مسکرا کر ملنا صدقہ ہے!
حسیب آصف شیخ ( مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)
ایک دن صبح صبح سورج کی سنہری کرنیں کھڑکی سے اندر آئیں تو علی کی آنکھ کھل گئی۔ علی آٹھ سال کا ایک پیارا اور سمجھ دار بچہ تھا۔ وہ بستر سے اٹھا، اپنے بستر کو تہہ کیا اور منہ ہاتھ دھونے کے بعد کمرے سے باہر آیا۔ اس نے دیکھا کہ باورچی خانے میں اس کی امی ناشتہ بنا رہی تھیں اور ان کا چہرہ تھکا ہوا لگ رہا تھا۔
علی نے فوراً سوچا کہ آج امی کتنی جلدی اٹھ گئی ہیں اور کتنی محنت کر رہی ہیں۔ وہ چپ چاپ امی کے پاس گیا، ان کے قریب کھڑا ہو گیا اور ایک بہت ہی پیاری اور چمکدار مسکراہٹ کے ساتھ بولا:’’اسلام علیکم امی جان ! ‘‘
امی نے جو پیچھے مڑ کر علی کے چہرے پر وہ مسکراہٹ دیکھی، تو اُن کی ساری تھکن ایک لمحے میں غائب ہو گئی۔ ان کے چہرے پر بھی ایک خوبصورت سی مسکراہٹ آ گئی اور انہوں نے پیار سے علی کے ماتھے پر بوسہ دے کر کہا: ’’وعلیکم السلام میرے پیارے بیٹے! میرا دن تو تم نے اتنی پیاری مسکراہٹ سے ہی بنا دیا۔‘‘
علی یہ سن کر بہت خوش ہوا اور ناشتہ کرنے کے بعد اپنا اسکول کا بیگ اٹھا کر بس اسٹاپ کی طرف روانہ ہو گیا۔ راستے میں اُسے اسکول کا اپنا دوست احمد ملا۔ احمد آج کچھ اداس لگ رہا تھا اور اس نے اپنا سر جھکایا ہوا تھا۔ علی نے پاس جا کر پوچھا: ’’احمد بھائی! کیا بات ہے، آج آپ اتنے اداس کیوں ہیں؟‘‘احمد نے اداس آواز میں کہا: ’’یار میرا کل والا ریاضی کا ٹیسٹ اچھا نہیں ہوا تھا، اس لیے میرا دل نہیں لگ رہا۔‘‘
علی کو اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی ایک بات یاد آ گئی کہ آپ ﷺ نے فرمایا تھا کہ ’’اپنے بھائی کے سامنے مسکرانا بھی صدقہ ہے۔‘‘ علی نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر احمد کو دیکھ کر ایک پیاری سی مسکراہٹ دی اور اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا: ’’کوئی بات نہیں احمد یار! اگلی بار ہم دونوں مل کر تیاری کریں گے،تم بالکل بھی پریشان نہ ہو۔‘‘
احمد نے جب علی کے چہرے پر وہ پیار بھری مسکراہٹ دیکھی، تو اس کے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا۔ اس کے چہرے پر بھی مسکراہٹ لوٹ آئی اور وہ بولا: ’’شکریہ علی! اب مجھے بہت بہتر لگ رہا ہے۔‘‘
اسکول پہنچنے پر علی نے گیٹ پر کھڑے چوکیدار انکل کو بھی دیکھ کر مسکرا کر سلام کیا، جس پر انکل نے بھی مسکرا کر اسے دعائیں دیں۔ کلاس روم میں جاکر جب ٹیچر عمران نے پڑھانا شروع کیا، تو علی نے پوری توجہ سے سبق سنا اور دورانِ لیکچر اپنے ساتھ بیٹھے ایک نئے طالب علم کی مدد بھی مسکرا کر کی۔جب علی شام کو واپس گھر لوٹا اور اس نے دن بھر کے تمام مزے دار واقعات اپنی امی کو سنائے، تو امی نے پیار سے اُس کے سر پر ہاتھ پھیرااور کہا: ’’بیٹے! تم نے آج بغیر پیسوں کے صرف مسکرا کر اتنے سارے صدقے اور نیکیاں کما لی ہیں۔ ہمارے پیارے نبی ﷺ بھی ہمیشہ سب سے مسکرا کر ملتے تھے، اور تم نے آج ان کی اتنی پیاری سنت پر عمل کیا ہے۔‘‘
علی یہ سن کر بہت خوش ہوا اور اس نے پکا ارادہ کیا کہ وہ روزانہ سب سے مسکرا کر ملے گا کیونکہ ایک چھوٹی سی مسکراہٹ نہ صرف دوسروں کا دن بناتی ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کو بھی بہت پسند آتی ہے۔