(خصوصی رپورٹ) ’’مصنوعی ذہانت :توقعات ، خدشات اور حل) آخری حصّہ )‘‘ - محمد رفیق چودھری

13 /

اللہ تعالیٰ نے انسان کو روح، فطرت، وحی، شعور، خودی اور جذبات جیسی ایسی انمول

صلاحیتیں عطا کی ہیں جو مصنوعی ذہانت کو کبھی حاصل نہیں ہو سکتیں:حمزہ شاہد

AI کو محض اپنا معاون سمجھیں، اسے استاد، مفتی یا مجتہد کا درجہ ہرگز نہ دیں، بلکہ اس

کی ہر بات کو محض ایک رائے سمجھ کر اس کی اصل جڑ اور مآخذ کو پرکھیں:فضل باسط

کسی کے کردار، شرعی مسئلے، طبی علاج یا قانونی معاملات میں AI کے جوابات پر ہرگز

بھروسا نہ کیا جائے:ڈاکٹر اسرارعلی

AI کو بنانے والے بہت سے ماہرین بھی اِس خدشے کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ نظام انسانی

کنٹرول سے نکل گیا تو براہِ راست انسانی مفادات سے ٹکرائے گا:ذیشان محمود

’’مصنوعی ذہانت :توقعات ، خدشات اور حل )آخری حصّہ )‘‘

میز بان : آصف حمید

مرتب : محمد رفیق چودھری

سوال:جدید جنگوں میں بھی اب مصنوعی ذہانت (AI) کا بھرپور استعمال ہو رہا ہے۔ حالیہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کشیدگی میں بھی عسکری معاملات کے لیے پہلے ’اینتھروپک‘‘ اور اب’ ’اوپن AI ‘‘کے ماڈلز استعمال کیے جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ یوں AI اب باقاعدہ ایک جنگی ہتھیار بن چکی ہے۔ عسکری میدان میں اس کا یہ استعمال کس نوعیت کا ہے؟
ذیشان محمود:بالکل، دفاعی شعبے میں بھی مصنوعی ذہانت کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس کا بنیادی استعمال نگرانی، انٹیلی جنس اور ڈیٹا کے تجزیے میں ہوتا ہے۔ سیٹلائٹس اور دیگر ذرائع سے بے شمار تصاویر اور معلومات اکٹھی کی جاتی ہیں اور جن معاملات کا تجزیہ پہلے انسان یا روایتی کمپیوٹر کرتے تھے، اب AI اُن کا تجزیہ کر کے مصنوعی ذہانت سے فیصلے کرتی ہے۔ یہ نظام خطرات کی شناخت کرتا ہے، رسد اور سامان کی نقل و حرکت کو سمجھتا ہے، اور دشمن کی دفاعی منصوبہ بندی کا سراغ لگاتا ہے۔تاہم دفاعی معاملات میں AI کے خطرات کہیں زیادہ سنگین ہیں۔ جس تیز رفتاری سے AI ترقی کر رہی ہے، اس رفتار سے قانونی، اخلاقی اور حفاظتی ضوابط وضع نہیں کیے جا رہے۔ خود اس ٹیکنالوجی کو بنانے والے بہت سے ماہرین بھی اس خدشے کا اظہار کرتے ہیں کہ اگر یہ نظام انسانی کنٹرول سے نکل گیا تو براہِ راست انسانی مفادات سے ٹکرائے گا۔ یہی خطرہ جنگ اور عسکری کارروائیوں میں اُس وقت اور بڑھ جاتا ہے جب AI کسی ہدف کو طے کر کے نشاندہی کرے کہ اب فائر کرنا ہے؛ اس صورت میں اگر AI کی جانب سے غلطی یا ہیلوسینیشن(غلط یا بے بنیاد نتیجہ اخذ کرنے) کا امکان شامل ہو جائے، تو اس کے نتیجے میں کئی بے گناہ اور معصوم جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔یوں یہ عمل بین الاقوامی جنگی قوانین اور انسانی جان کی حرمت کے اُن اصولوں کو خود پامال کرتا ہے جن کی بات کی جاتی ہے، کیونکہ AI میں مکمل درستگی ممکن نہیں اور خطرات بدستور موجود رہتے ہیں۔ اِس لیے ناگزیر ہے کہ عالمی سطح پر اس حوالے سے باقاعدہ منصوبہ بندی اور قانون سازی کی جائے کہ انسانی جانوں سے جڑے معاملات میں AI کا استعمال کہاں ہونا چاہیے اور کہاں نہیں۔
سوال:چونکہ مصنوعی ذہانت اب زندگی اور کاروبار کے ہر شعبے میں سرایت کر چکی ہے، تو اگر کوئی فرد یا ادارہ اس پر حد سے زیادہ انحصار کرنے لگے تو اُس کی شخصیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اور وہ کمپنی آخرکار کس چیز میں بدل جاتی ہے؟
فضلِ باسط:  اس کا جو سب سے بنیادی اور نمایاں اثر سمجھ آتا ہے، وہ یہ ہے کہ اس سے ہمارے سوچنے، دلیل قائم کرنے اور مسائل کو خود حل کرنے کی صلاحیت کمزور پڑ رہی ہے۔ اب جب بھی کوئی مسئلہ سامنے آتا ہے تو فوراً ذہن میں یہی خیال آتا ہے کہ اِسے AI سے حل کروا لیا جائے، جبکہ آج سے بیس تیس سال پہلے ایسا نہیں تھا۔  میں اکثر اپنے یونیورسٹی کے طلبہ کو ایک سادہ سی مثال دیا کرتا ہوں کہ ایک زمانہ تھا جب لوگ پوری پوری کتاب، حتیٰ کہ چار پانچ گھنٹوں میں پورا ناول ختم کر دیا کرتے تھے اور آج حال یہ ہے کہ کتاب کے صرف دو صفحے بھی ٹک کر نہیں پڑھے جاتے۔ چار سطریں پڑھتے ہی بے چینی شروع ہو جاتی ہے کہ اب کچھ اور کیا جائے۔ یہ مسئلہ اب عام ہو رہا ہے اور ہماری ذہنی صلاحیتوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قدرتی طور پر ہمارے دماغ میں ایک خاص صلاحیت رکھی ہے، لیکن جب آپ اسی دماغ میں حد سے زیادہ چیزیں ٹھونستے ہیں —مثلاً رات کو سونے سے پہلے ایک ایک منٹ کی شارٹ کلپس جلدی جلدی دیکھتے ہیں —تو یاد رکھیں کہ دماغ تو وہی ہے جو پچاس یا دو سو سال پہلے لوگوں کا تھا، وہی آج میرا اور آپ کا ہے۔ نتیجتاً یادداشت کے مسائل عام ہو رہے ہیں، مطالعے کی عادت ختم ہوتی    جا رہی ہےاور تحریری و تخلیقی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔ اسی طرح ہم دیکھتے ہیں کہ غلط معلومات کو درست سمجھ لینے اور اپنی رائے بنانے کے بجائے AI کی رائے کو حتمی سمجھ کر ماننے کا رجحان بڑھ رہا ہے، جیسے اس کی بات کو حرفِ آخر مان لیا جائے۔ اس کے ساتھ ایک نفسیاتی اور شخصی مسئلہ بھی جنم لے رہا ہے، اور وہ ہے خود اعتمادی کی کمی۔
اب ہر فیصلے میں ہم مشین یا کسی دوسرے کے محتاج ہوتے جا رہے ہیں۔ مزید یہ کہ ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے ناموں کو دیکھیں تو اُن میں سے بہت سے لوگ معاشرتی طور پر تنہا اور اپنی ہی دنیا میں رہنے والے ہیں، جو عوامی میل جول کو اتنا پسند نہیں کرتے۔ اس سے معاشرتی تنہائی بھی بڑھ رہی ہے، اور ہم انسانوں کے بجائے مشینوں سے باتیں کر کے اُن سے ایک جذباتی وابستگی جوڑ بیٹھے ہیں۔ اِن سب اثرات میں جو بات سب سے زیادہ عام اور بنیادی ہے، وہ سُستی ہے۔ یعنی محنت سے جی چرانا اور شارٹ کٹس تلاش کرنا۔ خاص طور پر ہماری یونیورسٹیوں میں اب یہ منظر عام ہے کہ طلبہ اصل علم حاصل کرنے کے بجائے بس اِس فکر میں رہتے ہیں کہ جو اسائنمنٹ یا پراجیکٹ ملا ہے، اُسے کسی نہ کسی طرح جلدی سے کہیں سے ڈھونڈ کر، کٹ پیسٹ کر کے اور چند چیزیں شامل کر کے جمع کرا دیا جائے۔  ذرا سوچئے کہ اِس عادت کے ساتھ جب کوئی طالب علم یونیورسٹی سے نکلے گا تو اُس کی اپنی ذہنی صلاحیت کیا ہوگی؟ خدانخواستہ اگر کبھی یہ سہولتیں میسر نہ رہیں تو اس کا پورا مائنڈ سیٹ درہم برہم ہو جائے گا۔البتہ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ AI کا کوئی مثبت پہلو نہیں ہے، یا اس کا استعمال سرے سے ضروری نہیں۔ اگر اس کا درست اور شعوری استعمال کیا جائے تو AI کے ذریعے سیکھنے کے عمل اور اپنی تنقیدی و تخلیقی صلاحیت کو بہتر بھی بنایا جا سکتا ہے۔ مثلاً اس سے ابتدائی درجے کے سوالات پوچھے جائیں یا ایسے نکات لیے جائیں جن کی طرف ہمارا دھیان نہ گیا ہو، تاکہ وہ  ہماری سوچ میںمعاونت فراہم کر سکے۔ یہ اس کے مثبت پہلو ہیں، لیکن بہرحال فیصلہ انسان نے خود کرنا ہے کہ وہ اس پر کتنا منحصر ہو چکا ہے اور اُس نے اس کی شخصیت پر کتنا اثر ڈالا ہے؛ اس حوالے سے اپنا جائزہ لینا بہرحال ہم سب کے لیے ضروری ہے۔
سوال:آج کل جعلی اور ڈیپ فیک ویڈیوز سمیت AI سے تیار کردہ تصاویر اور کلپس اِس قدر عام ہو چکے ہیں، اور ان میں حقیقی رنگ اِس حد تک آ گیا ہے کہ اب اصل اور نقل میں بہت ہی معمولی فرق رہ گیا ہے۔ ایسے حالات میں حقیقت اور AI مواد کے درمیان امتیاز اور تمیز کیسے کی جائے؟
ڈاکٹر اسرارعلی:اس حوالے سے سورۃ الحجرات کی آیت نمبر 6 یاد آتی ہے: {یٰٓـاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِنْ جَآئَ کُمْ فَاسِقٌ م بِنَبَاٍ فَتَبَیَّنُوْٓا} 
’’اے اہل ِایمان! اگر تمہارے پاس کوئی فاسق شخص کوئی بڑی خبر لے کر آئے تو تم تحقیق کر لیا کرو‘‘
آج AI سے تیار کردہ ڈیپ فیک ویڈیوز اور جعلی آوازوں کے دور میں ہمیں AI مواد کو بھی اسی فاسق کے دائرے میں رکھنا ہوگا، کیونکہ محض ظاہری شکل دیکھ کر اصل سمجھ لینا دھوکے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس کی تصدیق کے لیے سب سے پہلے بنیادی سورس، اکاؤنٹ، ویب سائٹ،  تاریخ اور سیاق و سباق کو پرکھا جائے کہ کہیں پرانی    ویڈیو نئے واقعے کے طور پر تو نہیں چلائی جا رہی، اور ریورس امیج سرچ کے ذریعے تصویر کی اصل جڑ تک پہنچا جائے۔ اگر تحریر ہو تو اس میں بار بار دہرائی جانے والی باتوں اور گھسے پٹے الفاظ کے استعمال سے اندازہ ہو سکتا ہے، جبکہ کلون شدہ آوازوںخصوصاً اردو میںبھی مصنوعی پن محسوس ہو جاتا ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں ابھی تک انگلیوں، کانوں یا آنکھوں کی غیر فطری تعداد، بگڑے ہوئے لوگو اور عجیب جیومیٹری جیسے نقائص پکڑے جا سکتے ہیں اور اس کے ساتھ AI ڈیٹیکشن ٹولز سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔ عملی طور پر اِس کی سب سے بڑی احتیاط یہ ہے کہ اگر کسی جاننے والے یا رفیق کی طرف سے پیسوں کے مطالبے جیسا وائس میسج آئے تو فوراً یقین کرنے کے بجائے براہِ راست رابطہ کر کے اِس کی تصدیق ضرور کی جائے۔
سوال:  آپ کسی تحریکی کارکن کو کیا مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مصنوعی ذہانت (AI) سے مدد لے کر اپنی دعوتی، علمی اور فکری استعداد کو کس طرح نکھار اور بہتر بنا سکتا ہے؟
حمزہ شاہد: جب سوشل میڈیا کی آمد ہوئی تھی، تب بھی ہم نے رفقاء کے سامنے اس کے استعمال کی احتیاطیں رکھی تھیں، مگر ساتھ ہی یہ تلقین بھی کی تھی کہ اِسے ایک دعوتی وسیلے کے طور پر ضرور استعمال کریں۔ اسی طرح ہمارے پیشِ نظر اپنے تربیتی اہداف، فکر کی پختگی اور علم میں اضافے جیسے بنیادی تقاضے بھی ہیں۔ اِس حوالے سے سب سے بڑا اصول جسے ہمیں پیشِ نظر رکھنا چاہیے اور جس پر تمام رفقاء کی تربیت کرنی چاہیے، وہ یہ ہے کہ ہم طے کریں کہ AI کو کن کاموں میں استعمال کرنا ہے اور کن میں نہیں، نیز اِس کا استعمال کس حد تک رکھنا ہے اور اپنے ذہن کو کتنا  بروئے کار لانا ہے۔جب تک AI محض ہمارے اسسٹنٹ کے طور پر کام کرے، تب تک تو شاید ہم کسی حد تک محفوظ رہیں؛ مگر جس لمحے ہم اسے اپنا گائیڈیا رہنما بنا بیٹھیں گے، اُسی وقت سے اصل مسائل جنم لیں گے۔ فکری و دعوتی میدان میں اِس سے فائدہ اُٹھانے کے لیے ہمیں چند بنیادی باتوں کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا۔سب سے پہلی بات یہ ہے کہ ہم خود علم حاصل کرنے کی استعداد پیدا کریں۔ بہرحال، بنیادی اعتماد رجال پر ہونا چاہیے اور AI سے محض معاونت لی جائے۔مثال کے طور پر، ہمارے تنظیمی نصاب کی جو کتابیں ہیں، اگر ہمیں کبھی اُن کا خلاصہ یا لبِ لباب درکار ہو، تو اس سے پہلے ہمارا ان کتابوں کا ذاتی مطالعہ ہونا ضروری ہے؛ تاکہ جب ہم AI سے مدد لیں تو ہمیں اندازہ ہو کہ وہ درست بات کہہ رہی ہے یا محض تُکّے لگا رہی ہے۔ یوں خود ہمارا ابتدائی مطالعہ ناگزیر ہے۔
اسی طرح ہمیں اپنے دینی علم میں اضافہ کرنا چاہیے اور مستند ذرائع یعنی سب سے پہلے اہلِ علم سے قرآن و سنت اور حدیث کا علم، اور معتبر کتابوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔ جب یہ بنیاد مضبوط ہوگی تو AI سے معاونت لیتے وقت ہم باآسانی پرکھ سکیں گے کہ کون سی بات سچ ہے اور کون سی غلط۔اِس کے علاوہ اب یہ سہولت بھی میسر ہے کہ ہم AI کو مخصوص دائرے میں رکھ کر کام لیں۔ مثلاً جب کبھی کسی پریزنٹیشن پر کام کرنا ہو، تو اُسے پابند کیا جا سکتا ہے کہ وہ صرف فلاں مکتبہ کی موجودہ  کتابوں سے مواد لے اور ساتھ ہی اُس کا مکمل حوالہ بھی دے، جسے بعد میں باقاعدہ جانچا بھی جا سکے۔ غرض یہ کہ فکری معاونت کے لیے ایسی مضبوط احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں۔ دعوتی اعتبار سے بھی بروشرز، ہینڈ آؤٹس اور پریزنٹیشنز تیار کرنے میں AI سے مدد لے کر کام کو سہل بنایا جا سکتا ہے۔ خلاصہ یہ کہ تنظیمِ اسلامی کا ہر انقلابی کارکن ان حدود و قیود کو سامنے رکھتے ہوئے AI سے بامقصد معاونت حاصل کر سکتا ہے۔
سوال: ہم اپنے رفقائے تنظیم کی عملی رہنمائی کیسے کر سکتے ہیں کہ اگر انہیں لیکچر تیار کرنا ہو، کوئی پریزنٹیشن بنانی ہو یا اسی نوعیت کے دیگر دعوتی و تنظیمی کام سرانجام دینے ہوں، تو ہر کام کے لیے کون سے موزوں ترینAI ٹولز استعمال کیے جا سکتے ہیں؟
ذیشان محمود:جی بالکل، پینل کے دیگر ساتھیوں نے متعدد ٹولز کا ذکر کر دیا ہے، تاہم عموماً ہمارے رفقاء اور عام صارفین روزمرہ کاموں کے لیے چیٹ جی پی ٹی، جیمنائی اور کلاڈ جیسے چیٹ بوٹس ہی استعمال کرتے ہیں۔ میں اِس میں یہ بات بھی شامل کرنا چاہوں گا کہ تحریکی کارکنان ان ٹولز کے ذریعے اپنی استعدادِ کار کو دو تین زاویوں سے مزید نکھار سکتے ہیں۔اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم ڈاکٹر صاحبؒ کی کتب سے تیاری کرتے ہیں تو ان کی ثقیل یا علمی اُردو کو عام فہم بنانا ایک چیلنج ہوتا ہے۔ یہاں آپ AI سے مدد لے کرزبان کو آسان بنا سکتے ہیں۔ مثلاً اسے ہدایت دیں کہ میرے مخاطبین بچے، نوجوان یا بزرگ ہیں، لہٰذا اسی مضمون کو اُن کی ذہنی سطح کے مطابق سادہ اور عام فہم انداز میں ڈھال کر پیش کرو۔ اسی طرح اپنی علمی و فکری پختگی کے لیے آپ اس سے کراس کویسچننگ (جرح) بھی کروا سکتے ہیں۔ آپ اُسے اپنا موقف بتا کر کہہ سکتے ہیں کہ اس پر تنقیدی سوالات اٹھائے تاکہ آپ کے موقف کی کمزوریاں سامنے آ سکیں۔ اگر آپ کو ان کے جوابات آتے ہوں گے تو یہ آپ کی علمی پختگی کی دلیل ہوگی، بصورتِ دیگر آپ ان کا مطالعہ کر کے اپنی استعداد بہتر بنا سکیں گے۔الغرض، ان چیٹ بوٹس سے مختلف کتب کے خلاصے، ابتدائی تقاریر، تحریریں اور دروس کی تیاری میں بھرپور مدد لی جا سکتی ہے۔ تاہم، اس استعمال کے لیے تین بنیادی اصولوں کا فریم ورک ہمیشہ پیشِ نظر رکھیں: اول یہ کہ AI سے ہمیشہ معلومات کا مستند حوالہ طلب کریں، دوم اس حوالے کی خود تصدیق بھی کریں اور سوم یہ کہ دینی فتاویٰ اور قرآن و حدیث جیسے حساس معاملات میں اگر آپ کی اپنی علمی استعداد ناکافی ہو تو کسی ماہر یا عالم سے اُس کی لازمی توثیق کروائیں۔ اِن احتیاطوں کے بعد ہی اس پر کسی حد تک انحصار کیا جا سکتا ہے، ورنہ غلط معلومات کا شکار ہونے کا شدید اندیشہ رہتا ہے۔
سوال:AIکے استعمال کے ضمن میں تحریکی کارکنان  کے لیے شرعی یا اخلاقی حدود کیا ہو سکتی ہیںیا تنظیم کے رفقاء کے لیے تنظیمی حدود کیا ہو سکتی ہیں؟ 
ڈاکٹر اسرارعلی:اس ضمن میں سورۃ المائدہ کی آیتِ مبارکہ:{وَلَا تَعَاوَنُوْا عَلَی الْاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ ص} (آیت:2)’’اور گناہ اور ظلم و زیادتی کے کاموں میں تعاون مت کرو۔‘‘بنیادی رہنما اصول فراہم کرتی ہے کہ گناہ اور زیادتی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد نہ کرو۔ جعلی خبریں پھیلانا، نقلی آواز یا ڈیپ فیک کے ذریعے دھوکہ دینا اور آن لائن فراڈ کے لیے AI کا استعمال تو واضح طور پر ناجائز اور غلط ہے، تاہم چند مزید پہلوؤں میں بھی انتہائی احتیاط لازم ہے۔ اول یہ کہ کسی فرد یا تنظیم کی ذاتی اور حساس معلومات بغیر اجازت کسی بھی پبلک AI ٹول میں ہرگز نہ ڈالی جائیں۔ دوم، دیانت داری کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے یعنی تحقیقی کاموں یا تجربات میں فرضی حوالے یا من گھڑت نتائج تیار کروا کر پیش کرنا سراسر بددیانتی ہے۔ سوم یہ کہ کسی کے کردار کے حوالے سے تجس نہ کریں، پھر یہ کہ شرعی مسئلے، طبی علاج یا قانونی معاملات میں AI کے جوابات پر ہرگز بھروسا نہ کیا جائے، بلکہ ان حساس شعبوں میں صرف مستند ماہرین اور ذِمّہ دار افراد ہی سے رجوع کیا جائے۔بنیادی اصول یہ ذہن میں رکھیں کہ AI کام میں محض رفتار دیتی ہے، صداقت کی ضمانت نہیں۔ جیسا کہ ہیلوسینیشن (غلط بیانی) کی طرف اشارہ کیا گیا، AI صارف کو مطمئن رکھنے اور خود سے جوڑے رکھنے کے لیے اکثر ہاں میں ہاں ملاتی ہے۔ لہٰذا اس کی ہر بات پر اندھا اعتبار کرنے کے بجائے پوری سچائی، دیانت اور رازداری کے ساتھ ہی اس ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔
سوال: نظم ہم سے تنظیمِ اسلامی کے لٹریچر کے مطالعے اور اسروں میں مذاکرہ کا تقاضا کرتا ہے، جب کہ دوسری جانب AI کی سہولت موجود ہے۔ ہم ان دونوں کو کہاں اور کس طرح باہم جوڑ سکتے ہیں؟
فضلِ باسط: اصولی بات یہ ہے کہ AI کو محض اپنا معاون سمجھیں، اسے استاد، مفتی یا مجتہد کا درجہ ہرگز نہ دیں، بلکہ اس کی ہر بات کو محض ایک رائے سمجھ کر اس کی اصل جڑ اور ماخذ کو پرکھیں۔ اس کے عملی استعمال کے لیے ہم چند مراحل طے کر سکتے ہیں۔پہلا مرحلہ یہ ہے کہ رفیق تنظیم لٹریچر کا مطالعہ پہلے خود کرے، بنیادی مواد پڑھ کر اپنے ذہن پر زور دے، اپنی رائے قائم کرے اور سوالات مرتب کرے۔ اس کے بعد AI سے معاونت لی جا سکتی ہے۔ مثلاً اسے’منہجِ انقلاب نبویؐ ‘ کتاب کا متن دے کر کہا جائے کہ میں نے اس کتاب کا گہرا مطالعہ کر کے یہ نکات اخذ کیے ہیں، اب تم بتاؤ کہ آیا مجھ سے کوئی اہم نکتہ رہ تو نہیں گیا؟ یوں ذہنی کاوش کے بعد AI کی مدد لینے میں کوئی حرج نہیں۔دوسرے مرحلے میں آپ اپنے موقف کی مزید وضاحت، حوالہ جات، متبادل دلائل یا مخالف نقطہ نظر جاننے کے لیے بھی اس سے مدد لے سکتے ہیں۔ یہ آپ کو بتا سکتا ہے کہ مختلف مکاتبِ فکر آپ کے منہج کو کس زاویے سے دیکھتے ہیں یا اس پر کیا اعتراضات اُٹھاتے ہیں۔ اس سے آپ کو وہ سمت اور ماخذ مل جائیں گے جن کا آپ بعد ازاں اصل کتب سے براہِ راست مطالعہ کر سکیں گے۔ تیسرا اور اہم مرحلہ آزادانہ تصدیق کا ہے۔ اہم نکات کو مستند کتب، اہلِ علم اور آزاد شواہد سے ضرور جانچیں اور AI پر سو فیصد انحصار نہ کریں۔ اِس کے کسی بھی جواب کو خودکار طور پر قبول کرنے کے بجائے تنقیدی نگاہ سے دیکھیں اور اپنی سمجھ و اصولوں کی بنیاد پر حتمی نتیجہ اخذ کریں۔ یہ بات ہمیشہ پیشِ نظر رہے کہ AI سے غلطی بھی سرزد ہو سکتی ہے اور اس کے ڈیٹا میں تعصب بھی پایا جا سکتا ہے۔   مزید برآں، یہ محض ایک مشین ہے جو انسانوں جیسا برتاؤ تو کرتی ہے مگر اس میں نہ تقویٰ ہے، نہ احساسِ جواب دہی اور نہ ہی عقیدۂ آخرت کی کوئی فکر۔ لہٰذا ہمیں اپنی اصل کو نہیں بھولنا چاہیے اور اساتذہ، علماء اور اہلِ علم سے براہِ راست تعلق و صحبت کو ہر حال میں برقرار رکھنا چاہیے۔ اگر ہمارے رفقاء اِن اصولوں پر کاربند رہیں گے، تو ان شاء اللہ  AI ان کے لیے واقعی مفید اور معاون ثابت ہوگی۔
سوال:ان تمام تر احتیاطوں کے ساتھ اگر ہمAI استعمال کریں  تو کیا ہم کہہ سکتے ہیں یہ حقیقی دینی فہم اور کردار سازی کا متبادل ذریعہ  بن سکتا ہے؟
ذیشان محمود:دینی فہم محض معلومات اکٹھی کرنے یا جوابات ازبر کر لینے کا نام نہیں ہے، بلکہ اس میں نصوص کے سیاق و سباق، دینی اصولوں سے گہرے ربط اور عملی تطبیق کا پہلو بھی بے حد اہم ہے۔ اِسی طرح کردار سازی کے لیے علم کے ساتھ ساتھ عمل، اپنا محاسبہ اور مسلسل تربیت ناگزیر ہے۔مثال کے طور پر، AI صبر کے موضوع پر ایک بہترین تقریر تو لکھ سکتی ہے، مگر عملی زندگی میں صبر کرنا نہیں سکھا سکتی۔ وہ قربانی پر ایک پُراثر تحریر تو تیار کر کے دے سکتی ہے، مگر ایک تحریکی کارکن نے آخرت کی فلاح کے جذبے سے سرشار ہو کر میدانِ عمل میں جو حقیقی قربانی دینی ہوتی ہے، وہ روح اور جذبہ اُس کے اندر مفقود ہے۔ لہٰذا محض AI دینی فہم و کردار میں حقیقی اضافہ نہیں کر سکتی۔ یہ ٹیکنالوجی اسی وقت حقیقی معنوں میں معاون ثابت ہوگی جب اس کے ساتھ عملی جدوجہد، احساسات اور کردار سازی کا پہلو بھی زندہ رہے۔
سوال: معلومات اور حقیقی فہم میں بڑا فرق ہے۔ چنانچہ ایک دینی کارکن میں وہ کون سی اصل محرک قوت ہونی چاہیے جو AI اُسے کبھی نہیں دے سکتی؟
حمزہ شاہد:جیسا کہ ہم اپنی قراردادِ تاسیس میں بھی پڑھتے اور سمجھتے ہیں، دین کا اصل مخاطب فرد یعنی انسان ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو روح، فطرت، وحی، شعور، خودی اور جذبات جیسی ایسی انمول صلاحیتیں عطا کی ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو کبھی حاصل نہیں ہو سکتیں۔ اسی لیے قرآنِ مجید جہاں انسان کی عقل و ذہانت کو جھنجھوڑتا ہے، وہیں اس کے جذبات کو بھی براہِ راست مخاطب کرتا ہے۔اگر ہم یہ روحانی و باطنی کیفیات AI کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تو یقیناً ٹھوکر کھائیں گے۔ ہمیں یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے، جب کہ AI انسان کے محدود اختیار کی محض ایک تخلیق ہے جو کبھی انسان کا متبادل نہیں بن سکتی۔ لہٰذا،   ہمیں AI کو اسی دائرے میں رکھ کر سوچنا اور اپنی ان تمام خداداد انسانی و ایمانی صلاحیتوں کو بھرپور بروئے کار لانا چاہیے؛ کیونکہ یہی وہ جوہر ہے جو ہمیں AI سے ممتاز رکھتا ہے اور اس ٹیکنالوجی پر ہماری برتری کو برقرار رکھے گا۔
سوال:AI کے حوالے سے آپ رفقاء کو کیاتجاویز دینا چاہیں گے ؟
ڈاکٹر اسرارعلی: صحیح مسلم کی ایک حدیث ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو چیز تمہیں فائدہ دے اُس کی حرص کرو، اللہ سے مدد مانگو اور عاجز نہ آؤ (ہمت نہ ہارو)۔اسی اصول کے تحت، AI بلاشبہ ایک مفید اور کارآمد ٹیکنالوجی ہے، جس سے ہمیں بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہیے، تاہم تمام ضروری احتیاطوں اور حدود کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے۔
فضل باسط:تحریکی کارکن کی اصل طاقت کسی مشین میں نہیں، بلکہ اللہ پر کامل ایمان، یقین اور توکل میں مضمر ہے —اور یہ ایسے اوصاف ہیں جو AI ہمیں کبھی نہیں سکھا سکتی، بلکہ انہیں ہمیں خود اپنے اندر زندہ رکھنا ہے۔اسی طرح انسانی ہمدردی، باہمی میل جول اور صلہ رحمی جیسی اقدار جو ٹیکنالوجی کے بے جا عمل دخل سے معاشرے میں کمزور پڑ رہی ہیں، ان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ یقین پختہ رکھنا چاہیے کہ حقیقی نصرت اور برکت صرف اللہ کی دعا اور مدد سے مشروط ہے۔ اگر ہم اپنے زندہ ضمیر اور آخرت کی جواب دہی کے احساس کو سامنے رکھتے ہوئے AI کو استعمال کریں، تو یہ ٹیکنالوجی ہمیں گمراہ کرنے کے بجائے ہمارے لیے ایک مثبت اور مفید ذریعہ ثابت ہوگی۔
حمزہ شاہد:ہمارے رفقاء اور سامعین کو اس حقیقت کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے کہ نبی اکرم ﷺ کی پیشین گوئی کے مطابق ایک ایسا دور آئے گا جب فتنے مسلسل یوں رونما ہوں گے جیسے ٹوٹی ہوئی تسبیح کے دانے تیزی سے گرتے ہیں۔ AI کی آمد کے بعد ان فتنوں کی رفتار میں مزید تیزی آ رہی ہے، لہٰذا ہمیں محض ذہنی تیاری پر اکتفا نہیں کرنا بلکہ عملی تیاری بھی کرنی ہوگی۔اگر ہم اس انفراسٹرکچر کو دجالی نظام کے تناظر میں دیکھیں تو بعید نہیں کہ ان تمام امور کو کنٹرول کرنے والی ایک مرکزی طاقت AI کی صورت میں اُبھرے۔ ایسے میں رسول اللہ ﷺ  کا یہ فرمان یاد رکھنا چاہیے کہ مومن کی فراست سے ڈرو کیونکہ وہ اللہ کے نور سے دیکھتا ہے اور یہ نور کتاب اللہ ہی ہے، جسے ہمارے دین نے فتنوں سے بچاؤ کی بنیادی راہ کے طور پر خصوصی اہمیت دی ہے۔ چنانچہ فتنوں کے اس سیلاب سے محفوظ رہنے کی واحد سبیل یہی ہے کہ ہم   قرآنِ مجید سے اپنا تعلق مضبوط کریں اور اسے شعوری گہرائی کے ساتھ پڑھیں اور سمجھیں اور یقیناً یہ سب کچھ اللہ ہی کی توفیق و نصرت سے ممکن ہوگا۔
ذیشان محمود:میں اس ضمن میں دو اہم باتیں عرض کرنا چاہوں گا۔ پہلی بات یہ ہے کہ AI کو اپنی سوچ کا متبادل نہ بنائیں بلکہ اسے اپنی سوچ کو نکھارنے اور مختلف کاموں کی تیاری میں معاونت کے لیے استعمال کریں۔ یہ حقیقت ہمیشہ یاد رکھیں کہ AI آپ کے اخلاص، جذبے، قربانی اور کردار کی جگہ کبھی نہیں لے سکتی، ان اوصاف پر آپ کو خود ہی محنت کرنی ہوگی۔دوسری اہم بات دعوتی امور کے حوالے سے ہے۔ آج کل اکثر رفقاء وقت کی قلت کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ میرا مشورہ ہے کہ جس طرح ہم کاروبار اور دیگر دنیوی معاملات میں ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے اپنا وقت بچا رہے ہیں، بالکل اسی طرح اپنے روزمرہ کاموں کو منظم کر کے کچھ وقت بچائیں۔