…بے تیغ و تفنگ
عامرہ احسان
گلوبل ہو جانے کی وجہ سے ملکی، مقامی خبریں پیچھے چلی جاتی ہیں ، ہمہ نوع عالمی بحران دم نہیں لینے دیتے۔ ہم تو یوں بھی عالمی سطح پر امن قائم کرنے ، بیچ بچاؤ ، صلح صفائی کروانے میں اتنے مصروف رہتے ہیں کہ پلٹ کر ملکی حالات دیکھنے ، نبھانے کی فرصت بھی نہیں ملتی۔ ہمارے بڑے ذرا سے فارغ ہوتے ہیں تو ملک کو جدید بنانے کے لیے عوام الناس کو اچانک دھماکہ دار خبروں میں پھنسا چھوڑ کر پھر چل دیتے ہیں، خواہ عوام شدت ِحالات کے ہاتھوں چل بسیں۔ مثلاً بظاہر بلند و بالا عمارات اور پلازوں کے نیچے ، آگے پیچھے پلتے کچروں کے ڈھیر، بلڈوزروں کی زد میں چھوٹے مکان ، کچی آبادیاں، آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی! سبزی ، پھل،آٹا،چینی! پٹرول ، بجلی، گیس عنقا ، بھاری بل موجود۔جرائم کی شرح بلند سے بلند تر۔ بے روزگار جوانیاں کچھ تو کریں گی۔ چوریاں ، ڈا کے ورنہ نشے میں گم والدین کے ہوش اُڑا کر خود نچنت!
کتنی تلخی ہے اس بیانیے میں! مگرعوام کی سطح پر اتر کر دیکھیں کہ تو یہ صرف اجمالی (مختصر ،مبہم) خاکہ ہے۔ اس ’بھنگ میں رنگ‘ ملا نے کو یکایک اعلان ہو گیا کہ اسلام آباد،
’ Cashless‘ ، کاغذی نوٹوں، کرنسی کے بغیر پہلا شہر ہوگا۔ سال ختم ہونے پر پیسے کا لین دین( Cash) بھی ختم ہو جائے گا۔ ویسے تو جس رفتار پر عوام کی جیبیں درجِ بالا حالات کی بنا پر خالی ہو رہی ہیں یہ اعلان کچھ عجب نہیں،عوام تو پہلے ہیCashless ہیں ! یکم دسمبر سے حکومتی ادارے نقدی لینا بند کر دیں گے۔ یعنی تمام سروسز مفت فراہم کریں گے ؟ پورا شہر انکم سپورٹ پروگرام پر چلا جائے گا؟ خیراتی دستر خوان گلی گلی لگیں گے ؟ کھانا گھر کھلانا پکانا نہ پڑے گا۔ کیا انتخابات قریب ہیں؟ ووٹ کے عوض پہلے نوٹ بٹتے تھے اب پورے گھر یلو اخراجات۔ اس نظام کو سمجھنے ہی کے لیے سال بھر تو چاہیے۔
’ عرب نیوز‘ میں جھانکا تو وہاں ایک تصویر لگی تھی کہ ایک شخص خریداری کر کے تھیلا بھر کر بادام، اخروٹ خرید کر خوش خوش خالی ہاتھ دوکاندار کو دکھا کر کھکھلا رہا تھا کہ چھٹی کرو ، شکریہ! تاہم نیچے لکھا تھا کہ ڈیجٹل بلا نقدی ادائیگی QR ،کوڈز مارکیٹ میں لگے ہیں۔ ہم نے بھونچکے ہو کر اسلام آباد کی شرحِ خواندگی گوگل سے پوچھی تو ’ذہین و فطین‘ AI کاجواب تھا 87-94 فی صد! آپ کو یقین آگیا ؟ ہم نے تو جانا کہ مصنوعی ذہانت کا جواب بھی مصنوعی شرحِ خواندگی بتا رہا ہے! تاہم یونیورسٹی سے سند یافتہ ہو کربھی ہم تو اتنے غبی ہیں کہ بات نہیں سمجھ پائے۔ گھریلو ملازمائیں ، گرد و پیش زنانہ قسم کی سبھی خواتین بھی نہ سمجھیں۔ بازار تو چلتے ہی خواتین کے سرپر ہیں۔ چلیے بازار خالی ہوںگے تو معیشت شاید خود ہی بحال ہو جائے۔ شاید یہی اس کا مقصد بھی ہے۔ مرد انہ سازش ہے یا ملکی مفاد میں یہ حل نکالا ہے۔ پیسے کو روتے ہیں نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری۔ صلاحِ مملکت خویش خسرواں دانند۔یعنی ہمارے بادشاہوں کو ہی پتہ ہے کہ مملکت کی صلاح و فلاح کس میں ہے!
ترقی اور جدیدیت کے لوازم میں تکثیریت پسند (Pluralist) ہونا بھی ہے۔ یعنی صرف اسلامیت نہیں، دیگر مذاہب کو ملک میں پھلنے پھولنے میں مدد دینے کو حکومت متحرک رہے۔ اس ضمن میں 1947 ء کے بعد پہلی مرتبہ ٹیمپل روڈ لاہور کا گرو ہرگوبند سنگھ صاحب ، چھٹے سکھ گرو کا گور دوراہ آباد کرنے کا (تعمیر نو کی گئی) اہتمام کیا گیا۔ یہ گرو وہ ہیں جنہوں نے پُرامن سکھ مذہب کو جنگجو بنایا۔ لڑاکا فوجی تشخص دیا ، 4 بڑی جنگیں مغل بادشا ہوں جہا نگیر اور شاہجہان کے خلاف لڑیں۔ پاکستان بھر میں 50 گوردواروں (نیز مندروں کی بھی) تعمیر نو کی جارہی ہے۔ تاہم مشرقی پنجاب میں چھوڑی گئیں 50 ہزار مساجد بارے غور و فکر کیا جا ے ٔ ۔آج مشرقی پنجاب میں ساڑھے 5 لاکھ مسلمان آباد ہیںاور کچھ مساجد بحال بھی کی گئی ہیں۔ لیکن مسئلہ توجہ طلب ہے کہ یہ دونوں جانب متناسب ہو۔
امریکہ انتخابات سے سستا ہی رہا تھا کہ ایک انہونی بلا آن پڑی۔ 13 نومبر کو اچانک امریکی ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں تکنیکی خرابی سے یکا یک 3500 ہوائی جہاز آسمان پر محو ِپروازدم بخودرہ گئے۔ ان جہازوں کو جیسے تیسے ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ باقی تمام تیار پروازوں کو روک دیا گیا۔ ’گراونڈ سٹاپ‘ کے عنوان سے۔ 10 ہزار پروازیں لیٹ ہوئیں۔ 8 ہزار پروازیں امریکہ میں منسوخ ہوئیں۔ اس اچانک بہت بڑی خرابی کی وجہ نصف صدی پر ا نا گھسا پٹا نظام تھا جو ڈیٹا، معلومات سے بھرکر لبالب ٹھپ ہو گیا۔ مسافر رل گئے۔ اُن کے کھانے یا ہوٹلوں کی فراہمی کی ذمہ دار ی ایئر لائینز نے نہ لی ۔ صرف پیسے واپس یا دوبارہ بکنگ ہو سکتی تھی۔
ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری ڈفی نے کہا کہ نظام کی بحالی ، جدید بنانے کےلیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں جس کا ٹرمپ نے کانگریس سے تقاضا کیا ہے۔ یہ صورتحال کیوں پیش آئی ؟ وجہ تو نا قابل یقین حد تک پرانا نظام تھا۔ اس پر رقوم خرچ کرنے کی بجائے ( عوامی ضروریات پر عوامی ٹیکس) اسرائیل کو غزہ تباہ کرنے کو اور پھر ایران جنگ پر پیسہ جھو نکا گیا۔ اپنے عوام کی جانیں ، ہوائی جہاز ، ایئر پورٹ شدید خطر ے میں ڈالے گئے! تاہم تمام تنقید اور تبصروں کے باوجود امریکی ارکانِ پارلیمنٹ ری پبلکن اور ڈیمو کریٹ اسرائیل پر پیسہ لٹانے کے جرم پر مکمل خاموش رہے۔ وجہ یہ کہ سبھی کو انتخابات یہودی،صہیونی سرمایہ داروں کے ڈالروں کے بل بوتے پر لڑنے ہوتے ہیں۔
طرفہ تماشا تو یہ رہا کہ ٹریفک کنٹرول کی خرابی پر، پریس کا نفرنس کرنے جب سیکرٹری ڈفی کھڑے ہوئے تو انہیں فوراً ہی ساؤنڈ سسٹم (لاوڈ سپیکر) کی فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ابھی ایک جملہ ہی بول پائے تھے کہ ہوں… بھوں …کرتا مائیک جواب دے گیا۔ ڈفی بے چارہ Deaf, Dumb، دم بخود شرمساری سے چہرے لال ہو گئے سپر پاور کے۔ دنیا بھر کے کیمرے اس پر مرکوز ، ایک کوفت بھراسناٹا ، اور دوڑابھاگا تکنیکی کارندہ آیا، 3 منٹ بعد آواز بحال ہوئی۔ بے چارے پہلے ہی صفائی پیش کر رہے تھے 1970/1980 ء دور کی ٹیکنالوجی بدلنے کی ضرورت پر!
ابھی امریکہ اس سے ایک دن پہلے سے گلوبل مائیکرو سافٹ سروس میں خلل اور بندش (12 تا 14 نومبر) کا شکار تھا۔ تکنیکی خرابی کی بنا پر دفتری کام ٹھپ ہوئے۔ دنیا بھر میں بینک، ایئر لائنز، طبی نظام، حکومتی دفاتر ، تعلیمی ادارے ، امریکہ سمیت 70 ممالک پر اثر پڑا۔ 365 ایپس خرابی کی زد میں آئیں۔ 300 تا 500 ملین ڈالر نقصان کا تخمینہ ہے۔
المختصر انسان خدائی کے مرتبے پر نہیں ہے۔ اچانک کہیں ناگہانی تعطل، خرابی، تباہی کا سامنا کر کے ٹیکنا لوجی جواب دے جاتی ہے۔ بے ہوشی سے مکمل خاتمے تک کچھ بھی ممکن ہے! اگلے مراحل AI کے مزید پیچیدہ، لرزیدہ، نادیدہ ہو سکتے ہیں۔ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا !
غزہ بارشوں، سیلابی پانیوں میں ڈوبتا ابھرتا ، مگر اسرائیلی سفاکی کمترین طبی امداد کے حالات میں بھی واحدرواں الناصرہسپتال پر بمباری سے نہ باز آئی۔ انتہائی نگہداشت کا وارڈ اور آپریشن میں مصروف سرجن کو نشانہ بنایا۔ یہ ہسپتال پر ساتواں حملہ ہے جس میں اب 6 شہید اور 20 زخمی ہوئے۔ چند گھنٹے بعد ہی الشفاء ہسپتال کے باہر گاڑی پر حملے میں ایک شہید اور کئی زخمی کئے۔اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ کے نشیبی علاقوں میں ٹھونساجو ہمیشہ سیلاب کی زد میں رہتے ہیں۔وہ ہر اس فلسطینی کو مار دے گا جوسیلاب زدہ اس حراستی کیمپ سے نکلنے کی کوشش کرے ۔ اسرائیل نے تمام پانی صاف کرنے والے (Desalination) پلانٹ بم مار کر ختم کر دئیے۔ ڈاکٹر منیر البرش ، محکمۂ صحت غزہ نے کہا: اے دنیا والو! غزہ پانی میں ویسے ہی ڈوبا،جیسے لہو میں ڈوبا تھا!
ثالثوں اور امن بورڈ کی مکمل ناکامی ہے ہمہ پہلو۔ تاہم زندہ و پائندہ پر عزم قوم ان حالات میں بھی طلباء، طالبات کے حفظِ قرآن کی مقدس تقریب سجائے بیٹھی ہے۔ دشمن کے نظام بھونچکے ، آسمان پر معلق طیارے اور زمین پر ٹیکنا لوجی سنبھالتے پھر رہے ہیں! یہاں بمشکل 5 سالہ بچہ ٹوٹے ہاتھ اور ایک ٹانگ شہید کے ساتھ فرشتوں جیسی مسکراہٹ لیے قرآن کھولے آیت الکر سی پڑھ رہا ہے۔ اس کا وجود ناقابل شکست عزیمت اور امید افزا مستقبل کی خبر دیتا ہے۔ باذن اللہ!
ہفت کشور جس سے ہو تسخیر بے تیغ و تفنگ
تو اگر سمجھے تو تیرے پاس وہ ساماں بھی ہے