غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری
کے خلاف تنظیم اسلامی کے
زیراہتمام پاکستان بھر میں احتجاجی مظاہرے
l حلقہ خیبرپختونخوا جنوبی
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ sکی جانب سے احکامات موصول ہونے پر امیر حلقہ نے ہنگامی بنیادوں پر امراء مقامی تناظیم، نقباء منفرد اسرہ جات اور معاونین حلقہ سے رابطے کیے اور مظاہرے کے انعقاد کے لیے مشاورت کی ۔ مشاورت کے بعد طے پایا کہ مورخہ 6 اپریل، 2025بروز اتوار صبح 11 بجے پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔راتوں رات رفقاء سے رابطے کیے گئے اور صبح پونے گیارہ بجے پشاور پریس کلب پہنچنے کا کہا گیا۔چونکہ اس وقت مارکیٹیں بند ہو چکی تھیں اور چھپائی کا کام ممکن نہیں تھا۔ چنانچہ مرکز حلقہ میں موجود ٹی بورڈز اور بینرز استعمال کیے گئے۔ مزید برآں مرکز سے موصول شدہ سلوگنز کی ٹی بورڈز اور بینرز پرہاتھ سے لکھائی کی گئی جو کہ مظاہرے کے لیے استعمال میں لائے گئے۔ الحمدللہ! رفقاء صبح پونے گیارہ بجے پشاور پریش کلب پہنچنا شروع ہو گئے اور گیارہ بجے مظاہرے کا آغاز کیا گیا۔ اس مظاہرے میں 100 سے زیادہ رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ وہ سڑک کے دونوں کناروں پر ہاتھوں میں ٹی بورڈز اُٹھائے کھڑے تھے۔ مظاہرے کے لیے ساؤنڈ سسٹم کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مظاہرے کے دوران امیر تنظیم اسلامی کا موضوع کےحوالے سے ایک کلپ چلایا گیا۔ اس کے علاوہ رفقائے تنظیم اسلامی نے اپنے خطابات سے شرکاء کے دلوں کو گرمایا،مقررین میںپشاور غربی کے رفیق محترم محب الرحمٰن، ناظم دعوت حلقہ محترم فضلِ باسط ، معتمد مقامی تنظیم نوشہرہ محترم فیصل ظہیر قاضی نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرہ تقریباً 12بجے امیر حلقہ کی اختتامی دعا پراختتام پذیر ہوا۔ مظاہرے میں میڈیا کے کارکنان نے بھرپور تعاون کیا اور مظاہرے کی کوریج کی۔ امیر حلقہ اور تنظیم اسلامی کے ذمہ داران کے تاثرات بھی ریکارڈ کیے۔ مزید برآں مظاہرے میں شامل بچوں کے تاثرات ریکارڈ کیے۔ پولیس اوردیگر اداروں کے افراد نے بھی تعاون کیا۔ امیرحلقہ نے ان سب کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ (رپورٹ :سعید اللہ شاہ،معتمدحلقہ)
lحلقہ پنجاب جنوبی
امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ حفظ اللہ کی ہدایت کے مطابق پاکستان کے طول وعرض میں غزہ کی موجودہ المناک صورتحال پر بروز اتوار 6 اپریل 2025کو ملک بھر میں مظاہرے ہوئے۔ اسی سلسلے میں حلقہ پنجاب جنوبی میں بھی اتوار کو سہ پہر پونے چار بجے رفقاء قرآن اکیڈمی ملتان میں جمع ہوئے۔وہاں سے ایک پرامن ریلی نکالی گئی جو بعد میں مظاہرہ کی صورت میں چوک چونگی نمبر 9 سے ہوتی ہوئی شمس آباد چوک پر کچھ دیر رکی۔ وہاں سے مظاہرین عید گاہ چوک پہنچے۔ اس دوران کثیر تعداد میں رفقاء نے بینرزاور ٹی بورڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس مظاہرے میں ملتان سے ملحقہ علاقوں سے رفقاء نے بھی شرکت کی۔ مظاہر ے کی قیادت جناب عمر کلیم خان نے کی ۔ مظاہرے میں 300 کے قریب رفقاء و احباب نے شرکت کی۔ 5 بجے تک مظاہرہ جاری رہا ۔اس کے بعد رفقاء واپس اسی راستہ سے ریلی کی صورت میں قرآن اکیڈمی آفیسرز کالونی ملتان پہنچے ۔ جہاں ناظم مظاہرہ جناب عمر کلیم خان نے اختتامی خطاب کیا، اہل غزہ کے لیے دعا کی اور رفقاء کا شکریہ ادا کیا ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس حقیر سی کوشش کو قبول فرمائیں، اہل غزہ کی نصرت فرمائیں اور اسلام دشمن یہود و نصاریٰ کے عزائم کو ناکام ونامراد کریں۔ آمین! (رپورٹ :شوکت حسین انصاری،معتمد)
lحلقہ کراچی جنوبی
5 اپریل ہفتہ امیر حلقہ کراچی جنوبی نے مرکز سے موصول ہدایات کے مطابق مشاورت کے بعد اتوار 6 اپریل سہ پہر 5 بجے تا اذان مغرب تک قیوم آباد سے کالا پل تک مظاہرہ کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور مقامی امیر اختر کالونی محترم حبیب الرحمان کو ناظم مظاہرہ کی ذمہ داری تفویض فرمائی۔ ناظم مظاہرہ نے امراء سے فوراً رابطہ کیا اور ان کے لیے بینرز کی مطلوبہ تعداد کے لیے آرڈر لیا ۔ مرکز سےموصول سلوگن کی پرنٹنگ ایک ہی سائز میں چھپوانے کا فیصلہ ہوا جو کہ الحمد للہ ارجنٹ پرنٹ کروا لیے گئے۔ امیر حلقہ کی ہدایات پر معتمد حلقہ نے ایک شیڈول ترتیب دیا اور مظاہرہ سے متعلق ہدایات جاری کیں خصوصی طور پر تمام رفقاء کو صلوٰۃ الحاجۃ کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ ناظم مظاہرہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ایک میپ تیار کیا جس میں رفقاء کے مظاہرے کرنے کی ترتیب بنائی گئی اور اپنے کام کو چار مقامی امراء جناب محمد نعمان نسیم (امیر کورنگی شرقی تنظیم)، جناب ڈاکٹر وقاص علی (قائم مقام امیر کورنگی غربی تنظیم)، جناب عاطف اسلم (امیر ڈیفنس تنظیم) اور جناب انجینئر نعمان آفتاب (امیر سوسائٹی تنظیم) کو چار مقامات پر ذمہ داری تفویض فرمائی۔مظاہرے کے انعقاد سے ایک گھنٹہ قبل 3 پیڈسٹرین بریج پر 7 بڑے بینرز آویزاں کئے گئے۔ چاروں پوائنٹس پر ناظمین کو جناب حبیب الرحمٰن نے مظاہرے کا میٹیریل پہنچانے کی ذمہ داری ادا کی۔ مرکز سے موصول امیر تنظیم اسلامی کا پیغام رفقاء و احباب کو دکھانے کا اہتمام کیا گیا جس میں امیر محترم نے ہدایت کی تھی کہ رفقاء اپنے گھر کے افراد بیٹوں ، پوتوں ، نواسوں وغیرہ کے ساتھ شرکت کریں جس پر الحمد للہ عمل دیکھنے میں آیا۔ اکثر رفقاء اپنے گھر والوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اختر کالونی تنظیم کے مشیر اجتماعات جناب محمد یاسین صدیق نے چاروں متعین پوائنٹس پر ناظمین کو رفقاء و احباب کی متوقع تعداد کے حساب سے پانی کی بوتلیں پہنچانے کی ذمہ داری ادا کی۔ الحمدللہ قیوم آباد سے کالے پل تک روڈ کے ایک جانب منظم انداز میں رفقاء نے مرکز سے منظور شدہ سلوگنز کے بینرز تھامے ہوئے ایک طویل فاصلے کی زنجیر بنا کر اس اہم دینی تقاضا کو ادا کیا اور سمع اطاعت کا بہترین مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ مظاہرے میں رفقاء کے علاوہ احباب کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے وقت کا انفاق کیا۔امیر حلقہ کراچی جنوبی گشت کرتے رہے، مرکزی ناظم مالیات جناب محمد فیصل منصوری اور نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پاکستان جناب انجینئر نعمان اخترنے بھی مظاہرہ کا دورہ کیا۔ الحمد للہ اس مظاہرہ میں کل 300 رفقاء و احباب نے شرکت فرمائی ۔ اجتماعی دعا پر مظاہرہ اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ غزہ کےمسلمانوں کی قربانیوں کو قبول و منظور فرمائے ، اسرائیل کے ظلم و ستم سے انہیں ہمیشہ کے لیے نجات عطا کرے، ہمیں جس قدر ہو سکے ان کے ساتھ تعاون کی توفیق نصیب فرمائے۔ تمام رفقاء واحباب کو اس سعی پر دنیا و آخرت میں بہترین اجر سے نوازے۔ (مرتب: محمد سہیل، معتمد)
lحلقہ حیدرآباد
حلقہ حیدرآباد کے زیراہتمام 6 اپریل2025 بروز اتوار سہ پہر 4 بجے مظاہرے کاآغاز کیا گیا۔تمام رفقاء و احباب جم خانہ حیدرآباد کی شاہراہ پر جمع ہوئے بعد ازاں ریلی کی صورت میںپریس کلب پہنچے۔مظاہرہ میں 100 سے زائد رفقاء و احباب شریک تھے۔(عبدالرحیم بیگ مرزا، ناظم نشرواشاعت)
lحلقہ اسلام آباد
تنظیم اسلامی حلقہ اسلام آباد کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت میں فلسطینی عوام پر جنگ بندی معاہدہ کے باوجود اسرائیلی افواج کی ننگی جارحیت کے خلاف آبپارہ چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس پر اسرائیلی درندگی کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین مسجد شہداء سے ہوتے ہوئے پر امن انداز میں مین آبپارہ چوک پہنچے جہاں ریلی نے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرلی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم اسلامی حلقہ اسلام آباد کے امیر جناب راجہ محمد اصغر نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینی عوام پر جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی طرف سے مسلسل بمباری انتہائی شرمناک ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اپنے روایتی دجل اور دھوکہ دہی کے ذریعے صہیونی ریاست نے فاقہ کشی اور مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا جنگ زدہ فلسطینی مسلمانوں تک امداد پہنچانے کے تمام راستے مسدود کرکے مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے لیکن نام نہاد بین الاقوامی برادری خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے مسلمانوں پر گیس، بجلی اور پانی کی ترسیل کو منقطع کرکے اسرائیلی ریاست نے سفاکیت کی تمام حدیں پارکردی ہیں لیکن دنیا کے کسی کونے سے کوئی موثر آواز نہیں اٹھ رہی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج نے گھروں کے ساتھ ساتھ مسجدوں اور ہسپتالوں کو بھی نہیں بخشا لیکن انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےاسلام آباد شمالی کے امیرجناب اعجاز حسین نے کہا کہ جنگ کے بھی کچھ آداب اور اصول ہوتے ہیں۔ لیکن یہاں تو اپنےآپ کو جمہوریت کا چیمپین اور انسانی حقوق کا علمبردار کہنے والوں نے انسانی حقوق کا جنازہ ہی نکال دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو بنیادی حقوق کے نام نہاد علمبردار ہمیں ٹیلی ویژن سکرینوں پر کتوں کی مرہم پٹیاں کرتے ہوئے دکھائے جاتے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ دوسری طرف اسی مہذب دنیا کے کسی بھی ملک کو فلسطین میں نہ تو شیر خوار بچوں کی لاشیں نظر آرہی ہیں اور نہ ہی بموں سے اُڑتے خواتین اوربے گناہ انسانوں کے چیتھڑے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی سطح پر اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے مسلم دنیا کے نمائندہ کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔آخر میں تنظیم اسلامی کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ برائے رابطہ و قانونی امور جناب ڈاکٹر ضمیر اختر خان نے اسلامی دنیا کےحکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ ان سارے ممالک سے سفارتی تعلقات منقطع کریں جو اس وقت صہیونی ریاست کی پشت پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کسی زمینی تنازعے کا نام نہیں ہے بلکہ اس ارضِ مقدس کی حفاظت دنیا بھر کے مسلمانوں کی غیرت ایمانی کا اولین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم دنیا کی افواج کی کل تعداد اسی لاکھ سے زیادہ ہے لیکن ایمانی غیرت ناپید ہونے کی وجہ سے پوری مسلم دنیا خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہوئی ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ منبر و محراب سے آوازبلند کرکے لوگوں کی ذہن سازی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں کی بھرپور مالی، سفارتی اور اخلاقی مدد کریں۔ ڈاکٹر ضمیر اختر خان نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کو فائدہ پہنچانے والی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو دعائوں میں یاد رکھیں۔ ڈاکٹر ضمیر اختر کی اجتماعی دعا پر مظاہرے کا اختتام ہوا۔ (ڈاکٹر اشرف علی، ناظم نشرواشاعت)
l حلقہ لاہور شرقی و غربی
معاہدے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ وحشیانہ بمباری کے خلاف امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ حفظہ اللہ کی خصوصی ہدایت کی تعمیل کرتے ہوئے۔ ہنگامی بنیادوں پر تنظیم اسلامی حلقہ لاہور شرقی و حلقہ لاہور غربی کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ 6 اپریل بروز اتوار بعد از نمازِ عصر پنجاب اسمبلی کے سامنے چیرنگ کراس مال روڈ لاہور پر منعقد ہوا۔ نمازِ عصر مسجد شہداء مال روڈ میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد ناظمِ مظاہرہ جناب اسد بلال نے شرکاء کو مسجد کے باہر ضروری ہدایات دیں۔حسب روایت رفقاء کو بینرز، پلے کارڈز اور تنظیم کے جھنڈوں کے ساتھ نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ مقام پر پہنچے کے لئے روانہ کیا گیا۔ ٹریفک میں کسی قسم کا خلل اور رکاوٹ ڈالے بغیر مال روڈ کے دونوں اطراف رفقاء و احباب منظم انداز میں چلتے ہوئے چیرنگ کراس پر پہنچے۔ سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری گڑھی شاہو تنظیم کے امیر جناب عدیل آفریدی نے ادا کی۔ مظاہرے کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت جناب حافظ خباب عبدالخالق نے حاصل کی۔ اس کے بعد راقم نے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس کے بعد حلقہ لاہور غربی سے جناب فاروق احمد گیلانی نے موضوع کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد حلقہ لاہور شرقی کے ناظم دعوت جناب شہباز احمد شیخ نے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس کے بعد امیر تنظیم اسلامی جناب شجاع الدین شیخ حفظہ اللہ کا کراچی میں جاری مظاہرے سے خطاب کو لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ آخر میں نائب امیر تنظیم اسلامی جناب اعجاز لطیف نے شارٹ نوٹس پر مظاہرے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور رفقاء و احباب کے دینی جذبے کی تحسین فرمائی اور دعا پر مظاہرے کا اختتام فرمایا۔ مظاہرے میں ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی جناب ڈاکٹر علامہ عطاء الرحمن عارف ، صدر مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور جناب ڈاکٹر عارف رشید اور ناظم سمع و بصر و سوشل میڈیا جناب آصف حمید نے بھی شرکت فرمائی۔ انتہائی منظم مظاہرے پر ٹریفک وارڈنز اور سیکیورٹی پر مامور پولیس نے بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اللّٰہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو قبول فرمائے اور فلسطین میں ہمارے مظلوم بھائیوں کی خصوصی تائید و نصرت فرمائے۔ آمین یارب العالمین! (رپورٹ: نعیم اختر عدنان، ناظم نشرو اشاعت، لاہور شرقی)
lحلقہ سرگودھا
فلسطین پر صہیونی مظالم کے خلاف امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ حفظہ اللہ کے حکم پر حلقہ سرگودھا میں احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے میں 30 رفقاء کے علاوہ 10 کے قریب احباب نے بھی شرکت کی۔ نمازِ عصر کے بعد مسجد جامع القرآن سرگودھا میں رفقاء و احباب کو امیر تنظیم اسلامی کے ویڈیو پیغامات سماعت کروائے گئے۔ اس کے بعدمظاہرین مین سیٹلائٹ ٹاؤن روڈ سے ہوتے ہوئے سیٹلائٹ ٹاؤن چوک پر پہنچے جہاں چاروں اطراف میں انتہائی منظم انداز میں رفقاء و احباب بینرزاور ٹی بورڈ لے کر کھڑے رہے تقریباً پچاس منٹ کے بعد مظاہرے کا اختتام نمازِ مغرب پرمسجد جامع القرآن سرگودھا میں واپس پہنچ کر ہوا۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ غزہ کے مسلمانوں کی غیب سے مدد فرمائے ۔آمین یارب العالمین! (رپورٹ: خواجہ ہارون رشید، ناظم نشرواشاعت)
lحلقہ گوجرانوالہ ڈویژن
06 اپریل 2025ء بروز اتوار دوپہر 2:00 بجےتا 3:45 بجےکچہری چوک گجرات میں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدہ کی خلاف ورزی میں اسرائیل کی غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری کے خلاف تنظیم اسلامی حلقہ گوجرانوالہ ڈویژن کے تحت مظاہرہ ہوا۔جس میں مرکز کی ہدایت کے مطابق سلوگنز پر مشتمل بینرز کے ذریعے اسرائیلی مظالم کے خلاف آگاہی دی گئی ۔گجرات سے قریبی نظم جلالپور جٹاں ، کنجاہ تناظیم اور لالہ موسیٰ منفرد اسرہ نے بھی مظاہرہ میں شرکت کی۔ رفقاء کی کل تعداد 80تھی اور احباب تقریباً 20 تھے ۔مظاہرہ کے دوران امیر حلقہ نے تقریباً 12 منٹ موضوع کے حوالے سے گفتگو کی ۔مظاہرہ کا اختتام دعا پر ہوا ۔ (رپورٹ:علی جنید میر ،امیر حلقہ)
نوٹ: بقیہ رپورٹس ندائے خلافت کے آئندہ شمارے میں شائع کی جائیں گی۔ ان شاء اللہ