(خصوصی رپورٹ) اخبارِ اسلام - خالد نجیب خان

13 /

اخبارِ اسلام


غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں تقریباً 70 ہزار خیمے زیرِ آب آگئے، جبکہ ہزاروں خاندان کھلے آسمان تلے بے آسرا ہوگئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور کے مطابق بارشوں کے بعد تقریباً 26 ہزار خاندانوں نے امداد کی درخواست کی ہے، جبکہ 3900 خاندان مکمل طور پر بے گھر ہوگئے ہیں۔ تقریباً 9لاکھ 40 ہزار فلسطینی نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خطرہ سے دو چار ہیں۔ دوسری جانب تقریباً ڈیڑھ لاکھ نئے خیمے اور پناہ گاہوں کی تعمیر و مرمت کا ضروری سامان غزہ سے باہر داخلے کی اجازت کا منتظر ہے۔ادھرغزہ کی وزارتِ صحت نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء اور زخمیوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 11اکتوبر 2025ء کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 1643 فلسطینی شہید اور 5964 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے سے 850 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 74695 اور زخمیوں کی تعداد 176093 ہوگئی ہے ۔ جبکہ شدید سردی کے باعث 9ماہ کا ایک شیرخوار بچہ بھی جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد سردی سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
l ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے مطابق 30 اگست سے 12 نومبر 2026ء کے دوران غزہ میں کم از کم567 فضائی حملے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ اکتوبر 2023ء سے اب تک ناصر کمپلیکس کو کم از کم چھ فضائی حملوں کے علاوہ زمینی دراندازیوں، گولہ باری اور فائرنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔غزہ کے 38 میں سے 22 اسپتال مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔انہوں نے انسانی تنظیموں اور عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محض مذمتی بیانات کے بجائے طبی مراکز، مریضوں اور طبی عملے کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔
l فرینڈز آف فلسطین پاکستان کے وفد نے تنظیم اسلامی پاکستان کے امیر شجاع الدین شیخ سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈائریکٹر جنرل فرینڈز آف فلسطین پاکستان ڈاکٹر بلال الاسطل، فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر مروان ابو راس اور عالمی اتحاد برائے نصرتِ بیت المقدس و فلسطین کے نمائندے ڈاکٹر زیاد ابو زید شامل تھے۔ ملاقات میں غزہ کی جنگ، فلسطینی عوام کو درپیش انسانی بحران اور مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری صہیونی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، پاکستان کی دینی و فکری قیادت کے کردار کو مؤثر بنانے اور فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے مشترکہ علمی و اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
l ’’فلسطین کے لیے انصاف‘‘ کے نام سے شروع کی گئی عوامی مہم پر اب تک13 لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کیے ہیں اوریہ یورپی یونین کے13رکن ممالک میں مطلوبہ قانونی حد بھی عبور کر چکی ہے۔واضح رہے کہ مہم کی قیادت یورپی بائیں بازو کے اتحاد کی قوتیں اور مختلف شخصیات کر رہی ہیں، جبکہ اسے سول سوسائٹی کی تنظیموں اور فلسطین کے حامی گروپوں کی حمایت حاصل ہے۔
l مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور پرانے شہر کے اطراف سخت فوجی پابندیوں کے باوجود تقریباً 70 ہزار فلسطینیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔
l فلسطینی اسیر حسن سلامہ کی منگیتر نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی جیل میں اُن کی کوٹھڑی پر دھاوے کے دوران انہیں شدید تشدد اور مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر نو گولیاں چلائی گئیں اور زخمی ہونے کے باوجود اُنہیں طبی امداد فراہم نہیں کی گئی۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l سعودی عرب: حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملے ناکام: حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں پر داغے گئے ڈرونز اور میزائل فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دئیے۔جبکہ سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک جانے والی تقریباً 1200 کلومیٹر طویل تیل پائپ لائن کو 9 نومبر کو مدینہ منورہ کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔بعد ازاں آگ پر قابو پا لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تیل کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہی۔ مشرقی صوبے میں پولیس نے انسانی اسمگلنگ اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جسم فروشی کے الزام میں چھ غیر ملکی خواتین کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔دریں اثنا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں نئی عسکری تقرریوں سے متعلق شاہی فرمان جاری کیاہے ۔
l خلیجی ممالک: مشترکہ فوجی کمانڈ کا ہیڈکوارٹر کویت میں قائم: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ کے جدید ہیڈکوارٹر کے قیام اور وہاں افواج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
l قطر، ترکیہ: دفاعی تعاون سمیت پانچ معاہدوں پر دستخط: ترک صدر رجب طیب اردوان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی استنبول میں ملاقات میںدوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سمیت پانچ معاہدوں اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کیے گئے جن میں باہمی دفاعی معاہدے کے علاوہ تعلیم، امن و مصالحت، تنازعات کے حل، صارفین کے تحفظ اور مارکیٹ نگرانی کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
l بھارت : کشمیریوں پر پابندیاں اور مذہبی حقوق کی خلاف ورزیاں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں اور نگرانی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ سرینگر، کولگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کشتواڑ سمیت مختلف اضلاع اور شاہراہوں پر کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کشمیریوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔ لداخ کے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو موسمِ سرما میں انتخابات کے انعقاد کی مخالفت اور انتخابی شیڈول تبدیل کرنے کے مطالبے کے بعد گھر میں نظربند کر دیا گیا۔ بی جے پی رہنما شام لال شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں جلد ایک ہندو وزیراعلیٰ ہوگا۔عالمی جریدے ’دی ڈپلومیٹ‘ نے لکھا ہے کہ مودی حکومت کے زیرِ اثر وقف بورڈ کی جانب سے مساجد میں خطباتِ جمعہ کے لیے یکساں موضوعات مقرر کرنا مسلمانوں کی مذہبی آزادی میں مداخلت ہے۔
l بنگلہ دیش: بھارت سےشیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ: بھارت میں مقیم بنگلہ دیشی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ وزیر خارجہ ہمایوں کبیرکا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ فراہم نہیں کرتا اور شیخ حسینہ مفرور مجرم ہیں۔ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان حوالگیٔ مجرمان کا معاہدہ موجود ہے اور ڈھاکہ چاہتا ہے کہ نئی دہلی شیخ حسینہ کو اس کے حوالے کرے۔
l انڈونیشیا: نائب صدر تعلیمی اسناد کے تنازع پر مستعفی: نائب صدر جبران راکابومنگ راکا نے تعلیمی اسناد سے متعلق قانونی تنازع کے بعدعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔