(دعوت غوروفکر) قساوتِ قلبی - مولانا محمد اسلم شیخوپوریؒ

13 /

قساوتِ قلبی


عدل و انصاف کا فقدان ، فرقہ واریت کا جنون، ظالم حکمرانوں کا تسلط، کفار اور مشرکین

کا استیلاء، مہنگائی کا طوفان، گھر گھر میں لڑائی جھگڑے قساوت قلبی کی مختلف صورتیں ہیں

مولانا محمد اسلم شیخوپوری ؒ

قساوت کا معنی ہے دل کا سخت اور حق کی اتباع سے دور ہو جانا۔ جاحظ رحمہ اللہ نے قساوت کا مطلب یہ بھی بیان کیا ہے کہ دوسروں کو تکلیف اور پریشانی میں دیکھ کر متاثر نہ ہونا اور اسے معمولی بات سمجھنا۔ (تہذیب الاخلاق: 30)
٭ جمودِ عین… خوفِ خدا کی وجہ سے آنکھوں سے آنسو نہ بہیں، آنکھیں خشک ہو کر رہ جائیں۔
٭ صلابت ِ قلب… دل سخت ہو جائیں اور ان میں رقّت اور نرمی باقی نہ رہے۔ 
٭ طولِ امل… لمبی امیدیں اور پروگرام۔
٭ حرصِ دنیا… دنیا کا کمانا ضرورت کی بناء پر نہ ہو  بلکہ محض حرص و ہوس اس کی بنیاد ہو۔
آج ہم اُمّت کی اکثریت میں یہ چاروں نشانیاں دیکھ رہے ہیں، وہ اُمّت جس کی آہ و بکا سے مسجدوں کے گوشے اور خلوت گاہیں گونجا کرتی تھیں۔ آخر ِ شب میں صرف شبنم ہی گلوں کا منہ نہیں دھلایا کرتی تھی، چشم ِمسلم سے گرنے والے اشک ہائے ندامت بھی چمنستان قلب کو معطر کیا کرتے تھے۔ اس اُمّت کا حال یہ ہے کہ ہزاروں مسلمانوں سے بھری ہوئی مسجد میں شاید ہی اللہ تعالیٰ کا کوئی ایسا بندہ دکھائی دے جو بارگاہِ عالی میں آنسوئوں کا نذرانہ پیش کرے حالانکہ یہ وہ نذرانہ ہے جو کبھی ٹھکرایا نہیں جاتا… یہی حال بقیہ تین نشانیوں کا ہے کہ وہ مسلمانوں کی اکثریت میں بتمامہ پائی جاتی ہیں، دل ایسے سخت ہو گئے ہیں کہ نہ قرآنی آیات سے متاثر ہوتے ہیں، نہ احادیث ِ نبویہ سے۔  الا ماشاء اللہ!
ہماری آنکھوں کے سامنے روزانہ جنازے اٹھتے ہیں بلکہ ہمیں انہیں کندھا دینے کی ’’سعادت‘‘ بھی حاصل ہوتی ہے مگر اپنی قبر یاد نہیں آتی، ذکر ودعا اور نماز میں نہ جسم کے رونگٹے کھڑے ہوتے ہیں نہ دل میں رقّت پیدا ہوتی ہے۔ بھری مسجد میں شاید ہی کوئی خشوع اور خضوع کے ساتھ نماز پڑھنے والا دکھائی دے۔ ہم دردوالم میں مبتلا اُمّت کو دیکھتے ہیں مگر اس کا درد اپنے سینے میں محسوس نہیں کرتے۔ 
طولِ امل کا حال یہ ہے کہ ہمارے اکثر بھائی بہنوں نے ایسے لمبے منصوبے اور پروگرام بنا رکھے ہیں کہ اگر انہیں ’عمر ِ نوح ‘بھی مل جائے تو منصوبوں کی تکمیل سے پہلے ختم ہو جائے، حرصِ دنیا کا بھی یہی حال ہے، شاید ہی کوئی سعادت مند 
اس سے پاک ہو ورنہ جدھر نگاہ اٹھائیں حرص و ہوس کا جادو سرچڑھ کر بول رہا ہے، اس بیماری نے ذلت اٹھانا، حرام کمانا اور ایک دوسرے کا خون بہانا آسان کر دیا ہے۔ 
غرضیکہ قساوتِ قلبی کی چاروں علامات ہمارے اندر پائی جاتی ہیں۔ یہ قساوت کوئی معمولی بیماری نہیں، یہود میں یہی بیماری پیدا ہو گئی تھی، انہوں نے اللہ تعالیٰ کی نشانیاں کھلی آنکھوں سے دیکھیں، نعمتوں کی موسلادھار بارش ان پر برستی رہی لیکن نہ شکر کی توفیق ملی نہ عبادت اور عبودیت کی، نتیجہ یہ نکلا کہ ان کے دل پتھروں سے بھی زیادہ سخت ہو گئے۔ سورئہ بقرہ74 میں ہے: ’’پس وہ پتھروں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ سخت ، بعض پتھر ایسے ہوتے ہیں جن سے چشمے پھوٹ پڑتے ہیں اور بعض ایسے ہیں جو پھٹتے ہیں تو ان سے پانی نکل آتا ہے اور بعض ایسے ہیں جو اللہ کے خوف سے گر پڑتے ہیں۔‘‘
یہود کے سامنے پتھروں کے پھٹنے، ان سے چشمے بہنے اور خوفِ خدا سے گرنے کی جو کیفیات ذکر کی گئیں تو ان کے لیے ان ساری حالتوں کا سمجھنا بہت آسان تھا۔ اس لیے کہ وہ اپنی آنکھوں سے اس پتھر کو بھی دیکھ چکے تھے جس سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے تھے اور اس پہاڑ کا بھی نظارہ کر چکے تھے جس پر تجلی ِ الٰہی پڑی تھی تو وہ ریزہ ریزہ ہو گیا تھا۔ 
اہل ِ علم کہتے ہیں کہ تین قسم کے پتھروں کا ذکر فرما کر سمجھایا گیا ہے کہ جو لوگ کتاب اور علم ِکتاب کے حامل ہوں، ان کا حال یہ ہونا چاہیے کہ دور دور کے لوگ ان سے استفادہ کریں، اگر ایسا ممکن نہ ہو تو قرب وجوار والے تو ضرور مستفید ہوں، اگر یہ بھی نہ ہو سکے تو کم ازکم صاحب علم کی اپنی زندگی میں توعلم کا اثر ضرور دکھائی دینا چاہیے لیکن جب کثرت ِ گناہ کی وجہ سے دلوں پر قساوت چھا جائے تو پھر ان میں سے کوئی صورت بھی روبعمل نہیں آتی۔ 
دل کی قساوت کتنی بڑی شقاوت اور غضب الٰہی ہے؟ اس کا اندازہ ترمذی کی اس روایت سے ہوتا ہے جو حضرت ابن عمرi سے مروی ہے، رسول ِ اکرم ﷺ نے فرمایا:’’ذکر اللہ کے علاوہ زیادہ کلام نہ کیا کرو کیونکہ ذکر اللہ کے علاوہ کثرت ِ کلام دل کی قساوت کا سبب ہے اور انسانوں میں اللہ سے سب سے زیادہ دور وہ شخص ہے جس کا دل سخت ہو۔‘‘(ترمذی)
عام لوگ آسمان سے پتھر برسنے، زمین سے چشمے ابلنے اور شکلوں کے مسخ ہونے ہی کو اللہ تعالیٰ کا عذاب کہتے ہیں حالانکہ عذابِ الٰہی کی بے شمار صورتیں ہیں: 
یہ عدل و انصاف کا فقدان ، یہ فرقہ واریت کا جنون، یہ ظالم حکمرانوں کا تسلط، یہ کفار اور مشرکین کا استیلاء، یہ مہنگائی کا طوفان، یہ گھر گھر میں لڑائی جھگڑے، یہ دلوں کی قساوت اور سختی عذاب ہی کی مختلف صورتیں ہیں، بنی اسرائیل نے جب اللہ تعالیٰ سے کیے گئے وعدوں کا لحاظ نہ کیا اور عہد شکنی کو انہوں نے اپنی عادت بنا لیا تو ان پر عذاب کی دوسری صورتوں کے علاوہ قساوتِ قلبی کا عذاب بھی نازل کیا گیا تھا، سورۃ المائدہ کی آیت13 میں ہے: ’’بنی اسرائیل کی عہد شکنی کی وجہ سے ہم نے ان پر لعنت کی اور ان کے دلوں کو سخت کر دیا۔‘‘
ہم میں سے ہر ایک کو اپنا اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ کہیں ہم بھی تو قساوت قلبی کی بیماری میں مبتلا نہیں ہو گئے؟ اگر خدانخواستہ ایسا ہے تو ہمیں اس بیماری کے علاج پر سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے، قرآن کریم کی تلاوت، موت کو یاد کرنا اور ذکر اللہ کی کثرت قساوت کا بہترین علاج ہیں۔ 
مسند احمد کی ایک حدیث میں خود نبی کریم ﷺ نے دل کی سختی کا علاج بتلایا ہے، حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک صاحب نے رسول اللہ ﷺ کے سامنے اپنی قساوتِ قلبی کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا: ’’اگر تم اپنے دل کو نرم کرنا چاہتے ہو تو مسکین کو کھانا کھلائو اور یتیم کے سر پر ہاتھ رکھو!‘‘(مسند احمد)
ظاہر ہے قساوت کا علاج صرف ان دو اعمال میں منحصر نہیں بلکہ علاج تو اور بھی ہیں مگر ممکن ہے جن صاحب سے سوال کیا تھا ان کے حال کے مناسب یہی علاج ہو اس لیے کہ ہمارے آقا ﷺ حکیم بھی تھے اور مزاج شناس بھی، نفسیات پر بھی آپ کی نظر خوب گہری تھی، اس لیے   ہر شخص کو اس کے حالات کے مطابق جواب عنایت فرماتے تھے۔ اس ساری بحث سے ثابت ہوا کہ:
٭قساوت دل کی نرمی، رحمت اور خشوع کو ختم کر دیتی ہے۔ 
٭قساوت والا انسان اللہ تعالیٰ سے بھی دور ہوتا ہے اور انسانوں سے بھی۔ 
٭قساوت نعمتوں سے محروم کر دیتی ہے اور انسان کو غضب کا مستحق بنا دیتی ہے۔