(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیاں - ادارہ

11 /
امیر تنظیم اسلامی کا دورہ حلقہ لاہور شرقی 
5 جولائی بروز جمعہ امیر تنظیم اسلامی پاکستان محترم شجاع الدین شیخ حفظہ اللہ نے حلقہ لاہور شرقی کا تنظیمی دورہ کیا۔ پروگرام کے مطابق ذمہ داران سے امیر محترم کی ملاقات مسجد نور باغ والی نزد ریلوے ہیڈ کوارٹر میں 3:30 بجے سہ پہر جبکہ حلقے کے تمام رفقاء سے ملاقات بعد از نماز عصر طے تھی۔ حلقہ کے ذمہ داران نے مسجد کے باہر امیر محترم کا استقبال کیا۔ وقت مقررہ پر پروگرام کا آغاز ہوا۔ امیر حلقہ جناب نورالوریٰ نے اپنے ابتدائی کلمات میں شرکاء کو اس سال سے تنظیمی اور دعوتی دوروں کو علیحدہ کرنے کے حوالے سے مرکز کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ حلقے اور مقامی تناظیم کے ذمہ داران کے تعارف کے بعد سوال و جواب کی بھرپور نشست ہوئی۔ چائے اور نماز عصر کے لیے وقفے کے بعد پروگرام کے دوسرے حصے کا آغاز ہوا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران تنظیم میں شامل ہونے والے نئے رفقاء کے تعارف کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جو نماز مغرب کے بعد تک جاری رہا۔ سوال وجواب کی نشست کے اختتام پر ملتزم و مبتدی رفقاء کے لیے تجدید بیعت کا اہتمام کیا گیا۔ امیر محترم نے اپنے اختتامی کلمات میں   ذمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ اس ملاقات میں شرکت نہ کرسکنے والے رفقاء کی خیریت دریافت کرکے ان کو میرا سلام پہنچانے کا بھی اہتمام فرمالیں۔ نماز عشاء کی ادائیگی پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ (رپورٹ: نعیم اختر عدنان ،ناظم نشرو اشاعت حلقہ لاہور شرقی)
 حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام میانوالی میں حلقہ جاتی اجتماع
حلقہ سرگودھا کے زیر اہتمام سہ روزہ ملتزم رفقاء کا مُلک گیر حلقہ جاتی اجتماع مسجد  بیت المکرم میانوالی میں 28 تا 30 جون2024ء منعقد ہوا۔ جس میں حلقہ بھر سے 31 رفقاء نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترم حمید اللہ خان   نے ادا کیے۔ اجتما ع کا آغاز بعد نمازِ عصر ناظم اجتماع محترم نور خان کی نظم کے حوالے سے ہدایات سے ہوا۔ پروگرام کے آغاز میں امیرتنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ کے افتتاحی کلمات کی ویڈیو چلائی گئی، جس میں فرائض دینی کے جامع تصور کا خلاصہ پیش کیا گیا ، اس کے بعدمحترم شادی بیگ نے اقامت دین کی فرضیت اور اس کے لیے پُرزور دعوت کے موضوع پر گفتگو کی۔ نماز مغرب کے بعد امیر نے ویڈیو خطاب کے ذریعے شہادت اور فریضہ شہادت پر سیر حاصل گفتگو فرمائی ۔
دوسرے روز بعد نمازِ فجر محترم شفیع اللہ نے سورہ الفتح اور المائدہ کی روشنی میں جبکہ اس سے اگلے روز محترم محمد گلباز نے سورۃ الشوریٰ کی منتخب آیات کے ذریعے اقامت دین کے لیے کام کرنے والوں کے مطلوبہ اوصاف بیان کیے۔ اس کے بعد محترم نور خان نے اقامت ِ دین کی جدوجہد کرنےوالی جماعت کی ہیت ترکیبی اور تنظیمی اساس کے حوالے سے بات کی اس کے بعد محترم شفاء اللہ نے نہی عن المنکر اور محافظت حدود اللہ کے ضمن میں طاقت کے مظاہرے اور چیلنج پر گفتگو فرمائی۔محترم عبدالرحمٰن نے نظم جماعت کی پابندی کے حوالے سے بنیادی اصولوں کے موضوع پر گفتگو کی۔ چائے کے وقفے کے بعد بانی ٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کی ویڈیو کے ذریعے مُلکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں قرآن و سنت کی روشنی میں رفقاء تنظیم کی راہنمائی کی گئی ، نماز عصر کے بعد محترم نور خان نے قرآن و سنت کی روشنی میں    اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق جوڑنے کے لیے دس مختلف ذرائع رفقاء کے سامنے رکھے ۔  بعد نمازِمغرب بانی ٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ کی ویڈیو کے ذریعے ’’بداء الاسلام‘‘ کی دو حقیقتیں یعنی قرآن و سنت اور جہاد فی سبیل اللہ کے ذریعے رفقاء میں جہاد فی سبیل اللہ کا نیا جذبہ پیدا کیا ۔
تیسرے روز مولانا عامر صاحب نے اطاعت امر اور تنازع فی الامر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس کے بعد محترم عبدالرحمٰن کی میزبانی میں ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا، جس میں انفرادی دعوت کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے دعوت کا کام کماحقہ نہ ہو نے کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔ا ورشرکاء کو مذکورہ موضوع پر اپنی آراء پیش کرنے کا بھر پور موقع دیا گیا۔ چائے کے وقفے کے بعد محترم عبدالرحمٰن نے اپنے لیکچر میں بتایا کہ جہاد سے اعراض کی صورت میں لاحق ہونےوالے مرض یعنی نفا ق کا علاج انفاق سے کیسے ممکن ہے۔آخر میں امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ کی طرف سے اختتامی کلمات ویڈیو کی صورت میں سماعت کروائے گے۔ اجتماع کے اختتام پر امیر حلقہ نے تمام رفقاء خصوصاً میانوالی کے رفقاء کا دل کی گہرایوں سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس سخت گرمی کے موسم میں تما م انتظامات بڑی      خوش اسلوبی سے سر انجام دیئے ۔ 
اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ تمام رفقاء کی کاوشوں کو اپنی بارگاہ میںقبول و منظور فرمائے ۔ آمین!  
(رپورٹ: ہارون شہزاد ناظم نشرواشاعت حلقہ سرگودھا)
امیر حلقہ ملاکنڈ کا ضلع سوات اور شانگلہ کا دو روزہ تنظیمی و دعوتی دورہ 
تنظیم اسلامی حلقہ ملاکنڈ کے امیر محترم ممتاز بخت نے ضلع سوات اور شانگلہ کا دو روزہ تنظیمی و دعوتی دورہ کیا۔ دورہ میں شوکت اللہ شاکر( ناظم دعوت مقامی تنظیم بٹ خیلہ)، حبیب علی (امیر مقامی تنظیم سوات) اور محسن علی ( مبتدی رفیق) ان کے ہمراہ تھے۔ 12 جولائی بروزجمعہ علی الصبح چار افراد پر مشتمل قافلہ غالیگے(سوات) سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا۔ ساڑھےدس بجے بشام پہنچے، جہاں مبتدی رفیق محترم حزب الرحمٰن سے ان کے آفس میں ملاقات ہوئی۔ موصوف ایک کمرشل بینک میں اہم عہدے پر فائز ہیں اور کھاتے داروں کو سود کی شناعت و قباحت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سودی اکاؤنٹس ختم کرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگلا پڑاؤ پورن کا گاؤں چوگا تھا، جہاں بشام سے براستہ چکیسر، چوگا پہنچے۔ جہاں ملتزم رفیق حاجی حضرت رحمان رفقاء و احباب کے ہمراہ چشم براہ تھے۔ نماز عصر کے بعد جامع مسجد میں امیر حلقہ نے ’’دین اور فرائض دینی کے جامع و ہمہ گیر تصور‘‘ پر خطاب کیا۔ بعد ازاں چوگا بازار میں لوگوں سے انفرادی ملاقات کی اور بعد نماز مغرب ہونے والی دعوتی نشست میں شرکت کی دعوت دی۔ نماز مغرب کے بعد راقم نے ’’منہج انقلاب نبوی‘‘ پر خطاب کیا۔ اگلے روز نماز فجر کے بعد امیر حلقہ نے سورۃ الحج کے آخری رکوع کے درس کی ذمہ داری ادا کی۔ تینوں اجتماعات میں شرکاء کی اوسط حاضری 30 تا 35 رہی۔ چوگا کے رفقاء و احباب سے طویل نشست میں اسرہ کے قیام، اجتماعات، حلقہ قرآنی، گھریلو اسرہ اور انفاق کا جائزہ لیا گیا اور ضروری مشاورت ہوئی۔ بونیر کے راستے واپسی پر، کئی رفقاء و احباب سے ملاقات ہوئی اور حلقہ خیبر پختونخوا جنوبی کے رفیق محترم فضل وہاب کی وساطت سے، پاچاکلے (بونیر) میں ایک ایسے دعوتی پروگرام میں شرکت اور خطاب کا موقع ملا جس میں موصوف نے اپنے عزیزوں اور دوستوں کو مدعوکیا تھا۔یہاں ایک گھنٹہ دورانیہ پر مشتمل دو خطابات، بعنوان ’’دین کا جامع تصور‘‘ اور’’ منہج انقلاب نبوی‘‘ کا موقع ملا جس کی ذمہ داری بالترتيب راقم اور امیر حلقہ مالاکنڈ نے نبھائی۔شرکاء میں اکثر احباب کا تعلق جماعت اسلامی سے تھا۔ آخر میں سوال وجواب کی نشست ہوئی جسے محترم حبیب علی نے بطریق احسن کنڈکٹ کیا۔ ظہرانہ کے بعد براستہ کڑاکڑ، بریکوٹ پہنچے۔ جہاں سے رفقاء اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ ہماری مساعی کو شرف قبولیت سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ :شوکت اللہ شاکرناظم دعوت مقامی تنظیم بٹ خیلہ)