امیرتنظیم اسلامی کاپیغام
(بسلسلہ مہم بقائے پاکستان:نفاذعدل اسلام)عزیز رفقائے گرامی!
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم تنظیم اسلامی کے زیراہتمام مختلف مواقع پرمہمات کاانعقاد کرتے ہیں ۔ایسی ایک بڑی مہم کا انعقاد ہم نے سالانہ سطح پر طے کیا ہے جو کہ عام طور پر ماہ اگست میں ہو گا ۔ چنانچہ الحمدللہ مرکز میں مشورے کے بعدہم نے طے کیا کہ امسال 11 اگست سے اس مہم کا آغاز ہوگا اور 3 ستمبر 2023ء تک تقریباً تین ہفتوں تک یہ مہم چلے گی ۔اس مہم کاموضوع ہوگا :بقائے پاکستان: نفاذ عدل اسلام۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا۔ 14اگست کوماہ رمضان کی 27ویں شب میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے عطا فرمایا۔ آج ہم معاشی سطح پرتباہی،معاشرتی سطح پربگاڑا ورسیاسی سطح پربربادی دیکھتے ہیں۔ بنیادی وجہ یہ ہے کہ جس وعدے پر ہم نے اس ملک کو حاصل کیا،یعنی پاکستان کا مطلب کیا:لاالٰہ الااللہ! اس کو ہم نے فراموش کیا ۔قیام پاکستان کے موقع پرتوجذبات تھے کہ اے اللہ! ہمیں ایک خطہ زمین عطا فرما جہاں ہم تیرے دین کا نفاذ کریں گے جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اوربرکتوں کانزول ہو۔ ابتدا میں تھوڑی پیش رفت ہوئی ۔ 1949ءمیں قرارداد مقاصد پاس ہوگئی جس میں طے ہوگیا کہ حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہوگی اور قرآن وسنت کی بالا دستی ہوگی ۔ اس کے بعد تمام مکاتب فکر کے چوٹی کے 31 علماء نے 22متفق علیہ نکات بھی پیش کر دیے کہ ان اصولوں کے مطابق اسلام کا نفاذ ہوگا تو سب اتفاق کریں گے ۔ لیکن اس کے بعد ہم ریورس میں چلتے گئے ، اکا دکا چند اقدامات کے سوا ہماری 76برس کی تاریخ گواہی دے رہی ہے کہ ہم نے اللہ کے دین سے بے وفائی کی۔ ایسے حالات میں جب ملک مشکلات سے دوچار ہے ،حالات دگر گوں ہیں ، سیاسی طور پرسرپٹھول کامعاملہ، معاشی طورپرتباہی بربادی کا معاملہ، معاشرتی طورپربگاڑ اپنی انتہا کوپہنچا ہواہے۔ شراب نوشی، جوا، نشہ، عورت کی عزت و توقیر کی پامالی وغیرہ ہرآئے دن یہ معاملات بڑھتے چلے جارہے ہیں ۔اندرونی سطح پر منافرتیں ، خلفشار اور تعصبات بڑھ رہے ہیں جس سے فائدہ اٹھا کر بیرونی قوتیں اس پاکستان کےٹکڑے کرنے کے درپے ہیں ۔ ایسے حالات میں ہماری ذمہ داری اوربڑھ جاتی ہے کہ ہم قوم کو اللہ کی طرف رجوع کی دعوت دیں ۔ چنانچہ 11اگست سے ’’ بقائے پاکستان : نفاذ عدل اسلام‘‘مہم کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ 3ستمبر 2023ء تک جاری رہے گی ۔ اس دوران خطابات جمعہ،پریس ریلیزز، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے ہم اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔ ان شاء اللہ ۔ اسی طرح اپنے رفقاء کے ذریعے تحریری مواد عوام و الناس تک پہنچانے کی کوشش کریں گے تاکہ ہم روز قیامت اپنے رب کے سامنے معذرت پیش کرسکیں کہ یارب ! جب ظلم وستم کا دور دورہ تھا،تیرا دین نافذ نہیں تھا اورحقوق پامال ہو رہے تھے ، ایسے میں ہم نے قوم کو متوجہ کیا۔بحیثیت مسلمان یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور اتنا تو ہم کر سکتے ہیں کہ اگر ہاتھ سے منکرات کو روکنے کی طاقت نہیں رکھتے تو زبان سے روک سکتے ہیں ۔
مجھے امید ہے کہ مرکز سے لے کر عام رفقاء تک، تمام رفقائے تنظیم سب کے سب مل کراس کام میں اپناحصہ ڈالیں گے، وقت بھی لگائیں گے،مال کا انفاق بھی کریں گے ،اپنی صلاحیتوں کو کھپائیں گے ۔ کیاعجب کہ ہماری محنتوں کے نتیجے میں لوگوں کے دل نرم ہوجائیں ۔اللہ تعالیٰ کی رحمت متوجہ ہواوراسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کی طرف پیش رفت کا معاملہ ہوسکے ۔ نظام اسلام کامطلب صرف چندسزائوں کانفاذ نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد عدل و انصاف کا قیام ہے ۔ شریعت کا نفاذ ہو گا تو معاشی اور سیاسی سطح پر ظلم و جبر اور استحصال کا خاتمہ ہوگا ، معاشرتی بگاڑ ، فحاشی ، بے حیائی کا خاتمہ ہوگا ، شریعت اگر پارلیمنٹ میںنافذ ہوگی توپھرظلم کے قوانین نہیں بنیں گے، عدل کا راستہ ہموار ہوگا تویقیناً لوگوں کو جینے کا حق ملے گا،لوگوں کوظلم سے نجات ملے گی اورجواللہ کے رسولﷺ سے کہلوایاگیا:
{وَاُمِرْتُ لِاَعْدِلَ بَیْنَکُمْ ط} (الشوریٰ:15) ’’اور مجھے حکم ہوا ہے کہ تم میں انصاف کروں۔‘‘
یہ پیغمبرانہ مشن ہے ۔ چنانچہ ہم نے مہم کانام رکھاہے :بقائے پاکستان: نفاذ عدل اسلام!یہ ملک بنا کلمہ کی بنیاد پر ، جب زبان اوپر آگئی،کلمہ پیچھے چلا گیا، بنگلہ دیش وجود میں آگیا، ملک کے دوحصے ہوگئے ۔ اسی طریقے پراگر کلمہ پیچھے جائے گااوراس کے تقاضوں پرعمل نہیںہوگاتوپھرپاکستان کیسے بچ سکتاہے ؟ اسلام جوانفرادی اور اجتماعی دونوں طرح کی زندگی کے لیے راہنمائی دیتاہے ، جب اس کا نظام نافذ ہوگا تواللہ تعالیٰ کی رحمتیں اوربرکتیں بھی متوجہ ہوں گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم اپناتن من دھن اللہ کے دین کے غلبے کی جدوجہد میں لگائیں اوراس مہم میں بھی اپناوقت، جان ، مال اورصلاحیتوں کوکھپانے کی کوشش کریں ۔ ان شاء اللہ ! مرکز کی طرف سے بہت کچھ راہنمائی بھی آپ کو ملتی رہے گی ۔ کوشش کریں کہ 11 اگست سے 3ستمبر2023ء تک بھرپور انداز میں اس مہم میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ اللہ تعالیٰ ہمارے لیے آسانی کامعاملہ فرمائے اوراپنی تائید عطا فرمائے ۔آمین!
tanzeemdigitallibrary.com © 2025