(خصوصی رپورٹ) اخبار اسلام - ادارہ

9 /

اخبارِ اسلام

(رواں ہفتے کے دوران مسلم دنیا سے متعلق اہم خبریں)

غزہ، اصل صورتحال کیا ہے؟    (بشکریہ: فرینڈز آف فلسطین)
 
0   اسرائیل پر ایرانی میزائلوں کی بارش سے خطرے کے سائرن گونجنے لگے اورناجائز صہیونی ریاست کے لاکھوں شہریوں کو پناہ گاہوں میں پناہ لینا پڑی۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ اُس نے کم از کم 201 میزائل فائر کیے، جن میں سے ایک میزائل سے شمالی تل ابیب میں ایک عمارت کونقصان پہنچا۔ قابض اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کے ساتھ ہی فلسطین بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن کا سا سماں نظر آیا۔ قابض اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یروشلم میں ایک سیکورٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے فاش غلطی کردی ہے اور وہ اس کے نتائج بھگتے گا۔ صدر بائیڈن نے امریکی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایرانی حملوں کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرے۔ عراق کی تحریک مزاحمت نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اس جنگ میں کودا تو عراق میں امریکی اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔
0 وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کُشی کررہا ہے، پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور فلسطینیوں پر مظالم اور درندگی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔غزہ میں بچوں کے زندہ درگور ہونے پر دنیا کب تک خاموش رہے گی۔ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستی فارمولے میں ہے۔ لہٰذا دو ریاستی فارمولے کے تحت فلسطین میں خاک و خون کا کھیل بند کیا جائے ۔ فلسطین کے معاملے پر مذمت کافی نہیں۔ بڑے ممالک حرکت میں آئیں اور آگ و خون کا کھیل فوری بند کروائیں، عالمی برادری کو پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرنا پڑے گا۔
0 غزہ، جہاں زندگی موت کی دہلیز پر کھڑی ہے، جہاں بیماریاں انسانوں کے جسموں کو کھوکھلا کر رہی ہیں اور ظالم دشمن علاج کی ہر راہ بند کر رہا ہے۔یہاں صحت کی صورتحال کچھ یوں ہے:
     1,737,524 افراد جان لیوا متعدی امراض کا شکار
     12,000 زخمی بے یارو مددگار بیرون ملک علاج کے منتظر
     71,338 لوگ ہیپاٹائٹس کے موذی مرض میں مبتلا
     10,000 کینسر کے مریض انتہائی مشکل حالات میں 
     350,000 دائمی مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں
یہ صرف اعداد و شمار نہیں، یہ اُن معصوم جانوں کی کہانی ہے جنہیں زندگی کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ یہ غزہ کے لوگوں کی وہ چیخ ہے جو بے حس دنیا کے دروازے تک نہیں پہنچ پا رہی۔ کیا انسانیت اب بھی زندہ ہے؟
 
مسلم دنیا سے متعلق دیگر ممالک کی اہم خبریں
پاکستان
 
نیٹو کی طرز کااسلامی اتحاد بنایا جائے : معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا دورۂ پاکستان شروع ہو چکا ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں اور اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ 57 مسلم ممالک کو بھی نیٹو کے اصولوں پر مبنی ایک اتحاد تشکیل دینا چاہیے۔ مسلمانوں کی بچت کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ خلافت قائم کریں۔
سعودی عرب
 
بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل: یو این جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ ہم فلسطین کے دو ریاستی حل کے اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور اس پر عمل درآمد کیلئے بین الاقوامی اتحاد بنا رہے ہیں جسکا پہلا اجلاس ریاض میں ہوگا۔
 مصر
 
دورِموسیٰ ؑ کی تلوار دریافت:مصری وزارتِ ثقافت و سیاحت کے مطابق اسکندریہ کے جنوب میں بحیرہ گورنری میں کھدائی کے دوران کانسی کی ایک تلوار ملی ہےجس پر موجودمہر سے معلوم ہوا ہے کہ یہ مصر کے بادشاہ رمیسس ثانی کے دور کی ہے۔
بھارت
 
درگاہ اجمیرشریف میں مندر کا دعویٰ : ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا نے اجمیر کی ضلعی عدالت میںدرخواست دائر کی ہے کہ درگاہ اجمیر شریف کو ’’بھگوان‘‘ شری سنکٹ موچن مہادیو وراجمان مندر قرار دیا جائے ۔ 
دوسری طرف دہلی ہائی کورٹ نے متھرا میں تاریخی شاہی عیدگاہ مسجد میں رانی لکشمی بائی کے مجسمے کی تنصیب کو روکنے کی انتظامی کمیٹی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اورایم سی ڈی کے افسران نے موقع پر پہنچ کر رانی لکشمی بائی کے مجسمہ کی تنصیب کا کام شروع کردیا ہے۔ 
تاریخی مسجد اور قبر ستا ن مسمار: ریاست گجرات کی انتظامیہ نے نام نہاد انسداد تجاوزات مہم کے دوران صدیوں سے قائم ایک مسجد اور مسلمانوں کے ایک قبرستان کو مسمار کردیا ہے۔
تیونس
صدارتی امیدوار کو 12 سال قید :صدارتی امیدوار ایاشی زیمل کو دو ہفتوں کے دوران چار مقدمات میں 12 سال کی قید سنا دی گئی۔دیگر جرائم کے علاوہ اِس میں قصداً جعلی سند استعمال کرنے پر چھ ماہ کی سزا بھی شامل ہے ۔
اسرائیل
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا داخلہ بند : وزیرخارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اتونیو گوتریس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے اُن کیلئے ملک کے دروازے بند کر دئیے ہیں۔وزیر خارجہ کاٹزکا کہنا ہے کہ جو اسرائیل پرایرانی حملے کی مذمت نہیں کر تا وہ اسرائیل میں داخلے کا مستحق نہیں ہے ۔ دوسری طرف بین الاقوامی میڈیا نے ایرانی حملہ کو ناکام قراردیتے ہوئے ایران کی عسکری صلاحیت پر سوالات اُٹھائے ہیں۔