(خصوصی مضمون) اخبار اسلام - خالد نجیب خان

14 /

اخبارِ اسلام

غزہ، اصل صور تِ حال کیا ہے؟ (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)

تحقیق: خالد نجیب خان (معاون مرکزی شعبہ نشرو اشاعت)

l غزہ میں جنگ بندی کے باوجود انسانی بحران بدستور سنگین ہے۔ جنگ بندی کے 335 دنوں میں طے شدہ امدادی مقدار کا بمشکل ایک تہائی سامان غزہ پہنچ سکا، جبکہ ایندھن کی فراہمی تقریباً15 فیصد رہی۔ 11 ستمبر کو روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کے وعدے کے مقابلے میں صرف 15 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے جبکہ ایندھن کا ایک بھی ٹرک نہیں پہنچا۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی مجموعی تعداد74018 اور زخمیوں کی تعداد 175079 ہو گئی ہے۔ 11اکتوبر2025ء کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد بھی 1451 فلسطینی شہید اور 4964 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 834 شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں۔
l رواں سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 30 ہزار یہودی آبادکار 180 مرتبہ مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر تلمودی رسومات ادا کر چکے ہیں۔ حال ہی میں اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے سینکڑوں یہودی آبادکاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار پر تلمودی عبادات ادا کیں۔ رواں برس مسجد اقصیٰ کو 40 دن تک مکمل بند رکھا گیا، عبادت کے اوقات میں تبدیلیاں کی گئیں اور بعض حصوں کو نمازیوں سے خالی کرانے کی کوشش کی گئی۔
l قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد میں اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو بڑی رکاوٹ ہیں۔ اسرائیل معاہدے کے تحت ذِمّہ داریاں پوری نہیں کر رہا اور غزہ کے 70 فیصد سے زائد رقبے پر اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار ہے۔
l حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ تنظیم گزشتہ اکتوبر ایک ایسے روڈ میپ پر اتفاق کر چکی ہے جس میں غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد فلسطینی ریاست کے قیام تک پیش رفت شامل ہے۔ مجوزہ منصوبے میں ہتھیاروں کا معاملہ بھی شامل ہے اور حماس فلسطینی انتخابات میں قومی اتحاد کے تحت شرکت پر آمادہ ہے۔ ترجمان حازم قاسم نےپارلیمانی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی مدت13 اکتوبر تک بڑھا نے پر فلسطینی اتھارٹی پر انتخابی عمل میں ہیرا پھیری کا الزام عائد کیا ہے۔واضح رہے کہ محمود عباس نے 9 جولائی کو صدارتی فرمان کے ذریعے 28 نومبر 2026ء کو فلسطینی قانون ساز کونسل کے انتخابات کی تاریخ مقرر کی تھی۔
l شمالی لبنان کے مہاجر کیمپ نہرالبارد میں ہزاروں فلسطینی پناہ گزینوں نے ’’شہداء سے وفا کا تہوار‘‘ میں شرکت کی، جس میں شہداء کے اہل خانہ، فلسطینی دھڑوں اور لبنانی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
l ناجائز ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو نے خفیہ دورے کے دوران ابوظہبی میں صدر محمد بن زاید سے تنہائی میں ملاقات کی۔ یہ دورہ اسرائیلی انتخابات سے تقریباً ایک ماہ قبل سامنے آیا ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی اخبار ’’ہارٹز‘‘ نے دعویٰ کیا تھا کہ 7 اکتوبر کے واقعات سے قبل محمد بن زاید نے نتن یاہو کو حماس کے ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کیا تھا ، تاہم نتن یاہو کے دفتر نے اس رپورٹ کو جھوٹ قرار دیا تھا۔

مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں

l ایران: مذاکرات کی پیشکش اور ممکنہ امریکی حملے کا انتباہ: ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی مداخلت کی صورت میں ایران جدید عسکری ٹیکنالوجی کے ذریعے سخت جواب دے گا۔ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے امریکی بغیر پائلٹ آبدوز ’’ریموس 600‘‘ قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ اِس سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق تہران نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر قطر کے ذریعے واشنگٹن کو امن تجویز بھیجی، جس میں جنگ کے خاتمے، منجمد اثاثوں اور رقوم کی واپسی سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے مسترد کر دیا۔ عراقچی نے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے بھی اتنا ہی تیار ہے جتنا مقابلے کے لیے۔ ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے جنگ کو اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں قرار دیتے ہوئے مزید ممکنہ حملوں کے لیے تیاری کی ہدایت کی، جبکہ صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا اور آبنائے ہرمز کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
l اقوامِ متحدہ: ناجائز ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے وقت 77 ممالک کے وفود واک آؤٹ کر کے چلے گئے جس میں مسلم ممالک کے علاوہ غیر مسلم ممالک بھی شامل ہے تاہم ضمیر فروش بحرین، مراکش اور متحدہ عرب امارات کے نمائندگان ہال میں موجود رہے۔
l بھارت: 600 سالہ شاہی مسجد کے تحفظ کے لیے مسجد میں دھرنا : ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 600 سالہ تاریخی شاہی مسجد کو سڑک کی توسیع کے منصوبے سے بچانے کے لیے مسلمانوںنے احتجاج کیا۔ مقامی مسلمانوں نے دھرنا دیا۔مودی انتظامیہ نے 2028ء کے ہندو مذہبی میلے ’’سمہاستھا کمبھ‘‘ سے قبل سڑک کشادہ کرنے کے لیے مسجد کے ایک حصے کو مسمار کرنے کے لیے نشان زد کیا تھا۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بلڈوزر لائے جانے پر مسلمانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔عدالت نے مسلمانوں کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔
l صومالیہ: کارگوشپ پر آپریشن،5 یرغمالی جاں بحق: قزاقوں کے ہاتھوں 21 اپریل سے ہائی جیک کئے گئے کارگو جہاز آنر 25 اور عملے کی بازیابی کے لیے فورسز کی جانب سے آپریشن کیا گیا جس میں 5 یرغمالی مارے گئے جبکہ فورسز نے جہاز پر کنٹرول حاصل کر لیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شامل ہیں۔
l چیچنیا: رمضان قادروف پانچویں مرتبہ سربراہ منتخب: روس کے مسلم اکثریتی خطے چیچنیا میں رمضان قادروف 99.85 فیصد ووٹ لے کر پانچویں مرتبہ سربراہ منتخب ہوگئے۔ روسی الیکشن کمیشن کے مطابق ان کے دونوں حریفوں کو 0.05، 0.05 فیصد ووٹ ملے۔ قادروف 2007ء سے چیچنیا کی قیادت کر رہے ہیں اور موجودہ نتیجہ 2021ء میں حاصل کیے گئے 99.73 فیصد ووٹوں سے بھی زیادہ ہے۔
l ملائیشیا: مہاتیر محمد کی اہلیہ انتقال کر گئیں: ملائیشیا کے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسمہ محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق مہاتیر محمد کے دفتر نے کی۔