(روداد اجتماع) تنظیم اسلامی کاسالانہ زونل اجتماع(شرقی پاکستان) 2026ء - مرتضی احمد اعوان

13 /

تنظیم اسلامی کاسالانہ زونل اجتماع(شرقی پاکستان) 2026ء


کی مختصر روداد


مرتب: مرتضیٰ احمد اعوان

تنظیم اسلامی کا سالانہ اجتماع (شرقی پاکستان)07تا09نومبر2026 ء کو   مرکز دارالاسلام چوہنگ ، لاہور میں منعقد ہوا جس میں چار حلقہ جات(لاہور غربی، لاہور شرقی، گوجرانوالہ اور سرگودھا)کے رفقاء واحباب نے شرکت کی۔اجتماع کے انتظامات کی ذِمّہ داری حلقہ لاہور غربی کے رفقاء نے عمدہ طریقے سے ادا کی۔ اجتماع کا پنڈال قرآنی آیات، احادیث مبارکہ اور علامہ اقبالؒ کے اشعارپرمبنی ٹی بورڈز سے مزین کیا گیا تھا۔  سٹیج کے دونوںطرف بڑی SMD سکرینز نصب تھیں جن کی مدد سے مقررین کود ور سے دیکھاجاسکتا تھا۔ مکتبہ ہائے انجمن خدام القرآن اور تنظیم اسلامی کے اسٹالز بھی موجود  تھے۔ مقررین نے بہت عمدہ طریقے سے خطابات کر کے اپنے اپنے موضوعات کا حق ادا کیا۔امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخs نے پہلے دودن اس اجتماعی کی صدارت کی جبکہ تیسرے دن وہ کراچی تشریف لے گئے اور وہاں کے اجتماع کی صدارت کی ۔  سٹیج سیکرٹری کے فرائض لاہور غربی کے ملتزم رفیق محترم فاروق احمد گیلانی نے سرانجام دئیے۔ 
ہفتہ 07 نومبر2026 ء
ہدایات…محترم کاشف عباسی 
ناظم سالانہ اجتماع امیر حلقہ لاہور غربی محترم کاشف عباسی نے رفقاء کو خوش آمدید کہا اور ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اپنی نیتوں کو خالص کریں۔ آپس میں سلام کو عام کیجئے۔  سیشن سے پہلے اجتماع میں پہنچیں اور اختتامی دعا کے بعد اُٹھیں۔ اجتماع کے دوران تصاویر و ریکارڈنگ سے اجتناب کریں ۔ فارغ اوقات میں تلاوت قرآن مجید، اذکار مسنونہ اور دعاؤں کا اہتمام کریں۔اجتماع کے دوران اپنے تمام معاملات کے لیے احکام باری تعالیٰ اور سنت ِرسولﷺ کوپیش نظر رکھیں ۔اجتماع کے تمام پروگراموں میں پوری توجہ کے ساتھ شریک ہوں ۔
 
افتتاحی کلمات… محترم شجاع الدین شیخ حفظ اللہ
 
اجتماع کا باقاعدہ آغاز نماز عصر کے بعد ہوا۔ امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخs  نے سالانہ اجتماع کاآغاز سورۃ الصف کی تلاوت سے کیا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا ہے کیونکہ اللہ کی نعمتیں بہت زیادہ ہیں ۔ پھرتمام ذِمّہ داران، منتظمین، رفقاء و احباب، مرکزی ذِمّہ داران کا شکریہ جنہوں نے انتظامات کیے، اللہ اُنہیں اجر ِعظیم عطا فرمائے۔ اپنی نیتوں میں اخلاص پیدا کریں۔ اجتماع میں ہمارا مقصود یہ ہونا چاہیے کہ اللہ ہم سے راضی ہو اور آخرت کی کامیابی مل جائے۔ ہمیں اپنی نیتوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ سالانہ اجتماع سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ ہدایات پر عمل کرنے کی کوشش کریں تاکہ ہم منظم انداز میں اجتماع میں شریک ہو سکیں۔ عالمی و ملکی حالات آپ کے سامنے ہیں۔ بلوچستان میں حالات خراب ہونے کی وجہ سے وہاں کے رفقاء کو وہیں اجتماع منعقد کرنا پڑ رہا ہے۔ مستقلاً جنگی حالات میں ہمارا یہ اجتماع منعقد ہو رہا ہے ۔اس وقت دنیا میں مسلمانوں کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی شکست سے توقعات وابستہ نہ کی جائیں کیونکہ صہیونیوں کا ٹارگٹ مسلمان اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی تکمیل ہے۔ اِن حالات میں ہماری ذِمّہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ ہمارا یہ اجتماع اپنے سبق کی یاد دہانی، اس کا علمبردار بن کر کھڑا ہونا اور پوری قوم کو بیدار کرنے کے لیے منعقد ہو رہا ہے۔ ہمیں حالات کو سدھارنے کی کوشش کرنے کے لیے جذبہ لے کر یہاں سے اٹھنا ہے۔ تاکہ کل اللہ کے سامنے ’معذرت‘ پیش کر سکیں ۔ہم یہاں اللہ کی محبت کے لیے جمع ہوئے ہیں اور ایسے لوگوں کے لیے اللہ اپنی محبت اپنے    ذمّہ واجب کر لیتا ہے۔سالانہ اجتماع سے ہماری فکر کو تازگی ملتی ہے ۔ہم مقصد ساتھیوں کو دیکھ کر جذبہ عمل ملتا ہےاور دوسروں کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط ہوتا ہے۔رسول اللہﷺ اور قرآن کے ساتھ تعلق مضبوط ہوتا ہے۔ مدرسین سے گزارش ہے کہ رفقاء کو عمل کے لیے’ پنچ لائن‘ ضرور دیں۔ رفقاء و احباب سے میری گزارش ہے کہ اپنے عمل کے لیے ضرور کچھ(کم از کم تین ارادے) لکھ کرلے جائیں۔ اللہ تعالیٰ سے مستقل دعا اور عمل کا جذبہ لے کر یہاں سے اُٹھنا ہے۔
 
 مطالعہ ٔ حدیث…محترم منعم اویس 
 
نمازِ مغرب کے بعد’’تعلق مع اللہ وکل کی جوابدہی ‘‘ کے موضوع پرملتزم رفیق محترم منعم اویس نے حدیث کا مطالعہ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ خواہش نفس اور طویل آرزوئیں حق سے روکتی ہیں اور آخرت اوجھل ہو جاتی ہے۔ دنیا جانے والی ہے اور آخرت آنے والی ہے۔ دنیا کے طلب گار نہ بننا بلکہ آخرت کے طلب گار بننا۔ کل تم دارالآخرت میں ہو گے اور وہاں تمہیں اجر یا سزا ملے گی۔ دنیا کی رعنائیوں میں کھو گئے تو پھر اقامت دین کی جدوجہد جیسے بڑے مقصد سے دور ہو جائیں گے۔
 
مَنْ اَعْرَضَ عَنْ ذِکْرِیْ فَاِنَّ لَہٗ مَعِیْشَۃً ضَنْکًا…محترم انجینئر وقاراللہ 
 
  ملتزم رفیق محترم انجینئر وقار اللہ نے سورۃ طٰہٰ کی آخری آیات کا مطالعہ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ قانونِ مکافات اسی وقت طے ہو گیا تھا جب یہ کائنات وجود میںآئی تھی۔ جو کام کرتے ہیں اس کا کوئی نہ کوئی نتیجہ نکلتا ہے۔ مکافات عمل کا روحانی قانون اس دنیا میں کامل نہیں اس کا نتیجہ آخرت میں نکلے گا۔انسان کی ہدایت کا مکمل انتظام فرمایا اور وحی کا بھی انتظام فرمایا جس کے لیے انبیاء و رسل ؑ مبعوث فرمائے،پھر بتا دیا کہ جس نے میری ہدایت کی پیروی کی وہ گمراہ اور بد بخت نہیں ہوگا اور جہنم کے عذاب سے بچ جائے گا۔ اللہ کے ذکر سے مراد ہدایت ہے جو انبیاء کے ذریعے لوگوں کو ملتی رہی اور اس کی تکمیلی شان قرآن مجید کی صورت میں ہے، قرآن مجید اور رسول اللہﷺ کی ذات پاک دونوں مل کر ذکر کا مفہوم دیتے ہیں۔ آج قرآن مجید اور رسول اللہﷺ کی ذات میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ۔ جس کا مقابلہ کرنا ہمارا فرضِ منصبی ہے۔’ مَعِیْشَۃً ضَنْکًا‘ سے مراد صرف معاشی تنگدستی نہیں بلکہ دل کی بے چینی اور بے سکونی بھی اس میں شامل ہے۔ شیطان صرف مسلمان کا نہیں بلکہ انسان کا دشمن ہے۔ اس کا اصول ہے کہ انسان کو ہر لحاظ سے اللہ سے دور کر دیا جائے اور مغربی معاشرے میں وہ یہی کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان آیات میں اندھا پن سے مراد قیامت کے دن نور سے محرومی اور دل کا اندھا پن ہے۔ جو انسان دنیا میں جتنی ترقی کر لے لیکن اللہ کو بھول جائےوہ دل کا اندھا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اللہ کے ساتھ تعلق مضبوط کریں۔ قرآن کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔ شیطان ہمارا دشمن ہے اس کے حربوں کو سمجھنا اور ان سے بچنا ہے۔ اگر ہم اللہ کے نبی ﷺ کی سنت کی پیروی کریں گے،تب شیطان کے حملوں سے بچ جائیں گے کیونکہ آپ ﷺ کی سنت         عملی قرآن ہے۔
 
اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللہِ الْاِسْلَامُ … محترم ڈاکٹر عثمان خالد 
 
  حلقہ لاہور شرقی کی مقامی تنظیم کے ناظم تربیت محترم ڈاکٹر عثمان خالدنے کہا کہ دین کا لفظ قرآن میں چار معنوں میں استعمال ہوا: جزا و سزا، نظام زندگی، قانون اور اطاعت! دین کا قرآنی تصور انفرادی زندگی کے محدود تصور سے ہو کر اجتماعی نظام سے بھی بحث کرتا ہے۔ موجودہ دور میں اس کو اپنانا زیادہ اہم ہو گیا ہے۔کیونکہ اجتماعی نظام انسان کی انفرادی زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے اس لیے مغرب انفرادیت کو پروموٹ کر رہا ہے۔ مسلمانوں کی اکثریت نے دین کو ذاتی زندگی تک محدود کر رکھا ہے۔ دین میں کسی کو اتھارٹی مان کر اس کے نظام کی پیروی کرنا پڑتی ہے۔ آج دنیا میں دین ِجمہور اور دین ِملوک چل رہے ہیں لیکن اسلام اللہ کا دین ہے جس کی پیروی ضروری ہے۔ آج دنیا میں مختلف ادیان موجود ہیں۔ چوائس ہماری ہے کہ کوئی بھی دین اختیار کر سکتے ہیں لیکن آخرت میںاسلام کے سوا کوئی دین بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ یہی ہمارا امتحان ہے۔ اگراللہ کا دین قائم نہیں ہے تو پھر اس کو قائم کرنے کی جدوجہد کرنا فرض ہے۔ اس کا حل یہی ہے کہ اس نظام کے اندر رہ کر اسلام کے نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد کریں کیونکہ وہی اُخروی کامیابی کا ضامن ہے۔
 
زمانہ گواہ ہے … (خصوصی پروگرام)
 
نمازِ عشاء سے پہلے زمانہ گواہ ہے کا ریکارڈڈ پروگرام پیش کیاگیا ۔ اس کے میزبان محترم وسیم احمد (نائب ناظم نشرواشاعت )تھے۔ جبکہ پینل کے شرکاء میں مرکزی ناظم نشرواشاعت محترم رضا ءالحق ، امیر تنظیم اسلامی کے مشیر برائے سیاسی امور محترم ایوب بیگ مرزا، مرکزی ناظم تعلیم و تربیت محترم خورشید انجم، حلقہ کراچی شرقی  کےامیر ڈاکٹرانوار علی، اور تنظیم اسلامی کے سنیئر رفیق ڈاکٹر ضمیر اخترخان شامل تھے ۔ اس پروگرام میں مختلف ملکی و بین الاقوامی امور کا تجزیہ ، تنظیم اسلامی کا موقف اور رفقاء تنظیم کے کرنے کے کاموں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اِس پروگرام کی تفصیل ندائے خلافت کے شمارہ 43میں شائع ہوچکی ہے ۔ 
اتوار08نومبر2026ء
 
درس قرآن مجید… محترم شہباز احمد شیخ 
 
 
دوسرے دن نماز فجر کے بعد ملتزم رفیق تنظیم محترم شہباز احمد شیخ نے سورۃ العنکبوت کے آخری رکوع کا درس دیا۔انہوں نے کہا کہ انبیاء کرامf نے وحی پر مبنی دعوت میں معاشرے کے بااثر اور طاقتور طبقات کو کا خصوصی طور پر مخاطب بنایا۔ قوم کے سرداروں نے اپنے مفادات پر کاری ضرب لگتے ہوئے دیکھی تو وہ دعوت اور داعی کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ انبیاءؑ کی تعلیمات میں توحید کے تصور پر مبنی سماجی مساوات کی دعوت بھی دی گئی۔ خود نبی اکرم ﷺ نے بھی اپنی اولین دعوت میں مکہ کے سرداروں کو مخاطب بنایا۔ توحید کی دعوت سے اُن کے مشرکانہ عقائد پر کاری وار لگ رہا تھا تو وہ اس دعوت اور اسے قبول کرنے والوں کے خلاف صف آراء ہو گئے اور ایسے لوگوں کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا یہاں تک کہ دو مرتبہ مظلوم مسلمان، نبی کریمﷺ کی ہدایت پر مکہ سے حبشہ ہجرت کر گئے۔ انبیاء کرامf اور اُن کے جانشینوں نے اپنی دعوت کو بے لاگ طریقے سے پیش کیا اور کسی بھی سطح پر مفاہمت سے گریز کیا۔ آج بھی مکمل اور جامع دین کی دعوت جسے انقلابی دعوت کہنا زیادہ مناسب ہوگا اور ایسی دعوت کے علم برداروں کے خلاف باطل اور استحصالی نظام سے فائدہ اُٹھانے والے ایسی انقلابی تحریک کے راستے میں مزاحمت کا رویہ اختیار کرتے ہوئے اُسے کچلنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ انقلابی جماعت سے وابستہ لوگ اپنے نظریے پر کاربند رہتے ہوئے صبر و برداشت کا مظاہرہ کریں گے تو معاشرے کی خاموش اکثریت اُن کی دعوت پر توجہ کرے گی اور انقلابی دعوت معاشرے میں اثرو نفوذ سے آگے بڑھے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پورے شعور اور جرأت سے باطل اور غیر اسلامی نظام کے خلاف بذریعہ دعوت و تبلیغ لوگوں کو منظم کیا جائے۔ یہی وہ منہج ہے جس سے   غلبہ ٔاسلام کا مشن کامیابی سے ہمکنار ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو غلبہ ٔدین کی جدوجہد میں خلوص و اخلاص کے ساتھ اپنا مال اور جان لگانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین!
 
 اِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ …محترم سجاد سرور 
 
ناشتے کےبعد شعبہ تعلیم وتربیت کے معاون محترم سجاد سرور نے ’’ بندہ مومن کا مقصد زندگی‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری عظیم اکثریت کچھ عقائد، رسومات اور ارکان اسلام یعنی عبادات ہی کو نجات کے لیے کافی سمجھتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بندہ مومن کی انفرادی زندگی اور اجتماعی زندگی کے تمام پہلوؤں پر جب اللہ تعالیٰ کا حکم اور رسول اللہﷺ کا اسوئہ حسنہ نافذ العمل ہوگا تو تبھی بندگی اور اطاعت کا تقاضا پورا ہوگا ۔موجودہ صورت حال میں غلبہ دین کی جدوجہد کئے بغیر بندگی رب کا دعویٰ محض فریب نفس اور دین کی حقیقت سے بے خبری پر مبنی سوچ کا مظہر ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ ختم نبوت کا بھی تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان خود بھی ممکن حد تک دین کی پیروی کریں اور ریاست ومملکت کی سطح پر بھی دین حق کو غالب و نافذ کرنے کی جدوجہد میں اپنے جان و مال لگائیں اور اس مقصد کے حصول میں رخصت کی بجائے عزیمت کی راہ اختیار کرنا ہوگی ،سمع و طاعت پر مبنی نظم وضبط کو اپنانا ہوگا، قناعت اور قربانی کے جذبہ سے کام لےکر غلبہ دین کی جدوجہد کے لیے کام کرنا ہوگا تبھی{ اِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ0} کا تقاضا پورا ہوسکے گا بقول شاعر؎
میری زندگی کا مقصد تیرے دین کی سرفرازی
میں اِسی لیے مسلماں، میں اِسی لیے نمازی
 
پاکستان میں انقلاب: بذریعہ تحریک یا انتخابات … محترم سید عطاء الرحمٰن عارف  
 
ناظم اعلیٰ محترم سید عطاءا لرحمٰن عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسلامی انقلاب لانے کے لیے واحد راستہ منہج انقلاب نبویؐ کا ہے۔ بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کے بتائے ہوئے انقلابِ نبویؐ کے چھ مراحل بہت اہم ہیں۔ پہلے چار مراحل مستقل عمل اور جدوجہد کے ہیں۔ آخری دو مراحل بالخصوص تصادم کے لیے ہمارے پاس معتد بہ تعداد ہوگی تو پھر ہم باطل کو چیلنج کریں گے۔ جس طرح سیرت النبی ؐمیں    غزوئہ بدر سے فتح مکہ تک مسلسل اقدام اور تصادم چلتا رہا۔ اِسی طرح جب باطل کی طاقت کو فیصلہ کن شکست نہ دی جائے اُس وقت تک کامیابی نہیں ہوگی۔ اِس سے پہلے پہلے خلوص کے ساتھ پہلے چار مراحل پورے کرنااُخروی کا میابی کے لیے بہت ضروری ہے۔ تنظیم اسلامی کو سب سے پہلے پاکستان میں انقلاب کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ یہاں انقلاب کے لیے تصادم کے مختلف طریقے آزمائے جا چکے ہیں لیکن ناکام ہوئے۔ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ ایک منظم، غیر مسلح اور پُرامن احتجاجی تحریک کا راستہ ہی اسلامی انقلاب کے لیے واحد طریقہ ہے۔ جس کی تائید اب علماء کے حلقے سے بھی ہو رہی ہے کہ ہم انتخابات کے راستے سے مایوس ہو چکے ہیں لہٰذا اب ہم سڑکوں پر آئیں گے۔ سیکولر لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ  عدم تشدد سب سے مضبوط ہتھیار ہے۔پاکستان میںانتخابی سیاست کا طریقہ 79 سال سے چل رہا ہے لیکن ریاست بنیادی ذِمّہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ہماری صنعتیں دوسرے ممالک شفٹ ہو رہی ہیں، سرمایہ کاری کا جمود، ذہانت کا انخلاء ،قانون ہاتھ میں لینے کے اقدام، سود کی لعنت اور بیرونی قرضے انتخابات کے راستے سے یہ نتائج نکلے ہیں۔ ہم مسلسل اللہ اور رسولﷺ سے حالت جنگ میں ہیں تو ہمارے مسائل کیسے حل ہوں گے؟ انہوں نے جمہوریت اور اسلامی انقلابی تحریک کا موازنہ کرتے ہوئے فرمایا کہ جمہوریت میں حاکمیت عوام کے پاس ہوتی ہے جبکہ انقلابی تحریک میں حاکمیت اللہ کی ہوتی ہے۔ جمہوریت میں بنیادی مقصد اقتدار کا حصول ہوتا ہے جبکہ انقلابی تحریک میں بنیادی ہدف خلافت کا نظام یااقامت ِدین ہوتا ہے۔لیکن مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا اور اُخروی نجات ہوتی ہے۔ جمہوریت کی فکری بنیاد انسان کے بنائے ہوئے آئین و قانون کی بالا دستی جبکہ انقلابی تحریک میں قرآن و سنت کی بالادستی ہوتی ہے۔ لہٰذا پاکستان میں اگر انقلاب لانا ہے تو اس کے لیے واحد راستہ رسول اللہﷺ کے منہج  پر مبنی ایک منظم عوامی انقلابی تحریک کا طریقہ اختیار کرنا ہو گا۔
اس کے بعد رفیق تنظیم محترم طیب رسول نے نعت رسول مقبول ؐ پیش کی ۔
 
وَلْـتَـکُنْ مِّنْکُمْ اُمَّـۃٌ (اجتماعیت کی اہمیت)… محترم خورشید انجم 
 
ناظم تعلیم و تربیت محترم خورشید انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین میں جو چیز فرض ہے، اُس کے لوازم بھی فرض ہو جاتے ہیں۔ ہمارا دین اجتماعیت پر مشتمل ہے۔ نماز، روزہ، حج وغیرہ، یہ ساری عبادات میں اجتماعیت پائی جاتی ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تین آدمی سفر پر جائیں تو ایک کو امیر مقرر کر دیں۔ اگر دو آدمی بھی ہوں تو نماز جماعت کے ساتھ ادا کریں۔آج اقامت ِدین کے فرائض ہماری نظروں سے اوجھل ہوچکے ہیں۔   جماعت کو اللہ کی معیت حاصل ہوتی ہے۔ حضرت عمر فاروق ؓ کا قول ہے جماعت کے بغیر کوئی اسلام نہیں۔ جماعت کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیعت کی بنیاد پر قائم ہو جو منصوص، مسنون اور ماثور ہے۔ قرآن مجید میں بیعت رضوان اور خواتین کی بیعت کا ذکر موجود ہے۔ امام نسائی  ؒ نےرسول اللہﷺ کی دس بیعتوں کا ذکر کیا ہے۔ پھر اسلامی تحریکیں سب بیعت کی بنیاد پر قائم ہوئیں۔ آج یہ بیعت کا تصور اجنبی بن گیا ہے۔ آج بھی دو صورتیں ممکن ہیں۔ آئیڈیل صورت یہ ہے کہ اسلام کا سیاسی نظام قائم ہو تو حکمران( امیر المومنین) کے ہاتھ پر بیعت کی جائے گی۔ ورنہ جو جماعت خلافت یا اقامت ِدین کی جدوجہد کرنے والی ہوگی اُس کے امیر کے ہاتھ پر بیعت ہوگی اور یہ بیعت کا نظام مضبوط اجتماعیت کی ضمانت ہے۔
اس کے بعد چائے اورباہمی تعارف کے لیے وفقہ ہوا۔
 
امیرمحترم شجاع الدین شیخ حفظ اللہ سے سوال وجواب کاسیشن…’امیر سے ملاقات ‘
 
رفقاء نےامیرتنظیم اسلامی سے خصوصی پروگرام ’امیر سے ملاقات‘ میں سوالات کیے جن کے امیر محترم نے جواب دئیے۔اس پروگرام کے میزبان ناظم سوشل میڈیا  محترم آصف حمید تھے۔ اس پروگرام کی تفاصیل ندائے خلافت کے شمارہ44 میں شائع    ہو چکی ہیں۔
 
مطالعہ ٔ حدیث… محترم خباب عبدالخالق 
 
نمازعصر کے بعدلاہور غربی کے ملتزم رفیق محترم خباب عبدالخالق نے’’اسوہ رسولﷺ کی پیروی ‘‘ کے موضوع پرحدیث کا درس دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ  
سے محبت دنیا کی ہر چیز حتیٰ کہ اپنی جان سے بڑھ کر ہونی چاہیے تب آپ کا ایمان مکمل ہوگا ۔ اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سے انسان جنت کا حصول اپنے لیے ممکن بناتا ہے۔
 
مصنوعی ذہانت(AI)کے دور میں فکروعمل کی حفاظت …پینل گفتگو 
 
نمازِ مغرب سے پہلے مصنوعی ذہانت(AI)کے حوالے سے ایک تجزیاتی پروگرام کی ریکارڈنگ پیش کی گئی۔اس کے میزبان محترم آصف حمید( ناظم سوشل میڈیا)تھے۔ اس پروگرام کی تفصیل ندائے خلافت کے شمارے 44و45میں شائع ہوچکی ہیں۔ 
 
مطالعہ ٔحدیث… محترم نور خان
 
نمازِ مغرب کے بعد ملتزم رفیق تنظیم میانوالی محترم نور خان نے ’’ اخلاق و کردار‘‘ کے موضوع پر درس حدیث دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آنا چاہیے ۔ اسی سے ہمارے ایمان کے دعوے کی حقیقت کا پتا چلتا ہے ۔کردار کی سچائی، جہاد، ایثار، انس ومحبت اور تواضع وانکساری حقیقی ایمان کا مظہر ہیں ۔مومنانہ صفات اچھے اخلاق کا شاخسانہ ہوتی ہیں اور یہی کیفیت احسان کی ہے جو عبادت میں اپنائی جاتی ہے ۔
 
فکر ِا قبالؒ(فقر حجازی)… محترم ثاقب عباسی 
 
لاہور غربی کے ملتزم رفیق محترم ثاقب عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال نے فقر کے بارے میں بہت سارے اشعار لکھے ہیں۔ غیر مسلموں کا فقر رہبانیت والا ہے جبکہ مومن کا فقر اللہ پر پکا بھروسا اور اُمید والا ہے اور یہی انبیاء کرام fکی سنت ہے۔ سیرت النبیﷺ سے تقریباً تمام غزوات کا جائزہ لیں تو ان میں اسباب و وسائل نہ ہونے کے برابر تھے لیکن فتح صرف اور صرف اللہ کی مدد اور بھروسا کی وجہ سےملی تھی۔ یہ وہ فقر ہے جس میں بھوک روٹی سے نہیں بلکہ اللہ کے اذن سے مٹتی ہے۔ پھر اس فقر میں دنیاوی اقتدار و جاہ و جلال کی اللہ کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ایک فقر دنیا میں مسکینی سکھاتا ہے فقیری در فقیری چلتی ہے۔ لیکن دوسرا فقر جو اللہ کے لیے اختیار کیا جاتا ہے، اس میں مٹی کو ہاتھ لگانے سے سونا بن جاتی ہے ۔اللہ پر بھروسا کرو تو پھر حضرت حسین ؓ کا فقر پیدا ہوگا جنہوں نے اپنا پورا خاندان اللہ کے دین کے لیے لگا دیا۔ جو فقر اللہ کو مطلوب ہے وہ اللہ کے لیے سب کچھ قربان کر دو جیسے شہادت کا فقر ہے، کہ خون کا قطرہ بعد میں گرتا ہے جنت پہلے مل جاتی ہے۔
 
ویڈیو پروگرام …بانی محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒکی تقریر
 
اِس کے بعد بانی تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کاخطاب بذریعہ ویڈیو دکھایا گیا ۔ اس خطاب میں بانی محترمؒ نےاپنے دینی فکر کی چار جہتیں بیان کیں۔ (1) اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ دین ہے۔ یہ زندگی کے تمام گوشوں کا احاطہ کرتا ہے۔ اور یہ اپنا غلبہ چاہتا ہے۔ کیونکہ حق کی فطرت میں ہے کہ وہ غالب ہو۔(2) اُمّت عذاب الٰہی میں گرفتار ہے یہ تلخ حقیقت ہے کہ ہمارے اوپر ظلمت و مسکنت تھوپ دی گئی ہے۔(3) ریاست پاکستان  آگ کے گڑھے کے کنارے پہنچ چکی ہے۔ یہ اگر زندہ رہے گی تو یہاں اسلام قائم ہونے سے ہی زندہ رہ سکے گی ورنہ یہ اپنا وجود کھوچکی ہے۔(4) پورے کرئہ ارضی پربالآخر اسلام غالب ہو کر رہے گا کیونکہ نبی اکرم ﷺ نے اِس کی خبر دی ہے۔
 
پیر 09 نومبر2026 ء
 
درس قرآن مجید………محترم اعجاز لطیف 
 
نمازِ فجر کے بعدنائب امیر محترم اعجاز لطیف نے درس قرآن دیا ۔ انہوں نے سورۃ التحریم کی آیت6{قُوْٓا اَنْفُسَکُمْ وَاَھْلِیْکُمْ نَارًا} کادرس دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں خاندان کے ادارے کی بڑی اہمیت ہے۔ میاں بیوی کے رشتے سے خاندان بنتا ہے پھر اولاد والدین بہن بھائی سب خاندان میں شامل ہیں۔ خاندان کے سربراہ کی یہ  ذِمّہ داری ہے کہ پہلے خود احکام شریعت پر عمل کرے اور پھر اپنے خاندان کے افراد کی بھی تربیت کرے تاکہ وہ جہنم کی آگ سے بچ سکیں۔ کیونکہ اصل خسارہ مال کا نہیں بلکہ اعمال کا ہے۔ جہنم کی آگ سے بچنے کے لیے انسان کو خود محنت اور کوشش کرنی پڑے گی۔ تنظیم اسلامی نے خاندان کی تربیت کے لیے گھریلو اسرے کا ماڈل دیا ہے جس میں سربرائہ خاندان نقیب اور خاتون خانہ اس کی نائب ہوتی ہے تاکہ سربراہ کی غیر موجودگی میں اس کا پروگرام جاری رکھا جائے۔ اگر ہم گھریلو اسرے کا اہتمام کریں گے تو ہمارے خاندان والے احکام شریعت کے مطابق زندگی گزاریں گے جو ہمارے لیے توشہ ٔآخرت اور خوش بختی کا باعث ہوں گے۔ جو  سربراہ خاندان یا خاتون خانہ اپنی زندگی کو اسوئہ رسول کے مطابق گزاریں گے اُن کی اولاد بھی مستقبل 
میں اسوئہ رسول کا عملی نمونہ بنے گی۔ اور اللہ تعالیٰ جنت میں اُن سب کو جمع کر لے گا۔ان شاء اللہ!
 
افہام و تفہیم (پینل گفتگو)…امرائے حلقہ جات 
 
ناشتہ کے بعد شرقی پاکستان زون کے چاروں امرائے حلقہ جات، محترم ڈاکٹر      رفیع الدین (امیر حلقہ سرگودھا)، محترم نور الوریٰ (امیر حلقہ لاہور، شرقی)، محترم علی جنید میر (امیرحلقہ گوجرانوالہ) اور محترم کاشف عباس (امیر حلقہ لاہور غربی) نےپینل گفتگو میں حصّہ لیا۔ جس میں انہو ںنے تنظیم میں نقیبِ اسرہ،اجتماع اسرہ، فہم دین کورس، رفیق کاتنظیم  سے اخراج اور آگاہی معروفات و منکرات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم اپنے رفقاء کی خاص نہج پر تربیت کرنا چاہتی ہے اِس کے لیے انفرادی دعوت کے لیے نظام وضع کیا گیا۔ سب سے پہلے تمسک بالقرآن ہےاور ساتھ نبی اکرم ﷺ کی سنت و اسوہ پر عمل کرناہے۔ مقصدحقیقی ایمان پیدا کرنا ہے۔ نقیب اسرہ کا کردار مربی کا ہے، اُسے    اپنے رفقاء کی ایمانی و فکری تربیت کرنا ہوتی ہے۔ تنظیم کا پہلا فورم اسرہ کا اجتماع ہے۔ یہ پہلی اینٹ ہے، اسی کی فعالیت پر ہی تنظیم کی فعالیت ہے۔ اور یہ آخری مرحلے کی تیاری کا حصّہ ہے۔ تنظیم میں آگاہی معروفات و منکرات مہمات اور توسیعی دعوت کے اجتماع کا انعقاد عوامی سطح پر ہوتا ہے، حلقہ کے سالانہ پلانر کے مطابق اِس پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ اس میں   عملی کام مقامی تنظیم کرتی ہے، البتہ حلقہ بھی معاونت کرتا ہے۔ امیر تنظیم اسلامی کا قول ہے کہ ہر رفیق سرخ اونٹوں سے زیادہ افضل ہے۔ لیکن ہر تنظیم کے اصول ہوتے ہیں اِس لیے جو بھی رفیق اہل سنت کے عقائد سے نکل جاتا ہے یا وہ تنظیم کی فکر سے اعراض کرتا ہے یا امیرتنظیم کی ذات پر اُس کا اعتماد نہ ہو یا وہ کسی حرام بینہ میں مبتلا ہو یا کسی سیاسی جماعت کی کنویسنگ کر رہا ہو تو وہ تنظیم سے فارغ بھی کیا جا سکتا ہے اور اس کا فیصلہ امیر تنظیم اسلامی کرتے ہیں۔ 
 
ناظمہ علیا کا پیغام…محترم ڈاکٹر عارف رشید
 
مرکزی انجمن خدام القرآن ،لاہور کے صدرمحترم ڈاکٹر عارف رشید نے ناظمہ علیا(اپنی والدہ اور بانیٔ محترم ڈاکٹر اسرار احمد ؒ کی اہلیہ محترمہ)کاپیغام پڑھ کرسنایا۔ اس پیغام کی تفصیل ندائے خلافت کے شمارہ 44 میں شائع ہوچکی ہے۔
دورِ فتن، علامات قیامت اور ہمارا طرزعمل… محترم مولانا خان بہادر
 
شعبہ تعلیم و تربیت کے معاون محترم مولانا محترم خان بہادر نے کہا کہ انسان کی زندگی کا ہر لمحہ فتنہ و آزمائش ہے۔ دورِ فتن قیامت سے پہلے آخری دور کو کہا جاتا ہے۔ آج ہم اس کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ قیامت کا علم صرف اللہ کے پاس ہے لیکن احادیث میں اِس کی علامات بیان کی گئی ہیں۔ سب سے پہلے علاماتِ بعیدہ ہیں جن میں نبی اکرم ﷺکی بعثت، شقِ قمر کا واقعہ، حجاز کی آگ، فتنہ تاتار وغیرہ شامل ہیں ۔یہ علامات پوری ہو چکی ہیں۔ علاماتِ وسطیٰ کا ذکر ایک طویل حدیث میں ملتا ہے جن میں دینی و اخلاقی زوال، علماء اور فقہاء کی قلت، اچھائی کو برائی سمجھنا اور برائی کو اچھائی سمجھنا، امانت دار کو خائن اور خائن کو امانت دار سمجھا جانا، جھوٹے کو سچا اور سچے کو جھوٹا سمجھنا، نااہل لوگوں کے ہاتھ میں حکمرانی کا آ جانا، سود اور رشوت خوری کا عام ہونا، حرام اولادکی کثرت اور بے حیائی کا عام ہونا جیسے معاملات شامل ہیں۔ اسی طرح علاماتِ کبریٰ قیامت کے قریب ظاہر ہوں گی جن میں امام مہدی کا ظہور، دجال، دابۃ الارض کا نکلنا، مغرب سے سورج کا نکلنا، سید ناعیسیٰ d کا آسمان سے نزول، یاجوج ماجوج اور یمن سے آگ نکلنا وغیرہ شامل ہیں۔ دجال کے حوالے سے احادیث میں بتایا گیا ہے کہ مومن ایمانی بصیرت سے دجال کو پہچانے گا اور اس سے مقابلہ کرے گا۔ ہمیں اس فتنے سے بچنے کے لیے سورۃ الکہف کی تلاوت اور دعا کا اہتمام کرنا چاہیے۔ اس وقت ہمارا طرزِ عمل کیا ہونا چاہیے؟ ہمارے پاس تنظیم کا خزانہ ہے اس کو دوسروں تک پہنچانا ہے۔ اگر ہمارا طرزِ عمل دنیا داری والا ہو تو پھر دجالیت کا کیسے مقابلہ کریں گے؟ 
 
تنظیم اسلامی کی پیش رفت …ناظم اعلیٰ 
 
ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر سید عطاء الرحمن عارف نے ملک گیر دعوتی، تربیتی اور تنظیمی پیش رفت کی جامع رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم کا مجموعی نظم 6 زونز، 20 حلقہ جات اور 159 مقامی تنظیموں پر مشتمل ہے جس میں 12,401رفقاء شامل ہیں۔ ملک بھر میں 534 حلقہ ہائے قرآنی، 111 مقامات پر خطباتِ جمعہ، 101 ماہانہ دعوتی اور 116 مقامی تربیتی اجتماعات جاری ہیں۔ رمضان المبارک میں 136مقامات پردورئہ ترجمہ قرآن اور 26  مقامات پرخلاصۂ مضامین قرآن کے پروگرام ہوئے، جبکہ تذکیر بالقرآن کورس میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ انہوں نے شخصی جائزے، گھریلو اسرہ اور نظامِ مواخات کے ساتھ امیر محترم کے تنظیمی دوروں، عوامی خطابات اور سوشل میڈیا دعوتی سرگرمیوں کا احاطہ کیا۔ آخر میں انہوں نے رفقاء کو روزمرہ زندگی کے لیے آٹھ بنیادی کاموں کی پابندی کی پُرزور تلقین کی، جن میں فہم قرآن، دینی لٹریچر کا مطالعہ، انفرادی روابط کا استحکام،  گھریلو اسرہ کا انعقاد، اور زندگی کی ترجیحات کا درست تعین سرِفہرست ہیں۔
 
اختتامی خطاب…امیرتنظیم اسلامی 
 
امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخs نے اپنے اختتامی خطاب میںفرمایاکہ سب سے پہلے اللہ کاشکرا دا کرنا ہے اور ہم سب کو دورکعت شکرانے کےنفل ادا کرنے چاہیے ۔ گھرجاکر بیوی بچوں کابھی شکریہ ادا کرنا ہے ۔اجتماع کے مقررین اور ریاستی اداروں کے ذِمّہ داران کا بھی بہت بہت شکریہ ۔ اللہ تعالیٰ اُن سب کو جزائے خیر عطا کرے ۔ پچھلے سال کے اہداف ہی جاری رہیں گے ۔ البتہ میں کچھ مزید باتیں عرض کرتا ہوں :
(1) حقیقت نفاق ابوظہبی سیریز کا ویڈیو دیکھ لیں۔
(2)ہر مبتدی رفیق یہ عزم لے کر اُٹھے کہ میں نے پہلی فرصت میں ملتزم بننا ہے۔
(3) گھر والوں کی فکر کرنی ہے، ملتزم رفیق جو شادی شدہ ہو یا غیر شادی شدہ دونوں اس کا اہتمام کریں۔ملتزم رفقاء گھریلو اسرہ یا اُس کے متبادل کا ضرور اہتمام کریں۔کیا آپ اپنے گھروالوں کے لیے جہنم کی آگ گوارا کر سکتے ہیں؟ اپنے دل سے پوچھیے۔ خدارا غور کریں۔ ہر گھر قرآن کا مرکز بنے۔
(4) ہمارا انفاق فی سبیل اللہ سو فیصد ہونا چاہیے۔
(5) اسرہ کے اجتماعات کا نظام وسیع کریں تاکہ متحرک افراد زیادہ سے زیادہ کام کر سکیں۔
(6)میری خواہش ہے کہ ماہِ دسمبر کے آخری دنوں میں جہاں جہاں ممکن ہو قرآنِ حکیم کی محفل سجانے کا اہتمام کریں، اس کا فائدہ2027ء کے رمضان المبارک میں لازمی ہو گا۔
(7) گھر والوں کو میری جانب سے سلام اور دعائیں پیش کرنی ہیں۔
 توجہ طلب امور:
(1) دل کی بیماریوں( تکبر، حسد، بغض ،عداوت، وغیرہ) کی یاد دہانی جو شیطان اور نفس کی شرارتوں سے پیدا ہوتی ہیں۔ یہ بیماریاں کردار و اخلاق کو تباہ کرتی ہیں، جو گناہ نظر نہیں آتے اُن پر ہمیں توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔
(2) ہماری اولاد کہاں ہے؟ کسی کی شخصیت کی اصل پہچان یہی ہے کہ اُس نے اپنی اولاد کو کہاں لگایا ہے بالخصوص دین کے معاملات میں اولاد کدھر ہے۔ہماری آخرت میں ہمارے لیے صدقہ جاریہ ہو گی۔ غور کیجیے۔
(3)رفیقاتِ تنظیم کے کام کی فکر کریں، اُن کو بھی اونرشپ دیں۔میں ذِمّہ داران سے کہوں گا کہ وہ اِس پر عمل کرائیں۔
(4) سوشل میڈیا، سمارٹ فون کے حوالے سے سوچیں کہ ہمارا اس پر کتنا وقت لگ رہا ہے اور گھر والے کس طرح استعمال کر رہے ہیں۔
(5) اللہ کے ساتھ تعلق مضبوط کریں۔ سابق امیر حافظ عاکف سعید صاحب(اللہ تعالیٰ ان کو صحت کاملہ عطا فرمائے) ہمیشہ اس پر توجہ دلاتے تھے کہ اللہ کی معرفت کا پہلو ہمیں   پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔ ہم دنیاوی ترقی کے لیے کتنا سوچتے ہیں، کیا آخرت کا یقین ہمارے اندر ہے؟ آج یقین کمزور پڑ گیا ہے۔ دنیا کی ہر چیز پر آخرت کو ترجیح دیں۔
(6) قرآن کے ساتھ ذاتی تعلق مضبوط کرو۔ اللہ کے رسول ﷺ نے اس قرآن کے ذریعے سے بدوؤں کو اخلاق سکھایا۔ یہ قرآن دنیا کو بدل دینے والا ہے۔
(7) نوجوان (Gen Z) ہمارے بچے ہیں، ان کو بھی قرآن سے جوڑیں۔ الحمد للہ! بچے تنظیم میں شامل ہو رہے ہیں، اُن پر محنت کریں۔عالمی و ملکی حالات کے بارے میں کافی باتیں آ چکی ہیں، ہمیں اپنی روحانی آنکھیں کھولنی چاہئیں۔ ہمارے دل سخت ہو گئے ہیں، ہمارے پاس فکر ہے، اُسی کو آگے بڑھانا ہے۔ مستقبل کا نقشہ ہمارے سامنے ہے، مسلمانوں کی آزمائش ہونی ہے۔ لوگوں کو قرآن اور ایمان کی دعوت دیں، توبہ کی پکار لگانی ہے تاکہ اللہ کی طرف رجوع کیاجاسکے۔ اللہ کے لیے حالات کو بدلنا کوئی مشکل نہیں ہے۔ دین کا فہم لوگوں کے سامنے رکھنا ہے۔ دعوت و تبلیغ کے کاموں کو آگے بڑھانا ہے، اپنا معاملہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ آخر ت میں کامیابی کے لیے جدوجہد کرنا لازمی ہے۔
 
بیعت مسنونہ اور اختتامی دعا
 
اجتماع کے آخرمیں امیر محترم شجاع الدین شیخ حفظ اللہ کے دست مبارک پر بیعت مسنونہ (سمع و طاعت فی المعروف) کا انعقاد ہوا جس میں متعدد مبتدی رفقاء نے بیعت کا شرف حاصل کیا۔ بعد ازاں امیر محترم نے انتہائی سوز و گداز کے ساتھ اختتامی دعا کروائی جس میں اُمّت ِ مسلمہ کے اتحاد، مظلوم مسلمانوں بالخصوص اہلِ فلسطین و کشمیر کی نصرت، اور غلبۂ دین کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے التجائیں کی گئیں۔ الحمدللہ! یہ تین روزہ سالانہ اجتماع رفقاء کے دلوں میں تازگی ایمان، تجدیدِ عہد اور فکری بصیرت کی انمٹ یادیں چھوڑتا ہوا بخیر انجام کو پہنچا، اور شرکاء پُرعزم دلوںکے ساتھ اپنی دعوتی و تنظیمی ذِمّہ داریوں کی ادائیگی کے لیے اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہوئے۔