آغاز ہو گیا۔ گویا اب ضعف ِایمان نہیں رہا بلکہ نفاق شروع ہو گیا ہے(جیسا کہ آغاز میں حدیث ِمبارک میں منافق کی پہلی نشانی جھوٹ ہی بتائی گئی تھی)۔
نفاق کی دوسری سٹیج 
جب کئی مرتبہ کوئی نہ کوئی عذر پیش کیا جائے تو لوگوں کی نگاہوں میں اعتبار کم ہوتا جاتا ہے۔ظاہر ہونے لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ہی ہر دفعہ کوئی نہ کوئی عذر ہوجاتا ہے ۔ چنانچہ ا ب ایسا شخص جھوٹے بہانوں کے بجائے جھوٹی قسموں کا سہارا لیتا ہے۔ خدا کو گواہ بنا کرلوگوں کو طرح طرح کے بہانے زور دار انداز میں پیش کرے گا۔ اب یہ مرض دوسری سٹیج میں داخل ہوگیا ۔ ان دونوںسٹیجوں میں ابھی شفا کا امکان ہے کہ انسان اگر چاہے تو اپنے رویے کی اصلاح کرسکتا ہے ۔چنانچہ یہ اللہ تعالیٰ کی مصلحت ہے کہ سورۃالبقرہ کے دوسرے رکوع کے آغاز میں نفاق کا ذکر آیا ہے مگر کسی کا نام نہیں لیا گیا۔
’’بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان لائے ہیں حالانکہ درحقیقت وہ مومن نہیں ہیں۔وہ دھوکا دینا چاہتے ہیں اللہ اور ایمان والوں کو‘ اور وہ دھوکا نہیں دیتے سوائے اپنی جانوں کو اور وہ نہیں سمجھتے ۔ان کے دلوں میں ایک بیماری ہے جسے اللہ نے اور زیادہ بڑھا دیااس کی وجہ سے جو وہ جھوٹ بولتے تھے ان کے لیے درد ناک عذاب سزا ہے ۔‘‘(آیات:8 تا10)
دراصل یہ اللہ تعالیٰ کی سنت ہے کہ اگر آپ ہدایت کی طرف آئیں گے تو اللہ آپ کی ہدایت میں اضافہ کرے گا۔ایک نیکی کریں گے‘ دس نیکیوں کی مزید توفیق ملے گی لیکن اگر غلط راستے کی طرف جائیں گے تو اللہ آپ کے لیے اُس راستے کو بھی کھول دے گا ۔ ایک برا کام کریں گے ‘دس برائیوں کا راستہ مزید کھلتا جائے گا۔اسی طرح نفاق کا راستہ اختیار کریں گےتو وہ آپ کے لیے اس راستے کو کھول دے گا۔ یہ ہے وہ مرض جو ان کے دلوں میں ہے ۔اللہ نے یہ روگ بڑھادیاہے۔ اس طرح نفاق کی اہم ترین علامت جھوٹ کو اِن آیات میں واضح کیا گیا ہے ۔
سورۃ البقرۃ میں منافق کا لفظ استعمال نہیں ہوا ہے بلکہ صرف علامات واضح کرتے ہوئے خبر دار کیا جا رہا ہے کہ اپنا محاسبہ کرلو۔ اگر تمہارے اندر یہ علامات موجود ہیں تو اپنی اصلاح کر لو۔ سورۃ البقرۃ کے بعدسورۃ المنافقون نازل ہوئی ہے تو اُس کے آغاز میں باقاعدہ منافقین کا لفظ آیا ہے ۔ارشاد ہوتا ہے:
{اِذَا جَآئَ کَ الْمُنٰفِقُوْنَ قَالُوْا نَشْہَدُ اِنَّکَ لَرَسُوْلُ اللہِ م} ’’(اے نبیﷺ!) جب یہ منافق آپ کے پاس آتے ہیں توکہتے ہیں ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ یقیناً اللہ کے رسول ہیں۔‘‘
گواہی اور قسم دراصل ایک ہی چیز ہے۔ منافقین کے اس بیان پر اللہ تعالیٰ نے زبردست تبصرہ فرمایا:
{ وَاللہُ یَعْلَمُ اِنَّکَ لَرَسُوْلُہٗ ط وَاللہُ یَشْہَدُ اِنَّ الْمُنٰفِقِیْنَ لَــکٰذِ بُوْنَ (1)} ’’ہاں اللہ جانتا ہے کہ آپ یقیناً اس کے رسول ہیں۔ لیکن اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ منافق قطعی جھوٹے ہیں۔‘‘
دراصل ان منافقوں کا قول تو سچا تھا کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں۔ یہ سچ بول رہے ہیں مگر اللہ کے نزدیک جھوٹے ہیں کیونکہ صرف زبان سے یہ اقرار کررہے ہیں‘ ان کے دل اور عمل ا س کی گواہی نہیں دیتے۔گویا ان کی بات جھوٹ نہیں ہے ‘سچ ہے لیکن بولنے والا جھوٹا ہے ۔انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے اور اس طرح یہ لوگ اللہ کے راستے سے خود رکتے ہیں اور دوسروں کو بھی روکتے ہیں۔جب ان منافقوں سے کہا جاتا ہے کہ تم اُحد میں کیوں نہیں پہنچے‘ اپنی ذِمّہ داری کیوں نہیں پوری کی تو پہلے تو باتیں بناتے ہیں اور جب یہ دیکھتے ہیں کہ لوگ مان نہیں رہے تو فوراً اللہ کی قسم کھا کر کہتے ہیں کہ میں ٹھیک کہہ رہا ہوں۔اب کوئی شریف آدمی کیسے جھٹلا سکے گا جبکہ محمد رسول اللہﷺ تو اشرف الناس ہیں‘ سو آپؐ خاموشی اختیار کرلیتے۔ یہ بات نہیں تھی کہ اللہ کے رسولﷺ ان کو جانتے نہیں تھے‘ آپﷺ کو معلوم تھا کہ یہ لوگ جھوٹے ہیں مگر آپؐ ظاہر نہیں کرتے تھے۔ یہ آپﷺ کی شرافت و نرمی تھی۔ چنانچہ اُن منافقین نے اللہ کے راستے سے رُکنے کے لیے اپنی قسموں کو ڈھال بنارکھا تھا۔ (جاری ہے)