خرید و فروخت میں دیانت داری کا فقدان
مولانا سیّد عمران اختر
اگر ہم آج کل کے اپنے معاشی حالات کا جائزہ لیں اور پھر معاشی بدحالی کی وجوہات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں غور کریں تو ہمیں پتا چلے گا کہ آج ہماری زندگی سے جو راحت و سکون اٹھ گیا ہے۔ہماری آمدن سے جو خیر و برکت نکل گئی ہے اور افرادی و قومی ہر اعتبار سے ہمارے معاشی حالات جو بگڑتے جارہے ہیں، دوسری وجوہات کے علاوہ اس کی ایک اہم اور بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم لوگ کاروبار اور لین دین میں ناپ تول میں کمی بیشی سے کام لیتے ہیں، ناپ تول میں کمی کوئی نئی بات نہیں بلکہ صدیوں سے کاروباری لوگ اس بُرائی میں مبتلا ہیں مگر یہ بھی سچ ہے کہ آج کل ناپ تول کی ہیرا پھیری میں جتنی تیزی آچکی ہے اور بازاروں میں جتنے طریقے اپنائے جارہے ہیں اتنے پہلے کبھی نہیں تھے، حالانکہ مسلمان ہونے کے ناتے ہم پر اﷲ اور اس کے حبیب کریم رسول اکرم ﷺ کے احکامات ماننا اور ان پر عمل کرنا ضروری بھی ہے اور اسی میں ہماری دینی و دنیاوی کامیابی کی ضمانت بھی۔
قرآنِ مجید میں اﷲ تعالیٰ نے کئی جگہ انصاف کے ساتھ ناپ تول کرنے کا حکم ارشاد فرمایا، سورۃ رحمٰن میں اﷲ پاک کا فرمان ہے: ’’اور آسمان کو اﷲ نے بلند کیا اور ترازو رکھی کہ تولنے میں ناانصافی نہ کرو اور انصاف کے ساتھ تول قائم کرو اور وزن نہ گھٹاؤ۔‘‘
جہاں صحیح ناپ تول کی اتنی تاکید ہے وہاں غلط ناپ تول پر مختلف طرح کے عذابوں کی وعید بھی ہے نیز ملکی سطح پر اَوزان و پیمائش کا محکمہ بھی قائم ہے مگر اس کے باوجود ناپ تول کی چور بازاری میں کمی کے بجائے روز بروز زیادتی ہی ہو رہی ہے۔
آئیے! اس چور بازاری کی بازاروں میں رائج کچھ صورتیں ملاحظہ کرتے ہیں:
(1) باتوں میں لفظ میٹر کہنا یا چیز کی قیمت میٹر کے حساب سے بتانا مگر ناپتے وقت گز سے ناپنا حالانکہ گز 36 انچ کا جبکہ میٹر 39 انچ کا ہوتا ہے۔
(2) گز کو ناپنے کے لیے 36 انچ سے اور میٹر کو ناپنے کے لیے 39 انچ سے کم لمبائی والا آلہ استعمال کرنا جیسا کہ بعض دکان داروں نے یہ طریقہ اپنا رکھا ہے۔
(3) اینٹ، سلیب،بیم اور ٹائلز وغیرہ کی پیمائش میں دھوکا کرنا۔
(4) کم وزن والے باٹ استعمال کرنا جیسا کہ بعض دکان دار ایسے باٹ رکھتے ہیں جن کے کنارے وغیرہ جھڑے ہوئے یا اپنی مرضی سے بڑی ہوشیاری سے جھڑوائے گئے ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے باٹ کا وزن چند گرام کم ہو چکا ہوتا ہے۔ بعض دکانوں اور ٹھیلوں پر ایسے باٹ دکھائی دیتے ہیں جنہیں الیکٹرک ٹیپ یا شاپر سے چھپا دیا گیا ہوتا ہے، گاہک کو نہ تو اس کے چھپائے جانے کی وجہ معلوم ہوتی ہے اور نہ ہی یہ پتا چلتا ہے کہ باٹ پورا ہے یا پھر وزن ہلکا کرنے کے لیے مشین وغیرہ کے ذریعے کٹوا کر جھڑوایا گیا ہے۔
(5) باٹ کی جگہ چیز تولنے کے لیے پتھر یا اینٹ استعمال کرنا، گاہک نہیں جانتا کہ جس وزن کے لیے یہ اینٹ یا پتھر بطورِ باٹ استعمال کیا جارہا ہے یہ اس وزن کے باٹ کے برابر ہے یا کم۔
(6) باٹ تو پورا ہو لیکن تولنے میں کسی بھی طرح سے ہیرا پھیری اور بے ایمانی کرنا مثلاً چیز کو زور سے یا اونچائی سے ترازو میں ڈال کر فوراً ہی اٹھا لینا۔
(7) ترازو کے پلڑوں میں فرق رکھنے اور سامان والے پلڑے کو پہلے ہی وزنی رکھنے کے لیے مختلف حربے استعمال کرنا، مثلا ًسامان والے پلڑے کے نیچے مقناطیس چپکا دینا یا پھر بھاری برتن رکھ دینا اور اس ہیرا پھیری کو گاہک کی نظر سے چھپانے کے لیے باٹ والے پلڑے میں پہلے ہی سے باٹ رکھ دینا وغیرہ۔
(8) کپڑا یا اِلاسٹک ناپتے وقت لچک دار کپڑے کو کھینچ کر ناپنا، اسی طرح بجلی کا تار، یا پانی کا پائپ وغیرہ گز یا میٹر کے اسکیل کے بجائے اپنے کاؤنٹر یا ٹیبل پر گز یا میٹر سے کم نشان لگا کر ان کے مطابق کم ناپ کر دینا۔
(9) ایسے غلط، چور سائز، غیر معیاری و غیر قانونی پیمائشی فیتے استعمال کرنا جن کی لمبائی کم ہوتی ہے ان کے ذریعے چند میٹرز، گز یا فٹ ناپے جائیں تو بظاہر کچھ انچ کی کمی ہوتی ہے مگر چوڑائی وغیرہ ملا کر مجموعی طور پر اچھی خاصی کمی ہوجاتی ہے۔
(10) دودھ، کوکنگ آئل، مٹی کا تیل، مائع کیمیکلز، بلیچ، پیٹرول وغیرہ کو ناپنے کے پیمانے میں ہیرا پھیری کرنا جیسا کہ ایسی کپّی یا پیمانہ استعمال کرنا جس کی اندر کی سطح یا تلّا باہر سے دکھائی دینے والے تلّے سے اوپر ہوتا ہے یا پھر اندرونی پھیلاؤ اس کی اصل جسامت سے کم ہوتا ہے۔
(11) وزن کے بجلی والے ترازو کی سیٹنگ یا میٹر میں تبدیلی کرکے کم تول کر دینا یا ان میں تبدیلی تو نہ کرنا مگر یہ ترازو دکان کے اندر یا پھر کاؤنٹر پر ہی ایسی جگہ رکھنا کہ تول کے وقت گاہک دیکھ ہی نہ سکے جیسا کہ بعض دکانوں پر ایسا دیکھنے کو ملتا ہے۔
یہ تو ناپ تول میں کمی کی بعض وہ صورتیں تھیں جن کا تعلق ترازو، پیمانے، باٹ، پیمائشی فیتے یا پھر ناپ تول کے انداز میں ہیرا پھیری کرنے سے ہے مگر ان کے علاوہ آج کل ناپ تول میں ڈنڈی مارنے کی بہت زیادہ استعمال ہونے والی ایک صورت ملاوٹ بھی ہے۔ ملاوٹ بھی درحقیقت ناپ تول میں کمی ہی کی ایک صورت ہے جس میں گاہک کو اس کی مانگی ہوئی چیز تو کم ہی ملتی ہے مگر اسی کمی کا وزن دوسری چیز سے پورا کردیا جاتا ہے مثلاً گاہک پچیس کلو یا پچاس کلو چاول وغیرہ کی کچھ بوریوں کا آرڈر دے تو بیوپاری ہر بوری میں دو تین کلو چاول کم کرکے اس کمی کو پتھر کی کنکرؤں کے ذریعے پورا کردے۔ تَھوک کے حساب سے جہاں خرید و فروخت ہوتی ہے وہاں بڑے پیمانے پر اصل چیز میں کمی کرکے اس کمی کو ملاوٹ کے ذریعے پورا کرنے کا رواج بہت بڑھ چکا ہے اور پھر جب یہ چیزیں چھوٹی دکانوں تک پہنچتی ہیں تو ہر گاہک کو اس کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے، گویا ایسے بیوپاری اگرچہ خود کو ہوشیار اور سیانا سمجھ رہے ہوتے ہیں مگر یہ مکار بہت سارے بندوں کے حقوق کا بوجھ اپنے کندھوں پر لے رہے ہوتے ہیں، جس کا حساب قیامت کے دن دینا ان کے لیے واقعی بہت مشکل ہوگا۔
آئیے! ملاوٹ کے ذریعے ناپ تول میں کمی کرنے کی بھی چند مثالیں دیکھتے ہیں:
(1) گھی میں ناقص تیل کی ملاوٹ۔
(2) دالوں، چاولوں اور مختلف اناجوں میں پتھر کی کنکریاں یا دیگر اجزا ملا کر تولنا۔
(3) کالی مرچ میں پپیتے کے بیجوں کی ملاوٹ۔
(4) دودھ میں پانی یا مختلف نقصان دہ کیمیکلز کی ملاوٹ۔
(5) گوشت کی رگوں میں پانی بھر کر اور مختلف پھلوں اور سبزیوں کو پانی میں رکھ کر وزن بڑھانا اور پانی کو بھی گوشت ، پھل اور سبزی کے بھائو بیچنا۔
(6) مرچوں میں سرخ مٹی کی ملاوٹ کرنا۔
(7) پسے ہوئے دھنیے میں لکڑی کے بُرادے کی ملاوٹ۔
(8) اینٹوں کی بناوٹ میں سیمنٹ کی مقدار کم کرکے گاہک کی نظر میں اس کمی کو چھپانے کے لیے کلر کی ملاوٹ تاکہ دیکھنے میں لگے کہ سیمنٹ زیادہ مقدار میں ہے۔
(9) زندگی بچانے والی دواؤں میں ملاوٹ کرنا۔
غرض! اب ہول سیل مارکیٹوں میں کئی چیزیں ایک نمبر، دو نمبر اور تین نمبر وغیرہ کہہ کر الگ الگ کوالٹی میں بیچی جا رہی ہیں۔ بعض صورتوں میں دکاندار کو خریداری کے وقت چیز کی کوالٹی کا ہلکا ہونا معلوم تو ہوتا ہے مگر وہ جان بوجھ کر ہلکی کوالٹی سستے داموں صرف یہ سوچ کر خرید لیتا ہے کہ اپنی دکان پر یہ دو نمبر چیز ہی ایک نمبر چیز کی قیمت میں دوسرے گاہکوں کو بیچ دوں گا۔
یہ تمام امور انتہائی گناہ اور انسانیت کو دھوکا دینے کے حربے ہیں، یہ ناانصافی بلکہ عوام کے حق پر کھلا ڈاکا بھی ہے۔ ہمیں ہر حال میں ان سے بچنا چاہیے اور رزق حلال کو ہر حال میں ترجیح دینا چاہیے، دھوکا دینے سے بظاہر نفع معلوم ہوتا ہے لیکن اس سے رزق میں خیر و برکت ختم ہوجاتی ہے اور آخرت میں ایسے تاجروں کو سخت عذاب کی خبر سنائی گئی ہے۔
اﷲ پاک ہمیں دین کے تمام احکامات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، دوسروں کی ناانصافیوں سے اور دوسروں کے ساتھ ناانصافیاں کرنےسے بچائے۔ آمین