(تنظیمی سرگرمیاں) تنظیم اسلامی کی دعوتی سرگرمیاں - ادارہ

11 /
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخs کا دورہ لکی مروت یونیورسٹی
 
امیر تنظیم اسلامی محترم شجاع الدین شیخ s، ناظم اعلیٰ جناب ڈاکٹر عطاء الرحمٰن اور نائب ناظم اعلیٰ شرقی پاکستان جناب پرویز اقبال صبح 10 بجے ضلع لکی مروت پہنچے۔ رفیق تنظیم جناب ڈاکٹر کفایت اللہ نے کالج چوک پر اُن کا استقبال کیا اور انہیں گیسٹ ہائوس لایا گیا۔ یونیورسٹی کے احاطے میں ایک پنڈال لگایا گیا تھاجہاں پر امیر محترم نے صبح 10:30بجے ’’علم کی اہمیت اور قرآن حکیم‘‘کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس اجتماع میں یونیورسٹی سٹاف، تقریباً300طلبہ اور200طالبات نے شرکت کی۔  امیر محترم کا خطاب تقریباًایک گھنٹے کا تھا۔ امیر محترم کے خطاب کے بعد سوال و جواب کی نشست منعقد کی گئی جو تقریباً 15منٹ پر محیط تھی۔ امیر محترم کے  خطاب کے بعد مبتدی رفیق جناب ڈاکٹر کفایت اللہ نے جو لکی مروت یونیورسٹی کے فکلٹی کے ڈائریکٹر ہیں، فکلٹی کے ممبران کو سٹیج پر بلایا اور امیر محترم کو شیلڈ پیش کی۔ اس کے بعد امیر محترمs کو دعائوں اور نیک تمنائوں کے ساتھ اسلام آباد ائیرپورٹ کے لیے رخصت کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت پر استقامت عطا فرمائے اورہمارا حامی و ناصر ہو۔(رپورٹ: سعید اللہ شاہ)
 
  حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر اہتمام فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں مظاہرہ 
 
حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی کے زیر اہتمام فلسطینی مسلمان بھائیوں اور بہنوںکے ساتھ یکجہتی  کے طور پر اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے، پشاور پریس کلب کے سامنے دوپہر12 بجے ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔اس مظاہرے میں 78رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ 
مظاہرین سڑک پر دونوں اطراف میںکھڑے رہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے ہاتھوں میں ٹی بورڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے۔ کچھ رفقاء کو ہینڈ بلز تقسیم کرنے پر مامور کیا گیا تھا۔اِس پُر امن مظاہرے کے لیے سائونڈ سسٹم کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔مظاہرے سے جناب فضل ِ باسط ناظم تربیت حلقہ اور جناب محب الرحمٰن رفیق مقامی تنظیم پشاور غربی نے خطاب فرمایا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے اور انہیں مالی امداد فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے مسلمان ممالک پرزور دیا کہ وہ فلسطین کے مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کریں ۔
مظاہرے کے دوران انتظامیہ اور میڈیا کے افراد نے بھرپور تعاون کیا۔  GNN ، ARY NEWS،  DAWN NEWS  ،ایک نیوز اوردیگر نیوز چینلز نے امیر حلقہ جناب شمیم خٹک ،جناب عابد محمود ایڈوکیٹ ، جناب حبیب الرحمٰن اورجناب محمد یاسر حلیم  کے تاثرات ریکارڈ کیے۔ انتظامیہ نے بھی امیر حلقہ سے گفت و شنید کر کے اپنے تعاون کی  یقین دہانی کرائی۔
امیر حلقہ جناب شمیم خٹک نے اختتامی خطاب میں تمام رفقاء و احباب کا شکریہ ادا کیا۔اس کے علاوہ پریس /میڈیا سے وابسطہ افراد اور انتظامیہ کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ   ہم اسرائیل نواز کمپنیوں کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں ۔ اپنے علاقے کے سٹورز مالکان کو ترغیب و تشویق دلائیں کہ اپنے سٹورز پر ایسے تمام ممالک جو کہ اسرائیل کی مدد کرنے میں مصروفِ عمل ہیں، کی مصنوعات نہ رکھیں۔ اسی طرح علمائے کرام اور ائمہ مساجد و خطباء سے ملاقاتوں کا اہتمام کرنا چاہیے اور اس سے درخواست کرنی چاہیے کہ اجتماعی طور پر فلسطین کے مسلمانوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔ مزید ان سے گزارش کرنی چاہیے کہ قنوتِ نازلہ کا اہتمام کریں۔ دعا پر مظاہرے کا اختتام ہوا۔  (رپورٹ: سعید اللہ شاہ،معتمد حلقہ خیبر پختونخوا جنوبی)